Tuesday, 8 June 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date : 08.06.2021, Time : 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 June-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۸؍ جون  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ 18 سال سے اوپر کے سبھی شہریوں کو 21 جون سے مرکزی حکومت دے گی کورونا وائرس سے بچائو کے مفت ٹیکے؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اعلان۔
٭ پونے ضلعے میں سینیٹائزر بنانے والی کمپنی میں لگی بھیانک آگ میں 18 ملازمین کی موت؛ مرنے وا لوں میں 16 خواتین شامل۔
٭ کورونا پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد کل سے اورنگ آباد کے شہری حدود میں بازار اور کاروبار ہوئے شروع؛ تاہم عوام سے احتیاط
جاری رکھنے اور غفلت نہ برتنے کی انتظامیہ کی اپیل۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 39 کورونا مریضوںکی موت؛ اورنگ آباد میں 14 کورونا مریضوں نے جان گنوائی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
18 سال سے زیادہ عمر کے سبھی شہریوں کو 21جون سے مرکزی حکومت کورونا سے بچائو کے ٹیکے مفت لگوائے گی۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل یہ اعلان کیا۔ کل شام قوم سے اپنے خطاب میں مودی نے کہا کہ ریاستوں کی مانگ کے مطابق مرکزی حکومت‘ ریاستوں کی 25% فیصد ٹیکہ اندازی کی ذمہ داری لے رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارت میں تیار کیے جارہے ٹیکوں کی 75% مقدار خرید کر مرکزی حکومت ریاستوں کو فراہم کرے گی۔
***** ***** *****
اس دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ فیس ادا کرکے بھی خانگی اسپتالوں میں کورونا سے بچائوکے ٹیکے لگوائے جاسکتے ہیں۔ مودی نے کہا کہ خانگی اسپتال‘ کورونا سے بچائو کے ٹیکے لگوانے کے بدلے ٹیکے کی رقم کے علاوہ زیادہ سے زیادہ دیڑھ سو روپئے لے سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب تک ملک میں 23 کروڑ لوگوں کی ٹیکہ اندازی ہوچکی ہے۔ مودی نے بتایا کہ فی الحال ملک میں سات کمپنیاں ٹیکے تیار کررہی ہیں اور تین کمپنیوںمیں تحقیق جاری ہے۔ وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ناک کے ذریعے Nasal Spray  کی طرز پر دئیے جانے والے ٹیکے پربھی تحقیق جاری ہے۔
***** ***** *****
پونے کے قریب مُلشی میں صنعتی علاقے میں ایک کیمیائی کمپنی میں لگی آگ میں 18 ملازمین کی موت ہوگئی۔ مرنے والو ںمیں 16 خواتین ہیں۔ سینیٹائزر بنانے والی اس کمپنی میں کل دوپہر یہ حادثہ ہوا۔ آتش فرو دستے کے 9ٹینکر س کی مدد سے دیر شام اس آگ پر قابو پایا جاسکا۔ ریاستی حکومت نے اس واقعے کی جانچ کے احکامات دے دئیے ہیں اور مرنے والوں کے ورثاء کو فی کس پانچ لاکھ روپئوں کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے ورثاء کو مرکزی حکومت کی جانب سے فی کس 2 لاکھ روپئے اور زخمیوں کو 50ہزار روپئوں کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
گرام پنچایتوں کے سرپنچ اپنے اپنے گائووں کو کورونا سے نجات دلوانے کیلئے پہل کریں اور گائوں کو کورونا سے آزاد کروانے کیلئے عوامی تحریک شروع کریں۔ یہ اپیل مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ناسک‘ کوکن اور پونے ڈویژن کے سرپنچوں سے بات چیت کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گائوں کے سرپنچ، گائوں کے سرپرست کے طور پر ذمہ داری اٹھائیں اور گائوں میں حکومت کی ہدایات کے مطابق سرکاری منصوبوں پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کی شہری حدود میں عائد کورونا پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد کل شہر کے سبھی بازار دوبارہ شروع ہوگئے۔ اس دوران بازارو ںمیں عوام کی بھیڑ دیکھی گئی۔ سڑکوںپر لوگوں کی آمد و رفت میں اضافہ ہونے سے کچھ مقامات پر ٹریفک جام بھی لگا۔ اس پسِ منظر میں میونسپل ایڈمنسٹریٹر آستک کمار پانڈیے نے عوام سے احتیاط جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر جمعرات کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے کورونا مریضوں کی تعداد اور آکسیجن بیڈز کی دستیابی سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس طرح اگلے ہفتے ہونے والے جائزے کے بعد شہر کا لیول طئے کیا جائیگا۔ پانڈے نے آگاہ کیا کہ اگر کورونا پازیٹیو ہونے کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے تو اورنگ آباد میونسپل حدود کو دوبارہ لیول تھری یا فور کے زمرے میں رکھ کر پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔ ساتھ ہی اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک مریضوں کے کورونا پازیٹیو ہونے کی شرح پانچ فیصد سے کم ہے اور 25 فیصد تک آکسیجن بیڈز دستیاب ہیں، تب تک شہر لیول وَن میں ہی رہے گا۔ پانڈے نے لوگوں سے احتیاط کا دامن نہ چھوڑنے اور حکومت اور انتظامیہ سے تعاون کرنے کی اپیل بھی کی۔
دوسری جانب شہر کے بیوپاریوں کیلئے کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کیلئے شہر میں قائم 14 طبّی مراکز اور دیگر 4 مراکز پر 24 گھنٹے ٹسٹ کی سہولت دستیاب رہے گی۔
دوسری جانب اورنگ آباد ضلع ویاپاری مہاسنگھ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہیکہ بیوپاریوںکے RT-PCR جانچ کرنے کی بجائے انہیں کورونا سے بچائو کے ٹیکے لگوائے جائیں۔ اس بیچ اورنگ آباد شہر میں آج سے سٹی بس خدمات دوبارہ بحال ہورہی ہیں۔ اس دوران شہر کے پانچ اہم راستوں پر 16 بسیں 241 چکر لگائیں گی۔ اورنگ آباد اسمارٹ سٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بس ڈویژن کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 10,219 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس انکشاف کے بعد ریاست میں اَب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 58 لاکھ 42 ہزار ہوگئی ہے۔ وہیں 154 مریضوں کی کل ریاست میں کورونا سے موت ہوگئی۔ ان اموات کے بعد اب تک مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے جان گنوانے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 470 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات 1.72% رہی۔
دوسری جانب کل ایک دِن میں ریاست میں 21081 کورونا مریضوں نے اس بیماری سے نجات پائی۔ اب تک مہاراشٹر میں 55 لاکھ 64 ہزار 348  افراد اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ کووِڈ 19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب قریب 95% رہا۔ فی الحال مہاراشٹر بھر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 320 ہے جو مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 679 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا، جبکہ 39 مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں اورنگ آباد اور لاتور ضلعوں سے 14-14 مریض شامل ہیں۔ وہیں بیڑ میں 6‘ جالنہ میں 5‘ اور ناندیڑ اور پربھنی ضلعوں میں کل ایک۔ ایک کورونا مریض کی موت ہوگئی۔
دریں اثناء بیڑ ضلعے میں گذشتہ روز 155 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اورنگ آباد میں کل ایک دِن میں 143 لوگوں کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ عثمان آباد میں 142‘ ناندیڑ میں 76‘ اور پربھنی میں 67 لوگوں میں کل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اسی طرح جالنہ میں 46‘ لاتور میں 45  اور ہنگولی ضلعے میں 5  افراد کو گذشتہ روز کورونا پازیٹیو پایا گیا۔
***** ***** *****
مرکزی تعلیمی بورڈ CBSE نے بارہویں جماعت کے طلبہ کے زیرِ التواء پریکٹیکل اور داخلی جانچ کے امتحانات کے بارے میں نئے رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ ان کے مطابق پریکٹیکل اور داخلی جانچ کے امتحانات اب صرف آن لائن ہی لیے جائیں گے۔ اس دوران بارہویں کے طلبہ کو ملے نمبرات‘ 28 جون تک CBSE کی ویب سائٹ پر اَپلوڈ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ امتحانات کے دوران ہر طالب ِ علم کی تصویر بھی لینی ہوگی۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کے خدشات کے بیچ دیہی علاقوں میں طبّی نظام کو مستحکم بنانے کی جانب توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت محصول اور دیہی ترقیات کے مملکتی وزیر عبدالستار نے دی ہے۔ وہ کل اورنگ آباد میں ڈویژنل کمشنر دفتر میں منعقدہ اجلاس میں کورونا صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔ عبدالستار نے ہدایت دی کہ نئے دیہی طبّی مراکز کے قیام اور موجودہ مراکز کی درستی پر توجہ دی جائے۔
***** ***** *****
سابق ریاستی وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے مہاراشٹر حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ مراٹھا ریزرویشن کے معاملے میں مراٹھا تنظیموں میں پھوٹ ڈال رہی ہے۔ وِکھے پاٹل نے کل ناسک میں یہ بات کہی۔ اس دوران وِکھے پاٹل نے رکنِ پارلیمنٹ سنبھاجی راجے سے اپیل کی کہ وہ 16 جون کو اپنا مجوزہ آندولن واپس لیں۔ وِکھے پاٹل نے مزید کہا کہ آئندہ ہونے والی میٹنگوں میں رکنِ پارلیمنٹ سنبھاجی راجے اور شیوسنگرام پارٹی کے رکنِ اسمبلی ونائک میٹے کو بھی مدعو کیا جائیگا۔
***** ***** *****
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے کل مہاراشٹر میں آندولن کیے گئے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے اور مدد اور بازآباد کاری کے وزیر وجئے وڑیٹیوار نے گڈچرولی پمپ پر ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کیخلاف مظاہرے کیے۔ اورنگ آباد میں بھی ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے سابق رکنِ اسمبلی ڈاکٹر کلیان کاڑے کی قیادت میں شہر کے مختلف پٹرول پمپوں پر احتجاج کیے گئے۔ اس کے علاوہ مراٹھواڑہ کے دوسرے شہرو ں جالنہ، پربھنی، ہنگولی، ناندیڑ اور لاتور میں بھی کانگریس عہدیداروں اور کارکنوں نے مرکزی حکومت کیخلاف مظاہرے کرتے ہوئے ایندھن کی بڑھتی قیمتوں پر اپنا احتجاج درج کروایا۔
***** ***** *****
کورونا وباء کے دوران اپنے سرپرستوں کو کھودینے والی لڑکیوںکی شادی کیلئے انھیں شادی خانے مفت دینے کا فیصلہ پربھنی ضلعے کے شادی خانوں کے مالکان کی تنظیم نے کیا ہے۔ اس بارے میں پربھنی ضلع کلکٹر دیپک مُگلیکر کی اپیل پر مثبت ردّ عمل ظاہر کرتے ہوئے ضلع منگل کاریالیہ سنگھٹنا نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران منڈپ ڈیکوریشن سنگھٹنا نے بھی اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے شادی کے دوران منڈپ سمیت سجاوٹ کے سبھی سامان مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے میں محکمۂ آثارِ قدیمہ کے تحت آنے والی سبھی تاریخی عمارتوں اور مقامات کو کھولنے کا مطالبہ اورنگ آباد ٹورسٹ گائیڈ ایسوسی ایشن اور اورنگ آباد ٹورِزم ڈیولپمنٹ فائونڈیشن نے کیا ہے۔ ان تنظیموں کے عہدیداروں نے بتایا کہ تاریخی عمارتوں کو کھولنے کے مطالبے پر مبنی محضر‘ مرکزی وزیرِ سیاحت پرلہاد سنگھ پٹیل او رمہاراشٹر کے وزیرِ ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے کو بھی بھیجے گئے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے۔۔
٭ 18 سال سے اوپر کے سبھی شہریوں کو 21 جون سے مرکزی حکومت دے گی کورونا وائرس سے بچائو کے مفت ٹیکے؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اعلان۔
٭ پونے ضلعے میں سینیٹائزر بنانے والی کمپنی میں لگی بھیانک آگ میں 18 ملازمین کی موت؛ مرنے وا لوں میں 16 خواتین شامل۔
٭ کورونا پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد کل سے اورنگ آباد کے شہری حدود میں بازار اور کاروبار ہوئے شروع؛ تاہم عوام سے احتیاط
جاری رکھنے اور غفلت نہ برتنے کی انتظامیہ کی اپیل۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 39 کورونا مریضوںکی موت؛ اورنگ آباد میں 14 کورونا مریضوں نے جان گنوائی۔
***** ***** *****
خبروں کا یہ بلیٹن آکاشوانی اورنگ آباد کے یوٹیوب چینل آکاشوانی سماچار اورنگ آباد  یا  NEWS AURANGABD  AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سنا جاسکتا ہے۔

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 01.05.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 01 May 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...