Tuesday, 28 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 28 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی حکومت نے مہاراشٹر سمیت تین ریاستوں کے کسانوں سے دالوں اور تیل کے بیج خریدنے کو دی منظوری۔
٭ بھارت کا سمندری نقطہئ نظر سلامتی‘ استحکام اور خود انحصاری پر مبنی ہے: وزیرِ داخلہ کا بیان۔ وزیرِ اعظم کل بحری کانفرنس سے کریں گے خطاب۔
٭ 12 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جانچ مہم کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع۔
٭ چیف جسٹس بھوشن گوائی نے اگلے چیف جسٹس کے طور پر جسٹس سوریہ کانت کے نام کی‘ کی سفارش۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے لاتور اور دھاراشیو کے علاوہ تمام اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی حکومت نے مہاراشٹر‘ تلنگانہ، اوڈیسہ اور مدھیہ پردیش سمیت چار ریاستوں کے کسانوں سے دالوں اور تیل کے بیج خریدنے کی اسکیم کو منظوری دی ہے۔ اس کیلئے 15 ہزار کروڑ رو پئے کا انتظام کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کل ان تین ریاستوں کے وزراء زراعت کے ساتھ ”وزیرِ اعظم اَنّ داتا آئے سنرکشن“ مہم کے تحت میٹنگ کی۔ اس اسکیم کے تحت ریاست کے کسانوں سے 18 لاکھ 50 ہزار 700 میٹرک ٹن سویا بین‘ تین لاکھ 25 ہزار 680 میٹرک ٹن اُڑد اور 33 ہزار میٹرک ٹن مونگ خریدی جائے گی۔ چوہان نے کہا کہ اس کیلئے 12 ہزار 690 کروڑ روپئے کا انتظام کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کا سمندری نقطہ نظر سلامتی‘ استحکام اور خودانحصاری پر مبنی ہے۔ شاہ کے ذریعے کل ممبئی کے انڈیا میری ٹائم ویک کانفرنس کا افتتاح ہوا‘ اس موقعے پر وہ مخاطب تھے۔ شاہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں کی گئی توسیع دفاعی اصلاحات کی وجہ سے بھارت ایک مضبوط سمندری طاقت کے طور پر اُبھرا ہے۔ میری ٹائم ویک کانفرنس جو گیٹ وے آف انڈیا جیسی تاریخی یادگار جگہ پر ہوگی وہ گیٹ وے آف دی ورلڈ ویژن پر غور کرے گی۔ شاہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ واڑھون بندرگاہ کو دنیا کی دس بہترین بندرگاہوں میں شامل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Home Minister Amit Shah
اس موقعے پر بندرگاہوں‘ جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور کئی دیگر معززین موجود تھے۔ سونووال نے کہا کہ انڈیا میری ٹائم ویک دنیا کے سب سے اہم سمندری سربراہی اجلاس میں سے ایک ہے اور اس میں 85 ممالک نے شرکت کی۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اپنے یقین کا اظہار کیا کہ بندرگاہ کی توسیع سے بھارت کی سمندری طاقت مضبوط ہوگی۔ وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں 55 ہزار 969 کروڑ روپئے کے 15 مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے۔ ماہی پروری کے وزیر نلیش رانے نے کہا کہ یہ مفاہمت نامے بندرگاہوں کی ترقی‘ جہاز سازی‘ سمندری تحقیق اور تکنیکی تربیت کے میدان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا باعث بنیں گے اور سمندری تجارت کی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی کل میری ٹائم چوٹی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ وزیرِ اعظم اس سمٹ میں گلوبل میری ٹائم CEO فورم کی بھی صدارت کریں گے۔
***** ***** *****
اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) مہم کا دوسرا مرحلہ ملک بھر میں انتخابی فہرستوں کا خصوصی گہرائی سے جائزہ آج سے شروع ہورہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر دیانیش کمار نے کہا کہ یہ مہم مہاراشٹر کے علاوہ بارہ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں چلائی جائے گی۔ انھوں نے کہا:
Byte: CEC Gyanesh Kumar
***** ***** *****
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت کی دفاعی برآمدات اب 23 ہزار 500 کروڑ روپئے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں SIDMکی سالانہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ دیسی ساخت کے ہتھیاروں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بھارت کا وقار بڑھا ہے۔
***** ***** *****
ایودھیا میں رام جنم بھومی مندر کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ یہ اطلاع شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ نے دی۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ذریعے 25 نومبر کو اس مندر پر پرچم کشائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
چیف جسٹس بھوشن گوائی نے اگلے چیف جسٹس کے عہدے کیلئے جسٹس سوریہ کانت کے نام کی سفارش کی ہے۔ چیف جسٹس گوائی 23 نومبر کو سبکدوش ہورہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے چیف جسٹس کی سفارش کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرے گی‘ اس کے بعد جسٹس سوریہ کانت 24 نومبر کو عہدے کا حلف لیں گے۔ ان کی مدت 14ماہ کی ہوگی، جبکہ وہ 9 فروری 2027 کو سبکدوش ہوں گے۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے احکامات دئیے ہیں کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں ووٹر لسٹوں کے تعلق سے شہریوں کے اعتراضات اور شکایات کو فوری طور پر حل کریں۔ وہ کل کلکٹر آفس میں جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن کی جانب سے یکم جولائی 2025 کو حتمی شکل دی گئی ووٹر لسٹوں کے حوالے سے بعض مقامات پر اعتراضات درج کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ کی سوامی رامانندتیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں قومی سطح پر نیوکلیئر ڈاکنگ کے موضوع پر ایک پانچ روزہ تربیتی کیمپ کا افتتاح کل کیا گیا۔ یہ کیمپ 27 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ یہ کیمپ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرمنوہر چاسکر کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بجلی کی وزارت نے مرکزی حکومت کی پردھان منتری جن جاتی آدیواسی نیائے مہا ابھیان یعنی وزیرِ اعظم جن من اسکیم میں مہاوِترن کی کاردگی کی تعریف کی ہے۔ جس میں 131 فیصد ہدف حاصل کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی پاور سیکریٹری پنکج اگروال نے ریاستی محکمہئ بجلی کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری آبھا شکلا کو روانہ کیے گئے ایک خط میں مہاوِترن کی کاردگی کی تعریف کی ہے۔
***** ***** *****
خاندیش اور مغربی مہاراشٹر کے کچھ اضلاع کے علاوہ مراٹھواڑہ کے لاتور اور دھاراشیو اضلاع کو چھوڑ کر، آج ہر طرف بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ ودربھ کے کچھ اضلاع کیلئے کل، بدھ کو آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پونے کے HND ہاسٹل کے معاملے پر کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں سکل جین سماج کی طرف سے خاموش احتجاجی مورچہ نکالا گیا۔ ڈویژنل کمشنر دفتر تک نکالے گئے اس خاموش جلوس میں شامل مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات دوبارہ وقوع پذیر نہ ہوں۔پیٹھن میں بھی سکل جین سماج کی جانب سے تحصیل دفتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
***** ***** *****
تھانے کے ضلع سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں نے کل سیاہ فیتے لگا کر ستارا ضلعے کے پھلٹن کے ضلع ذیلی اسپتال میں برسرِخدمات خاتون ڈاکٹر کی مشتبہ موت کے خلاف احتجاج کیا۔
***** ***** *****
اسی واقعے کی مذمت میں کل بیڑ شہر میں کینڈل مارچ بھی نکالا گیا۔ ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو مظاہرین نے ملزمان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
ویجیلنس بیداری ہفتے کے موقعے پر کل پربھنی ضلع کلکٹرفتر میں انسدادِ بدعنوانی عہد کیا گیا۔ اس دوران‘ گورنر آچاریہ دیووَرَت اور وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے پیغامات حاضرین کوپڑھ کر سنائے گئے۔ اس موقعے پر ضلع کلکٹر سنجے سنگھ چوہان نے ضلع کلکٹردفتر کے افسران اور ملازمین کو بدعنوانی کے خاتمے کا حلف دلایا۔
***** ***** *****
شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر، دھاراشیو ضلعے کے تمام آٹھ تعلقہ جات میں اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ تلجاپور کے رُکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے متاثرہ خاندانوں سے آئندہ 30 نومبر تک تحصیلدار کے دفتر میں مجوزہ اجتماعی شادی سے متعلق رجسٹریشن کرانے کی بھی اپیل کی۔
***** ***** *****
مرکزی وزارتِ آیوش کی ہدایات کے مطابق، چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے گنگاپور تعلقے میں واقع موضع نارائن پور میں مفت آیوش تشخیصی اور علاج کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ کا افتتاح ضلع صحت افسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر کے ہاتھوں عمل میں آیا اور اس کیمپ میں شہریوں کی صحت کا معائنہ کرکے انہیں ضروری طبی مشورے دئیے گئے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مرکزی حکومت نے مہاراشٹر سمیت تین ریاستوں کے کسانوں سے دالوں اور تیل کے بیج خریدنے کو دی منظوری۔
٭ بھارت کا سمندری نقطہئ نظر سلامتی‘ استحکام اور خود انحصاری پر مبنی ہے: وزیرِ داخلہ کا بیان۔ وزیرِ اعظم کل بحری کانفرنس سے کریں گے خطاب۔
٭ 12 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جانچ مہم کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع۔
٭ چیف جسٹس بھوشن گوائی نے اگلے چیف جسٹس کے طور پر جسٹس سوریہ کانت کے نام کی‘ کی سفارش۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے لاتور اور دھاراشیو کے علاوہ تمام اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments: