Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍ جون ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
سامعین ِ کرام۔ کورونا وائرس وباء کے پیشِ نظر خود کا مکمل دھیان رکھیں اور محفوظ رہیں۔ آپ سے اپیل کی جاتی ہے کہ چہرہ پر ماسک پہنیں‘ ایک دوسرے سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں‘ ہاتھ اور چہرہ صاف رکھیں اور ویکسین لیں۔ کووِڈ 19- سے متعلق مزید معلومات اور مدد کیلئے آپ ٹیلی فون نمبر 011-23978043 اور قومی Helpline 1075 یا ریاستی Helpline 020 26127394 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔
::::: سرخیاں::::::
اب خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیشِ نظر ریاست میں عائد کی گئی پابندیاں رہیں گی برقرار؛ ریاستی حکومت کی وضاحت۔
٭ ریاست کے تعلیمی بورڈ نے بارہویں جماعت کے امتحانات کیے منسوخ۔
٭ کسانوں کو بروقت فصل قرض فراہم کیا جائے: وزیرِ اعلیٰ کی بینکوں سے اپیل۔
٭ ریاست میں پائے گئے کورونا کے 15 ہزار 229 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 49 کورونا مریض ہلاک اور ایک ہزار 95 نئے متاثرین۔
اور۔۔ ٭ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے مقامی خود مختار اداروںمیں OBC Resevation قائم رکھنے میں حکومت کی ناکامی پر متعدد مقامات پر احتجاج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
ریاستی حکومت نے وضاحت کی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیشِ نظر ریاست میں عائد کی گئیں پابندیاں ہٹائی نہیں جارہی ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وباء ابھی تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہے۔ متعدد دیہی علاقوں میں کورونا مریضوںکی تعداد میں اب بھی اضافہ ہورہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی ہلاکت خیز اور شکلیں بدلنے کو دھیان میں رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کرنا ہوگا۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے قائم ادارے کی کل منعقد کی گئی میٹنگ کے بعد امداد اور باز آبادکاری کے ریاستی وزیر وجئے وڈیٹیوار نے کہا تھا کہ ریاست کے 18 اضلاع میں تمام کاروبار مکمل طور پر شروع کردئیے جائیں گے۔ جس کے بعد کچھ وقفے کیلئے اس بارے میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ تاہم کچھ عرصے بعد وزیرِ اعلیٰ دفتر کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ کورونا سے متعلق پابندیاں اب بھی برقرار ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کچھ پابندیوں میں نرمی کرنے کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ اضلاع میں ایک ہفتے کے دوران کورونا مریضو ںمیں اضافے کی شرح اور Oxygen Beds کی دستیابی پر پابندیاں نرم یا سخت کرنے کا انحصار رہے گا او راس سلسلے میں تفصیلی رہنماء خطوط جاری کیے جائیں گے۔ پابندیوں کو مرحلہ وار ختم کرنے کیلئے غور کیا جارہا ہے اور ضلع انتظامیہ اس بارے میں مکمل جائزہ لے رہی ہے۔ حکومت نے وضاحت کی ہے کہ ان جائزوں کے بعد عمل آوری پر تبادلۂ خیال کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے ریاستی تعلیمی بورڈ کے زیرِ اہتمام منعقد کیے جانے والے بارہویں جماعت کے امتحانات امسال منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دسویں جماعت کے بارے میں اس قسم کا فیصلہ اس سے قبل کیا جاچکا ہے۔ ریاستی حکومت کے امداد اور بازآبادکاری کے وزیر وجئے وڑیٹیوار نے کل اس خصوص میں منعقدہ ایک اجلاس کے بعد صحافیوں سے خطاب کے دوران یہ اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیشِ نظر طلبہ، اساتذہ‘ غیر تدریسی عملہ او رطلبہ کے والدین کی زندگیوں کو دھوکے میں ڈالنا مناسب نہیں ہے۔ اس لیے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی زیرِ صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ تمام وزراء نے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا کہ جس بنیاد پر دسویں جماعت کے امتحانات منسوخ کیے گئے ہیں اسی بنیاد پر بارہویں کے بھی امتحانات منسوخ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
دریں اثناء دسویں جماعت کے امتحانات ردّ کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر ممبئی عدالت ِ عالیہ نے کل فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کہا کہ امتحانات کا انعقاد کرنا یا نہ کرنا یہ طئے کرنے کا حکومت کو دستوری حق حاصل ہے۔
***** ***** *****
محکمۂ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ مانسون موسمی بارش کیرل کے جنوبی علاقوںمیں کل داخل ہوچکی ہے۔ محکمہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 10 جون تک مانسون مہاراشٹر میں داخل ہوسکتا ہے۔ کیرل میں مانسون دو دِن تاخیر سے پہنچا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر موہپاترا نے بتایا اس بار ملک میں اوسط بارش ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ گذشتہ دو برس میں اوسط سے زیادہ برسات ہوئی تھی۔ دریں اثناء محکمے نے آئندہ دو تین دِنوں میں جالنہ، پربھنی اور ہنگولی میں موسلا دھار بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
محکمۂ زراعت نے ریاست کے تمام کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کم از کم 80 تا 100 ملی میٹر بارش ہونے سے قبل تخم ریزی نہ کریں۔ محکمہ نے کہا ہے کہ زمین کی ناکافی نمی میں بیج بونے پر تخم ریزی ضائع ہوسکتی ہے۔ اس لیے 80 تا 100mm بارش ہونے کے بعد ہی تخم ریزی کی جائے تاکہ درمیانی وقفے میں برسات نہ بھی ہوئی تو پودا پنپ جائے ۔ محکمہ نے کسانوں کو اس وقفے میں سویا بین، تور، مونگ اور مکئی کی تخم ریزی کی تیاری کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے امسال محکمۂ موسمیات کی جانب سے اطمینان بخش بارش کا امکان ظاہر کرنے کے بعد بینکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسانوں کو فصل قرض بروقت فراہم کریں۔ وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ صدارت کل ریاستی سطح پر Bankers Commitee کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے یہ اپیل کی۔ میٹنگ میں سن 2021-22 کیلئے 4 لاکھ 60 ہزار 881 کروڑ روپیوں کے قرض فراہمی کے تخمینے کو منظوری دی گئی۔ اس تخمینے میں زراعت کیلئے ایک لاکھ 18ہزار 720 کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔ جس میں سے فصل قرض کی فراہمی کیلئے 60 ہزار 860 کروڑ روپئے طئے کیے گئے ہیں۔
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے اس موقع پر کہا کہ بینکیں خریف ہنگام کیلئے کسانوں کو آسانی سے اور بروقت قرض فراہم کرے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ نے NABARD سے اپیل کی کہ وہ ناگپور، نندوربار، دھولیہ، ناسک، عثمان آباد، بیڑ اور بلڈانہ اضلاع کی مشکلات کی شکار امدادِ باہمی بینکوں کو سرمایہ فراہم کرے تاکہ ان اضلاع کے کسان قرض سے محروم نہ رہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 15ہزار 229 کورونا کے نئے مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ریاست بھر میں اس وباء کے متاثرین کی تعداد 57 لاکھ 91 ہزار 413 ہوچکی ہے۔ کل 307 مریض اس بیماری سے ہلاک ہوگئے۔ ریاست میں کورونا وائرس سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 97 ہزار 394 ہوچکی ہے۔ ساتھ ہی کل 25 ہزار 617 مریض شفاء یاب ہوئے۔ ریاست میں اب تک 54 لاکھ 86 ہزار 206 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ فی الحال ریاست بھر میں 2لاکھ 4ہزار 974 کورونا مریضوںکا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک ہزار 95 کورونا کے نئے معاملات درج کیے گئے۔ ساتھ ہی کل 49 مریض اس بیماری سے ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں لاتور ضلع کے 22‘ اورنگ آباد 9‘ بیڑ 7‘ پربھنی 4‘ عثمان آباد 3‘ جالنہ اور ہنگولی اضلاع کے فی کس 2 مریض شامل ہے۔ بیڑ ضلع میں کل کورونا وائرسکے 322 نئے مریض پائے گئے۔ اورنگ آباد 186‘ عثمان آباد 179‘ ناندیڑ 132‘ لاتور 123‘ جالنہ 88‘ پربھنی 50 اور ہنگولی اضلاع میں کل کورونا کے 15 نئے کیسیز درج کیے گئے۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاستی حکومت پر مقامی خود مختار اداروں میں OBC Reservation کو قائم رکھنے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے ریاست کے مختلف مقامات پر احتجاج کیا۔ ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے عدالت کے حکم کے باوجود OBC کمیشن کا قیام نہیں کیا، جس کے سبب یہ ناانصافی ہوئی۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کی مذمت میں تختیاں لہراکر احتجاج کرنے والوں نے نعرے بازی کی۔ اس آندولن کے سبب کل اورنگ آبادکے کرانتی چوک میں کچھ وقفے کیلئے آمد و رفت متاثر ہوئی۔ پربھنی میں کل بھالچند گورے کی قیادت میں یہ احتجاج کیا گیا۔ عثمان آباد میں اس سلسلے میں احتجاج کرنے والوں نے کلکٹر کوستبھ دیویگائونکر کو مطالباتی محضر پیش کیا۔ دریں اثناء بلڈانہ ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو کورونا کے اُصول و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 32 احتجاجیوں پر پولس نے کاروائی کی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ تعلیم رمیش پوکھریال نشنک نے اساتذہ کے اہلیتی امتحان کے توصیفی صداقت ناموںکی مدت تاعمر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے سبب اب ایک دفعہ اہلیتی امتحان کامیاب ہونے کے بعد دوبارہ یہ امتحان نہیں دینا ہوگا۔ اساتذہ کے اہلیتی امتحان کی مدت اس سے قبل 7 برس تھی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس فیصلے کو 2011 سے سابقہ اثر کے ساتھ نافذ کیا جائیگا۔ مرکز نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس خصوص میں قدیم صداقت نامے نئے سرے سے جاری کرے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں خاص خبروںکی سرخیاں ایک بار پھر۔۔
٭ کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیشِ نظر ریاست میں عائد کی گئی پابندیاں رہیں گی برقرار؛ ریاستی حکومت کی وضاحت۔
٭ ریاست کے تعلیمی بورڈ نے بارہویں جماعت کے امتحانات کیے منسوخ۔
٭ کسانوں کو بروقت فصل قرض فراہم کیا جائے: وزیرِ اعلیٰ کی بینکوں سے اپیل۔
٭ ریاست میں پائے گئے کورونا کے 15 ہزار 229 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 49 کورونا مریض ہلاک اور ایک ہزار 95 نئے متاثرین۔
اور۔۔ ٭ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے مقامی خود مختار اداروںمیں OBC Resevation قائم رکھنے میں حکومت کی ناکامی پر متعدد مقامات پر احتجاج۔
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد سے علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
No comments:
Post a Comment