Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 11 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱/ اگست ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ حکومت کی توجہ جدید ترین بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔ پونے سے اَجنی سمیت کل تین وندے بھارت ریل گاڑیوں کو ہری جھنڈی۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر سے جواہر لال نہرو پورٹ ٹرسٹ تک ایک نئی ٹرانسپورٹ راہداری بنانے کا وزیرِ اعلیٰ کا ارادہ۔
٭ ناسک کے اِگت پوری میں غیر قانونی کال سینٹر پر سی بی آئی کی کارروائی۔
٭ ہر گھر ترنگامہم کے تحت ناندیڑ میں ترنگا گاڑیوں کی ریلی کی عوام نے کی پذیرائی۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشن گوئی؛ ناندیڑ‘ لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں تین دنوں کیلئے یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت جدید بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ وزیرِاعظم کل بنگلورو میں تین وندے بھارت ریل گاڑیوں کے آغاز اور مختلف بنیادی ڈھانچوں کی سہولیات کا سنگ ِ بنیاد رکھنے کے بعد بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ جب ہمارے شہر اسمارٹ‘ متحرک اور زیادہ کارآمد ہوں گے تبھی ہم سب سے آگے ہوں گے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ آپریشن سندور کے بعد وہ پہلی بار بنگلورو آرہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف اس آپریشن کی کارروائی میں بڑا کردار ادا کرنے پر انھوں نے بنگلورو کے نوجوانوں اور سائنسدانوں کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
پونے سے اَجنی‘ بنگلورو سے بیلگام اور امرتسر سے کٹراماتا ویشنو دیوی تک وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا گیا۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ناگپور ریلوے اسٹیشن سے تقریب میں شرکت کی۔ اَجنی -پونے مہاراشٹر کی بارہویں وندے بھارت ریل گاڑی ہے جو ملک میں سب سے طویل 881 کلو میٹر کا فاصلہ طئے کرتی ہے۔ یہ ایکسپریس ریل گاڑی 73 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلے گی اور ناگپور تا پونے کے درمیان 10 مقامات پر رُکے گی۔وسطی ریلوے کی جانب سے جاری کیے گئے مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ یہ ریل گاڑی شیگاؤں میں بھی رُکے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ناگپور- پونے ریلوے وقت کی بچت کرے گا اور ودربھ کی عوام کو پونے سے جوڑے گا۔ انھوں نے بتایا کہ یہ جو فاصلہ پہلے 16-17 گھنٹوں میں طئے کیا جاتا تھا وہ اب صرف 12 گھنٹوں میں طئے ہوگا۔ پھڑنویس نے اس کیلئے وزیرِ اعظم مودی اور ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر، اہلیا نگر اور پونے صنعتی پٹی ہے جس کی ترقی کیلئے ریلوے لائنیں بچھانا ضروری ہے۔
***** ***** *****
جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرکے سائبر اور مالیاتی دھوکہ دہی میں اضافے کے پیشِ نظر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے شہریان سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں کل ناگپور میں مالی دھوکہ دہی کے متاثرین کو تقریباً دس کروڑ روپئے واپس کیے جانے کے پروگرام کے انعقاد کے ساتھ ساتھ ناگپور پولس کی جانب سے تیار کیے گئے گروڑ درشٹی سوشل میڈیا نگرانی منصوبے کا پریزنٹیشن دیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے یہ اپیل کی۔
***** ***** *****
ملک کے تینوں مسلح افواج کے سربراہ جنرل اَنل چوہان نے کہا ہے کہ آپریشن سندور تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور آپریشنل اتحاد کی ایک مثال ہے۔ وہ کل سکندرآباد کے ڈیفنس مینجمنٹ کالج میں منعقدہ تقریب میں سینئر افسران سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے مسلح افواج کے درمیان مشترکہ کارروائی کیلئے درکار حکمت ِ عملی اور مستقبل کے روڈ میپ پر افسران کی رہنمائی کی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ٹکنالوجی پر مبنی آج کے دور میں صلاحیت کی جامع ترقی‘ خود انحصاری اور دفاعی شعبے میں تبدیلیوں کا علم ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج نئی دہلی میں اراکینِ پارلیمنٹ کیلئے بنائی گئی 184 رہائش گاہوں کا افتتاح کریں گے۔ بابا کھڑک سنگھ مارگ پر واقع اس کامپلیکس میں وزیرِ اعظم کے ہاتھوں سندور کا ایک پودا بھی لگایا جائے گا۔ عوامی نمائندے اپنی ذمہ داریوں کو زیادہ مؤثر طریقے سے نبھائیں، اس کے پیشِ نظر اس کامپلیکس میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سینئر نقاد ڈاکٹر سدھیر رَساڑ نے کہا ہے کہ اگر اخلاقی تعلیمات‘ بے حیائی کے خاتمے کا راستہ نہیں دکھاتیں تو وہ بے معنی ہیں۔ موصوف کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں موج پرکاشن کی جانب سے شائع کردہ اپنی کتاب ”شیام منوہرانچی ناٹکا“ نامی کتاب کے اجراء کے موقع پر بول رہے تھے۔ اس کتاب کا اجراء سینئر ڈائریکٹر چندر کانت کلکرنی نے کیا۔
***** ***** *****
سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (CBI) نے ناسک ضلع کے اِگت پوری میں چل رہے ایک غیر قانونی کال سینٹر کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے ممبئی کے چھ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ان میں سے پانچ کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ اس کال سینٹر کو ای کامرس ویب سائٹ امیزون کے گاہکوں کا امدادی مرکز ہونے کا بہانہ بناکر دھوکہ دہی کی کالیں کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ گفٹ کارڈس اور کرپٹو کرنسی کے حوالے سے اس کال سینٹر سے امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک کے شہریان کو کال کرکے دھوکہ دیا گیا۔ ملزمین نے اس کال سینٹر میں 60 افراد کو ملازم رکھا تھا۔ جانچ کے دوران سی بی آئی نے 44 لیپ ٹاپ اور 71موبائل فونز ضبط کیے۔ ساتھ ہی مہنگی کاریں، سونا اور بڑی مقدار میں نقدی بھی برآمد کی گئی۔
***** ***** *****
قیدیوں کے سماجی اور تعلیمی مفادات اور ان کی بازآبادکاری کو مدِنظر رکھتے ہوے راجہ رام موہن رائے لائبریری فاؤنڈیشن کی مشترکہ فنڈ اسکیم کے تحت ریاست کی 60 جیلوں کے کتب خانوں کیلئے کیس اور کتابوں کیلئے ریک فراہم کیے جائیں گے۔ ریاستی حکومت نے دیگر لائبریریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں مطالعے کے شوق میں اضافے کی خاطر سماجی اسکیمات سے فائدہ اٹھانے کیلئے پہل کریں۔
***** ***** *****
ہر گھر ترنگا مہم کے تحت کل ناندیڑ میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ترنگا گاڑیوں کی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی کا آغاز میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے کے ذریعے ہری جھنڈی دکھاکر کیا گیا۔ اس ترنگا ریلی میں میونسپل کارپوریشن کے مختلف محکمہ جات کے سربراہان اور آتش فرو محکمے کے اہلکاروں سمیت شہریان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
عوامی شخصیت آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کے مکمل مجسّمے کی لاتور شہر میں تنصیب کی گئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس آج اس مجسّمے کی نقاب کشائی کریں گے۔ وزیرِ اعلیٰ لاتور ضلع کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک جائزاتی میٹنگ میں بھی شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
ناسک میں منعقد ہونے والے کمبھ میلے کیلئے مختلف ایجنسیوں کی جانب سے حکومت کو پیش کیے گئے تقریباً 24 ہزار کروڑ روپئے کے منصوبوں میں سے کمبھ میلہ اتھاریٹی نے پانچ ہزار 140 کروڑ روپؤں کے مختلف کاموں کو منظوری دی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے اخراجات میں ساڑھے سات ہزار روپؤں کی کٹوتی کرتے ہوئے آئندہ دو برسوں میں تین ہزار 2300 کروڑ روپئے کے کاموں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کرنے کی شرط بھی رکھی گئی ہے۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال:
محکمہئ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے تک ریاست کے چاروں ڈویژنس میں کم و بیش بارش ہوگی۔ محکمے نے بتایا کہ آئندہ دو دِنوں کے دوران کوکن اور ودربھ کے زیادہ تر مقامات پر، جبکہ وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمے نے مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آج سے تین دنوں کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ حکومت کی توجہ جدید ترین بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔ پونے سے اَجنی سمیت کل تین وندے بھارت ریل گاڑیوں کو ہری جھنڈی۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر سے جواہر لال نہرو پورٹ ٹرسٹ تک ایک نئی ٹرانسپورٹ راہداری بنانے کا وزیرِ اعلیٰ کا ارادہ۔
٭ ناسک کے اِگت پوری میں غیر قانونی کال سینٹر پر سی بی آئی کی کارروائی۔
٭ ہر گھر ترنگامہم کے تحت ناندیڑ میں ترنگا گاڑیوں کی ریلی کی عوام نے کی پذیرائی۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشن گوئی؛ ناندیڑ‘ لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں تین دنوں کیلئے یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment