Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۳؍ جون ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی کے باوجود احتیاط ضروری ہے۔اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ کووِڈ ویکسین کی پہلی خوراک لینے والے شہری‘ دوسری خوراک بھی ضرور لیں۔ہرشہری کوچاہیے کہ وہ حکومت اورانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پرسختی سے عمل کریں ۔ناک اورمنہ پراچھی طرح ماسک لگائیں‘ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ اورمنہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پرعمل کریں اورمحفوظ رہیں ۔ کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر 011-23978046 اور 1075 یا ریاستی امدادی مرکز کیلئے 020- 26127394 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ کووِڈ 19- کے باعث والدین کے سایے سے محروم ہونے والے بچوںکو یکمشت 5 لاکھ روپئے اور اس کے بالغ ہو نے تک اخراجات
برداشت کرنے کا ریاستی حکومت کا اہم فیصلہ۔
٭ کورونا سے نجات حاصل کرنے کیلئے دیہاتوں میں ’’کورونا مُکت گائوں‘‘ مسابقت کا اعلان۔
٭ ریاست میں 15 ہزار 169 نئے کورونا مریض؛ مرٹھواڑہ میں 53 افرادکی موت۔
٭ ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی بورڈ کے تحت ہونے والے بارہویں کے امتحانات منسوخ کرنے سے متعلق تجویز آفاتِ سماوی انتظامی محکمے کو
بھیجی جائیگی: وزیرِ تعلیم ورشا گائیکواڑ۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد‘ جالنہ، پربھنی بیڑ، لاتور اور عثمان آباد اضلاع میں زوردار بارش۔
***** ***** *****
اَب خبریں تفصیل سے۔۔
کووِڈ کے باعث والدین کے سایۂ عاطفت سے محروم ہونے والے بچوں کو امداد فراہم کرنے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ کل وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی زیرِ صدارت منعقدہ کابینی اجلاس میںکیے گئے اہم فیصلے کے تحت اس طرح کے یتیم و یسیر بچو ںکے نام پر یکمشت 5 لاکھ روپئے محدود مدت کیلئے جمع کیے جائیں گے، نیزبچوں کی بلوغت تک ان کے تمام اخراجات برداشت کیے جائیں گے۔ ڈپازٹ کیے گئے 5 لاکھ روپئے بچوں کو 21 برس مکمل ہونے پر انہیں سود سمیت ادا کیے جائیں گے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے بھی اسی نوعیت کی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ یکم مارچ 2020 اور اس کے بعد کووِڈ کے باعث والد اور والدہ کی وفات یا کسی ایک کا کورونا سے اور دوسرے کی کسی اور وجہ سے موت‘ یا ایک سرپرست کی یکم مارچ 2020 سے قبل ہی اور دوسرے کا کورونا کے باعث انتقال ہوا ہو تو اس طرح کے بے سہارا صفر تا 18 سال عمر کے بچوں کو اس اسکیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اسکیم کا فائدہ اٹھانے کے خواہشمند بچوں کے دستاویزات ایکشن کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ذمہ داری خواتین و بہبودِ اطفال کے ضلعی افسر کی ہوگی۔ خواتین و بہبودِ اطفال کی وزیر یشومتی ٹھاکر نے بتایا کہ ا ب تک اس طرح کے 141 بچوں کے کوائف موصول ہوچکے ہیں اور فی الحال 200 بچوں کیلئے فنڈز محفوظ کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے دیہی علاقو ںمیں کورونا سے نجات حاصل کرنے کیلئے ہونے والے کاموں کی حوصلہ افزائی اور تمام دیہاتوں کو کورونا سے پاک کرنے کیلئے ’’کورونا مُکت گائوں‘‘ مقابلے رکھے جائیں گے۔ دیہی ترقیات کے وزیر حسن مشرف نے کل یہ اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ دیہاتوں سے کورونا ختم ہوتا ہے تو تعلقہ ، ضلع اور پوری ریاست سے اس وباء کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست کے 6 ڈویژنوں میں 3 انعامات دئیے جائیں گے۔ پہلا انعام 50 لاکھ، دوسرا 25 لاکھ اور تیسرا ترغیبی انعام 15 لاکھ روپئے ہوگا۔ علاوہ ازیں ان دیہاتوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے سرِفہرست گائوں کو 50 لاکھ، دوسرے نمبر کیلئے 25 لاکھ اور تیسرے نمبر کے دیہات کو 15 لاکھ روپئے کا ترقیاتی فنڈ بھی دیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 15 ہزار 169 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست بھر میں مریضوں کی کُل تعداد 57 لاکھ 76 ہزار 184 ہوگئی ہے۔ کل 285 مریض دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ ریاست میں اب تک اس وباء کے باعث جان گنوانے والے افراد کی کُل تعداد 96 ہزار751 ہوگئی ہے۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 2 لاکھ 16 ہزار 16 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک ہزار 382 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 53 مریض انتقال کرگئے۔ جن میں لاتور ضلع کے 25‘ اورنگ آباد 13‘ بیڑ 6‘ عثمان آباد اور پربھنی ضلع کے 3-3‘ جبکہ جالنہ، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ بیڑ ضلع میں کل 375 اور‘ اورنگ آباد میں 185 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آباد سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ نے کہا ہے کہ ناقص وینٹی لیٹرز تبدیل کرکے نئے وینٹی لیٹرز حاصل کرنے کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہوگی۔ سماجی رابطے اور دیگر ذرائع ابلاغ میں ناقص وینٹی لیٹرز کی فراہمی سے متعلق گردش کررہی خبروں کا از خود نوٹس لیتے ہوئے عدالت ِ عالیہ کی جانب سے داخل کردہ سو مو ٹو عرضداشت پر کل سماعت ہوئی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انیل سنگھ نے آن لائن پیروی کی۔ انھوں نے بتایا کہ نئی دہلی کے 2 سینئر ڈاکٹرز آج اورنگ آباد پہنچ کر ان وینٹی لیٹرز کا معائنہ کریں گے۔ اس کیس کی آئندہ سماعت 7 جون کو ہوگی۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے مرکزی حکومت کو حکم دیا ہے کہ اب تک خریدی گئی خوراکوں مستقبل میں خریدے جانے والی ویکسین اور اس کی موجودگی‘ نیز ویکسینیشن سے متعلق پالیسی کی تفصیلات اندرونِ 2 ہفتے پیش کی جائیں۔ جسٹس دھننجئے چندر چوڑ، جسٹس ایل این رائو اور جسٹس رویندر بھٹ پر مبنی سہ رُکنی بینچ نے اس خصوص میں ایک عرضداشت پر کل سماعت کی۔ مرکزی حکومت نے سالانہ بجٹ میں اس برس ویکسینیشن کیلئے 35 ہزار کروڑ روپئے مختص کیے ہیں۔ یہ فنڈ کس طرح اور کس کیلئے خرچ کیا جائیگا، یہ تفصیلات عدالت نے طلب کی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے کے بارہویں امتحانات منسوخ کرنے سے متعلق تجویز آفاتِ سماوی سے متعلق انتظامی شعبے کو ارسال کی جائیگی۔ شعبے کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ یہ اعلان اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وباء کے پیشِ نظر CBSE کے تحت بارہویں کے امتحانات منسوخ کرنے کا مرکزی حکومت کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیمی زندگی میں بارہویں کے امتحانات ایک اہم مقام رکھتے ہیں ،لیکن طلبہ کی صحت اور سلامتی ہر ایک کی ترجیح ہونا چاہیے۔
***** ***** *****
طلبہ کو دسویں اور بارہویں کیلئے کھیلو ںکے مقابلو ںمیں حصہ لینے پر ملنے والے گریس مارکس کے قوانین میں ترمیم کی گئی ہے۔ فی الحال کورونا کے باعث کھیلوں کے مقابلوں کے عدم انعقاد کے پیشِ نظر یہ تبدیلی کی گئی۔ تعلیمی سال 2020-21 میں جماعت کے دہم کے طلبہ نے جماعت ہشتم اور نہم میں اگر مقابلو ںمیں شرکت کی ہو یا بارہویں کے طلبہ نے گیارہویں جماعت کے دوران مقابلوں میں حصہ لیا ہو تو یہ اضافی نشانات برائے کھیل حاصل کرنے کے حقدار ہوں گے ‘او راس کیلئے وہ معینہ وقت میں متعلقہ اربابِ مجاز کو درخواست دے سکتے ہیں۔
***** ***** *****
گنّے کی کٹائی کرنے والے مہاجر مزدوروں کے بچو ںکیلئے سنت بھگوان بابا سرکاری ہوسٹل منصوبہ شروع کرنے کو کل ریاستی کابینہ کے اجلاس میں منظوری دے دی گئی۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں لڑکوں او رلڑکیوں کیلئے 10 اقامت گاہیں شروع کی جائیں گی۔ بیڑ، احمد نگر، جالنہ، ناندیڑ، پربھنی، عثمان آباد، لاتور، اورنگ آباد، ناسک اور جلگائوں ان 10 اضلاع میں 41 تعلقوں میں لڑکوں او رلڑکیوں کیلئے علیحدہ علیحدہ 82ہاسٹل تعمیر کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد‘ بیڑ، عثمان آباد‘ لاتور، جالنہ اور پربھنی اضلاع میں کل زوردار بارش ہوئی۔ شہر اورنگ آباد میں کل رات تقریباً ایک گھنٹہ موسلا دھار بارش ہوئی۔ بیڑ ضلع کے آشٹی میں تیز آندھی کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ لاتور ضلع کے مروڑ اور تاندوڑجا میں بھی زوردار بارش کی خبر ہے۔ جالنہ شہر سمیت ضلع کے مختلف مقامات پر گھن گرج کے ساتھ اوسط درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔
***** ***** *****
اسی دوران شعبۂ زراعت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کسان فی الحال تخم ریزی میں عجلت نہ کریں۔ محکمۂ موسمیات نے آئندہ 5 تاریخ تک کوکن اور وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ و ودربھ میں گھن گرج کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 80 تا 100ملی میٹر بارش ہوجانے تک تخم ریزی کا آغاز نہ کریں۔
***** ***** *****
حزبِ اختلاف کے قائد دیویندر پھڑنویس نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ پوری ریاست میں کورونا مریضوں کی موت کے اعداد و شمار چھپائے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے ریاستی حکومت نے اموات کی تعداد چھپائی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ کووِڈ 19- کے باعث والدین کے سایے سے محروم ہونے والے بچوںکو یکمشت 5 لاکھ روپئے اور اس کے بالغ ہو نے تک اخراجات
برداشت کرنے کا ریاستی حکومت کا اہم فیصلہ۔
٭ کورونا سے نجات حاصل کرنے کیلئے دیہاتوں میں ’’کورونا مُکت گائوں‘‘ مسابقت کا اعلان۔
٭ ریاست میں 15 ہزار 169 نئے کورونا مریض؛ مرٹھواڑہ میں 53 افرادکی موت۔
٭ ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی بورڈ کے تحت ہونے والے بارہویں کے امتحانات منسوخ کرنے سے متعلق تجویز آفاتِ سماوی انتظامی محکمے کو
بھیجی جائیگی: وزیرِ تعلیم ورشا گائیکواڑ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment