Friday, 12 August 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں -بتاریخ: 12 اگست 2022' وقت: صبح 9:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 12 August-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۲؍ اگست  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ جالنہ کے اسٹیل کارخانے پر محکمہ انکم ٹیکس کا چھاپہ؛ کم و بیش 390 کروڑ روپئوں کی غیر محسوب دولت کا انکشاف۔
٭ ملک کے 14 ویں نائب صدرِ جمہوریہ کے طور پر جگدیپ دھنکڑ نے لیا حلف۔
٭ ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس کا آئندہ  17  اگست سے آغاز۔
٭ ہر گھر ترنگا مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مالیات کے مرکزی وزیرِ مملکت ڈاکٹر بھاگوت کراڑ کی اپیل۔
٭ مرکزی جانچ ایجنسیوں کا بے جا استعمال کرکے اقتدار حاصل کرنے والی حکومت زیادہ عرصے تک نہیں ٹک پائے گی: کانگریس کے
ریاستی صدر نانا پٹولے کا اظہارِ خیال۔
اور۔۔٭ ریاست میں کل پائے گئے کورونا کے ایک ہزار 877 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں بھی 71 نئے متاثرین کا اضافہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست میں سب سے زیادہ اسٹیل پیدا کرنے والے جالنہ میں اسٹیل کارخانے‘ کارخانے کے مالکان کے گھر اور دفتر پر محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپے کے دوران 390 کروڑ روپئوں کی غیر محسوب دولت پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ انکم ٹیکس محکمے نے جالنہ کے دو کارخانہ مالکان کے جالنہ، اورنگ آباد، ناسک اور ممبئی میں واقع مقامات پر چھاپہ مارا۔ اس Raid میں 53 کروڑ روپئوں کی نقد رقم‘ 32 کلو سونا‘ ہیرے موتی اور کم و بیش 300 کروڑ روپئوں کے غیر محسوب اثاثوں کے دستاویزات ضبط کیے گئے۔ اسٹیل کی سلاخیں تیار کرنے والے ان کارخانہ مالکان نے ضرورت سے زیادہ خام مال دستاویزات کے بغیر ذخیرہ کررکھا تھا۔ اسی طرح انھوں نے غیر محسوب لین دین کرکے اشیاء و خدمات ٹیکس GST کی بھی چوری کی تھی۔ اس کاروائی کے دوران انکم ٹیکس محکمے کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق ان کارخانہ مالکان نے اپنے ملازمین کے نام پر مختلف امدادِ باہمی بینکوں میں سونے کے زیورات اور نقد رقم جمع کررکھی تھی۔ محکمہ نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ یہ کاروائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے ملک کے 14 ویں نائب صدرِ جمہوریہ کے طو رپر کل جگدیپ دھنکڑ کو حلف دلایا۔ نائب صدرِ جمہوریہ، راجیہ سبھا کے چیئرمین ہیں۔ نائب صدرِ جمہوریہ کے عہدے کیلئے گذشتہ 6  اگست کو ہوئے چنائو میں NDA امیدوار دھنکڑ نے 528 ووٹ حاصل کیے‘ جبکہ حزبِ اختلاف کی اُمیدوار مارگریٹ الوا  182 ووٹ ہی جٹا پائیں۔
***** ***** *****
ریاست کی قانون ساز اسمبلی کا مانسون اجلاس آئندہ  17  اگست سے ممبئی میں ہوگا۔ یہ اجلاس 25  اگست تک جاری رہے گا۔ قانون ساز اسمبلی کی کاروائی کیلئے تشکیل دی گئی صلاح کار کمیٹی کی میٹنگ میں کل یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس میٹنگ میں اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر‘ قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر نیلم گورہے‘ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نرہری جھرواڑ‘ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد اجیت پوار اور کونسل میں اپوزیشن رہنماء امبا داس دانوے موجود تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست کی عوام سے آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر قومی پرچم خرید کر لہرانے اور ہر گھر ترنگا مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں کل منترالیہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے یہ اپیل کی۔ وزیرِ اعلیٰ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے اس موقع پر ’اُمید‘ مہم کے تحت خواتین بچت گروپ کے دالان سے قومی پرچم خریدا۔
***** ***** *****
مالیات کے مرکزی وزیرِ مملکت ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے عوام سے ہر گھر ترنگا مہم میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔ وزیرِ موصوف کل اورنگ آباد میں صحافتی کانفرنس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ اورنگ آباد‘ تاریخی وراثت کا حامل ضلع ہے۔ کراڑ نے ضلع کی تاریخی عمارتوں پر پرچم لہرانے اور روشنائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اورنگ آباد کے مجاہدین ِ آزادی اور ان کے وارثوں کا آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر استقبال کیا جائیگا۔
***** ***** *****
آزادی کا امرت مہوتسو منانے کیلئے ریاستی حکومت نے مکتوب جاری کیا ہے۔ گورنر کے ہاتھوں پونے میں جبکہ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں منترالیہ میں 5  اگست کو صبح نو بجکر پانچ منٹ پر پرچم کشائی کی جائیگی۔ ریاست کے 19  اضلاع میں وزراء جبکہ بقیہ اضلاع میں ضلع کلکٹرس ترنگا لہرائیں گے۔ اورنگ آباد میں سندیپان بھومرے‘ جالنہ میں عبدالستار‘ پربھنی میں اتل ساوے اور عثمان آباد میں تاناجی ساونت کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئیگی۔ حکومت نے عوامی‘ سرکاری اور تاریخی عمارتوں پر پرچم لہرانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ آزادی کے امرت مہوتسو پر مختلف پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی جانچ ایجنسیوں کا بے جا استعمال کرکے اقتدار حاصل کرنے والی شندے حکومت زیادہ عرصے تک نہیں چلے گی۔ پٹولے کل اورنگ آباد میں صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ حکومت زور زبردستی اور پیسوں کے بل پر اقتدار میں آئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس حکومت کو اپنی کابینہ کی توسیع کیلئے 39 دِن لگے۔ انھوں نے کہا کہ کابینہ کی توسیع کے تین دِن گذرنے کے بعد بھی وزراء میں قلمدان تقسیم نہیں کیے گئے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ BJP اور شندے گروپ میں قلمدانوں کی تقسیم کے مسئلے پر لڑائی جاری ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے ایک ہزار 877 نئے مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ریاست بھر میں اب تک اس وباء کے کُل متاثرین کی تعداد 80 لاکھ 66 ہزار 243 ہوچکی ہے۔ کل اس بیماری سے 5 مریضوں کی موت ہوگئی۔ ریاست میں اب تک اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 162 ہوچکی ہے۔ ساتھ ہی کل ایک ہزار 971 کورونا مریض صحت یاب ہوئے۔ ریاست میں اب تک 79 لاکھ 6 ہزار 291 کورونا مریض صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 11ہزار 790 کورونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں بھی کل کورونا کے 71 نئے معاملے درج کیے گئے۔ ان میں لاتور ضلع کے 29‘ اورنگ آباد 13‘ عثمان آباد 11‘ جالنہ 7‘ بیڑ 5‘ ناندیڑ 4‘ پربھنی اور ہنگولی کا فی کس ایک مریض شامل ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست کی عوام کو کورونا کے مدافعتی ٹیکوں کی دوسری خوراک اور بوسٹر ڈوز دینے کیلئے منصوبہ بندی کرنے اور رفتار بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں کل ممبئی کے ودھان بھون میں کورونا کا بوسٹر ڈوز دینے کیلئے مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے یہ ہدایت دی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اس تقریب میں موجود تھے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے قائد دھننجئے منڈے نے بیڑ ضلع کے مختلف مقامات پر سویا بین اور مختلف فصلوں کو کیڑوں سے ہونے والے نقصان پر کسانوں کو خصوصی مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کل نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے اس خصوص میں ملاقات کی اور یہ مانگ کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے متاثرہ کسانوں کیلئے عنقریب ظاہر کی گئی امداد میں گوگل گائی کیڑہ متاثرین کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔ انھوں نے کیڑوں سے ہونے والے فصلوں کے نقصان کیلئے فی ہیکٹر 50ہزار روپئے امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر کل ناندیڑ میں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کی جانب سے 375 میٹر طویل قومی پرچم کے ساتھ ریلی نکالی گئی۔ اس جلوس میں مختلف جماعتوں کے عہدیدار‘ طلبہ، نوجوان‘ سماجی کارکنان اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
محکمۂ موسمیات نے آئندہ اتوار تک مراٹھواڑہ کے چند مقامات پر بجلی کی چمک اور بادلوںکی گرج کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران کوکن اور ودربھ کے بیشتر مقامات پر جبکہ وسطی مہاراشٹر کے کئی مقامات پر برسات کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ جالنہ کے اسٹیل کارخانے پر محکمہ انکم ٹیکس کا چھاپہ؛ کم و بیش 390 کروڑ روپئوں کی غیر محسوب دولت کا انکشاف۔
٭ ملک کے 14 ویں نائب صدرِ جمہوریہ کے طور پر جگدیپ دھنکڑ نے لیا حلف۔
٭ ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس کا آئندہ  17  اگست سے آغاز۔
٭ ہر گھر ترنگا مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مالیات کے وزیرِ مملکت ڈاکٹر بھاگوت کراڑ کی اپیل۔
٭ مرکزی جانچ ایجنسیوں کا بے جا استعمال کرکے اقتدار حاصل کرنے والی حکومت زیادہ عرصے تک نہیں ٹک پائے گی: کانگریس کے
ریاستی صدر نانا پٹولے کا اظہارِ خیال۔
اور۔۔٭ ریاست میں کل پائے گئے کورونا کے ایک ہزار 877 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں بھی 71 نئے متاثرین کا اضافہ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 30.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 30 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...