Tuesday, 1 April 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 اپریل 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 01 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/ اپریل ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ صدرِ جمہوریہ کی موجودگی میں ریزرو بینک کے 90 ویں یومِ تاسیس کی آج اختتامی تقریب ممبئی میں۔
٭ مرکزی حکومت کے ملازمین کو آج سے متحدہ سبکدوش اسکیم کا متبادل موجود۔
٭ اورنگ زیب کی قبر محفوظ مقام ہے اس کی تعریف نہ کریں: وزیرِ اعلیٰ کا اشارہ۔
٭ نجی تعلیمی اداروں میں ایس سی‘ ایس ٹی اور اوبی سی کیلئے نشستیں مختص کرنے کا مطالبہ۔
٭ عیدالفطر ہر طرف جوش و خروش سے منائی گئی۔
اور۔۔۔٭ اپریل تا جون مہینوں میں گرمی معمول سے زیادہ رہنے کی محکمہئ موسمیات کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بھارتی ریزرو بینک کے 90 ویں یومِ تاسیس کے پروگرام کا آج اختتام ہوگا۔ اس موقعے پر کل صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کی آمد ممبئی میں ہوئی۔ صدرِ جمہوریہ کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر گورنر سی پی رادھا کرشنن اور نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے سمیت دیگر موجود تھے۔ اس کے بعد راج بھون میں گورنر نے نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسّمے کو صدرِ جمہوریہ کو دیکر ان کا استقبال کیا۔
آج صدرِ جمہوریہ کی خصوصی موجودگی میں ریزرو بینک کے 90 ویں یومِ تاسیس پروگرام کا اختتام ہوگا۔
***** ***** *****
مرکزی ملازمین کیلئے آج سے یو پی ایس (Unified Pension Scheme) یعنی متحدہ سبکدوش اسکیم کا متبادل موجود ہے۔ NPS یعنی قومی سبکدوش پنشن اسکیم کے رُکن رہے ملازمین کو تین مہینوں میں NPS یا UPS میں سے کسی ایک کو چننا ہوگا۔ ایک اپریل 2004 کے بعد مرکزی حکومت کی خدمات میں شامل ہوئے 23 لاکھ ملازمین اس کیلئے آن لائن اندراج کرسکتے ہیں۔ اس میں کم از کم 25 سال سرکاری خدمات کرنے والے ملازمین کو آخری سال کی اصل تنخواہ کا تقریباً 50 فیصد وظیفہ ملے گا۔ سبکدوش ملازمین کی موت کے بعد خاندان کو 60 فیصد وظیفہ ملے گا۔ اسی طرح کم از کم 10 سال خدمت کرنے والوں کو UPS کے تحت کم از کم دس ہزار روپئے وظیفے کی بات کہی گئی ہے۔ دریں اثناء‘ ریاستی حکومت کے ملازمین کی جدید پنشن اسکیم کے متبادل کی مدت کل ختم ہونے والی تھی، جسے حکومت نے ایک سال بڑھا دیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے خبردار کیا ہے کہ مغل حکمراں اورنگ زیب کا مقبرہ ایک محفوظ یادگار ہے لیکن اس کی تعریف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وہ کل ناگپور میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے خلدآباد میں موجود مغل حکمراں اورنگ زیب کی قبر ہٹانے کا مطالبہ گذشتہ کئی دنوں سے ہندوتووادی تنظیموں نے کیا تھا۔ اس ضمن میں وزیرِ اعلیٰ نے یہ بیان جاری کیا جو بہت اہمیت کا حامل ہے۔
***** ***** *****
کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ملک کے نجی‘ غیر اقلیتی تعلیمی اداروں میں درجِ فہرست ذاتوں‘ درجِ فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کیلئے خصوصی نشستیں رکھنے کیلئے قانون لائے۔ آئین کی دفعہ 15‘ ذیلی دفعہ 15 کے نفاذ کیلئے تعلیم‘ خواتین‘ نوجوانوں اور کھیلوں سے متعلق پارلیمانی کمیٹی‘ جو حکومت کو شہریوں کے اس زمرے کی ترقی کیلئے خصوصی قوانین بنانے کا حق دیتی ہے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری جئے رام رمیش نے کہا ہے کہ اس قانون کی سفارش کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کہا ہے کہ شرڈی صنعتی علاقے میں دفاعی کلسٹر منصوبہ ضلع کے وقار میں اضافہ کرے گا۔ وہ کل ساوڑی وِہِر خورد دفاعی کلسٹر کے تحت نبے آرڈیننس گلوبل لمیٹڈ کمپنی کے سنگ ِ بنیاد کے موقع پر مخاطب تھے۔ وکھے پاٹل نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ اس کلسٹر سے شرڈی علاقے کی صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔
***** ***** *****
ملک میں کل ہر طرف عیدالفطر خوشی و مسرت سے منائی گئی۔ شوال مہینے کا چاند نظر آنے مسلمانوں کے مقدس رمضان مہینے کے روزوں کے اختتام کی نشاندہی کرتا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کی چھاؤنی‘ عثمان پورہ اور روضہ باغ عیدگاہوں سمیت مختلف مساجد میں نمازِ عید ادا کی گئی۔ اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود پول افسران و ملازمین کا ایم آئی ایم پارٹی کی جانب سے استقبال کیا گیا۔
ہنگولی میں بھی کل صبح مسلم بھائیوں نے عیدگاہ میدان پر نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ پولس کی جانب سے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولس شری کرشن کوکاٹے نے عید کی مبارکباد دی۔ ناندیڑ کے دیگلور ناکہ علاقے میں واقع عیدگاہ میں نماز ادا کی گئی۔ جالنہ شہر کی قدیم جالنہ عیدگاہ میں نماز ادا کی گئی۔ یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں رُکنِ اسمبلی ارجن کھوتکر نے عید کی مبارکباد دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے گیورائی تعلقے کے ارد مسلے میں مذہبی مقام میں ہوئے دھماکہ معاملے میں وجئے گوہانے اور شری رام ساگڑے کو خصوصی عدالت نے تین اپریل تک پولس کسٹڈی سنائی ہے۔ یہ دونوں ملزمین ارد مسلہ گاؤں کے باشندے ہیں۔
دریں اثناء‘ انسدادِ دہشت گردی دستہ اب کیس کی متوازی تحقیقات کرے گا اور پتہ لگایا جائے گا کہ انھوں نے دھماکہ کیلئے جلیٹن کہاں سے لایا اور دھماکہ کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔
دریں اثناء‘سابق رکنِ پارلیمان سیّد امتیاز جلیل نے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں ہی ملزمین پر UAPAلگایا جائے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں عید کی نماز کے بعد صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ناگپور تشدد کے معاملے میں ملزم کا گھر جس طرح سے گرایا گیا‘ اسی طرح اس معاملے میں بھی کارروائی کی جائے۔
***** ***** *****
کل بیڑ ضلع جیل میں دو قیدیوں میں معمولی بات پر بحث اور مارپیٹ ہوئی‘ لیکن اس مارپیٹ کا سدرشن گھلے‘ والمک کراڑ سے کوئی تعلق نہ ہونے کی بات جیل سپرنٹنڈنٹ بی این ملانی نے کہی ہے۔
اس جیل سے چار قیدیوں کو کل شام چھترپتی سمبھاجی نگر کی ہرسول جیل بھیج دیا گیا ہے۔ رکنِ اسمبلی سریش دھس نے اس معاملے میں مطالبہ کیا ہے کہ سنتوش دیشمکھ قتل معاملہ کے ملزمین کو بیڑ جیل سے امراوتی یا ناگپور کی جیلوں میں بھیجا جائے۔
دریں اثناء‘ ریاستی کانگریس صدر ہرش وردھن سپکال نے الزام عائد کیا کہ مہایوتی حکومت میں قانونی صورتحال سنگین ہوچکی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس محکمہ داخلہ کی خواہش کو چھوڑ کر ریاست کو مکمل وقت دیں۔
***** ***** *****
اس سال ملک بھر میں اپریل سے جون تک کا دورانیہ معمول سے زیادہ گرم رہنے کا امکان ہے۔ یہ جانکاری محکمہ موسمیات کے سربراہ مرتیونجے موہ پاترا نے دی۔ ملک کے وسطی، مشرقی اور شمال مغربی حصے عام طور پر اس عرصے کے دوران چار سے سات گرم لہروں کا سامنا کرتے ہیں، اور اس سال ان کی تعداد دوگنی ہونے کا امکان ہے، صرف چند علاقوں کو چھوڑ کربقیہ علاقوں میں درجہ حرارت اوسط سے زیادہ رہنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں بھی 9 سے 10 فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔
دریں اثناء، مہاراشٹر میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت چندر پور میں 42 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو میں 38 اعشاریہ سات، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 39 اعشاریہ نو ڈگری، پربھنی میں بھی 39 اعشاریہ نو اور بیڑ و ناندیڑ میں 40 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درجہ حرارت درج کیا گیا۔
اس دوران جالنہ ضلعے کے کچھ علاقوں میں کل رات ہلکی بارش ہوئی۔ گھن ساونگی تعلقے کے تیرتھ پوری، مُرما، کھالاپوری اور ماسے گاؤں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس غیر موسمی بارشوں سے گندم کی تیار شدہ فصل اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ کسانوں نے ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے طبّی آفیسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے گرمی میں اضافے کے پس منظر میں شہریوں کو احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے۔ آکاشوانی کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں انھوں نے عوام سے بار بار پانی پینے اور دھوپ کے اوقات میں بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع پریشد کے ترقیِ خواتین و اطفال محکمے کے تحت ضلع کے مثالی آنگن واڑی کارکنوں، مددگاروں، سپروائزروں اور ترقیاتِ اطفال پروجیکٹ افسران کا ضلع پریشد کی سی ای او نَتیشا ماتھر کے ہاتھوں ایوارڈ تفویض کرکے اعزاز دیا گیا۔ اعزاز یافتگان میں حکومت کے سو دنوں کے ہدف، لاڈلی بہن اسکیم اور غذائی اسکیموں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے والے ملازمین شامل ہیں۔
***** ***** *****
حکومت نے دھاراشیو ضلعے کے بھوم میں کھوا کلسٹر میں انڈکشن مشینوں پر کھوا سازی کیلئے بجلی کے کنکشن کو منظوری دے دی ہے۔ انڈکشن مشین کے استعمال سے شمسی توانائی پر کھوا تیار کرنے کا ملک میں اوّلین پروجیکٹ بھوم کے اس کلسٹر میں شروع کیا گیا ہے۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ اب ان کھوا سازوں کو ایگریکلچر اینڈ اَدَر اس ٹیرف ہیڈ کے تحت بجلی کے کنکشن مل سکیں گے۔ اس فیصلے پر کھوا تیار کرنے والوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ صدرِ جمہوریہ کی موجودگی میں ریزرو بینک کے 90 ویں یومِ تاسیس کا پروگرام آج ممبئی میں۔
٭ مرکزی حکومت کے ملازمین کو آج سے متحدہ سبکدوش اسکیم کا متبادل موجود۔
٭ اورنگ زیب کی قبر محفوظ مقام ہے اس کی تعریف نہ کریں: وزیرِ اعلیٰ کا اشارہ۔
٭ نجی تعلیمی اداروں میں ایس سی‘ ایس ٹی اور اوبی سی کیلئے نشستیں مختص کرنے کا مطالبہ۔
٭ عیدالفطر ہر طرف جوش و خروش سے منائی گئی۔
اور۔۔۔٭ اپریل تا جون مہینوں میں گرمی معمول سے زیادہ رہنے کی محکمہئ موسمیات کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 05.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 05 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...