Friday, 10 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 10 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 10 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۰؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عالمی سرمایہ کاروں سے بھارت کی اقتصادی ترقی کی رفتار میں شریک ہونے کی وزیر اعظم کی درخواست۔
٭ تمباکو سے پاک نوجوان نسل مہم کے تیسرے مرحلے کا آغاز۔
٭ ضلع پریشد، پنچایت سمیتی، نگر پریشد اور نگر پنچایتوں کے انتخابات کیلئے فہرست ِ را ئے دہندگان کا مسودہ شائع۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں آبرسانی منصوبے کے کام آخری مرحلے میں، میونسپل کمشنر نے کیا معائنہ۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے ایک روزہ کرکٹ عالمی کپ مقابلوں میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوںبھارت کو تین وکٹ سے شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دنیا بھر کے تمام سرمایہ کاروں سے بھارت کی اقتصادی ترقی کی رفتار میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ کل ممبئی میں گلوبل فنٹیک فیسٹ میں برطانوی وزیر اعظم کِیر اسٹارمر کے ساتھ صنعتکاروں سے مخاطبت میں مودی نے بنیادی ڈھانچے اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھارت کی طرف سے کی جانے والی مختلف کوششوں کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے بھارت اور برطانیہ کے درمیان شراکت داری‘ عالمی استحکام اور اقتصادی ترقی کی بنیاد ثابت ہونے کے یقین کا بھی اظہار کیا۔ فِنٹیک کے پانچ سالوں کے کاموںکا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا...
Byte: Prime Minister Narendra Modi
دریں اثنا، وزیر اعظم مودی اور وزیر اعظم اسٹارمر کے درمیان کل نمائندہ سطح پر گفت و شنید ہوئی۔ صنعت و تجارت کے وزیر پیوش گوئل نے بتایا کہ اس ملاقات میں، مشترکہ اقتصادی اور تجارتی کمیٹی کے دوبارہ قیام کیلئے شرائط و ضوابط پر دستخط کیے گئے، جس سے بھارت اوربرطانیہ آزاد تجارتی معاہدے کو فروغ دیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کل سنیچر کو نئی دہلی میں پردھان منتری دھن دھانیے کرشی یوجنا اور دالوں کے شعبے میں خود انحصاری مہم کا آغاز کریں گے۔ زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کل نئی دہلی میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے گندم اور چاول کی پیداوار کی طرح دالوں کی پیداوار میں بھی ملک کے خود کفیل ہو جانے کے یقین کا بھی اظہار کیا۔ چوہان نے بتایا کہ اس اسکیم کے مقاصد پیداواری صلاحیت میں اضافہ، فصلوں کے تنوع کی حوصلہ افزائی اور آبپاشی ذخیرے کو بہتر بنانا ہے۔
***** ***** *****
صحت اور خاندانی بہبود کی وزیرِ مملکت انوپریا پٹیل نے کل تمباکو سے آزاد نوجوان مہم کے تیسرے مرحلے کا آغاز کیا۔ اس 60 روزہ قومی سطح کی مہم کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو تمباکو کے استعمال سے بچنے کیلئے بیدار کرنا اور تمباکو نوشی ترک کرنے کے خواہشمند افراد کی مدد کرنا ہے۔ اس موقع پر انوپریا پٹیل نے طلباء سے ’’تمباکو کو نا کہو‘‘ کا عہد بھی کروایا۔ انہوں نے مہم کو کامیاب کرنے سے متعلق بھی رہنمائی کی۔ انھوں نے کہا...
Byte: Minister of Health and Family Welfare Anupriya Patel
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام شندے نے کہا ہےکہ بھارت کی ڈیجیٹل تبدیلی پارلیمانی جمہوریت کیلئے باعث ِ فخر ہے۔ وہ ‘ جرمنی کے شہر بارباڈوس میں جاری 68 ویں دولت ِ مشترکہ پارلیمانی تنظیم کی بین الاقو امی کانفرنس میں ’’ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے جمہوریت کا فرو غ اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈیجیٹل ناخواندگی کا خاتمہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نےاس ورکشاپ میں ورچول طریقے سے شرکت کرکےحاضرین کی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
انتخابی کمیشن نے بہار اسمبلی انتخابات کی تشہیری مہم میں مصنوعی ذہانت یعنی (AI)کا استعمال نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ ہدایات مثالی ضابطہ اخلاق میں شامل کی گئی ہیں۔ کمیشن نے AI کے ذریعے سماجی رابطوں کی سائٹس پر غلط، جعلی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے پر پابندی لگا دی ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ تشہیری مہم کی تصاویر، ویڈیوز یا آڈیو ریکارڈنگ میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیے جانے پر مذکورہ مواد پر اس کی وضاحت کرنا لازمی ہوگا۔
***** ***** *****
ریاستی انتخابی کمیشن نے ریاست میں ضلع پریشد، پنچایت سمیتی، نگر پریشد اور نگر پنچایت انتخابات کیلئے فہرست ِ رائےدہندگان کا مسودہ شائع کیا ہے۔ اس فہرست میں موجود نام ووٹرز ویب سائٹ maha sec Voter list.in پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ فہرست تحصیل، نگر پریشد اور نگر پنچایت کے دفاتر میں بھی دستیاب ہے۔ جن شہریوں کے نام یکم جولائی 2025 کو اسمبلی انتخابات کی فہرست میں شامل تھے، انہیں اس فہرست میں برقرار رکھا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی بجلی تقسیم کا ر کمپنی مہاوِترن کی سات ملازمین تنظیموں نے مختلف زیر التوا مطالبات کی یکسوئی کیلئے کل سے تین روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ نے ہڑتال کے دوران بجلی فراہمی متاثر نہ ہونے دینے کیلئے متبادل انتظامات کو تیار رکھا ہے۔ اس ہڑتال کے سلسلے میں مہاراشٹر ضروری خدمات مینٹیننس ایکٹ - میسما لاگو کیا گیا ہے۔ مہاوِترن انتظامیہ نے ہڑتال کے دوران افواہوں پر یقین نہ کرنےاور کوئی شکایت ہونے پر ٹول فری نمبر 1912 پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
انسداد دہشت گردی دستے اور پونے پولس نے مشترکہ طور پر پونے کے کونڈھوا علاقے میں 19 مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی بدھ کی نصف شب سے شروع ہوئی۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے میں تفتیش کے بعد کچھ اہم شواہد قبضے میں لیے گئے ہیں۔ 2023 کے معاملے میں ‘ ملزمین سے پوچھ گچھ کے د وران موصولہ معلومات کی بنیاد پر یہ کارروائی کرنے کی وضاحت اے ٹی ایس نے کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کا آبرسانی منصوبہ اپنے آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ میونسپل کمشنر جی شری کانت نے کل پیٹھن کے جائیکواڑی پشتے کا دورہ کرکے نکشترواڑی تک پانی فراہمی کی نئی پائپ لائن اور جیک ویل کے کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے اس کام کے آخری مرحلے کو جلد از جلد مکمل کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے تاکہ چھترپتی سمبھاجی نگر کے شہریان کو پانی کی معقول مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
***** ***** *****
قومی صحت مشن کے تحت کانٹریکٹ بنیادپر برسرِکار ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ حکومت نے اس فیصلے کو منظوری دے دی ہے۔ تنخواہ میں اضافے کا شمار جون 2025 کی اداہ شدہ تنخواہ پر لگایا جائے گا، اور اس سے ریاست بھر کے تقریباً پچاس ہزار ملازمین کو فائدہ ہوگا۔
***** ***** *****
خواتین کے ایک رو زہ کرکٹ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں، کل جنوبی افریقہ نے وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے ایک مقابلے میں بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے بھارت کی جانب سے مقررہ 252 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ بھارت فی الحال ٹورنامنٹ میں چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
***** ***** *****
مردوں کے کرکٹ میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اب سے کچھ دیر بعد صبح ساڑھے نو بجے سے اس میچ کا آغاز ہوگا۔
***** ***** *****
عالمی دماغی صحت دن کے موقع پر آج سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں دماغی صحت کی خدمات سے متعلق ایک خصوصی بیداری مہم شروع کی جائے گی۔ ضلع صحت افسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے ضلعے کے تمام شہریوں سے اس بیداری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور اپنے خاندان کی ذہنی صحت کا خیال رکھنے کی ترغیب دی ہے۔
***** ***** *****
دیوالی کے موقع پر ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی 598 اضافی بسیں پونے ڈویژن سے 15 اکتوبر سے 5 نومبر کے درمیان چلائی جائیں گی۔ یہ بسیں مراٹھواڑہ، کوکن، مغربی مہاراشٹر اور شمالی مہاراشٹر میں خدمات فراہم کریں گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ عالمی سرمایہ کاروں سے بھارت کی اقتصادی ترقی کی رفتار میں شریک ہونے کی وزیر اعظم کی درخواست۔
٭ تمباکو سے پاک نوجوان نسل مہم کے تیسرے مرحلے کا آغاز۔
٭ ضلع پریشد، پنچایت سمیتی، نگر پریشد اور نگر پنچایتوں کے انتخابات کیلئے فہرست ِ را ئے دہندگان کا مسودہ شائع۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں آبرسانی منصوبے کے کام آخری مرحلے میں، میونسپل کمشنر نے کیا معائنہ۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے ایک روزہ کرکٹ عالمی کپ مقابلوں میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوںبھارت کو تین وکٹ سے شکست۔
***** ***** *****

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 جنوری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 January-2026 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبر...