Friday, 29 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 29 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مراٹھواڑہ میں ہر طرف بارش؛ کئی اضلاع میں شدید بارش؛ آبی پشتوں سے پانی کا بڑے پیمانے پر اخراج۔
٭ ناندیڑ اور لاتور اضلاع میں احتیاطی طور پر آج اسکولوں کو چھٹی کا اعلان۔
٭ آج کھیلوں کے قومی دن کے موقعے پر مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے معاملے میں دونوں ہی سماجوں کے فائدے پر غور کریں گے: وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
اور۔۔۔٭ ریاست بھر میں ڈیڑھ دن کے گنیش کا وِسرجن۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے اکثر مقامات پر کل موسلا دھار بارش ہوئی۔ کئی علاقوں میں شدید بارش درج کی گئی۔ اس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
ناندیڑ ضلعے کے 17محصول ڈیویژن میں زیادہ بارش درج کی گئی۔ دیگلور تعلقے کے دو ہزار 236 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس SDRF کا ایک دستہ دیگلور تعلقے میں تعینات کیا گیا ہے۔ ضلع میں آج بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔ مکھیڑ اور لوہا تعلقوں کے کئی گاؤں میں پانی بھر گیا ہے۔ ہسناڑ‘ بور گاؤں ان گاؤں میں بھی سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ نائیگاؤں تعلقے میں بادل پھٹنے سے مانار کا‘ کالوا منصوبہ لبالب بہہ رہا تھا۔ یہ پانی اِکڑی مور گاؤں میں جمع ہونے سے املاک کا بہت نقصان ہوا ہے۔
دریں اثناء‘ وِشنو پوری منصوبے کے تین دروازے جبکہ اُردھو مانار آبی پشتے کے سات دروازوں سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ جنوب وسطی ریلوے کے حیدرآباد ڈیویژن کے کچھ ریلوے ٹریک پر سے پانی بہہ رہا ہے، جس کی وجہ سے کچھ ٹرینوں کے راستوں میں بدل کیا گیا ہے جبکہ کچھ ٹرینیں مکمل اور کچھ جزوی طور پر منسوخ کی گئی ہیں۔
لاتور ضلعے کے 60 محصول ڈویژن میں شدید بارش درج کی گئی ہے۔ رابطہ وزیر شیویندر راجے بھونسلے نے فوری طور ضروری اقدامات کرنے کے احکامات انتظامیہ کو دئیے ہیں۔
کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی اطلاع پر سابق وزیر مانک راؤ ٹھاکرے کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے کل ضلعے میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ رکنِ پارلیمان رویندر چوہان سمیت پارٹی کے عہدیداران اس موقعے پر موجود تھے۔
بیڑ ضلعے کے دھارور تعلقے کے وان ندی کے پُل سے گذرنے والی رکشہ سیلاب میں بہہ گئی۔ یہ حادثہ آڑس- امبہ جوگائی راستے کے اَوَر گاؤں کے قریب پیش آیا۔ اس میں بہہ جانے والے نتن کامبڑے کی نعش کل صبح ملی ہے‘ جبکہ انل لوکھنڈے کی تلاش کیلئے بیڑ سے خصوصی تلاش دستہ داخل ہوچکا ہے۔ ندی میں طغیانی آنے سے مسلسل پُل پر سے پانی بہنے سے یہ راستہ بند ہوجاتا ہے۔ انتظامیہ سے اس پُل کی اونچائی بڑھانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
دریں اثناء‘ دھارور کے تحصیلدار سریش پاڑودے نے اپیل کی ہے کہ کوئی بھی ندی طغیانی آنے پر پانی میں جانے کی جرأت نہ کریں۔
ہنگولی ضلعے کے اونڈھا ناگناتھ تعلقے کے سدھیشور آبی پشتے میں پانی کی آمد بڑھ گئی ہے۔ اس کی وجہ سے پشتے کے 14 دروازے ایک فٹ کھول کر اس میں سے بارہ ہزار 141 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی پورنا ندی میں چھوڑا جارہا ہے۔
پربھنی کی سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر نے کل ضلعے میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بورڈیکر نے احکامات دئیے ہیں کہ انتظامیہ الرٹ رہے اور عوام کو احتیاطی اقدامات سے آگاہ کریں۔
جالنہ شہر سمیت ضلعے میں رات بھر بارش جاری رہی، جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آنے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
دھاراشیو ضلعے میں شدید بارش کی وجہ سے فصلوں کا کافی نقصان ہواہے۔ بی جے پی کے ضلع صدر دتا کلکرنی نے کل نقصانات کا جائزہ لیا۔ ضلع کی فصلوں کے نقصانات کے پنچنامے فوری کرنے اور فوری مالی مدد فراہم کرنے کا مطالبہ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے زرعی وزیر دتاترے بھرنے سے کیا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بھی کل زوردار بارش ہوئی۔ پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی کی سطح 99 فیصد ہوچکی ہے۔ فی الحال جائیکواڑی میں 57 ہزار 46 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتارسے پانی کی آمد جاری ہے، جبکہ جائیکواڑی کے 18 دروازوں سے 75 ہزار 456 کیوسیک کی رفتار سے پانی گوداوری ندی میں چھوڑا جارہا ہے۔
دریں اثناء‘مراٹھواڑہ کے اکثر مقامات کیلئے آج بھی یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے‘ جبکہ پونے، اہلیا نگر اور کولہاپور اضلاع کے پہاڑی علاقوں کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
قومی کھیل دن آج منایا جارہا ہے۔ عظیم ہاکی کھلاڑی میجر دھیان چند کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے یہ دن منایا جاتا ہے۔ اس سال کے قومی کھیل دن کا موضوع پُرامن اور جامع معاشرے کو فروغ دینے کیلئے کھیل ہے۔
اس موقعے پر نوجوانوں کی بہبود اور کھیل کی مرکزی وزیرِ مملکت رکھشا کھڑسے چھترپتی سمبھاجی نگر میں بین الاقوامی سطح پر کھیلنے والے کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازے گی۔ آج سہ پہر نیشنل اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے صحن میں یہ پروگرام منعقد ہونے کی اطلاع ہے۔
***** ***** *****
سوئٹزر لینڈ کے ژیورچ میں ہوئے ڈائمنڈ لیگ فائنل مقابلے میں بھالہ پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا دوسرے مقام پر رہے۔ انھوں نے 85 اعشاریہ ایک صفر میٹر فاصلے پر بھالہ پھینک کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ جرمنی کی جولین ویبرن نے اس مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں ریاستی حکومت دونوں ہی سماجوں کے فائدے پر غور کرے گی۔ وہ کل ممبئی میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی سماج کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ دس فیصد ریزرویشن دینے پر بھی مراٹھا سماج کا احتجاج کرنا سمجھ میں نہیں آتا۔ او بی سی زمرے سے ریزرویشن ملنے پر مراٹھا سماج کو کتنا فائدہ ہوگا؟ اس کا شبہ ہے جس کی وجہ سے اس مطالبہ کا مراٹھا سماج کے مفکروں سے دوبارہ غور کرنے کی اپیل وزیرِ اعلیٰ نے کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے دائرے میں اس مطالبہ کا حل تلاش کریں گے۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے او بی سی کوٹے سے مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے کیلئے 50 فیصد کی حد کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ کل‘ ممبئی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت ہے، لہٰذا ریاستی حکومت کو دہلی میں جاکر ریزرویشن کی 50 فیصد کی حد کو ہٹایا جانا چاہیے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کیلئے منوج جرانگے پاٹل آج اپنے حامیوں کے ساتھ شیو نیری قلعے سے ممبئی کی جانب گامزن ہوں گے۔ متعلقہ خبروں کے مطابق تحریک کے رہنماء منوج جرانگے پاٹل نے آزاد میدان میں صرف ایک دن کیلئے احتجاج کی اجازت کو مسترد کرتے ہوئے او بی سی کوٹے سے مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے کے مطالبے کیلئے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
***** ***** *****
کل ریاست بھر میں ڈیڑھ دن کے گنپتی کاوسرجن کیا گیا۔ اس دوران عقیدت مندوں نے اپنے گھروں میں موجود گنیش کو الوداع کیا۔ گنیش وسرجن کیلئے ممبئی کے سمندری کناروں سمیت کئی جگہوں پر مصنوعی تالابوں کا انتظام کیا گیا تھا‘ جہاں عقیدت مندوں کی بھیڑ دکھائی دی۔
کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے وَرَد گنیش مندر کے احاطے میں اجتماعی اَتھروشِیرش پڑھا گیا۔ وشو ہندو پریشد کے مندر پروہت آیام نے گذشتہ سال سے یہ پہل شروع کی ہے۔ اس اقدام کو شہریوں بالخصوص خواتین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی ہے۔
***** ***** *****
بزرگ اداکار اور ہدایت کار بال کروے کا‘ کل ممبئی میں انتقال ہو گیا، وہ 87 برس کے تھے۔ انہیں شائقین مختلف فلموں اور ڈراموں کے ساتھ سیریل چِمن راؤ گنڈیابھاؤ میں گنڈیابھاؤ کے کردار کیلئے یاد کرتے ہیں۔
***** ***** *****
شعبہئ صحت کے ملازمین کے مختلف مطالبات کی یکسوئی کیلئے قومی صحت مشن افسران اور ملازمین متحدہ کمیٹی کی جانب سے کل دھاراشیو میں ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کمیٹی نے حکومت کی جانب سے مطالبات عدم یکسوئی کی صورت میں احتجاجی تحریک میں شدت لانے کا انتباہ دیا ہے۔ کمیٹی ان مطالبات کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرانے کیلئے 19 اگست سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کر رہی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مراٹھواڑہ میں ہر طرف بارش؛ کئی اضلاع میں شدید بارش؛ آبی پشتوں سے پانی کا بڑے پیمانے پر اخراج۔
٭ ناندیڑ اور لاتور اضلاع میں احتیاطی طور پر آج اسکولوں کو چھٹی کا اعلان۔
٭ آج کھیلوں کے قومی دن کے موقعے پر مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے معاملے میں دونوں ہی سماجوں کے فائدے پر غور کریں گے: وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
اور۔۔۔٭ ریاست بھر میں ڈیڑھ دن کے گنیش کا وِسرجن۔
***** ***** *****

No comments: