Tuesday, 9 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 09 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 09 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وندے ماترم کی وجہ سے خوشحال بھارت کا تصور نتیجہ خیز ہوا: وزیرِ اعظم کا لوک سبھا میں اعتماد کا اظہار۔
٭ ہوائی سفر کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا: مرکزی حکومت کی وضاحت۔
٭ ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا آغاز؛ حکومت نے پہلے دن 75 ہزار 286 کروڑ روپؤں کے ضمنی مطالبات کیے پیش۔
٭ سینئر سماجی کارکن اور مزدور رہنماء بابا آڑھاؤ کی وفات۔
اور۔۔۔٭ بھارت - جنوبی افریقہ T-20 کرکٹ سیریز کی آج سے شروعات۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ وندے ماترم کی وجہ سے ایک خوش حال بھارت کا تصور نتیجہ خیز ہوگا۔ وندے ماترم گانے کی صد سالہ گولڈن جبلی کے موقع پر کل لوک سبھا میں بحث کا آغاز کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ وندے ماترم نے ملک کو درپیش کئی چیلنجز پر قابو پانے کی طاقت دی ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِ اعظم نے اپنے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ وندے ماترم منتر جس نے آزادی کی جدوجہد کو تحریک دی ہے وہی خوشحالی کی تحریک دے گا۔ انھوں نے کہا کہ وندے ماترم صرف یاد کرنے کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ثقافت کے مسلسل بہاؤ کا عکاس ہے۔ مودی نے کہا کہ وہ وندے ماترم کے مقروض ہیں۔
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ، انوراگ سنگھ ٹھاکر، کانگریس رہنماء گورو گوگوئی‘ سماج وادی پارٹی سربراہ اکھیلیش یادو‘ بھاسکر بھگرے‘ اروند ساونت‘ شری رنگ بارنے اور دیگر اراکین نے اس بحث میں حصہ لیا۔ کانگریس رہنماء پرینکا گاندھی نے وندے ماترم گانے پر بحث کی ضرورت پر سوال اٹھایا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Congress MP Priyanka Gandhi
***** ***** *****
شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو نے کہا ہے کہ ہوائی سفر کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیرِ موصوف کل راجیہ سبھا میں وقفہئ سوالات کے دوران بول رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت ہوائی کمپنی انڈیگو کی پروازوں کی منسوخی کی وجوہات کی جانچ کررہی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے اس معاملے میں حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے رہنماء خطوط پر عمل نہ کرنے پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ نائیڈو نے یہ بھی بتایا کہ حکومت کا یہ مؤقف تمام ہوائی کمپنیوں کیلئے ایک مثال قائم کرے گا۔
گذشتہ ہفتے بھر کے دوران ہوائی کمپنی انڈیگو نے پانچ لاکھ 86 ہزار 700 مسافروں کے ٹکٹ منسوخ کیے ہیں اور سفری کرایے کے 827 کروڑ روپئے واپس کیے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسافروں کے سامان کے 9 ہزار بیگوں میں سے چار ہزار 500 بیگس ان کے پتوں پر پہنچا دئیے گئے ہیں اور بقیہ بیگس آئندہ 36 گھنٹوں میں واپس کردئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا کل ناگپور میں آغاز ہوگیا۔ قومی ترانے وندے ماترم کو صد سالہ تقریب کے اس موقع پر دونوں ایوانوں میں کارروائی کے آغاز میں سلامی دی گئی۔ کل اجلاس کے پہلے دن حکومت نے 75 ہزار 286 کروڑ روپؤں کے ضمنی مطالبات پیش کیے۔ ان مطالبات میں شدید بارش سے متاثر کسانوں کو معاوضے کیلئے 15 ہزار 648 کروڑ روپئے‘ لاڈلی بہن اسکیم کیلئے چھ ہزار کروڑ سے زائد رقم اور منریگا کیلئے ساڑھے تین ہزار کروڑ روپؤں کے مطالبات شامل ہیں۔ اسی طرح ناسک کے کمبھ میلے کیلئے تین ہزار کروڑ‘ ایس ٹی کارپوریشن کیلئے دو ہزار کروڑ اور مقامی اداروں کیلئے دو ہزار 200 کروڑ روپؤں کے مطالبات شامل ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں کل اجلاس کے دوران مختلف آرڈیننس پیش کیے گئے۔ وفات پاجانے والے اراکینِ اسمبلی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد دونوں ایوانوں کی کارروائی کل دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ اسی دوران سرمائی اجلاس کے پیشِ نظر کل مہاوِکاس آگھاڑی کی میٹنگ ہوئی۔ جس میں اجلاس کے دوران آگھاڑی کے موقف پر تبادلہئ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سینئر سماجی کارکن اور مزدور رہنماء بابا آڑھاؤ کا‘ کل پونے میں انتقال ہوگیا۔ وہ 95 برس کے تھے۔ وہ گذشتہ چند دنوں سے زیرِ علاج تھے۔ ستیہ شودھک تحریک کے رُکن‘ گاندھیائی نظریات کے حامل اور غیر منظم مزدوروں کے حقوق کیلئے لڑنے والے‘ بابا آڑھاؤ ایک ایسے مجاہد تھے جو جدید مہاراشٹر کی تحریکوں کے مرکز میں تھے۔ انھیں ”ایک گاؤں‘ ایک پانی کا راستہ“ ”محنت کی روٹی“ ”حمال پنچایت“ توہم پرستی کے خلاف جدوجہد اور ای وی ایم مخالف تحریک کیلئے جانا جاتا ہے۔
بابا آڑھاؤ نے مزدوروں کے حقوق کیلئے 1955میں حمال پنچایت قائم کی۔ غیر منظم مزدوروں کو ایک کرنے کا یہ بڑا تجربہ تھا۔ 1956 میں حمال پنچایت کے ذریعے تحریک چلائی گئی جس کے سبب مزدوروں کی کم از کم اُجرت ٹھہرائی گئی اور حمال پنچایت کو سرکاری مزدور یونین کے طورپر تسلیم کیا گیا۔ بابا آڑھاؤ کی دو دہائیوں تک کی گئی جدوجہد کے سبب 1969 میں ریاست نے مہاراشٹر ماتھاڑی‘ حمال اور غیر منظم مزدوروں کا ایکٹ نافذ کیا‘ وہیں سماج میں ذات پات کے نظام پر براہِ راست حملہ کرتے ہوئے بابا آڑھاؤ نے ”ایک گاؤں‘ ایک پانی کا راستہ“ تحریک شروع کی، جس کے ذریعے سماجی مساوات کی مضبوط بنیاد رکھی گئی۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بابا آڑھاؤ کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انھوں نے کہا کہ بابا آڑھاؤ نے اپنی ساری زندگی مختلف سماجی کاموں کیلئے وقف کردی اور معاشرے کے پسماندہ افرادکو بااختیار بنانے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد کی۔ ان کے کام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وہیں اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار‘ سینئر لیڈر شرد پوار اور کانگریس رہنماء راہل گاندھی نے باباآڑھاؤ کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
***** ***** *****
ساوتری بائی پھلے یونے یونیورسٹی نے ناندیڑ کی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی یں منعقدہ انٹر یونیورسٹی کھیل مقابلوں کا مجموعی خطاب جیت لیا ہے۔ یہ کھیل مقابلے کل اختتام پذیر ہوئے۔ ممبئی یونیورسٹی نے رنرز اَپ کا خطاب حاصل کیا، جبکہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر یونیورسٹی تیسرے مقام پر رہی۔ ایتھلیٹکس کے مردوں کے زمرے میں شولاپور کی پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر یونیورسٹی نے پہلی پوزیشن حاصل کی‘ وہیں خواتین کے زمرے میں ساوتری بائی پھلے یونیورسٹی نے پہلا مقام حاصل کیا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ میچوں کی T-20 کرکٹ سیریز کا پہلا میچ آج کٹک میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
تروپتی سے شرڈی تک نئی ہفتہ وار ریل گاڑی آج سے چلے گی۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ تروپتی سے آج صبح گیارہ بجکر 10 منٹ پر یہ ریل گاڑی روانہ ہوگی جو رات دس بجکر 20 منٹ پر شرڈی پہنچے گی۔ 14 دسمبر سے باقاعدگی کے ساتھ تروپتی سے یہ ریل گاڑی صبح چار بجے روانہ ہوگی اور چھترپتی سمبھاجی نگر ہوتے ہوئے شرڈی جائے گی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں سینٹر فار انویشن‘ انوویشن‘ انکیوبیشن ٹریننگ (CIIT) پروجیکٹ شروع کیا جارہا ہے۔ 115 کروڑ روپؤں کی لاگت سے تیار کیے جانے والے اس جدید ترین مرکز سے ہر سال تین ہزار طلبہ کو صنعتی شعبے میں جدید ترین ٹکنالوجی پر مبنی تربیت فراہم کی جائیگی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے کلکٹر دلیپ سوامی نے مقامی خود مختار اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آوارہ کتوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے ایک وقتی پروگرام نافذ کریں۔ وہ کل اس سلسلے میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے آوارہ کتوں کو پالنے کیلئے پناہ گاہوں کا اعلان کرنے اور شہریان کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ملک بھر میں چار نئے لیبر ضوابط نافذ کیے ہیں۔ محنت کے ریاستی وزیر پرکاش پھنڈکر نے ریاست میں ان ضابطوں کی دفعات کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ موصوف کل ناگپورمیں اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس میٹنگ میں نئے لیبر قوانین کی دفعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت کل ایوت محل میں آٹھ اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسئیس درج کیا گیا۔۔ اس کے بعد گوندیا اور مالیگاؤں میں فی کس9 ڈگری سیلسئیس‘ جبکہ جلگاؤں میں 9 اعشاریہ چار ڈگری سیلسئس درج کیا گیا۔ اہلیا نگر میں 9.5 سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل 10‘ بیڑ ساڑھے دس ڈگری سیلسیئس‘ اور پربھنی میں 10 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت رہا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وندے ماترم کی وجہ سے خوشحال بھارت کا تصور نتیجہ خیز ہوا: وزیرِ اعظم کا لوک سبھا میں اعتماد کا اظہار۔
٭ ہوائی سفر کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا: مرکزی حکومت کی وضاحت۔
٭ ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا آغاز؛ حکومت نے پہلے دن 75 ہزار 286 کروڑ روپؤں کے ضمنی مطالبات کیے پیش۔
٭ سینئر سماجی کارکن اور مزدور رہنماء بابا آڑھاؤ کی وفات۔
اور۔۔۔٭ بھارت - جنوبی افریقہ T-20 کرکٹ سیریز کی آج سے شروعات۔
***** ***** *****

No comments: