Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 15.07.2019 , Time : 8.40-8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 15 July 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۵؍ جولائی ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
خلائی گاڑی GSLV میںآئی فنی خرابی کے باعث خلائی مشن ’’چندریان۔2‘‘ کی پرواز مقررہ وقت سے چند منٹ قبل روک دی گئی۔ آج علی الصبح دو بج کر 51/ منٹ پر آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹہ میں ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے اِسرو کے ستیش دھون خلائی مرکز سے چندریان۔2/ کو داغا جانے والا تھا۔ اس مشن کا کائونٹ ڈائون 20/ گھنٹے قبل کل صبح چھ بجکر 51/ منٹ پر شروع کردیا گیاتھا۔ تاہم 56/ منٹ قبل سٹیلائٹ لانچ وہیکل GSLV میں آئی فنی خرابی کے باعث یہ پرواز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اِسرو کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس مشن کی آئندہ تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائیگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ مختلف طبقات کو دئیے گئے ریزرویشن کے باعث میڈیکل گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن نصاب میں داخلے میں کھلے زمرے کیلئے کم ہوجانے والی نشستوں کو اضافی نشستوں کے ذریعے پورا کیا جائیگا۔ وہ کل ممبئی میں’’سیو میرٹ۔سیو نیشن‘‘ تحریک کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریزرویشن کے سبب کھلے زمرے کے جن اہل طلبہ کا داخلہ ممکن نہیں ہوسکا ہے وہ خانگی کالجوں میں داخلہ لیں۔ ان کی اس برس کی فیس کی حکومت کی جانب سے ادا کی جائیگی۔
***** ***** *****
وزیر برائے بقائے آب گریش مہاجن نے کہا ہیکہ کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اتحاد کا ریاست میں حکومت سازی کا دعویٰ ایک خواب ہی رہ جائیگا اور اتحاد کے 50/ اراکینِ اسمبلی بھی منتخب نہیں ہونگے۔ وہ کل ناسک میں ضلع منصوبہ بندی بورڈ کے اجلاس کے بعد صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں 12/ یا 13/ اکتوبر کو اسمبلی انتخابات ہونگے اور اس سے قبل کانگریس۔ این سی پی اتحادکے متعدد ارکانِ اسمبلی بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
کل منعقدہ اجلاس میں ناسک ضلع کیلئے 711/ کروڑ روپئے منظور کیے گئے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ ضلع کے بیشتر مقامات پر اچھی بارش ہوئی لیکن گنگاپور ڈیم کے اطراف بارش ناکافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اطمینان بخش بارش کی صورت میں ایک ہفتے کے اندر شہر میں آبرسانی میں جاری کٹوتی روک دی جائیگی۔
***** ***** *****
وزیرِ خزانہ سدھیر منگنٹیوار نے کہا ہیکہ ایس ٹی بس اسٹینڈ پر طیرانگاہوں جیسی سہولیات کی فراہمی کیلئے فنڈز منظور کیے جار ہے ہیں اورساڑھے چھ سو بس اسٹینڈز پر یہ کام شروع ہوچکا ہے۔ وہ کل وردھا میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ ضلع میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح بھی کل وزیرِ موصوف کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
***** ***** *****
روزگار ضمانتی اسکیم کے وزیر جئے دتّ شرساگر نے کہا ہیکہ مراٹھواڑہ میں آئندہ 22/ جولائی کے بعد مصنوعی بارش کروائی جائیگی۔ انھوںنے کہا کہ مصنوعی بارش کروانے کیلئے ضروری عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور حکومت نے اس کیلئے 30/ کروڑ روپئے منظور کیے۔ مصنوعی بارش کیلئے اورنگ آباد‘ شولاپور اور احمد نگر ان تین اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے۔ دفترِ موسمیات نے پیش گوئی کی ہیکہ 22/ تاریخ کے بعد بننے والے بادلوں میں پانی کی کثافت زیادہ ہوسکتی ہے، اس لیے یہ مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب ہونے کا امکان زیادہ ہے۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمنٹ اوم پرکاش راجے نمبالکر نے کہا ہے کہ عثمان آباد ضلع میں کرشنا کھورے کا پانی لانے اور تلجا پور۔ عثمان آباد ریلوے لائن کیلئے وہ پارلیمنٹ میں کام کررہے ہیں۔ انھوں نے شولا پور۔ عثمان آباد ریلوے لائن کیلئے اراضی قبضے میں لینے کا عمل فوری شروع کرنے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے ریلوے اور محصولات کے افسران کے ایک اجلاس میں بھی شرکت کی۔
***** ***** *****
عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں زیادہ بائونڈریز لگانے کی بنیاد پر میزبان انگلینڈ نے پہلی بار عالمی کپ جیت لیا۔ کل لندن کے لارڈز پر کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50/ اووروں میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 241/ رن بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم بھی 241/ رن بناسکی، اور میچ ٹائی ہوگیا۔ جس کے بعد ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی تاریخ میں پہلی بار سوپر اوور کھیلا گیا۔سوپر اوور میں انگلینڈ نے 15/ رن بنائے، جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے بھی 15/ رن ہی بنائے۔ آئی سی سی ضوابط کے مطابق سب سے زیادہ 24/ بائونڈریز لگانے پر انگلینڈ کو فاتح قرار دے دیا گیا۔
انگلینڈ کے آل رائونڈر بین اسٹوکس ان کی شاندار بلّے بازی کے باعث مین آف دی میچ قرار پائے، جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
انگلینڈ میں کھیلے گئے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے مَردوں کے سنگلز کا خطاب سربیا کے نوواک جوکووِچ نے جیت لیا۔ انھوں نے فائنل میں سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر کو پانچ گھنٹے طویل مقابلے کے بعد پانچ سیٹوںمیں 7-6, 1-6, 7-6, 4-6اور 13-12 سے شکست دیدی۔ پہلا اور تیسرا سیٹ جوکووِچ نے ٹائی بریکر پر جیتا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment