Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 19 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۹؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ جی ایس ٹی اصلاحات سے ملک کی معیشت کو رفتار ملی ہے - مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن کا استدلال۔
٭ ستمبر میں ہوئی شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے تین ہزار258 کروڑ روپے سے زیادہ امدادی فنڈ کا اعلان ۔
٭ ہر طرف دیوالی تہوار کا جوش و خروش؛ بازاروں میں خریداروں کا ہجوم۔
٭ ریاست میں’’تہوار مہاراشٹرا کا‘ عزم غذائی تحفظات کا‘‘ خصوصی معائنہ مہم کے دورا ن خوردنی اشیا کی جانچ۔
اور۔۔۔٭ عالمی شاٹ گن چیمپئن شپ میں نشانہ باز زورآور سنگھ سندھو نے کانسے کا تمغہ جیتا، تیر اندازی عالمی کپ میں جیوتی سریکھا وینم بھی کانسے کےتمغے کی حقدار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیر ِخزانہ نرملا سیتارامن نے کہا ہے کہ جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی نے ملک کی معیشت کو ایک بڑی رفتار دی ہے، اور تہواروں کے دوران الیکٹرانکس، گاڑیوں اور اشیائے ضروریہ کی خریداری میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ وہ کل دہلی میں مرکزی وزیر پیوش گوئل اور اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو کے ساتھ ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی شرح میں کمی کا فائدہ عام لوگوں تک پہنچ رہا ہے۔ اسی طرح مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ جی ایس ٹی اصلاحات کے بعد اس سال نوراتری کے دوران فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا، ویشنو نے بتایا کہ گزشتہ نوراتری کے مقابلے اس سال الیکٹرانکس اشیاء کی فروخت میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا...
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
اس موقعے پر پیوش گوئل نے نشاندہی کی کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح مضبوط ہے، اور بین الاقوامی مالیاتی ادارےنے بھی اپنی اقتصادی ترقی کی پیشن گوئی چھ اعشار یہ چھ فیصد کر دیا ہے۔ گوئل نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکس کے میدان میں ان اصلاحات کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری، صنعتوں ا ور کاروبار میں لین دین اور بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور یہ آزادی کے بعد ایک بڑی تبدیلی ہے۔ انھوں نے کہا۔
Byte: Union Minister Piyush Goyal
***** ***** *****
اتر پردیش کے لکھنؤ میں تیار کردہ براہموس میزائل کو کل وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں قوم کے نام وقف کیا گیا۔ اس موقعے پر وزیرِ دفاع سنگھ نے کہا کہ براہموس صرف ایک میزائل نہیں ہے بلکہ بھارت کی بڑھتی ہوئی مقامی پیداواری صلاحیتوں کی علامت ہے۔ انھوں نے کہا کہ جدید ترین نظام اور طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والا یہ میزائل رفتار، درستگی اور طاقت کا مجموعہ ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے ستمبر کے مہینے میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کی مدد کیلئے تین ہزار258 کروڑ روپے سے زیادہ کی امداد فراہم کرنے سے متعلق سرکاری فیصلہ کل جاری کیا۔ ریاست بھر کے 23 اضلاع کے 33لاکھ 65ہزار 544کسانوں کو اس امداد سے فائدہ پہنچے گا۔ ان کسانوں کا تعلق ناگپور، امراوتی، پونے، ناسک اور کوکن ڈویژنوں کے اضلاع سے ہے۔ یہ معاوضہ ان اضلاع میں 27 لاکھ 59ہزار ہیکٹر سے زیادہ زراعت کو پہنچنے والے نقصان کیلئے دیا جائے گا۔ ریاست کے امداد اور باز آبادکاری کے وزیر مکرند جادھو پاٹل نے بتایا کہ اس سال کے خریف ہنگام کے دوران ہونے والے نقصانات کیلئے اب تک امداد کی تقسیم کیلئےمجموعی طور پر ساڑھے سات ہزار کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
دھن تیرس کا تہوار کل منایا گیا۔ اس دوران مختلف مذہبی روایتی رسومات ادا کی گئیں۔ کپڑوں اور گھروں کے سجاوٹی سامان کے ساتھ سونے ‘ چاندی کی اشیاء اور زیورات کا بھی بڑے پیمانے پر کاروبار ہوا۔ بازار ہر طرف گاہکوں سے بھرے ہوئے دکھائی دئیے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے صرافہ بازار میں شہریوں کی بڑی بھیڑ دیکھی گئی۔ بازار میں الیکٹرانک سامان، دو پہیہ گاڑیاں، فور وہیلر اور کپڑوں کی خریداری کیلئے زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ شام کے بعد آسمان آتش بازی کی روشنی سے جگمگا اٹھا۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ ا ور ریاستی گورنر آچاریہ دیووَرَت نے دیوالی کے موقع پر شہریوں کو مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بھارت نے اپنی پہلی مقامی اینٹی بائیوٹک Nafi-thromycin۔ (نیفی تھرو مائیسِن ) تیار کی ہے۔سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کل نئی دہلی میں ایک طبّی ورکشاپ کا افتتاح کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اینٹی بائیوٹک سانس کے عارضے بالخصوص کینسر اور ذیابیطس کے تشویشناک مریضوں کیلئے کارگر ثابت ہوگی۔
***** ***** *****
ادویہ اور خوراک انتظامیہ کے تحت ریاست میں ایک خصوصی معائنہ مہم ’’تہوار مہاراشٹرا کا، عزم غذائی تحفظات کا‘‘ چلائی جارہی ہے، جس کے تحت 12 اکتوبر تک تین ہزار458 خوردنی اشیا فراہم کرنے والے اداروں کی جانچ کی گئی۔ اس کے تحت مختلف کھانے پینے کی اشیاء کے کل چار ہزار676 نمونوں کی جانچ کی گئی اور ایک ہزار 431 اداروں کو اشیا میں بہتری کیلئے باقاعدہ نوٹس دیے گئے۔ محکمہ نے بتایا کہ 48 اداروں کے لائسنس معطل اور ایک ادارے کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
نندوربار ضلعے میں ایک خانگی گاڑی کھائی میں گرنے کے سبب پیش آئے حادثے میں آٹھ افراد ہلاک اور 28 مسافر زخمی ہوگئے۔ جن میں سے 15 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ یہ حادثہ اَستمَبا یاترا سے واپسی کے دوران چاند شیلی گھاٹ پر پیش آیا۔ زخمیوں کا نندوربار ضلع اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے۔ حادثے کا شکار گاڑی میں چالیس سے زائد مسافر سوار تھے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اس حادثے پر رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو زخمیوں کا فوری علاج کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
***** ***** *****
علی باغ کی ضلع عدالت نے شیتکری کامگار پارٹی کے جنرل سکریٹری جینت پاٹل کو ایک صحافی کے ساتھ مارپیٹ کے معاملے میں قصوروار ٹھہراتے ہوئے پانچ ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ ساتھ ہی پاٹل کو ایک سال کے بہتر برتائو کا حلف نامہ دینے کا بھی حکم دیا ہے۔ جینت پاٹل نے صحافی ہرشد کشاڑکر کے ساتھ 2019 کے انتخابات کی خبرنگاری کے دو ران مارپیٹ کی تھی۔
***** ***** *****
لائنس کلب ناندیڑ سنٹرل، امرناتھ یاتری سنگھ اور ناندیڑ شہر بی جے پی کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے ناندیڑ میں پنچوٹی ہنومان مندر کے قریب ’’بھاؤچامانُسکی چا فریج‘‘ پہل پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس فریج سے روزانہ سو کے قریب ضرورت مندوں کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ دیوالی کے دوران اس فریج سے تقریباً سو کوئنٹل مٹھائیاں بھی تقسیم کی جاتی ہیں۔
***** ***** *****
یونان کے شہر اتھینس میں جاری آئی ایس ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ شاٹ گن 2025 مقا بلوں میں بھارتی نشانہ باز زوراور سنگھ سندھو نےمردوں کے ٹریپ میں کانسے کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ زوراور نے فائنل مقابلے میں 50 میں سے 31 پوائنٹس حاصل کرکے کانسے کا تمغہ جیتا۔ شاٹ گن ورلڈ چیمپئن شپ میں مردوں کے ٹریپ شوٹنگ مقابلے میں یہ ملک کا تیسرا تمغہ ہے۔
***** ***** *****
چین میں جاری تیر اندازی کے عالمی کپ میں بھارت کی جیوتی سریکھا وینّم نے کمپاؤنڈ زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ وہ اس مقابلے میں کمپاؤنڈ زمرے میں تمغہ جیتنے والی پہلی بھارتی تیر انداز بن گئی ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیا کے مابین تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ یہ مقابلے آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے جائیں گے۔ روہت شرما اور ویرا ٹ کوہلی طویل وقفے کے بعد میدان میں اتریں گے۔ یہ دونوں تجربہ کار کرکٹرز پہلی بار شبھمن گل کی قیادت میں کھیلیں گے۔
***** ***** *****
خواتین کے کرکٹ عالمی کپ میں بھارتی ٹیم کا مقابلہ آج انگلینڈ سے ہوگا۔ یہ مقابلہ اندور میں دوپہر تین بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن ڈپو میں آٹھ نئی الیکٹرک بسیں شامل کی گئی ہیں۔ یہ بسیں چھترپتی سمبھاجی نگر تا جالنہ شاہراہ پر چلائی جائیں گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سوریوگ میوزک کالج کے زیرِ اہتمام کل گووند بھائی شراف للت کلا ہال میں دیپاولی موسیقی پر وگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر گلوکاروں نے مختلف قسم کے نغمے پیش کیے ۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ جی ایس ٹی اصلاحات سے ملک کی معیشت کو رفتار ملی ہے - مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن کا استدلال۔
٭ ستمبر میں ہوئی شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے تین ہزار258 کروڑ روپے سے زیادہ امدادی فنڈ کا اعلان ۔
٭ ہر طرف دیوالی تہوار کا جوش و خروش؛ بازاروں میں خریداروں کا ہجوم۔
٭ ریاست میں’’تہوار مہاراشٹرا کا‘ عزم غذائی تحفظات کا‘‘ خصوصی معائنہ مہم کے دورا ن خوردنی اشیا کی جانچ۔
اور۔۔۔٭ عالمی شاٹ گن چیمپئن شپ میں نشانہ باز زوراور سنگھ سندھو نے کانسے کا تمغہ جیتا، تیر اندازی عالمی کپ میں جیوتی سریکھا وینم بھی کانسے کےتمغے کی حقدار۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment