Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 26 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/اکتوبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سروگیہ چکردھر سوامی کا سماج میں مساوات قائم کرنے کا نظریہ ریاست اور ملک کیلئے اہم ہے: کُل ہند مہانوبھاؤ کانفرنس کے 38 ویں اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔
٭ کسانوں کی قرض معافی مناسب وقت پر کی جائے گی: نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا دعویٰ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن کے ریزرویشن کیلئے CPSN نیا کوڈ۔
٭ ہنگولی ضلعے کے بسمت‘ کلمنوری اور اونڈھا تعلقوں میں زلزلے کے جھٹکے۔
اور۔۔۔٭ تیسرے ایک روزہ مقابلے میں بھارت کی آسٹریلیاء پر نو وِکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ سماج میں مساوات قائم کرنے کا چکردھر سوامی کا نظریہ ریاست اور ملک کیلئے اہم ہے۔ وہ کل ناسک میں کُل ہند مہانوبھاؤ پریشد کے 38 ویں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھی زبان کو کلاسک کا درجہ دلانے میں لیڑا چرتر اور گیانیشوری کی کتابوں کی اہم شراکت ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے یقین دلایا کہ رِدھ پور میں قائم مراٹھی زبان یونیورسٹی کو عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ نے کل ممبئی میں سکھ گرو شری تیغ بہادر صاحب کے 350 ویں یومِ شہادت کے موقعے پر منعقدہ شہیدی سماگم پروگرام میں بھی شرکت کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گرو تیغ بہادر صاحب کی قربانی کی کہانی ریاست کے ہر گھر تک پہنچائی جائے گی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ کسانوں کی قرض معافی مناسب وقت پر کی جائیگی۔ وہ کل ناندیڑ ضلع کے عمری میں پارٹی کے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ پوار نے کہا کہ قرض معافی کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے ذریعے اس سلسلے میں ایک مطالعہ جاری ہے۔ پوار نے ذکر کیا کہ ان کی پارٹی کا مؤقف تمام ذاتوں اور طبقات کو شامل ہے۔ پارٹی پھلے، شاہو اور امبیڈکری نظریات پر چل رہی ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل دلّی میں وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ دیوالی کی مبارکباد دینے کیلئے ان سے ملے تھے۔ شندے نے کہا کہ قومی جمہوری اتحاد اور مہایوتی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج صبح گیارہ بجے آکاشوانی کے ”من کی بات“ پروگرام کے ذریعے ہم وطنوں سے بات کریں گے۔ یہ پروگرام کی 127 ویں قسط ہوگی۔ یہ پروگرام آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلوں پر نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
NPS یعنی نیشنل پنشن اسکیم اور UPS یونیفائیڈ پنشن اسکیم میں سرکاری ملازمین اب لائف سائیکل 75 اور Balanced Life Cycle کے اختیارات کا انتخاب کرسکیں گے۔ اب تک یہ سہولت صرف نجی شعبے کے ملازمین کیلئے دستیاب تھی۔ LC 75 میں سرکاری ملازمین اسٹاک مارکیٹ میں 75 فیصد تک سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ ان نئے اختیارات کے کھلنے کے ساتھ ہی سرکاری ملازمین کیلئے UPS اور NPS میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ راستے دستیاب ہوں گے۔
***** ***** *****
معروف اداکار ستیش شاہ کا کل ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ وہ 74 برس کے تھے۔ وہ گذشتہ کئی دنوں سے گردوں کے عارضے میں مبتلاء تھے۔ انھوں نے ”جانے بھی دو یار“ طاقت‘ ہم ساتھ ساتھ ہیں، میں ہوں نا‘ فنا‘ اوم شانتی اوم، اور دیگر فلموں کے ساتھ ساتھ کئی ٹیلی ویژن سیریلز، بہت سے اشتہارات اور مختلف ڈراموں میں کام کیا۔
وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ستیش شاہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا کہ وہ اپنی محنت اور خوبصورت اداکاری کے ساتھ ادا کیے گئے کرداروں کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
***** ***** *****
محکمہئ ریلوے نے اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن کا نام بدل کر چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن کرنے کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک سرکُلر جاری کردیا گیا ہے۔ ریزرویشن کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن AWB کے پہلے کوڈ کو اب تبدیل کرکے CPSN کردیا گیا ہے۔ جنوب وسطی ریلوے نے مسافروں سے اس کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڑے نے اساتذہ کو طلبہ میں ہمت اور جسمانی صلاحیت پیدا کرنے کیلئے کوشش کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ باگڑے کل لاتور ضلع کے شرور اننت پال میں کرم یوگی پربھاکر کلکرنی گروجی جیون گورو تقریب میں مخاطب تھے۔ باگڑے سمیت معزز حاضرین کے ہاتھوں پربھاکر کلکرنی اور ان کی اہلیہ سومن کلکرنی کو سرٹیفکیٹ‘ مومنٹو دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے بسمت‘ کلمنوری اور اونڈھا تعلقوں میں کل دوپہر زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔ زمین کے اندر سے ایک زوردار آواز سے زمین لرز اُٹھی جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ان تینوں تعلقوں کے 25 سے 30 دیہاتوں میں مسلسل دوسری بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے مطابق ریختر پیما پر زلزلے کی شدت تین اعشاریہ نو درج کی گئی ہے۔
***** ***** *****
بنجارہ سماج کو درجِ فہرست قبائل کے زمرے سے ریزرویشن دینے کے مطالبہ کیلئے جالنہ میں گذشتہ نو دنوں سے وجئے چوہان کی بھوک ہڑتال کل ختم کردی گئی۔ رابطہ وزیر پنکجا منڈے سمیت ایک وفد نے کل چوہان سے ملاقات کی اور مثبت حل کا یقین دلایا، جس کے بعد چوہان نے بھوک ہڑتال ختم کردی۔
***** ***** *****
ستارا ضلع کے پھلٹن کے ضلع ذیلی اسپتال کی ایک خاتون ڈاکٹر کی خود کشی کے معاملے میں پولس نے پونے ضلع کے ایک فارم ہاؤس سے ایک معطل پولس افسر کو گرفتار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کیس کا دوسرا مفرور پولس انسپکٹر کل رات پھلٹن پولس اسٹیشن میں حاضر ہوا ہے
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے سبکدوش پروفیسر ڈاکٹر رام مانے اور ان کی اہلیہ رتن مالا مانے کی‘ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک سڑک حادثے میں موت واقع ہو گئی۔ پیدل سڑک عبور کرنے کے دوران تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر دونوں موقع پر ہی فوت ہوگئے۔ آج دھاراشیو میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
ریاست کی اوّلین این سی سی اکیڈمی کا کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے ریاستی وزیر مانک راؤ کوکاٹے کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقعے پر کوکاٹے نے اکیڈمی کیلئے 127 کروڑ روپے کا فنڈ منظور ہونے کی اطلاع بھی دی۔ ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047 کے تحت مراٹھواڑہ ڈویژن کا یوتھ اینڈ اسپورٹس ڈائیلاگ پروگرام بھی کل کوکاٹے کی موجودگی میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقد ہوا۔
***** ***** *****
بھارت اورآسٹریلیا کے مابین ایک روزہ کرکٹ سیریز کے آخری میچ میں کل بھارت نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا نے 46 اوورز اور چار گیندوں میں 236 رنز اسکور کیے۔ جس کے جواب میں کپتان شبھمن گِل 24 رنز‘روہت شرما کی سنچری اور ویراٹ کوہلی کی نصف سنچری کی بدولت بھارت نے مقررہ ہدف کو آسانی سے عبور کرلیا۔ آسٹریلیا نے تین میچوں کی یہ سیریز دو- ایک سے پہلے ہی جیت لی تھی۔
دریں اثنا’‘ ان دونوں ٹیموں کے مابین پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز آئندہ بدھ سے شروع ہوگی۔ جس کا پہلا میچ کینبرا کے اوول میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب خواتین کے کرکٹ عالمی کپ میں آج بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔ بھارت پہلے ہی اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخل ہو چکا ہے اور عالمی کپ کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 30 تاریخ کو نئی ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
رُکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے اطلاع دی ہے کہ دھاراشیو شہر میں راستوں کے کام کا سنگ بنیاد وزیرِ اعلیٰ اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کے ہاتھوں رکھا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز دھاراشیو میں ایک اطلاعی کانفرنس سے مخاطب تھے۔ پاٹل نے کہا کہ ان تمام راستوں کے کاموں کو مقررہ مدت کے اندر معیاری طریقے سے مکمل کرنا سبھی محکمہ جات کی ذمہ داری ہے۔
***** ***** *****
ریاستی زرعی میکانائزیشن اسکیم کے تحت کل دھاراشیو ضلعے کے کلمب تعلقے کے نیپانی میں کسانوں کو جدید زرعی مشنری اور آلات تقسیم کیے گئے۔ جددی مشینری جیسے ٹریکٹر، پاور ٹیلر، اسپرے پمپ، سیڈ ڈِرِل، تھریشر وغیرہ جیسے جدید آلات تقسیم کیے گئے۔ یہ اسکیم پیداواری لاگت کو کم کرنے اور جدید زراعت کی طرف بڑھنے کے مقصد سے نافذ کی گئی ہے۔
***** ***** *****
خواتین کے سیلف ہیلپ گروپ اور اسٹارٹ اَپ کے تحت خواتین کے کاروبار کو نابارڈ اور ریزرو بینک کی جانب سے مالی مدد دی جائے گی۔ یہ اطلاع سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر نے دی۔ وہ پورنا کے شری سائی بابا مہیلا ناگری کوآپریٹیو سوسائٹی کے افتتاح کے موقع پر مخاطب تھیں۔ اس موقع پر خواتین کے پانچ سو سیلف ہیلپ گروپوں میں 50 لاکھ روپئے کے چیک تقسیم کیے گئے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو تین دنوں کیلئے ودربھ اور مراٹھواڑہ کے کچھ حصوں کو چھوڑ کر تمام علاقوں کیلئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ دریں اثناء کل بھی چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں غیر موسمی بارش ہوئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سروگیہ چکردھر سوامی کا سماج میں مساوات قائم کرنے کا نظریہ ریاست اور ملک کیلئے اہم ہے: کُل ہند مہانوبھاؤ کانفرنس کے 38 ویں اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔
٭ کسانوں کی قرض معافی مناسب وقت پر کی جائے گی: نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا دعویٰ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن کے ریزرویشن کیلئے CPSN نیا کوڈ۔
٭ ہنگولی ضلعے کے بسمت‘ کلمنوری اور اونڈھا تعلقوں میں زلزلے کے جھٹکے۔
اور۔۔۔٭ تیسرے ایک روزہ مقابلے میں بھارت کی آسٹریلیاء پر نو وِکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment