Thursday, 4 December 2025

Text-آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 04 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بارش سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے ریاستی حکومت نے مرکز کو تجویز ارسال کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی وضاحت۔
٭ ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس 8/دسمبر سے ناگپور میں۔
٭ سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی ترمیمی بل لوک سبھا میں منظور۔ تمباکو اور تمباکو آمیز اشیاء پر اضافی ڈیوٹی عائد کیے جانے کا عندیہ۔
٭ مرکزی وزیر اشونی ویشنو کی جانب سے سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور جعلی خبروں پر سخت کاروائی کی ضرورت پر زور۔
٭ دوسرے یک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی بھارت کے خلاف فتح۔ سیریز برابری پر۔
اور۔۔۔٭ خاندیش اور مغربی مہاراشٹر کے چند اضلاع میں دو دن کے لیے سردی کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست میں شدید بارش سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے مرکزی حکومت کو تجویز روانہ کردی گئی ہے۔ وہ کل ممبئی میں اخبارنویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ حزب اختلاف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھاکہ بارش کے متاثرین کی مددکے لیے ریاستی حکومت نے تجویز روانہ ہی نہیں کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس الزام کی وضاحت کی۔ انھوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں نشان زدسوالوں کے جواب میں یہ بات سامنے آئی تھی تاہم نشان زدہ سوال 35/دن قبل جمع کئے جانتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انفرا اسٹرکچر سے متعلق رپورٹ آخری مراحل میں ہے۔
***** ***** *****
ریاستی قانون ساز اسمبلی کا سرمائی اجلاس 8/دسمبر سے ناگپور میں شروع ہوگا۔ یہ اجلاس 14/دسمبر تک جاری رہے گا۔ اور اس دوران 13اور 14دسمبر کو سرکاری تعطیل کے باوجود ایوان کی کاروائی جاری رہے گی۔ ممبئی میں منعقدہ اسمبلی کی کام کاج مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
***** ***** *****
سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی ترمیمی بل کل لوک سبھا میں منظور کر لیا گیا۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رامن نے یہ بل ایوان میں پیش کیا۔ اس بل کے تحت تمباکو۔ سیگریٹ۔سگار۔ حقہ اور خوشبو دار تمباکو وغیرہ پر اضافی ایکسائز ڈیوٹی لگے گی کیونکہ جی ایس ٹی میں سرچارج ختم کردیا گیا ہے۔ فی الحال ان اشیاء پر 28/فیصد جی ایس ٹی لگتا ہے۔ نئی ڈیوٹی عائد ہونے کے بعد سیگریٹ پرپونے تین تا گیارہ روپیئے اور تمباکو پر فی کلو 100/روپیئے تک اضافہ ممکن ہے۔ نرملا سیتا رامن نے بتایا کہ ان اشیاء کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے ڈیوٹی لگائی جارہی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال اورجعلی خبروں پر سخت کاروائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ کل لوک سبھامیں وقفہئ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ آرٹفیشیل انٹلجنس یعنی مصنوعی ذہانت AIسے تیار کردہ قابل اعتراض مواد پر سخت کاروائی کی انہوں نے حمایت کی۔
***** ***** *****
ملک بھر میں فی الحال 164/وندے بھارت ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔ جن میں سے 24/ریل گاڑیاں مہاراشٹر میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کل لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔ ان ٹرینوں میں نانڈیڑ۔ممبئی اورممبئی۔سائی نگر شرڈی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
***** ***** *****
ملک بھر میں آٹھ لاکھ سے زائد کو آپریٹیو سوسائٹیاں ہیں جن میں سوا دو لاکھ کے قریب مہاراشٹر میں ہیں۔ امداد باہمی کے مرکزی وزیر مرلی دھر موہوڑ نے کل راجیہ سبھا میں وقفہئ سوالات کے دوران یہ اطلاع دی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ این سی او ایل نے پنجاب راؤ دیشمکھ زرعی مہم کے تحت 11/اداروں سے معاہدہ کیا ہے۔ جس کے ذریعے مختلف زرعی پیداوار کی خرید اور درآمدات کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پان مصالحے کے ہر ایک پیکیٹ پر اب ریٹیل قیمت چھاپنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت صارفین نے یہ احکامات جاری کئے ہیں۔ اس حکم پر عمل درآمد آئندہ یکم فروری سے تمام کمپنیوں کے لیے لازمی ہوگا۔ اس سے قبل دس گرام سے کم وزن کے پیکٹ پر قیمت لکھنا لازمی نہیں تھا۔
***** ***** *****
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ معذور افراد کو مساوی حقوق دینے والا معاشرہ ہی درحقیقت ترقی یافتہ کہلائے گا۔ معذور افراد کے استحکام کے لیے کام کرنے والے افراد و اداروں کو کل معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر صدر جمہوریہ کے ہاتھوں ایوارڈ ز تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے وہ خطاب کر ہی تھیں۔ مہاراشٹر کے ابولی جریت، بھاگیہ شری نڈی میتالا، دھرتی رانکا اور دیوانگی دلال کو بھی صدر جمہوریہ نے اس تقریب میں اعزاز سے نوازا۔ صدر نے گذشتہ برس پیرالمپکس میں 29تمغے حاصل کرنے والے بھارتی کھلاڑیوں کے گروپ کی بھی تعریف کی۔
***** ***** *****
معذور دن کے موقع پر لاتور میں معذور طلباء کے ضلعی سطح کے ثقافتی مقابلوں کا افتتاح چیف ایگزیکٹیو آفیسر راہل کمار مینا نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں معذوری کی جلد تشخیص اور علاج کے لیے آنگن واڑی سطح پر سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان مقابلوں میں ضلع کے 57معذوروں کے اسکول کے 335خصوصی طلباء نے مختلف فنون کا مظاہرہ کیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے معذور افراد اور اداروں کو کل اعزاز سے نوازا گیا۔ دیگر پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر اتول ساوے کے ہاتھوں ان تمام کا استقبال کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے معذور طلباء کا پینٹنگ کا مقابلہ بھی کل منعقد ہوا۔
***** ***** *****
بزرگ سماجی کارکن پنا لال سرانا کاجسدخاکی کل شولاپور میڈیکل کالج کے حوالے کر دیا گیا۔ سرانا پرسوں منگل کو چل بسے تھے۔ وہ 93برس کے تھے۔ ان کی آخری خواہش کے مطابق ان کے جس خاکی کو عطیہ کیا گیا۔ سرانا ماضی میں خدمات کے قومی دستے کے صدر رہ چکے تھے۔ اس کے علاوہ وہ کئی اہم عہدوں اور سماجی تحریکوں سے وابستہ رہے۔وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سماج اورسیاست میں بے لوث خدمت کی ایک مثال دنیا سے رخصت ہوئی۔
***** ***** *****
غیر قانونی طور پر بائیک ٹیکسی چلانے والے ریپیڈو اور اوبر جیسے ایپ پر مبنی کمپنیوں پر مقدمہ در ج کرنے کی ہدایت وزیر ٹرانسپورٹ پر تاپ سرنائیک نے دی ہے۔ غیر قانونی بائیک ٹیکسی کے ذریعے سفر کرنے والے ایک مسافرکی موت کا واقعہ حال ہی میں پیش آیاتھا۔ اس سلسلے میں کئی شکایات در ج کروائی جاچکی ہیں۔ ان شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے پرتا پ سرنائیک نے احکامات جاری کئے۔
***** ***** *****
رائے پور میں کھیلے گئے رواں سیریز کے دوسرے یک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں کل جنوبی افریقہ نے میزبان بھارت کو چار وکٹ سے شکست دے دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم نے مقررہ 50/اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 358رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے رتوراج گائیکواڑ نے 105 اور وراٹ کوہلی نے 102/رنز بنائے۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے چار گیندوں قبل ہی یہ ہدف حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مرکرام نے سینچری اسکو ر کی۔ تین میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت کر برابری پر ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں شدید بارش سے ہونے والے نقصان کے معاوضے کے طور پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ امدادی رقم میں سے ایک ہزار 278کروڑ روپیئے دیوالی سے اب تک کسانوں کے کھاتوں میں جمع کئے جا چکے ہیں۔ یہ اطلاع رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے دی۔
***** ***** *****
ریاست میں خاندیش اور مغربی مہاراشٹر کے چند اضلاع میں آئندہ دو دنوں کے لیے سردی کا یلو الرٹ جاری کیا گیاہے۔ اس دوران ریاست میں کل سب سے کم درجہئ حرارت 9.7ڈگری سیلسیس اہلیہ نگر میں ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ناسک میں 10ڈگری، بیڑ 10.5ڈگری، دھاراشیو 11.9ڈگری، چھتر پتی سمبھاجی نگر 12.2ڈگری اور پربھنی میں درجہ ئ حرارت13ڈگری سلسیس در ج کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بارش سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے ریاستی حکومت نے مرکز کو تجویز ارسال کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی وضاحت۔
٭ ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس 8/دسمبر سے ناگپور میں۔
٭ سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی ترمیمی بل لوک سبھا میں منظور۔ تمباکو اور تمباکو آمیز اشیاء پر اضافی ڈیوٹی عائد کیے جانے کا عندیہ۔
٭ مرکزی وزیر اشونی ویشنو کی جانب سے سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور جعلی خبروں پر سخت کاروائی کی ضرورت پر زور۔
٭ دوسرے یک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی بھارت کے خلاف فتح۔ سیریز برابری پر۔
اور۔۔۔٭ خاندیش اور مغربی مہاراشٹر کے چند اضلاع میں دو دن کے لیے سردی کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments: