Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 07 December-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷؍ دسمبر ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آج سے آغاز۔
٭ کرناٹک میں مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والی چند گاڑیوں کی توڑ پھوڑ؛ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ سے مذاکرات۔
٭ توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی اور مہاراشٹر کی گاڑیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی وزیرِ اعلیٰ بسوراج بومئی کی یقین دہانی۔
٭ مہاراشٹر کے ارکانِ پارلیمان مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعے کے معاملے کو پارلیمنٹ میں اُٹھائیں: رکنِ پارلیمان شرد پوار کی تلقین۔
٭ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے 66 ویں مہاپری نروان دِن کے موقع پر ملک بھر سے خراجِ عقیدت۔
٭ ریاست میں اقتدار کی رسّہ کشی سے متعلق اب 13 جنوری کو عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت ہوگی۔
اور۔۔٭ بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ آج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ یہ اجلاس 29 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں کل حکومت کی جانب سے ایک کُل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا۔ جس میں مختلف پارٹیوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی اُمور کے وزیر پرلہاد جوشی نے کہا کہ حکومت کسی بھی موضوع پر بات چیت کیلئے تیار ہے۔ کانگریس رہنماء ادھیر رنجن چودھری نے پارلیمانی اجلاس میں بے روزگاری‘ مہنگائی‘ بھارت-چین سرحد پر موجودہ کشیدہ صورتحال اور کسانوں کو ضمانتی نرخ دینے جیسے مسائل پر تفصیلی مباحثے کا مطالبہ کیا۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بھی کل پارلیمنٹ کے مشاورتی بورڈ کا اجلاس طلب کیا تھا۔ اس سلسلے میں جاری کردہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کا کام کاج بہتر طور پر چلانے کیلئے اوم برلا کی جانب سے کی گئی درخواست پر تمام پارٹیوں کے رہنمائوں نے مثبت ردّ عمل جاری کیا ۔
***** ***** *****
کرناٹک کے بیلگائوں سے قریب ہیرے باغ واڑی میں کل مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والی چند گاڑیوں کو توڑ پھوڑ کی گئی۔ اس پسِ منظر میں نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ بسوراج بومئی سے بذریعہ ٹیلی فون گفتگو کی اور ان واقعات پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔ بومئی نے یقین دہانی کروائی کہ اس واقعے کے مجرموں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔ نیز مہاراشٹر سے آنے والی تمام گاڑیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا۔
دریں اثناء ریاست کے سرحدی اُمور کے وزیر چندر کانت پاٹل‘ شمبھو راجے دیسائی اور رکنِ پارلیمان دھیریہ شیل مانے کے کرناٹک میں داخلے پر پابندی عائدکردی گئی ہے اور کولہا پور ضلع کے کاگل مقام سے قریب دودھ گنگا ندی پر کرناٹک پولس نے بڑی تعداد میں نفری تعینات کردی ہے اور مہاراشٹر سے آنے والی تمام گاڑیوں کی سختی سے جانچ کی جارہی ہے۔ اسی دوران وزیر شمبھو راجے دیسائی اور چندرکانت پاٹل نے اپنا مجوزہ بیلگائوں دورہ منسوخ کردیا ہے۔
ان رہنمائوں کی سرحدی علاقوںمیں داخل ہونے پر پابندی عائد کیے جانے سے اُن کے آئینی حقوق کی پامالی ہوئی ہے‘ جس کی مذمت میں وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ داخلہ امیت شاہ کے نام ایک مکتوب بیلگائوں کے ضلع کلکٹر کو دینے کیلئے جانے والے مہاراشٹر ایکی کرن سمیتی کے رہنمائوںکو بیلگائوں پولس نے گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب حکومتی وزراء کی جانب سے بیلگائوں کا دورہ منسوخ کیے جانے کی مذمت میں اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے شیوسینا کے کارکنوں نے کرناٹک کے سرحدی علاقوں میں داخل ہونے کی کوشش کی‘ انھیں کولہاپور پولس نے حراست میں لے لیا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سربراہ رکنِ پارلیمان شرد پوار نے ترغیب دی ہے کہ مہاراشٹر کے تمام جماعتوں کے ارکانِ پارلیمان اس سرحدی تنازعے کو پارلیمانی اجلاس میں اُٹھائیں اور مرکزی وزیرِ داخلہ کے سامنے پیش کریں۔ کل ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ نے نازیبا بیان دیکر یہ تنازعہ شروع کیا ہے اور اب اسے دوسرا رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے انتباہ دیا کہ سرحدی علاقوں میں جاری ہنگامے اندرونِ 48 گھنٹے ختم کروائیں بصورتِ دیگر وہ مہاراشٹر ایکی کرن سمیتی کی حمایت میں بیلگائوں جانے پر مجبور ہوں گے‘ کیونکہ دو ریاستوں کی سرحد سے متعلق یہ تنازعہ ملک کی یکجہتی کیلئے خطرناک ہے۔
***** ***** *****
بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے 66 ویں مہاپری نروان دِن کے موقع پر کل انھیں ملک بھر میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو‘ نائب صدر جگدیپ دھنکڑ اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں ڈاکٹر امبیڈکر کی شبیہ پر پھول چڑھائے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا‘ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے اور دیگر اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ممبئی میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری‘ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل چیتیہ بھومی جاکر ڈاکٹر امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ اِندو مل میں جاری بابا صاحب کی یادگار کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیاجائیگا۔ انھوں نے کہا کہ بابا صاحب کے تحریر کردہ آئین کے باعث ہی ایک عام آدمی بھی ملک کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہونے کا اہل ہوسکتا ہے اور میری طرح کے ایک عام خاندان سے تعلق رکھنے والے شخص کو وزیرِ اعلیٰ بننے کا شرف بھی اسی آئین کے باعث مل سکا ۔
سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے‘ ونچیت بہوجن آگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر‘ اسمبلی میں قائد ِ حزبِ اختلاف اجیت پوار‘ راشٹروادی کانگریس کے ریاستی صدر جینت پاٹل اور کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے بھی چیتیہ بھومی جاکر بابا صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ودھان بھون کے احاطے میں اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر‘ قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئرمین نیلم گورہے نے ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔
اسی دوران ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے امبیڈکر کے عقیدت مند بڑی تعداد میں چیتیہ بھومی پر ہجوم کیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں کل بزرگ ادیب ڈاکٹر رشی کیش کامبڑے نے ’’قوم کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر‘‘ کے عنوان سے ایک سمینار سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ بیشتر ممالک کے دستور میں آزادی‘ یکجہتی اور بھائی چارہ صرف یہ تین اُصول ہوتے ہیں لیکن بابا صاحب نے دستورِ ہند میں سماج انصاف کا چوتھا اُصول بھی شامل کیا۔
اس سے پہلے صبح یونیورسٹی سے شروع ہونے والے سمتا شانتی پدیاترا کا انعقاد کیا گیا۔ امبیڈکر کے قدِ آدم مجسّمے سے شروع ہونے والی یہ پدیاترا بھڑکل گیٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ڈاکٹر امبیڈکر میڈی کوز اسوسی ایشن کی جانب سے کل ایک عطیۂ خون کیمپ بھی منعقد کیا گیا۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے وزیر دیپک کیسرکر نے کہا ہے کہ ریاست کے کسی بھی ابتدائی اور ثانوی اسکول میں دوسرے اسکول سے آنے والے طلبہ کو ٹی سی کی غیر موجودگی میں بھی داخلے سے انکار نہیں کیا جاسکتا اور اس سلسلے میں سرکاری احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس حکمنامے کی رُو سے اسکولی تعلیم سے محروم بچوں کو اُن کی عمر کے مطابق جماعت میں داخلہ دیا جائے اور اس طرح کے داخلے کیلئے عمر کے صداقت نامے کو بنیاد بنایا جائے اور اسی کے مطابق انھیں مناسب جماعت میں داخل کیا جائے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے ایم جی ایم ٹرسٹ کی جانب سے دیا جانے والا مہاتما گاندھی مراٹھواڑہ بھوشن ایوارڈ اس بار اورنگ آباد کی معروف مجاہد ِ آزادی تارا بائی لڈا اور مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کے صدر کوتک رائو ٹھالے پاٹل کو دیا جائیگا۔
***** ***** *****
شیوسینا کے دو گروپوں کے مابین اقتدار کی رسّہ کشی سے متعلق عدالت ِ عظمیٰ میں کل ہونے والی سماعت مؤخر کردی گئی ہے۔ چیف جسٹس دھننجے چندر چوڑ کی زیرِ قیادت پانچ رُکنی بینچ کے ایک جج کی عدم موجودگی کے باعث اب اس مقدمے کی سماعت 13 جنوری کو ہوگی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل نے الزام عائد کیا ہے کہ 2017تا 2020 کے دوران اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن میں حکمراں محاذ اور انتظامیہ کے افسران نے ایک سو پچاس کروڑ روپئوں کی بدعنوانی کی۔ اس وقت کے میئر نندکمار گھوڑیلے‘ بھگوان داس گھڑاموڑے اور افسران نے عین وقت کی 220 تجاویز ایجنڈے میں شامل کرکے یہ بدعنوانیاں کیں۔
***** ***** *****
بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین رواں سیریز کا دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ آج ڈھاکہ میں کھیلا جائیگا۔ تین میچوں کی اس سیریز میں پہلا میچ جیت کر بنگلہ دیش ایک صفر کی برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ یہ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آج سے آغاز۔
٭ کرناٹک میں مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والی چند گاڑیوں کی توڑ پھوڑ؛ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ سے مذاکرات۔
٭ توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی اور مہاراشٹر کی گاڑیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی وزیرِ اعلیٰ بسوراج بومئی کی یقین دہانی۔
٭ مہاراشٹر کے ارکانِ پارلیمان مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعے کے معاملے کو پارلیمنٹ میں اُٹھائیں: رکنِ پارلیمان شرد پوار کی تلقین۔
٭ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے 66 ویں مہاپری نروان دِن کے موقع پر ملک بھر سے خراجِ عقیدت۔
٭ ریاست میں اقتدار کی رسّہ کشی سے متعلق اب 13 جنوری کو عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت ہوگی۔
اور۔۔٭ بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ آج۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment