Tuesday, 3 November 2020

Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Dated : 03.11.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM

 

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 03 November-2020

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ: ۳؍ نومبر  ۲۰۲۰؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

٭ ریاست میں 34 ہزار 850 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں 15 مختلف کمپنیوں کے ساتھ معاہدے۔

٭ اورنگ آباد گریجویٹس حلقۂ انتخاب سمیت قانون ساز کونسل کی 5 نشستوں پر آئندہ یکم دسمبر کو انتخابات۔

٭ مراٹھا ریزرویشن کیلئے آئینی بینچ تشکیل دینے کی ریاستی حکومت کی درخواست پر عدالت ِ عظمیٰ عنقریب فیصلہ کریگی۔

٭ ریاست میں مزید 4 ہزار 9 کورونا کے نئے مریض؛ 104  افرادکی موت‘ مراٹھواڑہ میں 20  اموات اور 335 نئے مریض۔

اور۔۔ ٭ اورنگ آباد میں مہینے کے پہلے دِن کام کیلئے سائیکل پر جانے کی مہم کا آغاز۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے۔۔۔

ریاست میں مختلف 15 کمپنیوں کی جانب سے تقریباً 34 ہزار 850 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے متعلق معاہدوں پر کل وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔ اس سرمایہ کاری کے باعث ریاست میں کم و بیش 23 ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملنے کا امکان ہے۔ میگنیٹک مہاراشٹر 2- منصوبے کے تحت مہاراشٹر صنعتی ترقیاتی کارپوریشن اور مختلف کمپنیوں کے مندوبین نے ان مفاہمتی قراردادوں پر دستخط کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے سابقہ معاہدوں کے تحت 60 فیصد صنعتوں سے متعلق کام مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کل معاہدہ کرنے والی 15 کمپنیوں میںMitsubishi‘ الیکٹرک انڈیا‘ اورینٹل ایرومیٹکس‘ ادانی انٹرپرائزیس اور ایسار انڈیا شامل ہیں۔ ریاست میں ایک لاکھ کروڑ روپئے سے زائد سرمایہ کاری لانے کا حکومت کا ہدف ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ سرمایہ کار اور ریاستی حکومت کا ایک دوسرے پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اس لیے ریاست کورونا سے صرف نجات ہی حاصل نہیں کرے گی بلکہ مکمل استحکام کے ساتھ ملک بھر میں سبقت حاصل کرے گی۔

***** ***** *****

ریاست کے اورنگ آباد‘ پونہ اور ناگپور گریجویٹس حلقہ جاتِ انتخابات اور امراوتی و پونا کے ٹیچرز حلقہ انتخاب کیلئے قانون ساز کونسل کے الیکشن یکم دسمبر کو ہوں گے۔ انتخابی کمیشن نے ان انتخابات کا کل اعلان کیا۔ ان انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 12 نومبر ہے۔ 13 نومبر کو ان کاغذات کی جانچ کی جائیگی‘ جبکہ 17 نومبر تک درخواست نامزدگی واپس لی جاسکتی ہے۔ انتخابی کمیشن نے بتایا کہ ان تمام حلقوں کیلئے 3 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی عمل میں آئیگی۔ انتخابات سے متعلق نوٹیفکیشن جمعرات کو جاری کیا جائیگا۔ ان تمام 5 حلقوں کے نمائندوں کی مدت گذشتہ جولائی میں ختم ہوچکی ہے تاہم کورونا کی صورتحال کے باعث یہ انتخابات مؤخر کیے گئے تھے۔

***** ***** *****

چیف جسٹس شرد بوبڑے نے کہا ہیکہ مراٹھا ریزرویشن کے حوالے سے آئینی بینچ تشکیل دینے کی ریاستی حکومت کی درخواست پر عنقریب فیصلہ کیا جائیگا۔ یہ اطلاع ریاستی کابینہ کی ریزرویشن سے متعلق ذیلی کمیٹی کے سربراہ اشوک چوہان نے دی۔ ریاستی حکومت کے وکیل مُکُل روہتگی نے کل چیف جسٹس سے درخواست کی تھی کہ ریاستی حکومت کی عرضداشت کی آئینی بینچ کے سامنے فوری سماعت ضرور ی ہے۔ اس سے قبل بھی ریاستی حکومت نے دو بار اس نوعیت کی درخواست چیف جسٹس کو ارسال کی تھی۔ کل ایک بار پھر درخواست دینے پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس پر جلد فیصلہ کیا جائیگا۔

***** ***** *****

ریاست میں گیارہویں جماعت کی تینوں شاخوں آن لائن کلاسیس کا کل سے آغاز ہوگیا۔ اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ نے کل یہ اطلاع دی۔ جن طلبہ کو کسی بھی کالج میں داخلہ نہیں مل سکا ہے وہ بھی اندراج کرواکر ان کلاسیس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ گائیکواڑ نے بتایا کہ ریاستی تعلیمی تحقیق و تربیت کے ادارے کی ویب سائٹ پر طلبہ اندراج کرواسکتے ہیں۔ ان کلاسیس کے وقت سے متعلق طلبہ کو ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا جائیگا۔ روزانہ مختلف کالجوں کے 50 طلبہ کو زوم ایپ کے ذریعے تعلیم دی جائیگی۔

***** ***** *****

ثقافتی اُمور کے وزیر امیت دیشمکھ نے محکمۂ آثارِ قدیمہ کو ریاست کے تاریخی قلعوں اور یادگاروں کے تحفظ اور ان کی ترقی کیلئے منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس خصوص میں کل ممبئی میں منعقدہ ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کس طرح کیا جائیگا اس بات پر بھی غور کیا جائے۔

***** ***** *****

دیگر طبقات کا ریزرویشن ختم کرکے مراٹھوں کو ریزرویشن دئیے جانے کی رکنِ اسمبلی شویندر راجے بھونسلے نے مخالفت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تاریخ میں یہ کہا جاتا ہے کہ مراٹھوں کا پانی پت ہوا‘ اب اگر ہم متحد نہیں ہوئے تو ہمارا دوسرا سماجی پانی پت ہوسکتا ہے۔ کل ساتارا میں مراٹھا آرکشن سنگھرش سمیتی اور مراٹھا ریزرویشن رابطہ کمیٹی کے نمائندوںکے ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ سنگھرش سمیتی کے سربراہ سریش پاٹل کی زیرِ صدارت منعقدہ اس اجلاس میں رکنِ پارلیمنٹ اُدین راجے بھونسلے نے شرکت نہیں کی۔

***** ***** *****

زرعی یونیورسٹیوں میں ازسرِ نو تحقیق کے بعد تیار کردہ ہائبریڈ تخم کی ترویج کی غرـض سے ربیع کی فصلوں کیلئے 3 لاکھ 14 ہزار کوئنٹل تخم امدادی نرخوں پر تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ اعلان وزیرِ زراعت دادا بھوسے نے کیا۔ انھوںنے بتایا کہ اس کیلئے 62 کروڑ 79 لاکھ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔

***** ***** *****

لاک ڈائون کے دوران بجلی کے اضافی استعمال کے سبب صارفین کو موصول ہونے والے زائد بجلی کے بلوں میں رعایت دئیے جانے پر گفت و شنید جاری ہے۔ وزیرِ توانائی ڈاکٹر نتن راوت نے بتایا کہ اس ضمن میں دیوالی تک فیصلہ کرلیا جائیگا۔ وہ کل ممبئی کے ٹرامبے میں ٹاٹا جوہری توانائی مرکز کے دورے کے دوران صحافیوں سے مخاطب تھے۔

***** ***** *****

ایس ٹی مسافروں کو صاف پانی فراہم کرنے کیلئے ’’ناتھ جل‘‘ کے نام سے صاف پانی فراہم کرنے کے منصوبے کا افتتاح کل ممبئی میں وزیرِ حمل و نقل انیل پرب کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس منصوبے کے تحت اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ہر بس اڈّے پر کارپوریشن کی جانب سے مہربند پانی مہیا کیا جائیگا۔ مرحلہ وار طریقے سے اس منصوبے پر ریاست کے تمام بس اسٹینڈز پر عمل درآمد کیا جائیگا۔

***** ***** *****

ریاست میں کل دِن بھر میں نئے 4 ہزار 9 کووِڈ متاثرین پائے گئے۔ اس طرح اب تک ریاست میں متاثرین کی کُل تعداد 16 لاکھ 87 ہزار 784 ہوگئی ہے۔ ریاست بھر میں کل 104 کورونا مریض دورانِ علاج چل بسے۔ کورونا سے اب تک 44 ہزار 128  افراد انتقال کرچکے ہیں۔ ریاست میں اب تک 15 لاکھ 24 ہزار 304 کورونا مریض شفایاب ہوچکے ہیں اور سرِدست ایک لاکھ 18 ہزار 777 مریضوں کا علاج جاری ہے۔

***** ***** *****

مراٹھواڑہ میں کل کورونا سے متاثرہ 20  افراد چل بسے اور 335 نئے مریض پائے گئے۔ لاتور ضلع میں 8‘ جالنہ ضلع میں 5‘ اورنگ آباد ضلع میں 3‘ عثمان آباد ضلع میں 2‘ ناندیڑ اور پربھنی اضلاع میں ایک ۔ ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔ ممبئی میں کل مزید 706 کورونا کے نئے مریض پائے گئے، جبکہ 30  افراد کی موت واقع ہوئی۔ پونا ضلع میں 357 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی، جبکہ 31  افراد چل بسے۔

***** ***** *****

نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کورونا کا علاج کرانے کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 7 دِن کے علاج کے بعد انہیں کل گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ وہ آئندہ چند دِنوں تک کورنٹائن رہیں گے اور دفتری کام کاج اپنے گھر سے ہی انجام دیں گے۔ یہ اطلاع نائب وزیرِ اعلیٰ کے دفتری ذرائع نے دی۔

***** ***** *****

اورنگ آباد ضلع میں کورونا متاثرین کے صحت یاب ہونے کی شرح 94.59 ہوگئی ہے۔ ممکنہ صورتحال کے پیشِ نظر کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے انتظامیہ مختلف احتیاطی اقدامات کررہی ہے ۔ یہ اطلاع ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے دی۔ وہ کل کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

***** ***** *****

اورنگ آباد میں مہینے کے پہلے دِن سائیکل پر کام پر جانے کی مہم کا کل سے میونسپل کارپوریشن میں آغاز ہوا۔ میونسپل کمشنر آستک کمار پانڈے سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی کل سائیکل کے ذریعے کارپوریشن پہنچے۔ اس موقع پر پانڈے نے کہا کہ روز مرہ کی زندگی میں سائیکل کے استعمال کرنے کی نفسیات کو فروغ دینا ضروری ہے۔ اس عادت سے صرف صحت نہیں بلکہ آلودگی کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

٭ ریاست میں 34 ہزار 850 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں 15 مختلف کمپنیوں کے ساتھ معاہدے۔

٭ اورنگ آباد گریجویٹس حلقۂ انتخاب سمیت قانون ساز کونسل کی 5 نشستوں کیلئے آئندہ یکم دسمبر کو انتخابات۔

٭ مراٹھا ریزرویشن کیلئے آئینی بینچ تشکیل دینے کی ریاستی حکومت کی درخواست پر عدالت ِ عظمیٰ عنقریب فیصلہ کریگی۔

٭ ریاست میں مزید 4 ہزار 9 کورونا کے نئے مریض؛ 104  افرادکی موت ‘مراٹھواڑہ میں 20  اموات اور 335 نئے مریض۔

اور۔۔ ٭ اورنگ آباد میں مہینے کے پہلے دِن کام کرنے کیلئے سائیکل پر جانے کی مہم کا آغاز۔

***** ***** *****

اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔

کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ہم تمام کو احتیاط کرنا لازمی ہے۔ اس کیلئے وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ گھر سے باہر نکلتے وقت اچھی طرح ماسک لگائیں اور ایک دوسرے سے فاصلہ بنائے رکھیں‘ اور سنتے رہیں آکاشوانی۔

***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 07.10.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 07 October 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...