Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 02 May-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/مئی ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ لوک سبھا انتخابات کیلئے مہاراشٹر میں مہایوتی میں نشستوں کی تقسیم کی تصویر واضح؛ بی جے پی 28‘ شیوسینا 16‘ اور راشٹروادی کانگریس چار نشستوں پر انتخاب لڑے گی۔
٭ روایتی رسم و رواج کے بغیر کی گئی ہندوشادی ناقابلِ قبول؛ عدالت ِ عظمیٰ کا فیصلہ۔
٭ ریاست ِ مہاراشٹر کا 65 واں یومِ تاسیس پرچم کشائی اور مختلف پروگراموں کے ذریعے منایا گیا۔
اور۔۔۔ ٭ ریاست میں آئندہ پانچ دِنوں میں درجہئ حرارت میں اضافے کے خدشے کا محکمہئ موسمیات کی جانب سے اظہار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
لوک سبھا انتخابات کیلئے ریاست میں مہایوتی میں نشستوں کی تقسیم کی تصویر واضح ہوگئی ہے۔ ریاست کی کُل 48 لوک سبھا نشستوں میں سے بی جے پی 28‘ شیوسینا 16 اور راشٹروادی کانگریس پارٹی چار نشستوں پر انتخاب لڑے گی۔ شیوسینا رہنماء اُدئے سامنت نے کل کولہاپور میں یہ اطلاع دی۔ دریں اثناء شیوسینا نے کل تین اُمیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ ناسک سے ہیمنت گوڑسے اور کلیان سے شریکانت شندے کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ یہ دونوں امیدوار موجودہ رُکنِ پارلیمان ہیں۔ تھانہ حلقہئ انتخاب سے سابق میئر نریش مہسکے مہایوتی کے اُمیدوار ہوں گے۔
***** ***** *****
کانگریس کے سابق رُکنِ پارلیمان سنجے نروپم کل شیوسینا میں شمولیت اختیار کریں گے۔ کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کے بعد انھوں نے یہ اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ کہ وہ لوک سبھا الیکشن نہیں لڑرہے تاہم 20 برس بعد شیوسینا میں دوبارہ شامل ہونے پر انھیں خوشی ہے۔
***** ***** *****
تلنگانہ کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور بھارتیہ راشٹر سمیتی (BRS) کے سربراہ چندر شیکھر راؤ پر 48 گھنٹوں تک تشہیری مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کانگریس پارٹی کے خلاف قابلِ اعتراض بیان دینے پر ان کیخلاف انتخابی کمیشن نے یہ کارروائی کی۔
***** ***** *****
مہاوِکاس آگھاڑی کی بارامتی حلقے کی اُمیدوار سپریا سُڑے کیلئے سرکردہ قائد شرد پوار نے کل ویلہے میں ایک تشہیری جلسے سے خطاب کیا۔ اپنی تقریر میں بی جے پی پر اقتدار کے ناجائز استعمال کا الزام لگاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک میں مطلق العنانیت کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ شردپوار نے ہات کننگلے حلقے میں مہاوِکاس آگھاڑی کے امیدوار ستیہ جیت پاٹل کیلئے شراڑا میں بھی ایک جلسے میں شرکت کی۔ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ اُدّھو ٹھاکرے نے کل اِچل کرنجی میں ایک تشہیری جلسے سے خطاب کیا۔
***** ***** *****
شولاپور کے مہایوتی کے امیدوار رام ساتپوتے کی انتخابی تشہیر کے سلسلے میں بی جے پی رہنماء اور اُترپردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کل شولاپور پہنچے اور وہاں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کانگریس کے دورِ اقتدار میں سامنے آنے والے ہندو دہشت گرد کے لفظ پر تنقید کی۔ سانگلی میں مہایوتی کے امیدوار سنجے پاٹل کی انتخابی مہم کے تحت ایک اجتماع سے بھی یوگی آدتیہ ناتھ نے خطاب کیا۔
رتناگیری- سندھودُرگ لوک سبھا حلقے سے مہایوتی کے امیدوار نارائن رانے کی حمایت میں بی جے پی رہنماء اور وزیرِ داخلہ امیت شاہ کل رتناگیری میں ایک جلسے میں شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
لاتور لوک سبھا حلقہئ انتخاب سے مہاوِکاس آگھاڑی کے اُمیدوار ڈاکٹر شیواجی کاڑگے کے احمدپور تعلقے کے روکڑا ساورگاؤں میں منعقدہ تشہیری جلسے سے کانگریس کے ریاستی صدر ناناپٹولے نے خطاب کیا۔ غریبوں اور خواتین کی مدد‘ سرکاری آسامیوں کی بھرتی‘ کسانوں کے قرض معافی‘ کم از کم ضمانتی نرخ‘ سمیت کئی اہم موضوعات کا ناناپٹولے نے اپنے خطاب میں ذکر کیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد لوک سبھا حلقہئ انتخاب سے مہایوتی کے امیدوار سندیپان بھومرے نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے جو ترقیاتی کام کیے ہیں اس سے دیہی علاقوں کی عوام مطمئن ہے اور اسی لیے حلقے میں عوام میں بڑے پیمانے پر جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ کل اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ الیکشن انفرادی نکات پر نہیں بلکہ ترقی کے موضوع پر لڑنا چاہیے۔
***** ***** *****
عثمان آباد اور لاتور لوک سبھا حلقوں میں آج سے 5 مئی تک 85 برس سے زائد عمر کے بزرگ شہری اور معذور افراد اپنے گھر میں ہی رائے دہی کریں گے۔ عثمان آباد کے چھ اسمبلی حلقوں میں 85 برس سے زائد عمر کے 542 اور 851 معذور افراد اور لاتور لوک سبھا حلقے سے 893 بزرگ شہری اور 463 معذور افراد گھر بیٹھے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
***** ***** *****
عدالت ِعظمیٰ نے کہا ہے کہ روایتی رسم و رواج کے بغیر کی گئی ہندو شادی ناقابلِ قبول ہوگی۔ ہندو میرج ایکٹ 1955 کے مطابق ہندو شادی کے قانونی تقاضے اور تقدس سے متعلق عدالت ِ عظمیٰ نے یہ فیصلہ دیا۔ عدالت نے کہا کہ ہندو رشتہئ ازدواج کے درست ہونے کیلئے سات پھیرے جیسی رسومات ضروری ہیں۔ جسٹس بی ناگ رَتنا نے مشاہدہ کیا کہ رشتہئ ازدواج میں منسلک ہوتے وقت نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو ان باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔
***** ***** *****
ریاست مہاراشٹر کا 65 واں یومِ تاسیس کل منایا گیا۔ ممبئی میں چھترپتی شیواجی میدان پر ہوئی مرکزی سرکاری تقریب میں گورنر رمیش بئیس کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ممبئی میں شہیدوں کی یادگار پر پھول چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پونہ میں نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے ہاتھوں اور ناگپور میں نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ مراٹھواڑہ میں مہاراشٹر دِن کے سلسلے میں اسکولوں‘ کالجوں اور دیگر سرکاری اداروں میں ترنگا لہرایا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں پولس کمشنریٹ کے دیوگری میدان پر ڈویژنل کمشنر مدھوکر راجے آردڑ کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر 28 پولس اہلکاروں کا شیلڈ دیکر استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر آردڑ نے شہریوں کو ترغیب دی کہ وہ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرکے جمہوریت کو مضبوط بنائیں۔
جالنہ میں رابطہ وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں مرکزی پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر انھیں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ دفترکے میدان پر انھوں نے پولس افسران و ملازمین کو تمغہ جات سے بھی نوازا۔
ناندیڑ میں ضلع کلکٹر ابھیجیت راؤت کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ پولس سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوکاٹے کے ہاتھوں اس موقع پر انسدادِ دہشت گردی دستے کے دلیپ جادھو سمیت سات پولس اہلکاروں کو اعزاز دئیے گئے۔
پربھنی میں ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے کے ہاتھوں پرچم لہرایا گیا۔ مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والوں کو اس موقع پر انعامات دئیے گئے۔
بیڑ میں رابطہ وزیر دھننجے منڈے کے ہاتھوں‘ ہنگولی میں رابطہ وزیر عبدالستار‘ لاتور میں ریاست کے وزیرِ کھیل سنجے بنسوڑے اور دھاراشیو میں رابطہ وزیر ڈاکٹر تاناجی ساونت کے ہاتھوں مرکزی سرکاری تقاریب میں پرچم کشائی کی گئی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر وجئے پھلاری کے ہاتھوں‘ پربھنی میں وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں وائس چانسلر اِندر منی اور ناندیڑ کی سوامی رامانندتیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔
***** ***** *****
بارہویں سائنس کے اہلیتی امتحانات CET کے سمبھاجی نگر سے قریب کمبھے پھل کے امتحانی مرکز کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ آج سے چار مئی تک ہونے والے اس امتحانی مرکز کو جالنہ سے قریب ناگے واڑی کے سرکاری انجینئرنگ کالج منتقل کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے جاری کردہ اعلامیہ میں متعلقہ طلباء کو ہال ٹکٹ CET کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
***** ***** *****
مقبول اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی واردات کے ایک ملزم نے ممبئی پولس کی تحویل میں خودکشی کرلی ہے۔ انوج تھاپن نامی اس ملزم نے چادر کے ایک ٹکڑے سے بیت الخلاء میں پھانسی لے لی۔ پولس تحویل میں ہونے والی اس موت کی سی آئی ڈی کے ذریعے تحقیقات کی جائیگی۔ گذشتہ 14 اپریل کو سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی گئی تھی۔
***** ***** *****
ریاست میں آئندہ پانچ دِنوں میں گرمی کی شدید لہر چلنے کے خدشے کا اظہار محکمہئ موسمیات نے کیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے چند ایک مقامات پر تین تا پانچ مئی کے درمیان درجہئ حرارت میں اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور رات کے وقت بھی تپش برقرار رہنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ لوک سبھا انتخابات کیلئے مہاراشٹر میں مہایوتی میں نشستوں کی تقسیم کی تصویر واضح؛ بی جے پی 28‘ شیوسینا 16‘ اور راشٹروادی کانگریس چار نشستوں پر انتخاب لڑے گی۔
٭ روایتی رسم و رواج کے بغیر کی گئی ہندوشادی ناقابلِ قبول؛ عدالت ِ عظمیٰ کا فیصلہ۔
٭ ریاست ِ مہاراشٹر کا 65 واں یومِ تاسیس پرچم کشائی اور مختلف پروگراموں کے ذریعے منایا گیا۔
اور۔۔۔ ٭ ریاست میں آئندہ پانچ دِنوں میں درجہئ حرارت میں اضافے کے خدشے کا محکمہئ موسمیات کی جانب سے اظہار۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment