Thursday, 11 August 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں -بتاریخ: 11 اگست 2022' وقت: صبح 9:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 11 August-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۱؍ اگست  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو فی ہیکٹر 13 ہزار 600 روپئے امداد دینے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ سیلاب زدہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ امداد دئیے جانے کا مطالبہ اسمبلی اجلاس میں اُٹھایا جائیگا: قائد ِ حزبِ اختلاف اجیت پوار۔
٭ شیوسینا کے اُدّھو ٹھاکرے اور شندے گروپوں کی درخواستوں پر عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت ایک بار پھر مؤخر؛ اب سماعت 22 اگست کو۔
٭ ٹیکس کی تقسیم کے تحت ریاست کو 7 ہزار 369 کروڑ روپئے مرکز کی جانب سے موصول۔
٭ نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ آج عہدے کا حلف لیں گے۔
اور۔۔٭ ریاست میں کورونا کے نئے ایک ہزار 847 مریض؛ مراٹھواڑہ میں 66 متاثر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو 3 ہیکٹر تک فی ہیکٹر 13 ہزار 600 روپئے کی مدد دینے کا فیصلہ ریاستی کابینہ نے کیا ہے۔ کابینی اجلاس کے بعد وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اخباری نمائندوں کو یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے متاثرین کو NDRF کی بہ نسبت دوگنا معاوضہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ معاوضے کی ادائیگی کیلئے 2 ہیکٹر کی حد کو بڑھا کر 3 ہیکٹر کردی گئی ہے۔ شندے نے بتایا کہ شدید بارش کے باعث 15 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر موجود فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔
ممبئی میٹرو 3. کے اضافی اخراجات کو بھی کابینہ کے اس اجلاس میں منظور کیا گیا۔ 2015 میں اس منصوبے کا تخمینہ 23 ہزار کروڑ روپئے تھا، جسے اب 10 ہزار کروڑ روپئے بڑھاکر 33 ہزار کروڑ روپئے کردیا گیا ہے۔ رتنا گیری میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کی تجویز کو بھی کابینہ نے منظورکرلیا۔
***** ***** *****
اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد اجیت پوار نے کہا ہے کہ بنجر زمین کیلئے فی ہیکٹر 75 ہزار اور باغاتی زمین کیلئے فی ہیکٹر دیڑھ لاکھ روپئے امداد کا مطالبہ کیا گیا تھا‘ لیکن وزیرِ اعلیٰ نے اس مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے سیلاب زدہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ تین ہیکٹر کی حد مقرر کیے جانے سے کئی کسان‘ امداد سے محروم ہوجائیں گے‘ اس لیے اس حد میں رعایت کیے جانے کا بھی انھوں نے مطالبہ کیا۔ اجیت پوار نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنے اس فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔ نیز کسانوں کو زیادہ سے زیادہ امداد دلانے کیلئے وہ اسمبلی اجلاس میں آواز اٹھائیں گے۔
***** ***** *****
شیوسینا کے اُدّھو ٹھاکرے اور شندے گروپوںکی جانب سے عدالت ِ عظمیٰ میں دائر کردہ درخواستوں پر سماعت اب 22 اگست کو ہوگی۔ اس سے قبل 8 اگست کو مجوزہ سماعت 12  اگست تک کیلئے ملتوی کی گئی تھی‘ تاہم اب اسے مزید 10 دِنوں کیلئے مؤخر کردیا گیا ۔ چیف جسٹس این وی رمنا  26  اگست کو سبکدوش ہورہے ہیں۔ اس لیے ان درخواستوں کی سماعت ایک بار پھر دوسری بینچ کے سپرد کرنے کے خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومتوں کو ٹیکس کی رقم کے حصے کی دو اقساط ایک لاکھ 16ہزار 666 کروڑ روپئے کی رقم کل مرکز نے تقسیم کی۔ اس میں مہاراشٹر کو 7 ہزار 3 سو 69 کروڑ روپئے موصول ہوئے ہیں۔ ریاست کے ترقیاتی کاموں میں تیزی کیلئے مرکزی حکومت پابند ہے۔ اسی سلسلے میں ٹیکس کے ریاستوں کے حصے کی یہ رقم تقسیم کی گئی۔
***** ***** *****
ملک کے 14 ویں نائب صدرِ جمہوریہ کی حیثیت سے جگدیپ دھنکڑ آج حلف لیں گے۔ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو انھیں عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گی۔ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو کی معیاد کل ختم ہوگئی۔ اسی دوران نائیڈو کے ہاتھوں کل پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں شجرکاری کی گئی۔ اس موقع پر انھوں نے ترغیب دی کہ ہر شہری شجرکاری کی ترویج و تشہیر کرے۔
***** ***** *****
ملک کے چیف جسٹس کے عہدے پر بزرگ و تجربہ کار جج جسٹس اُدئے اُمیش للت کی نامزدگی عمل میں آئی ہے۔ اس خصوص میں کل مرکزی حکومت کی جانب سے حکمنامہ جاری کیا گیا۔ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو انھیں 27  اگست کو عہدے کا حلف دلائیں گی۔ جسٹس للت صرف 78 دِنوں تک اس عہدے پر فائز رہنے کے بعد سبکدوش ہوجائیں گے۔
***** ***** *****
بھیما کورے گائوں پُرتشدد واقعات کے ملزم ورورا رائو کی عبوری ضمانت کو مستقل ضمانت میں تبدیل کرنے کو عدالتِ عظمیٰ نے منظوری دیدی ۔ 82 سالہ رائو نے اپنی خرابیٔ صحت کا حوالہ دیکر عدالت سے یہ درخواست کی تھی۔ اس ضمن میں ابھی بھی فردِ جرم عائد نہیں کی گئی اور ورورا رائو کی صحت میں بھی بہتری نہیں ہوئی۔ اس لیے عدالت نے انھیں مستقل ضمانت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا سے متاثرہ نئے مزید ایک ہزار 847 مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ریاست میں اس مرض سے متاثر ہونے والے افراد کی کُل تعداد 80 لاکھ 64 ہزار 366 ہوگئی۔ کل کووِڈ کے باعث 7 مریضوں کی موت واقع ہوئی۔ اس طرح اس وباء کے باعث اب تک ریاست میں ایک لاکھ 48 ہزار 157 مریض فوت ہوچکے ہیں۔ اب بھی ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں 11 ہزار 889 کووِڈ مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 66  افراد کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ جن میں عثمان آباد ضلع کے 22‘ لاتور 18‘ اورنگ آباد 10‘ بیڑ اور ناندیڑ کے 7-7  اور پربھنی و ہنگولی اضلاع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان نے الزام عائد کیا ہے کہ مراٹھا سماج کے معاشی طور پر پسماندہ افراد کو صداقت نامے جاری کرنے کیلئے تحصیلدار ٹال مٹول کررہے ہیں اور مطالبہ کیا کہ حکومت ضلع اور تعلقہ انتظامیہ کو فی الفور احکامات جاری کرکے وضاحت کرے کہ اس ضمن میں کوئی عدالتی قدغن موجود نہیں ہے۔ اشوک چوہان نے اپنے مطالبے پر مبنی ایک مکتوب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کو ارسال کیا ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ فی الحال مختلف کورسیز کیلئے داخلے کا عمل اور ملازمتوں میں بھرتیاں جاری ہیں‘ اس لیے وزیرِ اعلیٰ فوری کاروائی کریں۔
***** ***** *****
جالنہ شہر میں چند آہنی صنعتکاروں کے گھروں اور دفاتر پر انکم ٹیکس کی جانب سے گذشتہ چند دِنوں سے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں آج ملی خبروں کے مطابق اسٹیل مل مالکان کے گھروں اور دفاتر پر مارے گئے چھاپے میں بڑے پیمانے پر نقد رقم‘ سونا اور املاک کی دستاویزات ضبط کی گئیں۔ یہ اطلاع ہمارے جالنہ کے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** *****
آزادی کے امرت مہوتسو مہم کے تحت مراٹھواڑہ بھر میں مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ عثمان آباد میں پولس سپرنٹنڈنٹ دفتر پر ہر گھر ترنگا مہم کے سلسلے میں ترنگا جھنڈا فروخت کرنے کے مرکز کا افتتاح کل پولس سپرنٹنڈنٹ اتل کلکرنی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس مہم کے تحت ضلع کے تمام 18 پولس تھانوں میں فروخت کیلئے ترنگا رکھا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا نے روپی امدادِ باہمی بینک کا اجازت نامہ منسوخ کردیا ہے۔ کاروبار میں بدعنوانی کے پیشِ نظر یہ کاروائی کی گئی۔ 22 ستمبر سے بینک کوئی کاروبار نہیں کرسکے گا۔ بینک ملازمین کی تنظیم کی جانب سے داخل کردہ اور دیگر مقدمات کے سلسلے میں 2017 میں ممبئی عدالت ِ عالیہ کے جاری کردہ حکم کے تحت یہ کاروائی کی گئی ۔
***** ***** *****
آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت شہریوں کو کووِڈ تدارک کے بوسٹر ڈوز مفت دئیے جارہے ہیں۔ ناندیڑ میں بزرگ ادیب ڈاکٹر سریش ساونت نے بھی یہ بوسٹر ڈوز لیا۔ انھوں نے عوام کو ترغیب دی ہے کہ اس مہلک مرض سے بچائو کیلئے فوری بوسٹر ڈوز لگائیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو فی ہیکٹر 13 ہزار 600 روپئے امداد دینے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ سیلاب زدہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ امداد دئیے جانے کا مطالبہ اسمبلی اجلاس میں اُٹھایا جائیگا: قائد ِ حزبِ اختلاف اجیت پوار۔
٭ شیوسینا کے اُدّھو ٹھاکرے اور شندے گروپوں کی درخواستوں پر عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت ایک بار پھر مؤخر؛ اب سماعت 22 اگست کو۔
٭ ٹیکس کی تقسیم کے تحت ریاست کو 7 ہزار 369 کروڑ روپئے مرکز کی جانب سے موصول۔
٭ نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ آج عہدے کا حلف لیں گے۔
اور۔۔٭ ریاست میں کورونا کے نئے ایک ہزار 847 مریض؛ مراٹھواڑہ میں 66 متاثر۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 29.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 29 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...