Friday, 9 December 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 09 دسمبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 09 December-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹؍ دسمبر  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** ***** 
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گجرات انتخابات میں تاریخی کامیابی کے بعد وزیرِ اعلیٰ پھوپیندر پٹیل پیر کو لیں گے دوبارہ حلف۔
٭ ہماچل پردیش میں BJP نے گنوایا اقتدار؛ کانگریس پارٹی کو ملی واضح اکثریت۔
٭ ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیوں کا پروجیکٹ ریاست میں قائم کرنے کیلئے امریکی کمپنی ٹریٹان الیکٹرک وہیکلس کے ساتھ مثبت بات چیت۔
٭ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور اُن کے خاندان کی جانب سے غیر محسوب اثاثے اکھٹا کرنے کے الزام میں اقتصادی جرائم کا محکمہ کررہا ہے 
جانچ؛ ریاستی حکومت نے دیا ہائی کورٹ میں بیان۔
٭ MAHADA میں ملازمت کیلئے فرضی اُمیدوار بن کر امتحان دینے والے 60  افراد کے خلاف کیس درج۔
٭ گھن ساونگی میں کل سے 42 ویں مراٹھواڑہ ادبی کانفرنس کا آغاز۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد میں آج وندے ماترم ہال عوام کے نام کیا جائیگا وقف۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
گجرات اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو تاریخی جیت حاصل ہوئی ہے۔ آئندہ 12 دسمبر کو دوپہر دو بجے بھوپیندر پٹیل دوبارہ وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ یہ اطلاع پارٹی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل نے دی۔ انھوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ داخلہ امیت شاہ حلف برداری کی تقریب میں شامل ہوں گے۔ 
گجرات میں BJP نے مسلسل ساتویں مرتبہ اقتدار حاصل کیا ہے۔ جملہ 182 نشستوں میں سے BJP نے 156 پر جیت درج کی ہے۔ اب تک ایک پارٹی کی جانب سے حاصل کی گئی یہ سب سے زیادہ نشستیں ہیں۔ دوسری جانب ریاست کی اہم مخالف جماعت کانگریس کی کراری ہار ہوئی ہے‘ اُسے صرف 17 نشستوں پر اکتفاء کرنا پڑا۔ عام آدمی پارٹی نے بھی گجرات اسمبلی میں اپنا کھاتہ کھولا ہے۔ اس کے پانچ اُمیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے‘ وہیں 4 آزاد امیدوار بھی چن کر آئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کے چہرے کے طور پر پیش کیے گئے اِسودان گڑھوی کو ان انتخابات میں ہار کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔تاہم کُل ووٹوں کا 13 فیصد حصہ پانے کے بعد عام آدمی پارٹی کیلئے قومی پارٹی کا درجہ حاصل کرنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔
***** ***** *****
ہماچل پردیش میں بی جے پی-راشٹریہ لوک دَل اتحاد اقتدار گنوا چکا ہے اور کانگریس پارٹی کو اس ریاست میں اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ کانگریس کو جملہ 68  اسمبلی نشستوں میں سے 40 پر فتح حاصل ہوئی ہے وہیں حزبِ اقتدار کی جماعت بی جے پی کے 25 امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ اس ریاست میں تین آزاد امیدوار بھی چن کر آئے ہیں۔
***** ***** *****
پانچ ریاستوں میں ایک لوک سبھا اور 6  اسمبلی کی نشستوں کے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کل ہوئی۔ اُتر پردیش کے مین پوری لوک سبھا حلقے سے سماج وادی پارٹی کی ڈمپل یادو نے کامیابی درج کی ہے۔یو پی قانون ساز اسمبلی کی دو نشستوں میں سے ایک پر بی جے پی جبکہ دوسری پر راشٹریہ لوک دَل کے امیدوارنے فتح حاصل کی ہے۔ بہار کی ایک اسمبلی نشست پر بی جے پی‘ جبکہ چھتیس گڑھ اور راجستھان میں کانگریس‘ وہیں اُڑیسہ کی اسمبلی نشست پر بیجو جنتال دَل کے امیدوار نے جیت درج کی ہے۔
***** ***** *****
قانون ساز اسمبلی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ریاست کی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے ترقی کی سیاست کی حمایت کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر خواہش ظاہر کی کہ ترقی کی یہ اچھی رفتار اسی طرح قائم رہے۔ وہیں دوسری جانب ہماچل پردیش میں کانگریس پارٹی کی ریاستی انتخابات میں جیت کے بعد پارٹی کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے نے ریاست کے شہریوں‘ کانگریس پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وہ کل دلّی میں صحیفہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ گجرات میں پارٹی کی ہار ہم ریاست کی عوامی رائے کا احترام کرتے ہیں۔ 
***** ***** *****
اورنگ آباد کے رابطہ وزیر سندیپان بھومرے نے تیقن دیا ہے کہ ضلع کے چیتے گائوں علاقے میں آئندہ 10 اور 11 دسمبر کو ہونے جارہے تبلیغی اجتماع کو پُرامن بنانے اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ مدد کرے گا۔ وزیرِ موصوف نے کل چیتے گائوں میں اجتماع گاہ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے یہ یقین دہانی کرائی۔ وہیں موقع پر موجود ضلع کلکٹر آستک کمار پانڈے نے بھی اجتماع میں شرکت کرنے والے تمام مسلم بھائیوں کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے ضروری امداد کرنے کی بات کہی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں نومبر آخر تک 60 فیصد بچوں کو خسرے کا پہلا ٹیکہ لگوایا گیا ہے۔ ضلع میں ماہِ ستمبر کے دوران خسرے کے ٹیکے سے محروم بچوں کا سروے کیا گیا ہے۔ آئندہ 15 تا 25 دسمبر اور 15 تا 25جنوری کے دوران ٹیکے سے محروم بچوں کو خصوصی مہم کے ذریعے خسرے کے ٹیکے لگوائے جائیں گے۔ فی الحال ضلع میں بخار اور خارش کے مریضوں کے خون کے نمونوں کی جانچ کا کام جاری ہے۔ ناندیڑ ضلع میں بھی خسرے اور روبیلا جیسی بیماریوں کا پھیلائو نہ ہو اس کیلئے 15 تا 25 دسمبر کے دوران ضلع میں خصوصی ٹیکہ اندازی مہم چلائی جائیگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بتایا کہ ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیوں کے پروجیکٹ کیلئے ریاست میں بڑی سرمایہ کاری کی جائیگی اور اس پروجیکٹ کو شروع کرنے کیلئے امریکہ میں قائم ٹریٹان الیکٹرک وہیکلز نامی کمپنی سے مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ 2023 میں دائوس میں ہونے والی کانفرنس میں معاہدہ کیا جائیگا اور یہ صنعت ریاست میں شروع کرنے کیلئے کمپنی کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیگی۔ امریکی کمپنی ٹریٹان الیکٹرک وہیکلس کے بانی اور CEO ہمانشو پٹیل نے کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صنعت کے وزیر اُدئے سامنت بھی موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس کمپنی کے قیام کیلئے پونے‘ اورنگ آباد اور ناگپور جیسے مختلف متبادل موجود ہیں۔
***** ***** *****
رہائشی مکانات کی تعمیر کے سرکاری ادارے MAHADA میں ملازمت کیلئے فرضی امیدوار بن کر امتحان دینے والے 60  افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ اس امتحان کے نتائج ظاہر کرنے کے بعد مہاڈا نے ایک ہزار 663  امیدواروں کے کاغذات کی جانچ کیلئے انھیں طلب کیا تھا۔ اس دوران 60  امیدوار مشتبہ پائے گئے۔ اس معاملے میں 150 صفحات پر مبنی رپورٹ تیار کی گئی ہے اور ادارے نے ایک جانچ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ جن فرضی امیدواروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں ان میں اورنگ آباد‘ عثمان آباد‘ بیڑ‘ شولاپور‘ جالنہ، ناسک، پونے، کولہاپور اور ناگپور کے شہریان شامل ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کل ممبئی ہائیکورٹ میں بتایا کہ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور اُن کے خاندان کی جانب سے غیر محسوب اثاثے جمع کرنے کے الزام میں اقتصادی جرائم محکمہ جانچ کررہا ہے۔ گوری بھڑے اور ان کے والد نے عدالت میں درخواست دی ہے کہ ٹھاکرے خاندان نے بدعنوانی کے ذریعے یہ دولت جمع کی ہے۔ اس لیے اس معاملے کی جانچ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں سے کی جانی چاہیے۔
***** ***** *****
42 ویں مراٹھواڑہ ادبی کانفرنس کا کل جالنہ ضلع کے گھن ساونگی میں آغاز ہورہا ہے۔ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کے ہاتھوں اس ادبی کانفرنس کا افتتاح عمل میں آئیگا۔ مشہور ادیب شیش رائو موہیتے اس کانفرنس کے صدر رہیں گے۔ دو دِنوں تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں مختلف ادبی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
***** ***** *****
آکاشوانی سے وظیفہ یاب پروگرام افسر منیشا یشونت دیشمکھ کل پونے میں کینسر کے باعث چل بسیں۔ وہ 66 برس کی تھیں۔ آنجہانی دیشمکھ نے آکاشوانی اورنگ آباد میں ٹیلی فون آپریٹر کے طور پر کام کیا تھا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں تعمیر کیے گئے وندے ماترم ہال کو اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے ریاستی وزیر چندر کانت پاٹل کے ہاتھوں آج عوام کے نام وقف کیا جائیگا۔ جس کے فوراً بعد اس عمارت میں وزیرِ موصوف کی موجودگی میں نئے تعلیمی نظام پر مبنی مباحثے کا افتتاح ہوگا۔ یہ اطلاع اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ستیش دیشپانڈے نے دی۔ دو ایکڑ رقبے پر تعمیر کی گئی اس چار منزلہ عمارت میں دو ہال‘ ایک آرٹ گیلری‘ ایمفی تھیٹر‘ مہمان خانہ اور نمائشی مرکز سمیت دیگر جدید سہولیات موجود ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گجرات انتخابات میں تاریخی کامیابی کے بعد وزیرِ اعلیٰ پھوپیندر پٹیل پیر کو لیں گے دوبارہ حلف۔
٭ ہماچل پردیش میں BJP نے گنوایا اقتدار؛ کانگریس پارٹی کو ملی واضح اکثریت۔
٭ ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیوں کا پروجیکٹ ریاست میں قائم کرنے کیلئے امریکی کمپنی ٹریٹان الیکٹرک وہیکلس کے ساتھ مثبت بات چیت۔
٭ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور اُن کے خاندان کی جانب سے غیر محسوب اثاثے اکھٹا کرنے کے الزام میں اقتصادی جرائم کا محکمہ کررہا ہے 
جانچ؛ ریاستی حکومت نے دیا ہائی کورٹ میں بیان۔
٭ MAHADA میں ملازمت کیلئے فرضی اُمیدوار بن کر امتحان دینے والے 60  افراد کے خلاف کیس درج۔
٭ گھن ساونگی میں کل سے 42 ویں مراٹھواڑہ ادبی کانفرنس کا آغاز۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد میں آج وندے ماترم ہال عوام کے نام کیا جائیگا وقف۔

***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 24.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 24 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...