Saturday, 22 February 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 22 فروری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 22 February-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/فروری ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مراٹھی زبان اور مراٹھی ادب نے سماجی آزادی کے دروازے کھولے ہیں؛ 98 ویں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کے افتتاح کے موقع پر وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ زبان کو پھلنے پھولنے کیلئے عوام کو اسے اپنانا چاہیے: سمّیلن کی صدر تارا بھوالکر کا اظہارِ خیال۔
٭ نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ آج چھترپتی سمبھاجی نگر کے دورے پر۔
٭ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کے ہاتھوں آج وزیرِ اعظم دیہی رہائشی اسکیم کے استفادہ کنندگان میں منظوری کے خطوط کی تقسیم۔
اور۔۔۔٭ دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران کل بدناپور میں پیپر لیک ہونے کی خبر کی ضلع کلکٹر کی جانب سے تردید۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ مراٹھی زبان اور ادب نے سماج کے استحصال کیے گئے محروم طبقے کیلئے سماجی آزادی کے دروازے کھولے ہیں۔ وزیرِ اعظم کے ہاتھوں کل نئی دہلی میں 98 واں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ زبان تہذیب کو رفتار دیتی ہے اور سماج کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انھوں نے مہاراشٹر کے کئی سنتوں کے ذریعے مراٹھی زبان کی بھکتی تحریک سے سماج کو نئی سمت دئیے جانے پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت اب مقامی زبانوں میں تعلیم دئیے جانے کو فوقیت دے رہی ہے، اس لیے انگریزی نہ آنے پر لوگوں کو نظر انداز کرنے کو اب روک لگائی جانی چاہیے۔ وزیرِ اعظم نے اپنی تقریر کے دوران مراٹھی زبان کے نامور ادیبوں‘ شاعروں اور گلوکاروں کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا:
”لوک مانیہ تلک نے گیتا رہسیے بھی مراٹھی میں ہی لکھی تھی‘ لیکن ان کی اس مراٹھی رچنا نے پورے دیش میں ایک نئی اُورجا بھردی تھی۔ ساتھیو! مراٹھی بھاشا اور مراٹھی ساہتیہ نے سماج کے شوشِت‘ ونچت وَرْگ کیلئے ساماجک مکتی کے دُوار کھولنے کا بھی اَدبھُت کام کیا ہے۔ جیوتی با پھلے‘ ساوتری بائی پھلے‘ مہرشی کروے‘ بابا صاحب امبیڈکر‘ ایسے کتنے ہی مہان سماج سدھارکوں نے مراٹھی بھاشا میں نئے یگ کی سوچ کو سینچنے کا کام کیا تھا۔“
اس موقع پر اس ادبی سمّیلن کی پہلی خاتون صدر تارا بھواڑکر‘ استقبالیہ صدر شرد پوار‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ ادبی ادارے کی صدر اوشا تامبے‘ 97 ویں ساہتیہ سمّیلن کے صدر رویندر شوبھنے اور کنوینر سنجئے نہار موجود تھے۔ تارا بھواڑکر نے زبان کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی زبان بولی ہوجائے تو وہ زندہ رہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ زبان جوڑنے والی ہونی چاہیے۔ بھواڑکر نے یہ بھی کہا کہ اہم بات یہ نہیں ہے کہ کوئی خاتون ادبی سمّیلن کی صدر بنے بلکہ معیار اہم ہوتا ہے۔
اوشا تامبے نے اپنی تقریرمیں کہا کہ وزیرِ اعظم مختلف علاقائی زبانوں کے تئیں حساس ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ سمّیلن مراٹھی ذہن کو ملک کی راجدھانی کے قریب لائے گااور دیگر بولنے والوں کی تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ کشمیری گلوکارہ کی طرف سے گایا گیا مہاراشٹر کا ریاستی ترانہ اور پسائے دان اس افتتاحی تقریب خاص کشش ٹھہرا۔
وہیں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مراٹھی کو اشرافیہ کا درجہ ملنے کے بعد پہلا ادبی سمّیلن دلّی میں ہورہا ہے‘یہ بڑے فخر کی بات ہے۔ انھو ں نے کہا کہ عوامی زبان بن جانے سے مراٹھی اب مکمل ہوگئی ہے۔ مراٹھی کو اشرافیہ کا درجہ دئیے جانے پر استقبالیہ صدر شرد پوار نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے تارا بھواڑکر اور ادبی ادارے کے سمّیلن کی خاتون صدر بنائے جانے پر مبارکباد دی۔ پوار نے سیاست دانوں کو ادبی سمّیلن کے اسٹیج پر نہ آنے کی صلاح دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس پر ہر برس یہ مسئلہ کھرا ہوتا ہے۔ انھوں نے اس کی مثال دی اور اپیل کی کہ اس موضوع پر اب اور مسائل نہ کھڑے کیے جائیں۔
سابق مرکزی وزیر سشیل کمار شندے کی زیرِ صدارت سمّیلن کا دوسرا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر تارا بھوالکر نے سبکدوش ہونے والے صدر رویندر شوبھنے سے سمّیلن کی قیادت سنبھالی۔
دہلی کے تال کٹورا کھیل کمپلیکس میں قائم چھترپتی شیواجی مہاراج ساہتیہ نگری میں منعقد ہونے والے اس سمّیلن میں معززین کے انٹرویوز‘ کثیر لسانی شاعروں کی کانفرنس اور مختلف موضوعات پر سمینارز ہوں گے۔
سمّیلن کے موقع پر کل صبح نکالی گئی گرنتھ دِنڈی میں مختلف ادیبوں‘ سیاست دانوں‘ مصوروں اور ادب سے محبت رکھنے و الوں نے شرکت کی۔
***** ***** *****
نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ آج چھترپتی سمبھاجی نگر کا دورہ کریں گے۔ نائب صدر دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب چکل تھانہ ہوائی اڈے پر پہنچیں گے، جس کے بعد وہ ہیلی کاپٹر سے ایلورہ جائیں گے‘ گھشنیشور درشن اور ایلورہ کے غار دیکھنے کے بعد وہ سہ پہر تین بجے کے قریب ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی پہنچیں گے۔ نائب صدر یونیورسٹی کے 65 ویں تقسیمِ اسناد جلسے میں مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود رہیں گے۔ یونیورسٹی چانسلر اور ریاست کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کی زیرِصدارت تقسیمِ اسناد کی تقریب ہوگی۔ اس تقریب میں ڈپلومہ، ڈگری، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں تقسیم کی جائیں گی۔ 56 ہزار 122 طلبہ نے اس تقریب کے دوران ڈگریاں حاصل کرنے کیلئے درخواست دی ہے۔ اسی بیچ وزیرِ اعظم اوشا پروجیکٹ کے تحت یونیورسٹی کی چار عمارتوں کا سنگ ِ بنیاد نائب صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں رکھا جائے گا۔ ساتھ ہی وہ دستور بیداری سال کے امرت مہوتسو کی مناسبت سے سرسوتی بھون تعلیمی ادارے کی جانب سے منعقدہ پروگرام کا افتتاح بھی کریں گے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ پونے کے دورے پر ہیں۔ امدادِ باہمی کے مرکزی وزیرِ مملکت مرلی دھر موہول نے کل پونے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ شاہ کی موجودگی میں ویسٹرن زونل کاؤنسل کا آج اجلاس ہوگا۔ بالے واڑی کے شری شیوچھترپتی اسپورٹس کمپلیکس میں امت شاہ کی موجودگی کے دوران وزیرِ اعظم دیہی رہائشی اسکیم کے دوسرے مرحلے کے 10لاکھ مستفیدین میں پہلی قسط تقسیم کی جائیگی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت دسویں جماعت کے تحریری امتحان کا کل سے آغاز ہوگیا۔ اس برس یہ امتحان ریاست کے پانچ ہزار 130 مرکز پر ہورہے ہیں۔ جن میں 16لاکھ 11ہزار 610 طلبہ شرکت کررہے ہیں۔
اسی بیچ جالنہ ضلع کلکٹر شری کرشنا پانچال نے وضاحت کی ہے کہ ضلع کے بدناپور شہر میں دسویں جماعت کے مراٹھی مضمون کا پرچہ لیک ہونے کی خبر جھوٹی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اصلی سوالی پرچہ امتحانی مراکز سے لیک نہیں ہوا بلکہ کچھ دکانداروں نے جعلی پرچے کی فوٹو کاپیاں فروخت کیں۔ انھوں نے بتایا کہ چینلز پر یہ خبر گردش کررہی تھی کہ دسویں کا سوالیہ پرچہ لیک ہوگیا ہے اور اس کی جوابی کاپیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اس خبر میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ پانچال نے بتایا کہ جالنہ کے تمام امتحانی مراکز پر سخت بندوبست کیا گیا ہے اور نقل سے پاک امتحانات کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔
جالنہ ضلع کے تڑنی میں ضلع پریشد اسکول میں ہجوم کرنے والے سرپرستوں کو پولس کی مدد سے امتحانی مراکز سے باہر نکالا گیا ہے۔ اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ اسی طرح بیڑ ضلع کے 153 امتحانی مراکز پر دسویں جماعت کا تحریری امتحان ہورہا ہے۔ یہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو اس کیلئے سات فلائنگ اسکواڈ اور 156 نقل مخالف دستے مقرر کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
محکمہئ محصولات کے تحت ریاستی سطح کے کھیل مقابلے کل ناندیڑ میں شروع ہوئے۔ ان مقابلوں کا افتتاح شری گرو گووند سنگھ جی کھیل کمپلیکس میں محکمہئ محصولات کے اضافی چیف سیکریٹری راجیش کمار نے کیا۔ کل تک جاری رہنے والے ان مقابلو ں میں شرکت کیلئے محکمہئ محصول کے ڈھائی ہزار ملازمین ناندیڑ پہنچ چکے ہیں۔ ان کھیل مقابلوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی پروگرامس کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے عنبڑ بس اسٹینڈ پر کل دوپہر ایک بس اچانک پلیٹ فارم پر چڑھ گئی‘ جہاں مسافر کھڑے تھے۔ بس‘ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی تھی‘ اس وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ پولس نے بتایا کہ اس واقعے میں دو مسافر ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کا علاج ضلع جنرل اسپتال میں جاری ہے۔
***** ***** *****
گجرات پولس نے کل لاتور سے ایک نوجوان کو فحش ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ اس کا نام پرجول تیلی ہے۔ یہ سانگلی ضلع کے جت تعلقے کا رہنے والا ہے۔ پولس نے بتایا کہ اس معاملے میں دیگر ریاستوں کے دو اور افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
آبی وسائل محکمے کے اضافی چیف سیکریٹری اور پربھنی ضلع کے سرپرست سیکریٹری دیپک کپور نے ضلع میں فلاحی اسکیمات کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کی ہدایات دی ہے۔ وہ کل پربھنی میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مراٹھی زبان اور مراٹھی ادب نے سماجی آزادی کے دروازے کھولے ہیں؛ 98 ویں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کے افتتاح کے موقع پر وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ زبان کو پھلنے پھولنے کیلئے عوام کو اسے اپنانا چاہیے: سمّیلن کی صدر تارا بھوالکر کا اظہارِ خیال۔
٭ نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ آج چھترپتی سمبھاجی نگر کے دورے پر۔
٭ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کے ہاتھوں آج وزیرِ اعظم دیہی رہائشی اسکیم کے استفادہ کنندگان میں منظوری کے خطوط کی تقسیم۔
اور۔۔۔٭ دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران کل بدناپور میں پیپر لیک ہونے کی خبر کی ضلع کلکٹر کی جانب سے تردید۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 12.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 12 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...