Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 08 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/دسمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی قانون ساز اسمبلی کا سرمائی اجلاس آج سے ناگپور میں؛ حکومت کی جانب سے 18 بل ہوں گے پیش۔
٭ شدید بارش سے متاثر 90 لاکھ کسانوں میں سے 92 فیصد کسانوں کو امداد تقسیم: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔
٭ قائد ِ حزبِ اختلاف کی عدم تقرری پر کانگریس و دیگر اپوزیشن جماعتوں کی حکومت پر سخت تنقید۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں روزگار ضمانتی اسکیم میں بدعنوانیوں سے متعلق 11 ملازمین کو وجہ بتاؤ نوٹس۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں درجہئ حرارت میں نمایاں کمی؛ آئندہ دو دِنوں میں ودربھ میں سرد لہر کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی قانون ساز کونسل کے سرمائی اجلاس کا آج سے ناگپور میں آغاز ہورہا ہے۔ 14 تاریخ تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں 18 بل پیش کیے جائیں گے۔ اجلاس کے پیشِ نظر کل منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے تیقن دیا کہ عوامی بہبود کے منصوبوں کیلئے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائیگی اور اعتماد ظاہر کیا کہ یہ اجلاس عوام کی توقعات کو پورا کرنے والا ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ اور ودربھ کے تمام اہم موضوعات پر مباحثے کیلئے حکومت تیار ہے۔ نیز‘ ریاست میں شدید بارش سے متاثر تقریباً 90 لاکھ کسانوں میں سے 92 فیصد متاثرین کو امداد پہنچ چکی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ دونوں ایوانوں میں قائد ِ حزبِ اختلاف کی نامزدگی سے متعلق اسمبلی اسپیکر اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ہمیں منظور ہوگا۔ علاوہ ازیں‘ حزبِ مخالف کے تمام معاملات پر مباحثے کیلئے حکومت تیار ہے اور اپوزیشن کے اٹھائے جانے والے تمام سوالات کا معقول و مناسب جواب دیا جائے گا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ اسمبلی اجلاس سے قبل حکومت کی جانب سے دی جانے والی روایتی چائے پارٹی کا حزبِ اختلاف نے بائیکاٹ کیا۔ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس رہنماء وجئے وڑیٹیوار نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں قائد ِ حزبِ اختلاف کے عہدے خالی ہیں۔ اس لیے حکومت کے آئین پر اعتماد ہونے سے متعلق شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ انھوں نے یاددہانی کروائی کے 1985 میں بی جے پی کے صرف 16 ارکانِ اسمبلی تھے تب بھی انھیں قائد ِ حزبِ اختلاف کا عہدہ دیا گیا تھا۔ اب ان آئینی عہدوں پر تقرری نہ ہونے سے سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا حکمراں محاذ مخالفین سے خوفزدہ ہے۔
راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے انیل دیشمکھ اور شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے بھاسکر جادھو بھی اس اخباری کانفرنس میں شریک تھے۔ وجئے وڑیٹیوار نے کہا کہ کپاس کی درآمد پر عائد 11 فیصد ٹیکس ختم کیے جانے سے ریاست میں کپاس کے کاشتکار دشواریوں کا شکار ہیں۔ ریاست میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملک میں خودکشی کرنے والے کسانوں میں سے 38 فیصد کا تعلق مہاراشٹر سے ہے۔ بھاسکر جادھو نے بھی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں نابالغ لڑکیاں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ امن و انتظام کی صورتحال تباہ ہوچکی ہے۔ مہار وطن کی زمین غیر قانونی طورپر خریدنے کے معاملے میں خریداروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
***** ***** *****
مسلح افواج کا یومِ پرچم کل منایا گیا۔ ملک کی حفاظت کرنے والے جوانوں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اعزاز کے طورپر 1949 سے 7 دسمبر کو مسلح افواج کا یومِ پرچم منایا جاتا ہے۔ اس ضمن میں نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے یومِ پرچم فنڈ میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کی۔ وزیرِ اعظم نریندرمودی نے اس دن کے حولے سے مسلح افواج کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مسلح افواج کے کام اور خدمات کے اعزاز کے طور پر مسلح افواج یومِ پرچم فنڈ میں تعاون کرنے کی اپیل بھی وزیرِ اعظم نے کی۔
***** ***** *****
قومی گیت وندے ماترم کے ڈیڑھ سو سال مکمل ہونے کی مناسبت سے آج پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران لوک سبھا میں اس گیت پر مباحثہ ہوگا۔ اس مباحثے کا آغاز وزیرِ اعظم کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
گوا کے ”آرپورا“ میں ایک نائٹ کلب میں ہفتے کی شب ہوئے آتشزدگی کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔ مہلوکین میں چار سیاحوں سمیت بیشتر کلب کے ملازمین شامل ہیں۔ ابتدائی اندازے کے مطابق آتشزدگی کا سبب گیس سلنڈرپھٹنا ہوسکتا ہے۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ کلب میں فائر سیفٹی ضابطوں پر عمل نہیں کیا گیا تھا۔ اس ضمن میں چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان میں کلب کا چیف مینیجر اور تین ملازمین شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے قومی امدادی فنڈ سے مہلوکین کے ورثاء کو دو- دو لاکھ اور زخمیوں کو فی کس 50ہزار روپئے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
انڈیگو طیاروں کی پروازوں میں گذشتہ چند دنوں سے جاری بے قاعدگی اور بے ضابطگی کے سلسلے میں کل ممبئی اور دہلی طیران گاہ سے ایئرلائنز کی 220 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ تاہم‘ انڈیگو کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ بہت جلد خدمات کو بحال کردیا جائے گا۔ 1500 سے زائد خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔
اسی دوران فضائی خدمات کے بحران کے پیشِ نظر انڈین ریلوے نے مختلف ڈویژنس میں آئندہ دو دِنوں میں 89 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ وسطی ریلوے نے پونا تا بنگلور‘ پونا تا دہلی اور ممبئی تا دہلی سمیت مختلف سمتوں میں 14 خصوصی ریل گاڑیاں‘ مغربی ریلوین ے بھوانی- ممبئی اور ممبئی تا شکور بستی سمیت کئی روٹس پر سات خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنوب وسطی ریلوے ڈویژن میں چیرلاپلّی تا شالیمار‘ سکندر آباد تا چنئی ایگمور اور حیدرآباد تا ممبئی تین خصوصی گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے وزیر برائے صحت ِ عامہ پرکاش آبٹکر نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کا اچانک دورہ کیا اور طبّی خدمات کا معائنہ کیا۔ ہنگامی خدمات‘ صفائی کی صورتحال‘ ادویہ کے ذخیرے‘ مختلف شعبوں کے کام کاج اور مشینوں و آلات کی صورتحال کا بھی انھوں نے جائزہ لیا۔ وزیرِ صحت نے مریضوں سے براہِ راست بات چیت کرکے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور اس خصوص میں متعلقہ افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔
دریں اثناء‘ آیوشمان بھارت جن آروگیہ یوجنا اور مہاتما پھلے جن آروگیہ یوجنا کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس بھی وزیرِ صحت کی موجودگی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اہم ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پھلمبری تعلقے میں روزگار ضمانتی اسکیم کے تحت چلائے جارہے ماتوشری پانند سڑک اسکیم کے کاموں میں بدعنوانی کے معاملے میں ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر انکت نے کارروائی کی ہے۔ اس میں سات روزگار سیوکوں کی خدمات ختم کردی گئیں۔ دو معاون پروگرام آفیسروں‘ سات انجینئرس اور دو کمپیوٹر آپریٹر اس طرح مجموعی طور پر گیارہ ملازمین کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی ہے۔ پھلمبری تعلقے کے33 دیہاتوں میں 96 کاموں کیلئے مزدوروں کی ایک ہی گروپ فوٹو اور خواتین کی جگہ پر مردوں کی اور مردوں کی جگہ پر خواتین مزدوروں کی تصویر لگاکر پانچ کروڑ 18 لاکھ روپئے کی رقم اٹھائے جانے کی خبروں کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔
***** ***** *****
ناسک ضلع کے وَنی کے سپت شرنگی دیوی کے مندر سے قریب ایک اِنووا کار کھائی میں گرنے سے سات یاتریوں کی موت واقع ہوگئی۔ یہ حادثہ کل شام پیش آیا۔ تمام مہلوکین کا تعلق ناسک ضلع کے پمپل گاؤں بسونت سے بتایا جاتا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع سے گزرنے والی دھولیہ- شولاپور قومی شاہراہ پر مسافروں پر ہوئے حملے کا سخت نوٹس لیے جانے کا مطالبہ رکنِ پارلیمنٹ بجرنگ سونونے‘نے کیاہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے پولس سپرنٹنڈنٹ کے نام ایک مکتوب میں یہ مطالبہ کیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور پولس کے گشت میں اضافہ کرکے رات کے وقت خصوصی ٹیمیں اور سی سی ٹی وی کو فعال بنایا جائے۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور درجہئ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ پونا کے دفترِ موسمیات نے آئندہ دو دِنوں میں ودربھ میں شدید سردی کی لہر کی پیش گوئی کی ہے۔
اسی دوران‘ ریاست میں کل سب سے کم درجہ حرارت8 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیئس گوندیا میں درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ پربھنی میں کم سے کم درجہئ حرارت 11 اعشاریہ پانچ ڈگری‘ چھترپتی سمبھاجی نگر‘دھاراشیو اور بیڑ میں کم سے کم درجہئ حرارت تقریباً12 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاستی قانون ساز اسمبلی کا سرمائی اجلاس آج سے ناگپور میں؛ حکومت کی جانب سے 18 بل ہوں گے پیش۔
٭ شدید بارش سے متاثر 90 لاکھ کسانوں میں سے 92 فیصد کسانوں کو امداد تقسیم: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔
٭ قائد ِ حزبِ اختلاف کی عدم تقرری پر کانگریس و دیگر اپوزیشن جماعتوں کی حکومت پر تنقید۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں روزگار ضمانتی اسکیم میں بدعنوانیوں سے متعلق 11 ملازمین کو وجہ بتاؤ نوٹس۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں درجہئ حرارت میں نمایاں کمی؛ آئندہ دو دِنوں میں ودربھ میں سرد لہر کا امکان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment