Wednesday, 22 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 22 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 22 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک بھر میں لکشمی پوجا کا جوش و خروش؛ روشنائی اور آتش بازی۔
٭ اس مرتبہ نوراتر سے مختلف اشیاء کی خریداری میں 25 فیصد اضافہ؛ تاجروں کی تنظیم کے سروے میں انکشاف۔
٭ شدید بارش اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو اب تین ہیکٹر تک کے متاثرہ علاقوں کیلئے ملے گی امداد۔
٭ پولس میمورئیل دن کے موقعے پر شہید پولس ملازمین کی ستائش۔
٭ نئے گھر میں دیوالی پہل میں بیڑ ضلع ریاست میں سرِ فہرست۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے کئی مقامات پر بارش؛ آئندہ کچھ دنوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
دیوالی کے تہوار کے دوران کل ہر جگہ لکشمی پوجا جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ ہر گھر میں کرنسی نوٹوں اور سکوں کے ساتھ لکشمی دیوی کی تصویر اور نئے جھاڑو کی پوجا کی گئی۔ آسمان روشنیوں اور آتش بازی سے جگمگا اٹھا۔ شرڈی کے سائی بابا سنستھان میں سائی بابا کی سمادھی مندر میں کُبیر پوجا کی گئی۔ لکشمی پوجا کے موقعے پر کل اسٹاک مارکیٹ میں مہورت ٹریڈنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ آج ساڑھے تین مہورت میں سے ایک دیوالی پاڑوا منایا جارہا ہے اور سونا چاندی خریدنے کے تعلق سے جوش و خروش کا ماحول ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل دیوالی کے موقع پر ہم وطنوں کو ایک تہنیتی خط لکھا ہے۔ اس خط میں انھوں نے کہا کہ بھارت بحرانوں سے گھری دنیا میں استحکام اور حساسیت کی علامت بن کر اُبھرا ہے۔ انھوں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے پر فیصلہ کن ردّ عمل کیلئے آپریشن سندور کی تعریف کی۔
اس کے علاوہ پہلی بار ملک بھر کے کئی اضلاع میں دور دراز کے علاقوں میں دیوالی منائی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اضلاع جہاں نکسل ازم اور ماؤ نواز دہشت گردی کو جڑ سے ختم کردیا گیا ہے ہم مستقبل قریب میں دنیا کی تیسری بڑی معیشت بننے کی راہ پر گامزن ہیں۔ انھوں نے اس خط میں ذکر کیا کہ ترقی یافتہ اور خود مختار بھارت کے اس سفر میں ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم بطورِ شہری قوم کے تئیں اپنے فرائض کو پورا کریں۔
***** ***** *****
کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نوراتری کے بعد سے پچھلے سال کے مقابلے میں خریداری میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ تنظیم کے سروے سے معلوم ہوا ہے کہ اس دوران پانچ لاکھ 40ہزار کروڑ روپئے کی اشیاء اور 65 ہزار کروڑ روپئے کی خدمات فروخت ہوئیں۔ سروے میں حصہ لینے والے 72 فیصد تاجروں نے کہا کہ GST میں کمی کی وجہ سے فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دتاترے بھرنے نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر میں ریاست کے کئی اضلاع میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں حکومت کو صحیح اعداد و شمار نہیں مل سکے۔ اس کی وجہ سے دیوالی سے پہلے معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر ہورہی ہے۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کیا اور ساتھ ہی کسانوں کو یقین دلایا کہ وہ پریشان نہ ہوں‘ حکومت ان کی مدد کیلئے پُرعزم ہے۔ وہ کل شولاپور ضلع کے دورے کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ابتدائی پنچنامے دو ہیکٹر تک کیے گئے تھے اب وہ تین ہیکٹر تک ہوں گے۔ اس کے معاوضے کی تقسیم میں تھوڑی تاخیر ہورہی ہے۔ بھرنے نے یہ بھی بتایا کہ انشورنس کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسانوں کو بیمے کی رقم فصل کی کٹائی کے تجربے کی شرط بنائے بغیر ادا کریں۔
***** ***** *****
جن کسانوں کو اس مانسون میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے نقصان ہوا تھا اب انھیں تین ہیکٹر تک متاثرہ رقبے کیلئے امداد ملے گی۔ راحت اور بازآبادکاری کے وزیر مکرند جادھو پاٹل نے بتایا کہ خصوصی معاملے کے طور پر اس کیلئے 648 کروڑ 15لاکھ 41 ہزار روپئے کے فنڈ کی تقسیم کو منظوری دی گئی ہے۔ اس ضمن میں حکومتی فیصلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اس خریف سیزن میں کسانوں میں تقریباً آٹھ ہزار 139 کروڑ روپئے کی مالی امداد تقسیم کرنے کیلئے حکومتی فیصلے جاری کیے گئے ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے بیڑ، پربھنی، چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع کو کُل 346 کروڑ 31 لاکھ 70 ہزار روپئے دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آئندہ 26 اکتوبر کو آکاشوانی کے پروگرام ”من کی بات“ کے ذریعے ہم وطنوں سے بات کریں گے۔ یہ اس پروگرام کی 127 ویں قسط ہوگی۔ اس پروگرام کیلئے شہری 24 تاریخ تک ٹول فری نمبر 1800-11-7800 پر اور نریندر مودی ایپ یا Mygov ایپ پر اپنی رائے یا تجاویز بھیج سکتے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کل پولس کا میموریل دن منایا گیا۔ 21 اکتوبر 1959 کو لداخ کے Hot Springs پر مسلح چینی فوجیوں کے حملے میں دس بہادر پولس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ممبئی کے نائیگاؤں میں پولس ہیڈکوارٹر میں پولس میموریل پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بھارت کی مختلف پولس فورسیز کے افسران و ملازمین کی یادگار کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک پیغام بھی پڑھ کر سنایا جو اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ قوم پولس کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع پولس کی جانب سے شہداء کو سلامی دی گئی۔ ناندیڑ پولس رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولس شہاجی اُماپ‘ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولس ابیناش کمار سمیت عہدیداران و ملازمین اس موقع پر بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر نے پربھنی میں پولس ہیڈکوارٹر میں شہید پولس کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بورڈیکر نے کہا کہ آج کا دن پولس یادگاری دن کے طور پر منایا جارہا ہے تاکہ بھارتی ہیروز کی بے مثال بہادری سے تحریک حاصل کی جاسکے اور ہمیں اپنے فرض اور حب الوطنی سے آگاہ کیا جاسکے۔
اس موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر کے پولس کمشنریٹ میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
***** ***** *****
دیوالی نئے گھر میں پہل کے تحت ریاست میں پہلا مقام ضلعے نے حاصل کیا ہے۔ وزیرِ اعظم آواس اسکیم اور ریاستی حکومت کی گھرکل اسکیم کے تحت ضلعے میں 50 ہزار سے زائد گھرکل کو وقت پر مکمل کیا گیا ہے اور اس کام کیلئے حکومت کی طرف سے 990 کروڑ روپئے فنڈ تقسیم کیا گیا ہے۔
ضلعے کے سرپرست وزیر اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے اس کامیابی پر ضلع کے عوامی نمائندوں کے ساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ اور مستفیدین کو مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
سابق اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نے چھترپتی سمبھاجی نگر کے ویجاپور تعلقے میں شدید بارش سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ اس موقعے پر انھوں نے شدید بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کو کرانہ سامان‘ شطرنجی اور چادر بطورِ تحفہ دیا۔
رکنِ پارلیمان ڈاکٹر کلیان کالے نے بھگوان بابا بالیکا آشرم میں یتیم بچوں کے ساتھ دیوالی منائی۔
دھاراشیو میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ آر ایس ایس کے رضاکاروں نے شہر کے پاردھی پیڑھی اور فقیرا نگر میں دیوالی منائی۔ انھوں نے یہاں رہنے والے پسماندہ خاندانوں میں مٹھائی تقسیم کی۔
***** ***** *****
بلڈانہ ضلعے کے جلگاؤں جامود میں شری رام جی کوٹے فاؤنڈیشن کی جانب سے جلگاؤں‘ جامود‘ سنگرام پور، شیگاؤں سمیت مختلف علاقوں کے یتیم بچوں کے ساتھ دیوالی منائی گئی۔ اس موقعے پر لڑکوں کو نئے کپڑے، پھل اور مختلف تعلیمی اشیاء تقسیم کی گئیں۔
***** ***** *****
کل ریاست کے کئی حصوں میں بارش ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر اور مضافات میں شام کے وقت زبردست بارش ہوئی‘ جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔ ضلع کے لاسور اسٹیشن، والوج، چاپانیر علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ اچانک بارش سے کسان اور چھوٹے تاجر متاثر ہوئے۔
جالنہ شہر اور ضلعے کے بیشتر علاقوں میں کل بھی تیز بارش ہوئی۔ دیوالی کے دن ہونے والی اس بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پوجا کا سامان بیچنے والوں کے ساتھ ساتھ خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو بھی کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
***** ***** *****
ناسک شہر اور ضلعے میں بھی کل زوردار بارش ہوئی۔ ییولہ اور سٹانہ تعلقوں میں بارش سے کٹائی کے بعد تیار شدہ مکئی کو نقصان پہنچا۔ نفاڑ اور کڑوَن میں بھی ایک گھنٹے تک تیز بارش ہوتی رہی۔ رائے گڑھ ضلعے میں کھڑی اور کٹی ہوئی چاول کی فصل کو نقصان پہنچا۔
***** ***** *****
بیڑضلعے کے ماجل گاؤں پشتے کے کیچمنٹ علاقے میں بارش کی وجہ سے اور پشتے کے پانی کی سطح کو قابو میں رکھنے کیلئے پانی کے اخراج میں اضافہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
جنوب مغربی مانسون ملک سے رُخصت ہوگیا ہے، لیکن محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والے کم دباؤ کے پٹے کی وجہ سے ریاست میں پھر سے غیر موسمی بارشیں ہوں گی۔ آج سے چار دن تک ریاست بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آج محکمہ موسمیات نے کوکن اور وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے مختلف مقامات پر گرج اور چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع تیر اندازی ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ضلعی سطح کے جونیئر تیر اندازی مقابلوں کا کل ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کھیل کھلاڑیوں کی زندگیوں کو صحیح سمت دیتے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ملک بھر میں لکشمی پوجا کا جوش و خروش؛ روشنائی اور آتش بازی۔
٭ اس مرتبہ نوراتر سے مختلف اشیاء کی خریداری میں 25 فیصد اضافہ؛ تاجروں کی تنظیم کے سروے میں انکشاف۔
٭ شدید بارش اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو اب تین ہیکٹر تک کے متاثرہ علاقوں کیلئے ملے گی امداد۔
٭ پولس میمورئیل دن کے موقعے پر شہید پولس ملازمین کی ستائش۔
٭ نئے گھر میں دیوالی پہل میں بیڑ ضلع ریاست میں سرِ فہرست۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے کئی مقامات پر بارش؛ آئندہ کچھ دنوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments: