Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 11 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱؍نومبر ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دہلی میں ہوئے دھماکے میں آٹھ افراد کی موت، 15 سے زائد زخمی - واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کردئیے گئے: وزیر داخلہ امت شاہ کی اطلاع۔
٭ دو لاکھ سے زیادہ آبادی والے سبھی شہروں میں شہری امدادِ باہمی بینک قائم کرنے کی مرکزی وزیر ِ تعاون کی اپیل۔
٭ خوراک فراہم کرنے والے کسان اب توانائی فراہم کرنے والے بن گئے ہیں۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری کا بیان۔
٭ معروف مصنفہ ڈاکٹر وُرُشالی کنہاڑکر کا شریش پَئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے انتخاب۔
اور۔۔۔٭ ریاست بھر میں سردی کا زور، مراٹھواڑہ کے بیڑ میں 11اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت کا اندراج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب کل شام ایک کار دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک اور 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور ان کا لوک نایک اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ یہ دھماکہ گذشتہ شام سات بجے کے قریب سگنل کے رو برو کھڑی ایک I-20 کار میں ہوا، جس سے آس پاس کی دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
اس دھماکے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکی ہے۔ تاہم‘ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور اسپتال میں زیرِ علاج متاثرین سے بھی ملاقات کی۔ بعد ازاں انھوں نے بتایا کہ اس واقعے سے متعلق تمام پہلوؤں کی تفتیش کی جارہی ہے۔ انہوں نے تمام ہی امکانات کا جائزہ لینے کی وضاحت بھی اپنے بیان میں کی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Home Minister Amit Shah
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور وزیرِ داخلہ سے واقعےسے متعلق معلومات طلب کی ہیں۔
اس واقعے کے بعد دہلی سمیت ملک بھر میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ دہلی شہر میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ا ور گاڑیوں کی باریک بینی سے جانچ اور حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اتر پردیش کے بھی تمام اضلاع میں خبرداری کے ا حکامات جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ مہاراشٹر میں بھی پولس اور خفیہ ایجنسیوں کو چوکنا رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
دریں اثناء ہریانہ پولس اور جموں کشمیر پولس نے کل ایک مشترکہ کارروائی میں دہلی کے قریب فرید آباد سے ایک کشمیری ڈاکٹر کو گرفتار کیا۔ پولس نے ڈاکٹر کے گھر سے تقریباً 300 کلوگرام آر ڈی ایکس، اے کے 47 اور دیگر سامان ضبط کیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ تعاون امت شاہ نے آئندہ پانچ سالوں میں ملک میں دو لاکھ سے زیادہ آبادی والے ہر شہر میں کم از کم ایک شہری امدادِ باہمی بینک قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں شہری کوآپریٹیو کریڈٹ قرض سے متعلق ایک بین الاقوامی کانفرنس، کوآپریٹیو مہاکمبھ 2025 کے افتتاح کے موقعے پر مخاطب تھے۔ اس موقعے پر شاہ نےدو ڈیجیٹل پلیٹ فارم، سہکار ڈیجی پے اور سہکار ڈیجی لون کا بھی آغاز کیا۔ شاہ نے ملک کے امدادِ باہمی شعبے کی کمپنیوں امُول اور IFFCO کو ملک کے سرکردہ کوآپریٹیو اداروںکا درجہ ملنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے کوآپریٹیواداروں کو کاموں میں بہتری لانے، مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ماہر افراد کو نظام میں شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
***** ***** *****
بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کی رائے دہی اب سے کچھ دیر قبل شر وع ہوگئی ہے۔ اس مرحلے میں 122 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی ا ور ا یک ہزار 302 امیدوار میدان میں ہیں۔ تین کروڑ 70 لاکھ رائے دہندگان ان امیدواروں میں سے اپنے نمائندے منتخب کریں گے۔ دونوں مرحلوں کے ووٹوں کی گنتی 14 تاریخ کو کی جائےگی۔
***** ***** *****
ریاست کی 246 بلدیہ جات اور 42 نگر پنچایتوں کے انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل کل شروع ہوگیا۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے امیدواروں کیلئے پرچۂ نامزدگی اور حلف نامہ آن لائن داخل کرنے کیلئے ایک علیحدہ ویب سائٹ شروع کی ہے اور اس ویب سائٹ پر 664 امیدواروں نے آن لائن رجسٹریشن کرایا ہے۔ خواہشمند امیدوار 17 نومبر تک اپنے امیدواری عریضے جمع کر سکتے ہیں۔ ان انتخابات کیلئے ر ائے دہی 2 دسمبر کو ہوگی اور 3 دسمبر کورائے شماری کی جائےگی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی رہنما وجے وڑیٹیوار نے وضاحت کی ہے کہ کانگریس ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات اپنے بل بوتے پر لڑے گی۔ وہ گزشتہ روز ناگپور میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی پارٹی انتخابی مفاہمت کیلئے آئے تو اس کی تجویزپر غور کیا جائے گا، تاہم‘ فی الحال کانگریس آزادانہ طور پر انتخابات کی تیاری کر رہی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے حال ہی میں انتخابی فیصلہ افسران کے تقررات کیے ہیں۔ ضلع میں چھ میونسپل کائونسلز اور ایک نگر پنچایت کے آئندہ عام انتخابات کیلئے انتظامی سطح پر تیاریاں کرلی گئی ہیں۔
کل لاتور میں بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ضلع کلکٹر اور ضلع انتخابی افسر ورشا ٹھاکر-گھوگے نے ایک جائزاتی اجلاس لیا۔ جس میں انہوں نے تمام نوڈل افسران کو اپنے فرائض ایمانداری اور غیرجانبداری کے ساتھ انجام دینے کے احکامات دئیے۔
بیڑ میونسپل کائونسل انتخابات کیلئےراشٹروادی کانگریس پارٹی کے دفتر میں کائونسلر اور صدرِ بلدیہ کی امیدواری کیلئے دو سو سے زیادہ خواہشمند امیدواروں کے انٹرویو لیے گئے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر بر ائے زمینی حمل و نقل نتن گڈکری نے کہا ہے کہ خوراک فراہم کرنے کسان اب توانائی فراہم کرنے والے بن گئے ہیں۔ گڈکری کل لاتور ضلع کے اوسا تعلقے کے کلاری میں شری نیل کنٹھیشور کسان امدادِ باہمی شکر کارخانے کے 42ویں کرشنگ سیزن کے آغاز کے موقعے پر خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ایندھن کے طور پر ایتھنول کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے اور بہت سی آٹوموبائل کمپنیاں ایتھنول پر چلنے والی گاڑیاں بنا رہی ہیں۔ لہٰذا انھوں نے کسانوں سے ایتھنول پمپ شروع کرنے کی بھی اپیل کی۔
اس موقعے پر امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل، اراکینِ اسمبلی ابھیمنیو پواراور سمبھاجی پاٹل نیلنگیکر بھی موجود تھے۔ گڈکری نے گنے کی پیداوار کو 60 ٹن سے اوپر لے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیداوار بڑھے گی تو قیمتیں بھی بڑھیں گی اور کسانوں کا مستقبل روشن ہوگا۔ اس دوران انہوں نےلاتور ضلعے میں زیر تعمیر قومی شاہراہ کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے اونکار شکر کارخانے کے یونٹ نمبر 8 کے بوائلر میں آتش فرو شعبے اور کرشنگ سیزن کا افتتاح کل ریاستی وزیر پنکجا منڈے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ منڈے نے کہا کہ اس سال شکر کارخانے کا ہدف 10 لاکھ میٹرک ٹن گنے کی کشید کرنا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ کی مشہور مصنفہ اور ماہر امراض نسواں ڈاکٹر وُرُشالی کنہاڑکر کو اس سال کے شِریش پَیے یادگاری اعزاز کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کنہاڑکر کو یہ ایوارڈ 15 نومبر کو آتریے پرچورےپبلشر اور ڈمپل پبلیکیشن کے اشتراک سے ممبئی میں منعقدہ ایک پروگرام میں دیا جائے گا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی مراٹھواڑہ کی پہلی مصنفہ بن گئی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کے اسنادات پر جرمانہ اور تا خیری فیس معاف کر دی گئی ہے۔ متعلقہ خبر میں وضاحت کی گئی ہے کہ طلباء 31 جنوری 2026 تک اس رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ میں کل دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اور خانہ بدوش قبائل مہاسنگھ کی جانب سے ضلع کلکٹر دفترپر ایک مورچہ نکالا گیا۔ اس مورچے کا اختتام ایک جلسے پر ہوا۔ اس دوران ونچیت بہوجن اگھاڑی کے قومی صدر ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے حاضرین سے خطاب کیا۔ انھوںنے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق ریاستی حکومت کے ذریعے جاری کردہ حیدرآباد گیزٹ سے او بی سی طبقات کو نقصان پہنچا ہے۔
***** ***** *****
لاتور شہر میں کل بی جے پی کی جانب سے قومی اتحاد دوڑ نکالی گئی۔ اس دوڑ میں پانچ ہزار سے زائد شہریوں نے شرکت کی ۔ دو مرحلوں میں نکالی گئی اس دوڑ کا ضلع صدر اجیت پاٹل کوہیکر اور شہر انتخابی سربراہ ارچنا پاٹل چاکورکر نے سبز جھنڈی دکھا کر آغازکیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے بدناپور پولس اسٹیشن میں کام کرنے والے ایک پولس ملازم کو انسداد رشوت ستانی دستے نے کل 70 ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ پولس افسر کا نام آدھار بھیسے بتایا گیا ہے اور ایک جرم کی چارج شیٹ میں تعاون کرنے کیلئے اس نے یہ رشوت طلب کرنے کی وضاحت کی گئی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع پریشد انتظامیہ نے دفتر میں تاخیر سے آنے والے 35 ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کاٹ لی ہے۔ ضلع پریشد انتظامیہ نے چہرے کی شناخت کا نظام نصب کیا ہے تاکہ ملازمین دفتری اوقات میں وقت پر حاضر ہو سکیں۔ انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ ملازمین کے وقت پر دفتر میں موجود نہ رہنے پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت کل جلگاؤں میں 9 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ ناسک میں 10 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیس ‘ جبکہ مراٹھواڑہ کے بیڑ میں گیارہ اعشاریہ پانچ، چھترپتی سمبھاجی نگرمیں 11 اعشاریہ آٹھ ، پربھنی میں 14 اور دھاراشیو میں 14 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دہلی میں ہوئے دھماکے میں آٹھ افراد کی موت، 15 سے زائد زخمی - واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کردئیے گئے: وزیر داخلہ امت شاہ کی اطلاع۔
٭ دو لاکھ سے زیادہ آبادی والے سبھی شہروں میں شہری امدادِ باہمی بینک قائم کرنے کی مرکزی وزیر ِ تعاون کی اپیل۔
٭ خوراک فراہم کرنے والے کسان اب توانائی فراہم کرنے والے بن گئے ہیں۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری کا بیان۔
٭ معروف مصنفہ ڈاکٹر وُرُشالی کنہاڑکر کا شریش پَئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے انتخاب۔
اور۔۔۔٭ ریاست بھر میں سردی کا زور، مراٹھواڑہ کے بیڑ میں 11اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت کا اندراج۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment