Monday, 20 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 20 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 20 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ SDRF میں مرکزی حصے کی دوسری قسط کے طورپر مہاراشٹر کیلئے ایک ہزار 566 کروڑ روپئے کی پیشگی رقم جاری کرنے کی وزارتِ داخلہ کی منظوری۔
٭ تہواروں کے موقع پر ملک میں تیار کردہ مصنوعات خریدنے کی وزیرِ اعظم کی اپیل۔
٭ فہرست رائے دہندگان میں خامیوں کو دور کرنے کے مطالبے پر یکم نومبر کو ممبئی میں حزبِ اختلاف کا احتجاجی مارچ۔
٭ اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے کیلئے لازمی UGC-NET امتحانات کی تاریخ کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ میں نام فاؤنڈیشن اور زرعی شعبے کے تعاون سے شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کیلئے بیجوں کی تقسیم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
سال 2025-26 کیلئے اسٹیٹ ڈیزاسٹر رِسپانس فنڈ یعنی ریاستی آفت ردّ عمل فنڈ میں مرکزی حکومت کی دوسری قسط کے طور پر مہاراشٹر کیلئے ایک ہزار 566 کروڑ 40 لاکھ روپئے کی پیشگی رقم جاری کرنے کو وزارتِ داخلہ نے منظوری دے دی ہے۔ اس برس شدید بارش اور سیلاب سے متاثرہ شہریوں کی فی الفور امداد کیلئے اس رقم کا استعمال کیا جائے گا۔ ریاست ِ کرناٹک کیلئے 384 کروڑ روپئے بھی وزارتِ داخلہ نے منظور کیے۔
اس برس مرکزی حکومت نے اس سے قبل ہی ریاستی آفت ردّ عمل فنڈ کے تحت 27 ریاستوں کیلئے 13 ہزار 603 کروڑ 20 لاکھ اورمرکزی فنڈ کے تحت 15 ریاستوں کیلئے دو ہزار 189 کروڑ 28 لاکھ روپئے جاری کیے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ملک میں تیار کردہ مصنوعات خرید کر تہوار منائیں اور 140 کروڑ بھارتیوں کی سخت محنت کا اکرام کریں۔ انھوں نے کہا کہ تہواروں کے اس موسم میں خریدی گئی سودیشی اشیاء خرید کر سماجی رابطے پر شیئر کریں۔ مائی جی او وی انڈیا کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے عوام سے کہا کہ فخر سے کہیں کہ یہ اشیاء سودیشی ہیں۔
***** ***** *****
دیپاولی تہوار منانے کیلئے ایودھیا میں شریو ندی کے کنارے پر کل زبردست دیپ اُتسو منایا گیا۔ رام کی پوڑی علاقے کے 56 گھاٹوں پر 26 لاکھ سے زائد دئیے جلائے گئے۔
***** ***** *****
دیپاولی تہوار میں آج نرک چتردَشی منائی جارہی ہے۔ آج صبح گھروں میں ابھینگ اِسنان کیا گیا۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور گورنر آچاریہ دیو وَرَت نے عوام کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی ہے۔
***** ***** *****
انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کی جانب سے دیوالی کے دوران فضائی آلودگی پیدا کرنے والے پٹاخے نہ چھوڑنے کی اپیل کی گئی ہے۔ تنظیم کے چھترپتی سمبھاجی نگر شاخ کے صدر ڈاکٹر انوپم ٹاکلکر نے اپیل کی ہے کہ صوتی اور فضائی آلودگی پیدا کرنے والی آتش بازی سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ آتش بازی کرتے وقت احتیاطی اقدامات بھی کریں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہایوتی کے برسرِ اقتدار آتے ہی او بی سی وزارت قائم کی گئی اور دیگر پسماندہ طبقات کی ترقی کیلئے مختلف اسکیمیں شروع کی گئیں۔ مہاجیوتی یعنی مہاتما جیوتی با پھلے ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کی انتظامی عمارت کا سنگ ِ بنیاد کل ناگپور میں وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پھڑنویس نے او بی سی کیلئے شروع کی گئی پنجاب راؤ دیشمکھ الاؤنس اسکیم‘ تربیتی اسکیموں اور خودروزگار اسکیموں کا ذکر کیا۔
***** ***** *****
ریاست میں فہرست ِ رائے دہندگان یعنی ووٹر لسٹوں میں بڑے پیمانے پر خامیاں اور ان میں بہت بڑی تعداد میں جعلی رائے دہندگان شامل ہونیکے الزام پر حزبِ اختلاف کی جانب سے یکم نومبر کو ممبئی میں ایک احتجاجی جلوس نکالا جائے گا۔ کل شیوسینا بھون میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے منعقدہ اخباری کانفرنس میں یہ اعلان کیا گیا۔ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رہنماء اور رکنِ پارلیمان سنجئے راؤت نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ووٹر لسٹوں کو درست کیا جائے لیکن اگر الیکشن کمیشن نہیں سنتا تو پھر سڑکوں پر احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے مطالبہ کیا ہے کہ فہرست رائے دہندگان کی خامیاں دور کیے بغیر بلدیاتی انتخابات نہ کروائے جائیں۔ کل ممبئی کے گورے گاؤں میں منعقدہ پارٹی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ سیاسی جماعتوں کو مطمئن کرے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدوں کیلئے ضروری یو جی سی نیٹ امتحان کا پروگرام جاری کردیا گیا ہے۔ یہ امتحانات 31 دسمبر 2025 تا 7 جنوری 2026 کے دوران ملک بھر کے مختلف امتحانی مراکز پر منعقد ہوں گے۔ اس امتحان کیلئے آن لائن درخواست دہی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ درخواست دہی کی آخری تاریخ 7 نومبرہوگی۔ امتحان کن شہروں اور مراکز پر ہوگا اس کی فہرست امتحان سے 10 دن قبل سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائیگی۔
***** ***** *****
اشیاء و خدمات ٹیکس جی ایس ٹی میں حالیہ اصلاحات کے بعد آٹو موبائل شعبے میں کافی تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں۔ ٹیکس شرحوں میں اصلاحات کے بعد غریب و متوسط طبقے سمیت طلبہ کا گاڑیوں کی خریداری کی طرف رجحان بڑھ گیا ہے۔ پیش ہے اس سے متعلق تفصیلی معلومات پر مبنی یہ رپورٹ:
Voice Cast
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں نام فاؤنڈیشن اور زرعی شعبے کے تعاون سے شدید بارش سے متاثرہ کسانوں میں تخم تقسیم کیے گئے۔ ان میں چنے کے 600 کوئنٹل اور جوار کے 160 کوئنٹل بیج شامل ہیں۔ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے کے ہاتھوں چند کسانوں کو علامتی طور پر یہ تخم دئیے گئے۔
***** ***** *****
کرکٹ: آسٹریلیاء نے بھارت کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جیت کر برتری حاصل کرلی ہے۔ بارش سے متاثرہ اس میچ میں آسٹریلیاء نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت سات وکٹ سے فتح حاصل کی۔ بارش کے باعث یہ میچ 26 اوور کا کردیا گیا تھا۔ بھارت کی ٹیم 26 اووروں میں 136 رن ہی بناسکی۔ بھارت کی جانب سے ویراٹ کوہلی صفر‘ روہت شرما آٹھ، کپتان شبھمن گل اور شرئیس ایر 11 رن ہی بناسکے۔ آسٹریلیاء کی ٹیم نے 29 گیندوں قبل ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔
***** ***** *****
خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل اندور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو چار رنوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ نے 289 رنوں کا ہدف رکھا گیا۔ تاہم بھارت کی ٹیم 50 اوور میں 284 رن بناسکی۔ اس فتح کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیم سیمی فائنل میں داخل ہوگئی ہے۔ بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف اپنے آئندہ دونوں میچ جیتنا ہوں گے۔
***** ***** *****
گوہاٹی میں BWF عالمی جونیئر چمپئن شپ میں بھارت کی تنوی شرما کو رَنر اَپ پوزیشن پر اکتفاء کرنا پڑا۔ کل فائنل میں انھیں تھائی لینڈ کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی کے ہاتھوں 7-15 اور 12-15 سے شکست ہوئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع انتظامیہ، گردوارہ منڈل، ناندیڑ- واگھالا میونسپل کارپو ریشن اور شہری ثقافتی کمیٹی نے شہر کے بندا گھاٹ پر سہ روزہ دیوالی فیسٹیول کا اہتمام کیا ہے۔ مشہور گلوکارہ انورادھا پوڈوال کے گیتوں سے آج صبح اس فیسٹیول کا آغاز ہوا۔
***** ***** *****
دیوالی کے موقع پر مسافروں کے ہجوم کے پیشِ نظر ایس ٹی مہامنڈل کے چھترپتی سمبھاجی نگر ڈپو کی جانب سے اضافی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ڈویژنل کنٹرولر سچن شرساگر نے یہ اطلاع دی۔ ا نھوں نے بتایا کہ کم آمدنی اور کم مسافروں کی خدمات انجام دینے والی بسوں کو ان مقامات پر بھیجا جارہا ہے جہاں مسافروں کا رش زیادہ ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ SDRF میں مرکزی حصے کی دوسری قسط کے طورپر مہاراشٹر کیلئے ایک ہزار 566 کروڑ روپئے کی پیشگی رقم جاری کرنے کی وزارتِ داخلہ کی منظوری۔
٭ تہواروں کے موقع پر ملک میں تیار کردہ مصنوعات خریدنے کی وزیرِ اعظم کی اپیل۔
٭ فہرست رائے دہندگان میں خامیوں کو دور کرنے کے مطالبے پر یکم نومبر کو ممبئی میں حزبِ اختلاف کا احتجاجی مارچ۔
٭ اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے کیلئے لازمی UGC-NET امتحانات کی تاریخ کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ میں نام فاؤنڈیشن اور زرعی شعبے کے تعاون سے شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کیلئے بیجوں کی تقسیم۔
***** ***** *****

No comments: