Thursday, 16 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 16 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 16 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گڑھ چرولی میں 61‘ جبکہ چھتیس گڑھ میں 27 نکسلیوں کی خودسپردگی؛ مارچ 2026 تک نکسل اِزم مکمل خاتمے کی طرف گامزن۔
٭ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں شولاپور‘ ممبئی فضائی خدمات کا افتتاح۔
٭ امراوتی ڈویژن بشمول جالنہ اور ہنگولی میں شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں کیلئے 480 کروڑ 50 لاکھ روپئے تقسیم کو منظوری۔
٭ مہاوِکاس آگھاڑی نے ووٹر لسٹ کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کو پیش کیا محضر۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے لاتور‘ دھاراشیو‘ بیڑ‘ جالنہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
گڑھ چرولی کے 61 نکسلیوں نے شورش کا راستہ چھوڑ کر کل سماج کے مرکزی دھارے میں شمولیت اختیار کرلی۔ ان میں CPI کے ماؤسٹ پولٹ بیورو کے رُکن ملوجولا وینو گوپال راؤ عرف سونو عرف بھوپتی بھی شامل ہے۔ ریاستی حکومت نے ان نکسلیوں پر پانچ کروڑ 24 لاکھ روپئے کا انعام رکھا تھا۔ تمام ہتھیار ڈالنے والے نکسلیوں کو آئین کی ایک ایک کاپی کے ساتھ نکسل متاثرین کے خاندانوں کیلئے مراعاتی فنڈ سے چیک دیکر قومی دھارے میں آنے کا خیر مقدم کیا گیا۔ یہ پروگرام وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں منعقد ہوا۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مسلسل کارروائی کی وجہ سے نکسل تحریک اب اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مہاراشٹر نے مارچ 2026 تک ملک سے نکسل ازم کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف پہلے ہی حاصل کرلیا ہے۔
مرکزی وزیرِ داخلہ کی اپیل کا جواب دیتے ہوئے بھوپتی نے پچھلے مہینے ہتھیار ڈالنے کا اشارہ دیا تھا، جس کی حمایت ملک کے دیگر نکسلائٹس نے کی تھی۔ چھتیس گڑھ کے سکما ضلعے میں 27 نکسلیوں نے کُل 50 لاکھ روپئے کا انعام لے کر خودسپردگی کی ان میں 10 خواتین اور 17 مرد شامل ہیں
اس سال اب تک 1639نکسلی ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوچکے ہیں۔ 836 نکسلیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ 312 نکسلائٹس بشمول جنرل سیکریٹری اور آٹھ پولٹ بیورو ممبران انکاؤنٹر میں مارے گئے ہیں۔
مرکزی وزارتِ داخلہ نے کہا کہ ملک مارچ 2026 تک نکسلائٹس سے پاک ہونے کی راہ پر گامزن ہے اور فی الحال ملک کے صرف تین اضلاع نکسل سے متاثر ہیں۔ جبکہ نکسل تحریک گیارہ اضلاع میں موجود ہے۔
***** ***** *****
شولاپور-ممبئی ہوائی خدمات کل شولاپور میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں شروع کی گئیں۔ اس موقعے پر شہری ہوابازی کے مرکزی وزیرِ مملکت مرلی دھر موہوڑ اور کئی دیگر معززین موجود تھے۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ نے شولاپور ضلعے میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں دیوالی کٹس کی تقسیم کا آغاز کیا۔ اس موقعے پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ 15 ہزار کٹس سے لدے سات ٹرکوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔
***** ***** *****
حکومت نے اگست اور ستمبر میں بھاری بارش کی وجہ سے اکولہ، بلڈانہ، واشم، جالنہ اور ہنگولی اضلاع کیلئے 480 کروڑ 50 لاکھ روپئے کی تقسیم کو منظوری دی ہے۔ اس ضمن میں حکومتی فیصلہ کل جاری کیا گیا۔ یہ فنڈ ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر اسکیم کے ذریعے مستفید ہونے والے کسانوں کے بینک کھاتوں میں براہِ راست جمع کرایا جائے اور استفادہ کنندگان اور ریلیف فنڈ کی تفصیلات ضلع انتظامیہ کی ویب سائٹ پر شائع کیے جانے کے احکامات ملے ہیں۔
***** ***** *****
مہاوِکاس آگھاڑی نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کی ووٹر لسٹ کو درست کیا جائے اور اس کے مطابق بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔ اس مطالبے کا محضر الیکشن کمیشن کو پیش کرتے ہوئے ووٹر لسٹ کی خامیوں کو ثبوت کے ساتھ کمیشن کے علم میں لانے کی اطلاع راشٹروادی کانگریس کے سینئر لیڈر جینت پاٹل نے دی ہے۔ وہ کل ممبئی میں صحافتی کانفرنس سے مخاطب تھے۔ اس صحافتی کانفرنس میں سابق وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے، ایم این ایس صدر راج ٹھاکرے‘ کانگریس کے سینئر لیڈر بالا صاحب تھورات‘ وجئے وڑیٹیوار اور مہا وِکاس آگھاڑی کے کئی اور لیڈران موجود تھے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ کے ممبران‘ شادی‘ گھر کی خریداری وغیرہ جیسی وجوہات کی بناء پر بھی پہلے سال میں اپنے پی ایف اکاؤنٹ کا پیسہ نکال سکیں گے۔ مرکزی وزیرِ محنت و روزگار من سکھ مانڈویہ نے بتایا کہ خصوصی ہنگامی حالات میں پی ایف میں موجود رقم کو سال میں دوبار نکالا جاسکتا ہے۔ ملازمت چھوڑنے کے بعد ملازمین 75 فیصد رقم فوری اور باقی رقم ایک سال کے بعد نکال سکتے ہیں۔
***** ***** *****
دولت ِ مشترکہ کھیل 2030 گجرات کے احمدآباد میں ہوں گے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کہا کہ دولت ِ مشترکہ نے اس سلسلے میں بھارت کی طرف سے پیش کردہ تجویز کو منظوری دے دی ہے۔
***** ***** *****
سوامی رامانندتیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی ناندیڑ کی ٹیم نے گیان تیرتھ یوتھ فیسٹیول کا مجموعی خطاب جیتا ہے۔ 12 تاریخ کو شروع ہونے والا میلہ کل اختتام پذیر ہوا اور جیتنے والوں کو وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر نے انعامات سے نوازا۔ دیانندکامرس کالج لاتور کی ٹیم نے مجموعی طورپر رَنر اَپ کا خطاب حاصل کیا۔
***** ***** *****
15 اکتوبر کو ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن اطلاعات و نشریات کی وزارت کے مرکزی بیورو آف کمیونیکیشن ناندیڑ نے ہاتھ دھونے کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کیلئے بڑی رام پور گرام پنچایت دفتر میں حاضرین کے ذریعے ہاتھ دھونے کی اہمیت بتلائی گئی۔
***** ***** *****
سابق صدرِ جمہوریہ میزائیل مین بھارت رَتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یومِ پیدائش کو کل یومِ ترغیبِ مطالعہ کے طور پر منایا گیا۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کلکٹر دفتر چھترپتی سمبھاجی نگر میں کلام کی تصویرپر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سوامی نے کہا کہ پڑھنے سے تخلیقی صلاحیتیں پیدا ہوتی ہیں اور نئی ترغیب ملتی ہے‘ اس لیے ہر ایک کو روزآنہ کم از کم ایک گھنٹہ پڑھنے کیلئے وقف کرنا چاہیے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے تلجا پور نگر پریشد ثانوی اسکول میں ڈاکٹر کلام کی تصویر پر پھول پیش کرکے خراج عقیدت پیش کیا گیا اور طلبہ کو مطالعہ کی اہمیت سے واقف کروایا گیا۔ اسی طرح پربھنی ضلع کے پورنا تعلقہ کے کاتنیشور کے ضلع پریشد اسکول میں مطالعاتی مسابقہ منعقد ہوا۔ اس موقع پر طلباء میں تعلیمی اشیاء تقسیم کی گئیں۔
***** ***** *****
وارکری ساہتیہ پریشد نے مراٹھواڑہ میں شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ایک خصوصی پہل کی ہے۔ پریشد کے صدر ہری بھکت پراین وٹھل مہاراج پاٹل نے آکاشوانی کو اس اقدام کے بارے میں بتایا کہ شدید بارش سے پریشان حال کسانوں کو خودکشی جیسے اقدام سے بچانے کیلئے ہم نے متحدہ طور پر بیڑہ اٹھایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وارکری ساہتیہ پریشد پریشان حال کسانوں کو تلاش کرکے انھیں دلاسہ دیکر مایوسی سے باہر نکالے گی۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے اوسہ میں بھاری بارش اور سیلاب سے متاثر کسانوں کو رکنِ اسمبلی ابھیمنیو پوار کے ہاتھوں امدادی چیک سونپے گئے۔ کرئیٹیو فاؤنڈیشن اور پونے کے ابھئے بھوتڑا فاؤنڈیشن کے اشتراک سے یہ امداد فراہم کی گئی۔
***** ***** *****
دھاراشیو کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے کل ضلعے میں شدید بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انھوں نے زرعی ماہرین کے ذریعے اندرونِ ایک ماہ تباہ شدہ زرعی اراضی کے بارے میں رپورٹ تیار کرنے اور جن کسانوں کے سات بارہ پر کنویں کا اندراج نہیں ہے‘ ان کسانوں کو بھی مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
دریں اثناء، اعداد و شمار کے مطابق ضلعے کے تقریباً 30 فیصد کسانوں نے فصل بیمہ کا ہفتہ ادا نہیں کیا ہے۔ رُکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے بتایا کہ ان کسانوں کو بھی راحت فراہم کرنے کیلئے کل ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے اجلاس میں ایک قرارداد منظور کی گئی۔ پاٹل نے کہا کہ یہ قرارداد ریاستی حکومت کو بھیجی جائے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل بیرون ریاست سے منشیات فراہم کرنے والی ایک ٹولی کا پردہ فاش کیا گیا۔ چاروں گرفتار ملزمان کے قبضے سے 18 ہزار 360 نشہ آور ادویات کی بوتلوں سمیت 77 لاکھ 44 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں کل شام ہوئی اچانک بارش سے شہریان افراتفری کا شکار ہوگئے۔
بیڑ ضلعے میں مانجرا پشتے کے کیچمنٹ علاقے میں بھی بارش ہونے کے بعد پشتے سے پانی کا اخراج دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے اور فی الحال پشتے سے تین ہزار 494 ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے ندی میں پانی چھوڑا جا رہا ہے۔
دریں اثناء، آج ریاست کے مراٹھواڑہ، مغربی مہاراشٹرا اور خاندیش کے کئی اضلاع میں بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ میں لاتور، دھاراشیو، بیڑ، جالنہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر اضلاع میں زوردار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گڑھ چرولی میں 61‘ جبکہ چھتیس گڑھ میں 27 نکسلیوں کی خودسپردگی؛ مارچ 2026 تک نکسل اِزم مکمل خاتمے کی طرف گامزن۔
٭ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں شولاپور‘ ممبئی فضائی خدمات کا افتتاح۔
٭ امراوتی ڈویژن بشمول جالنہ اور ہنگولی میں شدید بارشوں سے متاثرہ کسانوں کیلئے 480 کروڑ 50 لاکھ روپئے تقسیم کو منظوری۔
٭ مہاوِکاس آگھاڑی نے ووٹر لسٹ کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کو پیش کیا محضر۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے لاتور‘ دھاراشیو‘ بیڑ‘ جالنہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments: