Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۹؍ جون ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ ریزرویشن کیلئے مقرر کی گئی پچاس فیصد کی حد میں رعایت دینے کیلئے قانون میں ترمیم کرنے کا وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کا وزیرِ اعظم مودی سے مطالبہ؛
دونوں رہنمائوں کے مابین کل ہوئی ملاقات میں کئی موضوعات پر ہوا تبادلۂ خیال۔
٭ امراوتی کی رُکنِ پارلیمنٹ نونیت کور رانا کا کاسٹ سرٹیفکیٹ ممبئی ہائیکورٹ نے کیا ردّ؛ نونیت کور پر 2 لاکھ روپئوںکا جرمانہ بھی عائد کیا۔
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 39 کورو نا مریضوں کی موت؛ لاتور میں سب سے زیادہ 15 مریضوں کی موت کا اندراج۔
اور
٭ مانسون کے 11 سے 13 جون کے قریب پورے مہاراشٹر پر چھا جانے کا امکان؛ مراٹھواڑہ کے کچھ ضلعو ںمیں آج طوفانی ہوائوں کے ساتھ تیز بارش کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
ریزرویشن کیلئے مقرر کی گئی پچاس فیصد کی حد میں نرمی کرنے کیلئے قانون میں ترمیم کرنے کا مطالبہ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ٹھاکرے نے کل نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار اور تعمیراتِ عامہ کے وزیر اشوک چوہان کے ساتھ دِلّی میں وزیرِ اعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ مرکزی حکومت‘ مراٹھا سماج کے تعلیم اور ملازمتوں میں ریزرویشن سے متعلق واجبی مطالبات کو مدِنظر رکھتے ہوئے قانونی ترمیم کا راستہ اپنائے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ملاقات کے دوران پسماندہ طبقات کو ملازمتوں میں ترقی کے دوران دیا جانے والا ریزرویشن‘ ریاستوں کی بقایہ GST رقم‘ GST بھرپائی‘ ودھان پریشد کے 12 اراکین کی نامزدگی‘ میٹرو کار شیڈ اور فصل بیمہ منصوبہ جیسے مختلف موضوعات پر مثبت تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کے بعد وزیرِ اعلیٰ نے وزیرِ اعظم مودی کے ساتھ قریب آدھے گھنٹے تک الگ سے ملاقات بھی کی۔
اس بیچ مہاراشٹر ودھان سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور BJP رہنما دیویندر پھڑنویس نے وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ اعظم کے بیچ ہوئی ملاقات کا خیر مقدم کیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پھڑنویس نے کہا کہ اس ملاقات سے مرکز اور ریاستی حکومت کے درمیان بات چیت شروع ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب BJP رہنماء اور رکنِ پارلیمنٹ اُودین راجے بھوسلے نے وزیرِ اعلی اُدّھو ٹھاکرے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کے مابین ہوئی ملاقات پر تنقید کی ہے۔ ساتارا میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اُودین راجے نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے مراٹھا ریزرویشن کا معاملہ صرف سنا ہے، لیکن کوئی تیقن نہیں دیا۔ انھوں نے اس ملاقات کو محض سیاسی لین دین کیلئے ہوئی ملاقات قرار دیا۔ اُودین راجے کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم سے ملاقات کرنے سے پہلے مراٹھا ریزرویشن معاملے پر اجلاس منعقد کیا جانا چاہیے تھا، جہاں اس موضوع پر تبادلۂ خیال ہوتا۔
مراٹھا ریزرویشن معاملے کے درخواست گذار وِنود پاٹل نے بھی اس ملاقات پر محتاط ردّ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت یہ نہ سمجھے کہ وزیرِ اعظم سے ملاقات ہوجانے سے وہ خاموش ہوجائیں گے۔ ونود پاٹل نے کہا کہ اس ملاقات سے مراٹھا سماج کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوا ہے۔
***** ***** *****
امراوتی کی آزاد رُکنِ پارلیمنٹ نونیت کور رانا کا کاسٹ سرٹیفکیٹ ممبئی ہائیکورٹ نے ردّ کردیا ہے۔ عدالت نے نونیت کور پر 2 لاکھ روپئوں کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ اس معاملے میں شیوسینا کے سابق رُکنِ پارلیمنٹ آنند اڈسوڑ نے ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا اور نونیت کور کے کاسٹ سرٹیفکیٹ کے جعلی ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ کل ہوئی سماعت کے دوران عدالت نے رکنِ پارلیمنٹ رانا کے کاسٹ سرٹیفکیٹ کو ردّ کرتے ہوئے اُسے چھ ہفتوں کے اندر حکومت کے پاس جمع کروانے کے احکامات دئیے ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکوں کی مفت ٹیکہ اندازی کیلئے 74 کروڑ ٹیکوں کی کھیپ خریدنے کے احکامات جار ی کیے ہیں۔ کل منعقدہ اخباری کانفرنس میں بولتے ہوئے نیتی آیوگ کے صحت سے متعلق رُکن ڈاکٹر VK Paul نے بتایا کہ مرکزی حکومت Covishild ‘ Covaccine اور Biological E یہ تین ٹیکے خریدے گی۔ ان میں کووِی شیلڈ 25 کروڑ‘ کوویکسین 19 کروڑ اور بائیولوجیکل E 30 کروڑ ہوں گے۔ ڈاکٹر Paul نے بتایا کہ متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے ان ٹیکوں کی فراہمی فوراً شروع کی جائیگی اور دِسمبر تک سبھی ٹیکے مرحلہ وار طریقے سے موصول ہوجائیں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 10,891 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ درج کیا گیا۔ اس انکشاف کے بعد مہاراشٹر میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 58 لاکھ 52 ہزار 891 ہوگئی ہے۔ وہیں کل ریاست بھر میں 295 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ ان اموات کے بعد مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوانے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 172 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات 1.73% رہی۔
دوسری جانب مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 16 ہزار 577 کورونا مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو لوٹے۔ ریاست میں اب تک 55 لاکھ 80 ہزار 925 کورونا مریض پوری طرح ٹھیک ہوچکے ہیں۔ کووِڈ 19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب 95% رہا۔ فی الحال مہاراشٹر بھر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد ایک لاکھ 67 ہزار 927 ہے اور ان سبھی کا علاج جار ی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 638 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے، جبکہ 39 مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد لاتور ضلعے میں رہی، جہاں 15 مریضوں نے جان گنوائی۔ اورنگ آباد میں 9 کورونا مریض کل چل بسے۔ بیڑ میں 7‘ جالنہ میں 6 اور ناندیڑ ضلعے میں کل 2 کورونا مریض ہلاک ہوگئے۔
دریں اثناء مراٹھواڑہ کے سبھی ضلعوں میں ایک دِن میں پازیٹیو پائے جانے والے مریضوں کی تعداد میں قابلِ لحاظ کمی آرہی ہے۔ اورنگ آباد ضلعے میں کل ایک دِن میں 145 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ بیڑ میں 132‘ عثمان آباد میں 124‘ اور ناندیڑ میں 116‘ نئے مریض منظرِ عام پر آئے۔ اسی طرح لاتور میں 51‘ جالنہ میں 37‘ پربھنی میں 25 اور ہنگولی ضلعے میں 8 افراد کو کل کورونا پازیٹیو پایا گیا۔
***** ***** *****
ممبئی ہائیکورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے حکم دیا ہیکہ مرکزی حکومت کی جانب سے بھیجے گئے Ventilators میں سے اورنگ آباد کے علاوہ دوسرے ضلعوں کو فراہم کیے گئے Ventilators کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ جسٹس RV گھگے اور جسٹس BU دیبڑوار پر مشتمل بینچ نے اس معاملے میں ڈویژنل کمشنر کو متعلقہ ضلع کلکٹروں سے معلومات حاصل کرکے عدالت میں تفصیلات پیش کرنے کو کہا۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کی وجہ سے ماں۔ باپ یا دونو ںمیں سے کسی ایک کو گنوانے والے بچوں تک حکومتی منصوبوں کے فائدے فوراً پہنچانے کی ہدایت اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے دی ہے۔ ضلع کلکٹر‘ کل ضلع ٹاسک فورس کی میٹنگ میں بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس وباء کے دوران ضلعے میں 326 بچوں نے ایک سرپرست کھویا ہے، جبکہ 13 بچوں نے ماں اور باپ دونو ںکو گنوا دیا ہے۔ ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ ان بچوں تک فائدے پہنچانے کی کاروائی ایک ہفتے میں مکمل کرلی جائے۔
***** ***** *****
مانسون کے 11 سے 13 جون کے آس پاس ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر پر چھا جانے کا امکان ہے۔ جنوبی ریاست کیرالہ سے تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے صرف تین دِنوں میں مانسون 6 جون کو پونے‘ عثمان آباد اور لاتور ضلعے کے جنوبی حصوں تک پہنچ گیا تھا۔ تاہم اس کے بعد موسمی بارش کا سلسلہ تھم گیا اور مانسون آگے نہیں بڑھا۔ حالانکہ ریاست کے قریب 35% رقبے پر مانسون چھاگیا ہے، لیکن ممبئی سمیت ناسک، جلگائوں، دھولیہ اور مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد‘ جالنہ، بیڑ، پربھنی، ناندیڑ اور ہنگولی ضلعوں میں مانسون ابھی تک داخل نہیں ہوا ہے۔ اس بیچ محکمۂ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہیکہ مراٹھواڑہ کے کچھ ضلعو ںمیں آج طوفانی ہوائوں کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے۔
***** ***** *****
شیوسینا کی اورنگ آباد شاخ کے قیام کا 36 واں یومِ تاسیس کل منایا گیا۔ اس موقعے پر آن لائن خطاب کرتے ہوئے شیوسینا رہنما اور وزیرِ صنعت سبھاش دیسائی نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن اور ضلع پریشد انتخابات میں پارٹی کو جیت دِلانے کا عزم کریں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کی نگراں وزیر پنکجا منڈے نے اعلان کیا ہیکہ ضلعے میں چنے کی فروخت کیلئے امدادی مراکز پر Online اندراج کروانے کی مدت میں 18 جون تک توسیع کی جارہی ہے۔ اس بارے میں رکنِ اسمبلی سنجے دَونڈ نے مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ کورونا وائرس کے حالات کے دوران عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے چنا اُگانے والے کسانوںکو نقصان سے بچانے کیلئے Online رجسٹریشن کی معیاد میں توسیع کی جائے۔ اس پسِ منظر میں یہ توسیع کی گئی ہے۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کے خدشات کے پسِ منظر میں پیشگی تیاریوںکے طور پر پربھنی ضلع اسپتال کے میڈیکل افسر اور نرسوں کو پہلے مرحلے کے تحت ٹریننگ دی جارہی ہے۔ اورنگ آباد کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال گھاٹی میں 14 جون تک چلنے والے اس تربیتی کیمپ میں 5 میڈیکل افسران‘ ایک پیرامیڈیک اور 10 نرسوں کو تربیت دی جائیگی۔ ضرورت پڑنے پر مزید افسران اور ملازمین کو تربیت دینے کا منصوبہ ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے۔۔
٭ ریزرویشن کیلئے مقرر کی گئی پچاس فیصد کی حد میں رعایت دینے کیلئے قانون میں ترمیم کرنے کا وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کا وزیرِ اعظم مودی سے مطالبہ؛
دونوں رہنمائوں کے مابین کل ہوئی ملاقات میں کئی موضوعات پر ہوا تبادلۂ خیال۔
٭ امراوتی کی رُکنِ پارلیمنٹ نونیت کور رانا کا کاسٹ سرٹیفکیٹ ممبئی ہائیکورٹ نے کیا ردّ؛ نونیت کور پر 2 لاکھ روپئوںکا جرمانہ بھی عائد کیا۔
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 39 کورو نا مریضوں کی موت؛ لاتور میں سب سے زیادہ 15 مریضوں کی موت کا اندراج۔
اور
٭ مانسون کے 11 سے 13 جون کے قریب پورے مہاراشٹر پر چھا جانے کا امکان؛ مراٹھواڑہ کے کچھ ضلعو ںمیں آج طوفانی ہوائوں کے ساتھ تیز بارش کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
خبروں کا یہ بلیٹن آکاشوانی اورنگ آباد کے یوٹیوب چینل آکاشوانی سماچار اورنگ آباد یا NEWS AURANGABD AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سنا جاسکتا ہے۔
No comments:
Post a Comment