Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 21 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/اکتوبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ لکشمی پوجا آج جوش و خروش اور خوشی کے ماحول میں ہوگی۔
٭ بھارت ہتھیاروں کی برآمدات میں دنیا کا سرکردہ ملک بنے گا: وزیرِ اعظم کا تیقن۔ جنگی جہاز INS وِکرانت پر بحریہ کے جوانوں کے ساتھ وزیرِ اعظم نے دیوالی منائی۔
٭ مہاراشٹر کا وِژن ڈاکیومنٹ ترقی یافتہ بھارت کا خواب پورا کرے گا: وزیرِ اعلیٰ کی اطلاع۔ ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047 کے مسودے کو منظوری۔
٭ OBC ریزرویشن کے معاملے پر ریاستی حکومت کا مؤقف مضبوط: وزیرِ محصول کا بیان۔
اور۔۔۔٭ سینئر اداکار گووردھن آسرانی کا انتقال۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ہر طرف دیوالی کا تہوار جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ آج لکشمی پوجا ہر گھرمیں اور تجارتی اداروں میں کی جائیگی۔ یہ دن تاجروں کیلئے بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔ بازاروں‘ گھروں اور دفاتر کو دلکش روشنیوں سے مزین کیا گیا ہے۔ دیوالی کے موقع پر ہر کوئی مبارکباد اور تحائف کا تبادلہ کررہا ہے اور ہر گھر میں مختلف ساخت کی آسمانی قندیلیں اور دلکش رنگولیاں سب کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
لکشمی پوجا کے موقعے پر بامبے اسٹاک ایکسچینج میں آج دوپہر ایک بجکر 45 منٹ تا دو بجکر 45 منٹ کے درمیان مہورت ٹریڈنگ ہوگی۔
ریاست کے کچھ حصوں میں دیوالی پر سیلاب اور شدید بارش کا خطرہ ہے اور اس سلسلے میں متاثرہ لوگوں کیلئے امدادی سرگرمیاں بھی چلائی جارہی ہیں۔
دیوالی کے موقعے پر مختلف مقامات پر کلاسیکی موسیقی کی محفلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ریاستی ڈائریکٹوریٹ برائے اُمورِ ثقافت ممبئی میں مختلف مقامات پر ثقافتی پروگرام منعقد کررہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے شاستری نگر علاقے میں کل پنڈت شونک ابھیشیکی کا دیوالی پہاٹ پروگرام منعقد ہوا۔ کلاسیکی موسیقی کے ساتھ ساتھ ابھیشیکی کی جانب سے پیش کیے گئے اَبھنگوں کو سامعین کا زبردست ردّ عمل ملا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے 2047 میں آزادی کے صد سالہ سال میں ایک مکمل ترقی یافتہ بھارت کا خواب دیکھا ہے اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین ظاہر کیا ہے کہ مہاراشٹر کا وِژن ڈاکیومنٹ اس خواب کو پورا کرنے میں یقینی طورپر مدد کرے گا۔ وہ کل ممبئی میں ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047 ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ اس میٹنگ میں ایڈوائزری کمیٹی نے ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047 کے مسودے کو منظوری دی۔ اس مسودے کو جلد ہی کابینہ کے سامنے منظوری کیلئے رکھا جائے گا۔ یہ مسودہ 2029‘ 2035 اور 2047 تک تین مراحل میں ترقی یافتہ مہاراشٹر کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اپنی رائے ظاہر کی کہ ترقی یافتہ مہاراشٹر کا مسودہ ایک تاریخی دستاویز ہے اور اس مسودے کو مستقبل میں کوئی بھی منصوبہ اور پالیسی بناتے وقت استعمال کیا جانا چاہیے۔ وزیرِ اعلیٰ نے ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047 کے مسودے کیلئے اپنے خیالات اور تجاویز درج کرنے کیلئے شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل گوا اور کاروار کے ساحل پر جنگی جہاز وِکرانت پر بحریہ کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ انھوں نے مسلح افواج کی طاقت کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بھارت ہتھیاروں کی برآمدات میں دنیا کا سرکردہ ملک بن جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک کی تینوں افواج کے درمیان بے مثال ہم آہنگی کی وجہ سے پاکستان کو آپریشن سندور کے دوران ہتھیار ڈالنے پڑے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے یقین ظاہر کیا ہے کہ OBC ریزرویشن کے معاملے پر ریاستی حکومت کامؤقف مضبوط ہے، کسی کا حصہ چھین کر کسی اور کو نہیں دیا جائے گا۔ وہ کل ممبئی میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے واضح کیا کہ حکومت کا 2 ستمبر کا فیصلہ حتمی ہے اور حیدرآباد گزٹ صرف مراٹھواڑہ اور ودربھ خطوں پر لاگو ہوتا ہے۔ مغربی مہاراشٹر میں مراٹھا- کُنبی برادری کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ اس لیے باونکولے نے OBC رہنماؤں سے غلط فہمی میں نہ رہنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
دیوالی کے موقعے پر وزیرِ محصول نے ریاست کے 47 محصول افسران کو ترقیاں دیں۔ ان میں 23 افسران کو ایڈیشنل ضلع کلکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے، جبکہ 24 ڈپٹی ضلع کلکٹرس کو ایڈیشنل ضلع کلکٹر عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے سلیکشن کیٹگری حاصل کرنے والے افسران کیلئے انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس میں شامل ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں کل ایک سرکاری حکمنامہ جاری کیا گیاہے۔
***** ***** *****
سماجی انصاف کے وزیر سنجئے شرساٹ نے دیوالی کے موقعے پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سوشل ڈیولپمنٹ اسکیم سے فی کس دو کروڑ روپئے مہایوتی سے پہلی بار منتخب ہونے والے اراکینِ اسمبلی میں تقسیم کیے ہیں۔ سماجی انصاف کے محکمے کے تحت لاگو اسکیم کے تحت دلت بستیوں میں مختلف ترقیاتی کام کیے جاتے ہیں۔
***** ***** *****
ہندی فلموں کے معروف اداکار گووردھن اسرانی کا کل ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 89 سال تھی۔ مزاحیہ اداکار کے طور پر مشہور آسرانی کا فلم شعلے میں جیلر کا کردار اور ان کا ڈائیلاگ ”ہم انگریز کے زمانے کے جیلر ہیں“ بہت مشہور ہوا۔ آسرانی نے دھمال، ڈھول، بالیکا ودھو، ہیرا پھیری، مالا مال ویکلی، وغیرہ جیسی فلمو ں میں کام کیا۔ آسرانی نے فیملی 420 جیسی مراٹھی فلموں میں بھی کام کیا۔ ان کی آخری رسومات کل ممبئی میں ادا کی گئیں۔ آسرانی کے انتقال پر فلم انڈسٹری سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
سابق ریاستی وزیر مہادیو شیونکر کا کل گوندیا ضلعے کے آمگاؤں میں ضعیف العمری کی وجہ سے انتقال ہوگیا۔ وہ 85 برس کے تھے۔ انھوں نے سابق وزیرِ اعلیٰ منوہر جوشی کی حکومت میں وزارتِ خزانہ کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ گوندیا ضلعے کی ترقی میں ان کا اہم کردار تھا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں شدید بارشوں سے متاثر کسانوں کے کھاتوں میں سبسڈی کی رقم جمع کی جارہی ہے۔ اب تک ایسے کسانوں کو براہِ راست فائدے کی منتقلی کے ذریعے 178 کروڑ روپئے دینے کو منظوری دی گئی ہے، جبکہ تقریباً ایک لاکھ 82 ہزار کسانوں کے کھاتوں میں 141 کروڑ پندرہ لاکھ روپئے جمع کیے گئے ہیں۔ ہنگولی ضلع کلکٹر راہل گپتا نے یہ اطلاع دی ہے کہ حکومت نے شدید بارشوں سے ہونے والے نقصانات کیلئے ہنگولی ضلعے کیلئے 231 کروڑ 27 لاکھ 92 ہزار روپئے امداد کو منظوری دی۔
***** ***** *****
تلجاپور میں کل شام نرک چتردَشی اور دَرش اماوس کی مناسبت سے رویتی کال بھیروناتھ کی بھینڈولی تقریب منعقد ہوئی۔ سب سے پہلے بھیروناتھ کی مناسب طریقے سے پوجا کرنے کے بعد روایتی بھینڈولی کو بھیروناتھ کی پہاڑی پر روشن کیا گیا۔
***** ***** *****
تخت سچ کھنڈ شری حضور ابچل نگر صاحب ناندیڑ میں کل روایتی تخت اسنان تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
ہنگولی نگر پریشد نے شہریوں سے پٹاخوں سے پاک اور ماحول دوست دیوالی‘ منانے کی اپیل کی ہے۔ اس سلسلے میں کل ہنگولی نگر پریشد دفتر میں ایڈمنسٹریٹر اور چیف آفیسر اروند منڈے کی موجودگی میں ایک بیداری پروگرام منعقد ہوا۔
***** ***** *****
دیوالی کے موقعے پر چھترپتی سمبھاجی نگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل (گھاٹی) کا بیرونی شعبہ یعنی او پی ڈی آج لکشمی پوجا اور 23 تاریخ کو بھاؤبیج کے دن بند رہے گا۔ گھاٹی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دیگر دنوں میں معمول کی خدمات کے ساتھ ہنگامی طبی خدمات بھی جاری رہیں گی۔
***** ***** *****
دی جنرل کرانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سنجے کانکریا نے اطلاع دی ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کا قدیم مونڈھا 23 سے 26 اکتوبر کے درمیان بند رہے گا۔ اس بند سے مزدوروں اور محنت کشوں کو تہوار کی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع ملے گا۔
***** ***** *****
دیوالی کا تہوار پرامن اور خوشگوار ماحول میں منانے کیلئے لاتور ضلع پولس نے پولیس ریکارڈ میں موجود مجرمین کی گرفتاریاں شروع کر دی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، اس مہم کے دوران ہتھیاروں کی حمل و نقل کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے مختلف اداروں، تنظیموں اور اسکولوں کی جانب سے دیوالی کی مناسبت سے ”قلعہ بناؤ“ مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اومکار ودیالیہ کے ناگیش جوشی نے بتایا کہ اس مقابلے کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن نے ٹیکس وصول کرنے کے مقصد سے ایک موبائل وین خدمات، اسمارٹ ٹیکس ادائیگی نظام شروع کیا ہے۔ مختلف ٹیکس رعایتوں کی تشہیر کرنے والی اس وین کا افتتاح کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ لکشمی پوجا آج جوش و خروش اور خوشی کے ماحول میں ہوگی۔
٭ بھارت ہتھیاروں کی برآمدات میں دنیا کا سرکردہ ملک بنے گا: وزیرِ اعظم کا تیقن۔ جنگی جہاز INS وِکرانت پر بحریہ کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔
٭ مہاراشٹر کا وِژن ڈاکیومنٹ ترقی یافتہ بھارت کا خواب پورا کرے گا: وزیرِ اعلیٰ کی اطلاع۔ ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047 کے مسودے کو منظوری۔
٭ OBC ریزرویشن کے معاملے پر ریاستی حکومت کا مؤقف مضبوط ہے: وزیرِ محصول کا بیان۔
اور۔۔۔٭ سینئر اداکار گووردھن آسرانی کا انتقال۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment