Friday, 14 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 14 November-2025

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں 

تاریخ:  ۴۱/نومبر  ۵۲۰۲ء؁

وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ کمبھ میلے کے پس منظر میں وزیرِ اعلیٰ نے ناسک میں مختلف ترقیاتی کاموں کا رکھا سنگ ِ بنیاد۔

٭ بلدیاتی انتخابات کیلئے ریاست میں نو کروڑ سے زیادہ ووٹرس۔

٭ یومِ اطفال کے موقع پر آج مختلف پروگرامس کا انعقاد؛ ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے بچوں کے ادبی ایوارڈ کی تقریب۔

٭ پونے میں پیش آئے بھیانک حادثے میں آٹھ افراد کی موت؛ ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے وارثوں کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپؤں کی مالی مدد کا کیا اعلان۔

اور۔۔۔٭ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹسٹ کرکٹ میچ آج سے کولکتہ میں ہوگا شروع۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ 2027 میں ناسک میں ترمبکیشور میں منعقد ونے والے سنہستھ کمبھ میلے کے پس منظر میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے 20ہزار کروڑ روپؤں سے زیادہ کے ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں۔ وہ کل ناسک میں چھ ہزار کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ ِ بنیاد رکھنے کے بعد بول رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ کمبھ میلے کے مکمل ہونے تک ان کاموں میں مزید پانچ ہزار کروڑ روپؤں کا اضافہ کیا جائے گا۔ 

مرکزی حکومت کی وزارتِ سیاحت کے ذریعے 99 کروڑ 14 لاکھ روپؤں کی لاگت سے رام کُنڈ علاقے میں تعمیر کیے جانے والے رام کال پتھ کا وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں بھومی پوجن کیا گیا۔ اس تقریب میں نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے، کمبھ میلے کے انتظامات کے وزیر گریش مہاجن‘ اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھسے اور دیگر معززین موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ اس برس کا کمبھ میلہ تین حصوں پر مشتمل ہے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس میلے میں ترقیاتی کاموں اور سہولیات کا معیار بہترین ہوگا۔ 

***** ***** *****

مہاراشٹر کے بلدیاتی انتخابات کیلئے کُل 9 کروڑ 84 لاکھ 96 ہزار 626 رائے دہندگان اپنے ووٹ ڈالنے کے حق کا استعمال کریں گے۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر ووٹرس کی تازہ ترین فہرست جاری کی ہے۔ گذشتہ ریاستی اسمبلی انتخابات کے بعد رائے دہندگان کی تعداد میں تقریباً 14 لاکھ 70 ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔ تھانے ضلع میں سب سے زیادہ نئے ووٹرس کی تعداد دو لاکھ 71 ہزار 666 درج کی گئی ہے۔

دریں اثناء‘ مسودہ ووٹر لسٹ پر 20 تا 27 نومبر کے دوران اعتراضات اور تجاویز پیش کی جاسکتی ہیں۔ وہیں مرکز وار ووٹر لسٹ آئندہ 12 دسمبر کو شائع کی جائیگی۔ 

***** ***** *****

کانگریس پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کی درخواستیں بالمشافہ قبول کی جائیں۔ پارٹی قائد وجئے وڑیٹیوار نے کہا ہے کہ انھوں نے اس تعلق سے ریاستی الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے سے بات چیت کی ہے۔ امیدواروں کا آن لائن درخواست فارم 20 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں یہ معلومات مانگی گئی ہے کہ گذشتہ انتخابات میں انھیں کتنے ووٹ ملے تھے اور کتنا خرچ آیا تھا۔ وڑیٹیوار نے بتایا کہ آن لائن درخواست پُر کرنے کا عمل پیچیدہ ہے اور اسے بھرنے کے دوران مسائل کا سامنا ہے۔ 

دریں اثناء‘ ویب سائٹ پر نامزدگی فارم اور حلف نامے میں صرف معلومات پُر کرنا ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اس کے ساتھ کوئی دستاویزاپلوڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ نامزدگی فارم کی پرنٹ شدہ کاپی اور حلف نامہ ضروری دستاویزات کے ساتھ مقررہ مدت کے دوران کمیشن کے ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرائیں۔ 

***** ***** *****

انتخابی کمیشن نے راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے انتخابی نشان سے ملتے جلتے ٹرمپیٹ کو انتخابی فہرست سے ہٹادیا ہے۔ اس نشان کو مراٹھی میں توتاری کہا جاتا ہے۔ شرد چندر پوار کی قیادت والی راشٹروادی کانگریس پارٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نشان نے رائے دہندگان کو اُلجھا دیا تھا اور ان کے ووٹ آزاد امیدواروں کو ملے تھے۔ اس دعوے کے بعد انتخابی کمیشن نے یہ کارروائی کی ہے۔ 

***** ***** *****

معذوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی خاطر سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو ایسے معاملات میں قانونی اور احتیاطی کارروائی کرنے کے اختیارات دئیے گئے ہیں۔ معذورین کی بہبود کے محکمے کے سیکریٹری تکارام منڈے نے کہا ہے کہ ریاست کے تمام اضلاع میں ان دفعات کے مؤثر نفاذ کیلئے یکساں معیاری طریقہئ کار تیار کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس معاملے میں قصورواروں کو کم از کم چھ مہینے اور زیادہ سے زیادہ پانچ برس قید کی سزا کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی رکھا گیا ہے۔ 

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔

***** ***** *****

بہار اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا آغاز آج صبح آٹھ بجے ہوا۔ اسمبلی کی 243 نشستوں کیلئے دو مراحل میں ووٹنگ ہوئی۔ اس سلسلے میں موصولہ خبر میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ گنتی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنارہی ہے۔ 

***** ***** *****

شکر کی بیماری Diabeties کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) نے رواں برس کے Diabeties Day کیلئے ”زندگی کے ہر مرحلے پر Diabeties“ اس نعرے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر ریاست بھر میں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے Diabeties بیماری کے تعلق سے بیداری پیدا کی جائیگی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے محکمہئ صحت ِ عامہ نے گذشتہ دس مہینوں میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد شہریان کی Diabeties کیلئے اسکریننگ کی ہے۔ جن میں سے 28 لاکھ  55 ہزار 709 شہری زیرِ علاج ہیں۔ 

***** ***** *****

ملک کے پہلے وزیرِ اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کی سالگرہ کے موقع پر آج ہر طرف خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ آج کے دن کو یومِ اطفال کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر جگہ جگہ مختلف پروگرامس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ 

***** ***** *****

بچوں کے ادب کیلئے ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈس آج نئی دہلی میں تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ ایوارڈ 50 ہزار روپئے نقد رقم اور توصیفی سند پر مشتمل ہے۔ ہندی زبان کیلئے یہ انعام سشیل شکلا کی کتاب ”ایک بٹے 12“ کو دیا جائے گا۔ جبکہ اُدو کیلئے یہ انعام غضنفر اقبال کی تصنیف ”قومی ستارے“ کو دیا جائے گا۔ وہیں مراٹھی زبان کیلئے سریش ساونت کے شعری مجموعے ”آبھاڑ مایا“ کیلئے اس ایوارڈ کا اعلان کیاگیا ہے۔ 

***** ***** *****

2024 کا مہاراشٹر بھوشن انعام آج سینئر مجسمہ ساز رام سُتار کو دیا جائے گا۔ سُتار کو یہ انعام نوئیڈا میں ان کی رہائش گاہ پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار کی موجودگی میں دیا جائے گا۔ 

***** ***** *****

مراٹھی کے معروف شاعر داسو ویدیہ کو 23 جنوری 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والے ”سرو بھاشا کوی سمّیلن“ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ملک میں قومی یکجہتی کی علامت‘ اس کُل زبانی مشاعرے کا انعقاد ہر سال آکاشوانی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ 

***** ***** *****

پونے میں کل پیش آئے ایک بھیانک حادثے میں آٹھ افراد کی موت ہوگئی۔ پونے- بنگلورو شاہراہ پر ’نولے برج‘ علاقے میں بریک فیل ہونے کے سبب کنٹینر نے 10 تا 15 گاڑیوں کو ٹکر دے دی۔ کنٹینر کے ڈیزل ٹینکر میں آگ لگنے کے سبب آٹھ افراد آگ سے جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ حادثہ شام کے وقت پیش آیا، جس سے شاہراہ پر کچھ دیر کیلئے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور حادثے میں مرنے والوں کے وارثوں کو فی کس پانچ لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا۔

***** ***** *****

میونسپل کاؤنسلز اور نگر پنچایتوں کے انتخابات کیلئے پرچہئ نامزدگی داخل کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس کے تحت کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے کنڑ میں چھ، پیٹھن میں 11 اور ویجاپور بلدیہ کیلئے 17 امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ ان تینوں مقامات پر میئر عہدے کیلئے ایک- ایک درخواست داخل کی گئی۔ 

***** ***** *****

انتظامیہ نے کل دوپہر ناندیڑ ضلع کے سہستر کُنڈ آبشار علاقے میں ندی میں پھنسے سات افراد کو بچانے میں کامیابی حاصل کی۔ عمر کھیڑ تعلقے کے ایکامبا علاقے کی چار خواتین اور تین بچے اس ندی میں پھنس گئے تھے۔

***** ***** *****

بھارت نے کل ڈھاکہ میں منعقدہ ایشیائی تیراندازی چمپئن شپ مقابلے میں سونے کے دو اور چاندی کا ایک تمغہ جیتا۔ خواتین کے کمپاؤنڈ ٹیم ایونٹ میں جیوتی سریکھا وینّم‘ پرتیکا پردیپ اور دیپ شکھا کی ٹیم نے کوریا کی ٹیم کو شکست دیکر طلائی تمغہ جیتا۔ وہیں مکسڈ ٹیم ایونٹ میں ابھیشیک ورما اور دیپ شکھا نے بنگلہ دیش کو شکست دیکر سونے کا تمغہ جیتا۔ مردو ں کے کمپاؤنڈ ٹیم ایونٹ میں ابھیشیک ورما، ساحل جادھو اور پرتھمیش پھگے کی ٹیم کو چاندی کے تمغے پر اکتفاء کرنا پڑا۔ 

***** ***** *****

آج سے بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹسٹ کرکٹ سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ یہ میچ آج صبح ساڑھے نو بجے کولکتہ میں شروع ہوگا۔ WTC درجہ بندی میں بھارتی ٹیم تیسرے مقام پر ہے۔ حال ہی میں چوٹ سے صحت یاب ہونے والے رشبھ پنت اس میچ میں کھیلیں گے۔

***** ***** *****

ریاست میں سب سے کم درجہئ حرارت کل جلگاؤں میں 9 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ ناسک میں درجہئ حرارت 10.5 ڈگری سیلسیئس رہا۔ مراٹھواڑہ کے بیڑ میں 11.5 سیلسیئس، دھارا شیو‘ پربھنی 13 سیلسیئس اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں درجہئ حرارت 12.8 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ کمبھ میلے کے پس منظر میں وزیرِ اعلیٰ نے ناسک میں مختلف ترقیاتی کاموں کا رکھا سنگ ِ بنیاد۔

٭ بلدیاتی انتخابات کیلئے ریاست میں نو کروڑ سے زیادہ ووٹرس۔

٭ یومِ اطفال کے موقع پر آج مختلف پروگرامس کا انعقاد؛ ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے بچوں کے ادبی ایوارڈ کی تقریب۔

٭ پونے میں پیش آئے بھیانک حادثے میں آٹھ افراد کی موت؛ ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے وارثوں کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپؤں کی مالی مدد کا کیا اعلان۔

اور۔۔۔٭ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹسٹ کرکٹ میچ آج سے کولکتہ میں ہوگا شروع۔

***** ***** *****

No comments:

Text -आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 29.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 29 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...