Saturday, 10 December 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 10 دسمبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 10 December-2022

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ: ۱۰؍ دسمبر  ۲۰۲۲ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ سرکاری اسکیموں کو نافذ کرتے وقت ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جائے: صدرِ مملکت درَوپدی مُرمو۔

٭ وقار‘ آزادی اور انصاف کے حصول کیلئے عام تعاون کی نائب صدرِ جمہوریہ کی ترغیب۔

٭ سمردّھی ایکسپریس وے کے افتتاح کیلئے وزیرِ اعظم نریندر مودی کل مہاراشٹر کا دورہ کریں گے۔

٭ ریاست میں فروری 2023 سے پولس بھرتی کیلئے تیسری جنس بھی درخواست دے سکیں گی۔

٭ ناسک- پونہ شاہراہ پر تین گاڑیوں کے حادثے میں پانچ طلبہ ہلاک۔

اور۔۔٭ مراٹھواڑہ میں یخ بستہ سردی کی لہر؛ پربھنی میں درجۂ حرارت 6  اعشاریہ 3  اور اورنگ آباد میں 7  اعشاریہ 9 ڈگری ریکارڈ۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے سرکاری اسکیمیں نافذ کرتے وقت ماحولیاتی تحفظ کا خیال رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ کل اُتراکھنڈ کے مسوری میں لال بہادر شاستری قومی انتظامی اکیڈمی کے 17 ویں فائونڈیشن کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر انھوں نے اپنے مقرر کردہ ہدف کے حصول کیلئے معاشرے کے محروم طبقات کو پیشِ نظر رکھ کر فیصلے کرنے کی تلقین کی۔

***** ***** *****

وقار‘ آزادی اور انصاف کے حصول کیلئے سبھی سے تعاون کی درخواست نائب صدرِ جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے کی ہے۔ آج کے عالمی یومِ انسانی حقوق کے حوالے سے وہ کل راجیہ سبھا میں خطاب کررہے تھے۔ اس بار کے یومِ انسانی حقوق کا موضوع: وقار‘ آزادی اور انصاف ہے۔ جگدیپ دھنکڑ نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی درست سمت متعین کرنے کیلئے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔

***** ***** *****

یکساں سول کوڈ تیار کرنے اور ملک بھر میں اس کے نفاذ کیلئے ایک قومی نگراں اور تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کی غرض سے کل راجیہ سبھا میں ایک غیر سرکاری بل پیش کیا گیا۔ بی جے پی کے رُکنِ پارلیمان ڈاکٹر کروڑی لال مینا نے یہ یکساں سول کوڈ بل 2022 پیش کیا۔ 63  ارکان نے بل کے حق میں اور 23  ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ حزبِ اختلاف کے بیشتر ارکان نے بل پیش کیے جانے پر اعتراض کیا۔ بائیں جماعتوں نے اسے غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس‘ ترنمول کانگریس‘ سماج وادی پارٹی‘ راشٹریہ جنتا دَل سمیت دیگر جماعتوں نے اسے غیر آئینی اور سیکولرازم کے خلاف قرار دیا۔

مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ بل پیش کرنا ہر رُکن کا حق ہے اور ایوان سے درخواست کی کہ یہ بل پیش کرنے دیا جائے، جس کے بعد رائے شماری کرکے یہ یکساں سول کوڈ بل پیش کردیا گیا۔

***** ***** *****

پارلیمنٹ اور مقننہ میں خواتین کی نمائندگی میں اضافے سے متعلق آئینی ترمیمی بل پیش کرنے سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق کی ضرورت پر حکومت نے زور دیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے قانون و انصاف کرن رِجیجو نے کل لوک سبھا میں ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے یہ اطلاع دی۔

***** ***** *****

حکومت کی جانب سے کل 4  آئینی ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے۔ جن میں 2 بل تملناڈو اور کرناٹک میں درجِ فہرست جماعتوںکی فہرست میں ترمیم اور 2 بل ہماچل پردیش اور چھتیس گڑھ میں درجِ فہرست طبقات کی فہرست میں کچھ نئی جماعتوں کی شمولیت سے متعلق تھے۔

***** ***** *****

رکنِ پارلیمان اُدین راجے بھونسلے نے کہا ہے کہ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے چھترپتی شیواجی مہاراج سے متعلق ہتک آمیز بیان پر عوام میں بے اطمینانی پھیل گئی ہے۔ کل دہلی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گورنر کے مبینہ ہتک آمیز بیانات کی ذمہ داری بی جے پی پر عائد نہیں ہوتی۔ تاہم انھیں یقین ہے کہ اس مسئلے پر ضروری کاروائی کی جائیگی۔

***** ***** *****

راشٹروادی کانگریس کی رکنِ پارلیمنٹ سپریا سُڑے کی زیرِ قیادت مہا وِکاس آگھاڑی کے ایک نمائندہ وفد نے کل مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔ اس وفد نے وزیرِ موصوف کو مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعے سے متعلق ریاست میں پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس وفد میں اروند ساونت‘ فوزیہ تحسین خان سمیت راشٹروادی کانگریس‘ اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے شیوسینا اور کانگریس کے ارکانِ پارلیمان شامل تھے۔

***** ***** *****

وزیرِ اعظم نریندر مودی کل مہاراشٹر کا دورہ کررہے ہیں۔ اس دورے میں وہ ہندو رِدئے سمراٹ باڑا صاحب ٹھاکرے سمردّھی ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ ناگپور میں مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ ِ بنیاد اور افتتاح بھی وزیرِ اعظم کے ہاتھوں عمل میں آئیگا۔ اس موقع پر ہونے والے پروگرام کی تیاریوں کا وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل جائزہ لیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی ناگپور میٹرو ریلوے اور سمردّھی ایکسپریس وے پر سفر بھی کریں گے۔ اس پروگرام کے دوران شرکاء کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو اس بات کو یقینی بنانے کی وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت کی۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ ریاستی حکومت کی تیار کردہ ملک کی سب سے طویل اس ایکسپریس شاہراہ مہاراشٹر کی خوشحالی اور ترقی نیز مراٹھواڑہ اور ودربھ میں صنعتی انقلاب کی ضامن ہوگی۔ سمردّھی ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے میں کل ناگپور تا شرڈی 520 کلو میٹر طویل شاہراہ کا افتتاح کیا جارہا ہے‘ جبکہ جولائی 2023 تک بقیہ شاہراہ بھی ٹریفک کیلئے کھول دی جائیگی۔

***** ***** *****

ریاستی حکومت نے کل ممبئی عدالت ِ عالیہ کو آگاہ کیا کہ ریاست میں پولس بھرتی کیلئے زنخے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ضابطے کا نفاذ فروری 2023 سے ہوگا۔ تیسری جنس کی جسمانی جانچ کیلئے ضوابط طئے کرنے کے احکامات عدالت کی جانب سے دئیے جانے کے بعد وزارتِ داخلہ نے اپنے اس مؤقف کی وضاحت کی۔ مرکزی حکومت اور عدالت ِ عظمیٰ کے احکامات کے باوجود بھی تیسری جنس کے افراد کو پولس خدمات میں شامل نہ کرنے کی شکایات اس سے قبل کی گئی تھیں۔

***** ***** *****

اورنگ آباد میں تعمیر کردہ وندے ماترم ہال کل اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندر کانت پاٹل کے ہاتھوں افتتاح عمل کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے توقع ظاہر کی کہ یہ ہال ترقیاتی کاموں کی تحریک کا مرکز بنے گا۔ اس چار منزلہ عمارت میں ایک آرٹ گیلری‘ نمائش گاہ‘ مہمان خانہ اور تمام جدید سہولیات موجود ہیں۔

***** ***** *****

ناسک- پونہ قومی شاہراہ سنّر سے قریب موہ دری گھاٹ میں کل شام تین گاڑیوں کو پیش آئے حادثے میں 5 طلبہ کی موت واقع ہوگئی۔ ناسک کے 8 طلبہ سنگم نیر سے واپس ہورہے تھے کہ ان کی گاڑی کا ٹائر پھٹ جانے سے یہ حادثہ رونماء ہوا۔مہلوکین میں 3 طالبات بھی شامل ہیں۔

***** ***** *****

ریاست میں 15 دسمبر تک ہلکی تا زوردار بارش کے امکان کا اظہار پونہ محکمۂ موسمیات نے کیا ہے۔ خلیج ِ بنگال میں چنئی سے 500 کلو میٹر فاصلے پر ’’مین دوس‘‘ سائیکلون کے باعث جنوبی علاقوں میں زوردار بارش کے خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ۔ ریاست میں بھی 15 دسمبر تک بیشتر مقامات پر ہلکی اور چند مقامات پر زوردار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دریں اثناء گذشتہ دو دِنوں سے سخت سردی کی لہر چل پڑی ہے۔ جس کے سبب کل پربھنی میں درجۂ حرارت سب سے کم 6  اعشاریہ 3 ڈگری اور اورنگ آباد میں درجۂ حرارت 7  اعشاریہ 9 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ کل ناسک ضلع میں 10 ڈگری اور دھولیہ میں 7.5 ڈگری درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

***** ***** *****

فیفا عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل ہوئے پہلے کوارٹر فائنل میں کروشیا نے اور دوسرے کوارٹر فائنل میں ارجینٹینا نے فتح حاصل کرکے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ دونوں سنسنی خیز مقابلوں کا نتیجہ پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا۔ کروشیاء نے برازیل کو اور ارجینٹینا نے نیدرلینڈ کو شکست دی۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ سرکاری اسکیموں کو نافذ کرتے وقت ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جائے: صدرِ مملکت درَوپدی مُرمو۔

٭ وقار‘ آزادی اور انصاف کے حصول کیلئے عام تعاون کی نائب صدرِ جمہوریہ کی ترغیب۔

٭ سمردّھی ایکسپریس وے کے افتتاح کیلئے وزیرِ اعظم نریندر مودی کل مہاراشٹر کا دورہ کریں گے۔

٭ ریاست میں فروری 2023 سے پولس بھرتی کیلئے تیسری جنس بھی درخواست دے سکیں گی۔

٭ ناسک- پونہ شاہراہ پر تین گاڑیوں کے حادثے میں پانچ طلبہ ہلاک۔

اور۔۔٭ مراٹھواڑہ میں یخ بستہ سردی کی لہر؛ پربھنی میں درجۂ حرارت 6  اعشاریہ تین اور اورنگ آباد میں 7  اعشاریہ نو ڈگری ریکارڈ۔

***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 22.06.2025 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 22 June 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...