Wednesday, 1 May 2024

آکاشوانی چھتر پتی سنبھا جی نگر علاقائی خبریں تاریخ : یکم ؍مئی 2024؁ ء وقت : صبح 07.50 سے 08.00بجے

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date : 01 May 2024

Time : 07.50 to 08.00 AM

آکاشوانی چھتر پتی سنبھا جی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ  :  یکم  ؍مئی  ۲۰۲۴؁ ء

وقت  :  صبح  ۵۰.۰۷سے  ۰۰.۰۸بجے 


پہلے خاص خبروں کی سر خیاں  ... 

٭ لوک سبھا چُنائو کے تیسرے مرحلے میں تشہیری سر گر میاں زورو پر  ‘ عثمان آباد  اور  لاتور میں

وزیر اعظم کا جلسہ عام سے خطاب  ‘  مخالفین پر نکتہ چینی  ‘  مہا وِکاس آگھاڑی کا بھی ردِ عمل

٭ لاتور  اور  عثمان آباد لوک سبھا حلقہ انتخابات میں کل سے بزرگ  اور  معذور ووٹرس کی

رائے دہی کا آغاز 

٭ جمہوریت کےلیے خواتین ضرور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں  اور  دوسروں کو بھی اِس کی تر غیب دیں ۔ ضلع ریٹرننگ آفیسر  دلیپ سوامی

اور

٭ آج منا یا جارہا ریاستِ مہاراشٹر کا 65؍ واں یومِ  قیام


اب خبریں تفصیل سے...

پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلےمیں آئندہ 7؍ تاریخ کے روز  رائے دہی کی جائے گی ۔ اِس مرحلہ میں مراٹھواڑہ کے عثمان آباد   اور  لاتورسمیت ریاست کے 11؍ حلقوں کا بھی شمار ہے ۔ اِن سبھی حلقوں میں تما م سیاسی جماعتوں کے  بڑے رہنما تشہیری جلسے  و  جلوس کا اہتمام کر رہے ہیں ۔


بھارتیہ جنتا پار ٹی کے رہنما وزیر اعظم نریندر مودی نے کل لاتور  اور  عثمان آباد میں بالتر تیب سُدھا کر شرُنگارے  اور  ارچنا پاٹل کے تشہیری جلسے میں خطاب کیا ۔ اپنے خطاب میںانھوں نے کہاکہ تعلیمی شعبے میں لاتور پیٹرن نہایت موثر ثابت ہوا ہے ۔ مودی نے کہا کہ ملک کی تر قی  اور  سلامتی کو یقینی بنا نے کے لیے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے ۔ لاتور میں پانی کے مسائل سمیت دیگر مسائل کا تذکرہ کر تے ہوئے وزیر اعظم نے حزب مخالف پر شدید تنقید کی ۔

اِس کے بعد مودی نے دھارا شیو کے تیر نا اِنجینئر نگ کالج  سے متصل 25؍ ایکر رقبے پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کیا ۔ اپنی تقریر میں انھوں نے گزشتہ 10؍ برسوں میں کاشتکاروں  اور  عوام کے لیے کیے گئے کاموں پر رو شنی ڈالی ۔

اِسی سلسلے میں مودی  نے کل ماڈھا  حلقہ انتخاب سے عظیم اتحاد کے امید وار  رنجیت سنگھ نائک  نمبالکر کی انتخابی تشہیر کے لیے  ماڑشی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اِس موقعے پر انھوں نے قومی جمہوری اتحاد حکومت کی گزشتہ 10/ برسوں کی کار کر دگی پر روشنی ڈالی۔

***** ***** ***** 

اورنگ آباد لوک سبھا حلقہ انتخاب سے مہا وِکاس آگھاڑی کے امید وار  چندر کانت کھیرے کی انتخابی تشہیر کے لیے شیو سینا اُدھو باڑا صاحیب ٹھاکرے پارٹی کے رہنما اور  عہدیداران نے کل چھتر پتی سنبھا جی نگر میں پیدل ریلی نکالی تھی ۔

***** ***** ***** 

جالنہ لوک سبھا حلقہ انتخاب سے مہا وِکاس آگھاڑی کے امید وار  ڈاکٹر  کلیان  کاڑے نے کل سوم ٹھان میں تشہیری جلسے میں خطاب کیا ۔ جبکہ  عظیم اتحاد کے امید وار  رائو صاحیب پاٹل دانوے  نے رکن اسمبلی ہری بھائو باگڑے  کے ساتھ پھلمبری حلقہ انتخاب کا تشہیری دورہ کیا اور  رائے دہندگان سے ملاقاتیں کی۔

***** ***** ***** 

لوک سبھا چُنائو کے 5؍ ویں مرحلے میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کاعمل جاری ہے ۔ اِس مرحلے میں ریاست کے دھو لیہ  ’  دِنڈوری  ‘  ناسک  ‘  پال گھر   اور  ممبئی کے 6؍ حلقہ انتخابات کا شمار ہے ۔ اِس مرحلے میں 3؍ مئی تک کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے جا سکتے ہیں ۔

***** ***** ***** 

عثمان آباد  اور  لاتور لوک سبھا حلقہ انتخابات میں   85؍ سال سے زیادہ عمر کے   اور  معذور  رائے دہندگان کے گھر جا کر رائے دہی کر وانے کا آغاز کل سے کیا جا ئے گا ۔ یہ عمل 2؍ مئی سے 5؍ مئی کے دوران جا ری رہے گا ۔ عثمان آباد حلقہ انتخاب کے 6؍ اسمبلی حلقوں میں 85؍ سال سے زیادہ عمر کے 3؍ ہزار 542؍  اور  851؍ معذور  رائے دہندگان ہیں ۔ 

اِسی طرح لاتور حلقہ انتخاب میں 85؍ سال سے زیادہ عمر کے  ایک ہزار  893؍  اور  463؍  معذور  رائے دہندگان ہیں ۔ 

***** ***** ***** 

راشٹریہ سنت  تُکڑو جی مہا راج کی 115؍ ویں جینتی کے موقعے پر کل اُنھیں خراج  تحسین پیش کیا گیا ۔ اِس خصوص میں امراوتی کے یاولی شہید میں راشٹریہ سنت تُکڑو جی مہا راج کے یومِ پیدائش کا جشن منایاگیا ۔ ساتھ ہی گائوں میں پالکی جلوس بھی نکا لا گیا تھا ۔ منترالیہ میں اپر سیکریٹری  روِندر پیٹ کر نے راشٹریہ سنت تُکڑو جی مہا راج کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کر کے خراج عقیدت پیش کیا ۔ 

***** ***** ***** 

آج ریاست مہاراشٹر  کا  65؍ واں یومِ قیام ہے ۔ اِسی منا سبت سے متعدد مقامات پر  پرچم کشائی   سمیت  دیگر خصوصی تقاریب کا اہتمام کیاگیا ہے ۔گور نر رمیش بئیس اب سے کچھ دیر بعد ممبئی میں  یومِ مہاراشٹر کی منا سبت سے پرچم کشائی کریں گے ۔ اِس خصوص میں اُن کا خطا ب اب سے ٹھیک ایک گھنٹہ بعد یعنی  9؍ بجے آکاشوانی سے نشر کیا جائے گا ۔ 


***** ***** ***** ***** ***** ***** 

یہ خبریں آکاشوانی چھتر پتی سنبھا جی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں

***** ***** ***** ***** ***** ***** 


تعلیمی سال 2024 -  25؁ء   کے لیے حق تعلیم ایکٹ   آر  ٹی  ای   کے تحت میونسپل کارپوریشن  اور  خانگی پرائمری اسکولوں میں محفوظ 25؍ فیصد نشستوں کے لیے آن لائن درخواست دینے کی مدت 10؍ مئی تک بڑھا دی گئی ہے ۔ یہ مدت کل ختم ہو رہی تھی ۔ مزید تفصیلات ریاستی حکو مت کی ویب سائٹ پر درج ہے ۔

***** ***** ***** 

ناسک ضلعے کے چاندوڑ میں کل ایک  ایس ٹی بس  اور  ٹرک کے تصادم میں4/ مسافر موقعے پر ہی جا بحق ہو گئے۔ جبکہ 33؍مسافر شدید زخمی ہیں۔  مقامی پولس کی اطلاع کے مطا بق حادثے کی شکار  ایس  ٹی  بس   چاندوڈ  سے  ناسک کی سمت جا رہی تھی کہ راہوڈ گھاٹ پر یہ حادثہ پیش آیا ۔

***** ***** ***** 

آئندہ13؍ مئی کے روز  پونا میں ہونے والے لوک سبھا چُنائو میں رائے دہی کر نے والے ہر ایک ووٹر کو 50؍ روپئے کا پیٹرول مُفت دیا جائے گا ۔ پونا پیٹرول ڈیلرس ایسو سی ایشن نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ خیال رہے کہ گزشتہ لوک سبھا چُنائو میں پو نا میں سب سے کم رائے دہی کی گئی تھی  اِس مرتبہ بھی ایسا نہ ہو  اِس کے لیے مقامی انتظامیہ کئی اقدام کر رہا ہے ۔ 

***** ***** ***** 

جمہوریت کے لیے خواتین اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال ضرور کریں  اور  اپنے افراد خانہ   و  دیگر جان پہچان کے لوگوں کو بھی ووٹ دینے کی ترغیب دیں ۔ چھتر پتی سنبھا جی نگر کے ضلع کلکٹر نیز ضلع ریٹرننگ آفیسر  دلیپ سوامی نے یہ اپیل کی ہے ۔ وہ کل شہر کے سینٹ فرانسِس ہائی اسکول میں منعقدہ خواتین کےجلسے میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔ اِس موقعے پر ہم رائے دہندگان ہیں اِس گیت پر قص پیش کیاگیا  اور  حاضرین کو رائے دہی کا حلف بھی دلا یا گیا ۔

***** ***** ***** 

بیڑ میں انتخابات کے نگراں  عظیم الحق  نے کل سرکاری تکنیکی اِدارے  تنتر وِدییا نِکیتن کا دورکیا جہاں رائے دہی کے بعد  بیلیٹ یو نِٹ  ‘  کنٹرول یونِٹ  اور   وی  وی  پیٹ مشین رکھی جائے گی  اور   4؍ جون کے روز رائے شماری کی جائے گی ۔ انھوں نے بتا یا کہ سرکاری تنتر وِدیا نکیتن میں چُنائو کے بعدضلع بھر کے 6؍ اسمبلی حلقوں کے انتخابی آلات رکھے جائیں گے ۔

***** ***** ***** 

یکم جون سے شروع ہو رہے  ICC T-20؍  عالمی کپ چیمپئن شپ کے لیے اِنڈین ٹیم کا اعلان کر دیاگیا ہے ۔ اِس کے مطا بق روہت شر ما ٹیم کے کپتان ہوں گے  جبکہ  ہاردِک پنڈیا کو وائس کپتان بنا یاگیا ہے ۔ دیگر کھلاڑیوں میں رُشبھ پنت  ‘  وِراٹ کوہلی  ‘  یشسوی جیسوال ‘  سوریہ کمار یادو  ‘  سنجیو سیم سن  ‘  شیوم دوبے  ‘  رویندر جڈیجہ  ‘  اکثر پٹیل  ‘  کلدیپ یادو  ‘  یوجویندر چہل  ‘  اکثر دیپ سنگھ   ‘  جسپریت بومرا   اور  محمد سراج کا شمار ہے ۔ 

اِسی طرح شُبھ من گِل  ‘  رنکو سنگھ  ‘  خلیل احمد   اور  اویس خان  کو اضافی کھلاڑیوں کے طور پر ٹیم میں شامل کیاگیا ہے ۔ خیال رہے کہ اِس مرتبہ دنیا بھر کے 20؍ ممالک کی ٹیمیںICC T20؍  عالمی کپ چیمپئن شپ میں شر کت کر رہی ہیں ۔

***** ***** ***** 

بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم  اور  بانگلہ دیش خواتین کرکٹ ٹیم کے مابین بانگلہ دیش میں کھیلی جا رہی 5؍  T-20؍ کرکٹ مقابلوں کی سیریز میں کل کھیلا گیا دوسرا مقابلہ بھارتی خواتین ٹیم نے ڈک ورتھ لوئس ضابطہ کی بنیاد پر جیت لیا ہے ۔ بانگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے کرتے ہوئے مقررہ  اوورس میں  119؍  رن بنائے تھے ۔ جوابی بلّے بازی کرنے میدان میں اُتری بھارتی ٹیم  نے  چھٹے اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 47؍ رن بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی ۔ جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے تحت بھارتی ٹیم کو 19؍ رنوں سے فاتح قرار دیاگیا ۔ 24؍ گیندوں میں 41؍ رن بنا نے والی بھارتی بلّے باز  دیا لن ہیم لتھا  کو مقابلے کی بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔

***** ***** *****


آخر میں اہم خبروں کی سر خیاں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے  ...


٭ لوک سبھا چُنائو کے تیسرے مرحلے میں تشہیری سر گر میاں زورو پر  ‘ عثمان آباد  اور  لاتور میں

وزیر اعظم کا جلسہ عام سے خطاب  ‘  مخالفین پر نکتہ چینی  ‘  مہا وِکاس آگھاڑی کا بھی ردِ عمل

٭ لاتور  اور  عثمان آباد لوک سبھا حلقہ انتخابات میں کل سے بزرگ  اور  معذور ووٹرس کی

رائے دہی کا آغاز 

اور

٭ آج منا یا جارہا ریاستِ مہاراشٹر کا 65؍ واں یومِ  قیام


علاقائی خبریں ختم ہوئیں

آپ یہ خبر نامہ ہمارے یو ٹیوب چینل AIR چھتر پتی سنبھا جی نگر پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔

٭٭٭



No comments: