Friday, 16 June 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 16.06.2017, Time : 8.40 to 8.45 AM
 
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 16  June  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  ۱۶؍ جون  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 مہاراشٹر حکومت نے خریف کی فصل کے لیے ریاست کے مقروض کسانوں کو دس ہزار روپئوں تک کے قرضہ جات فوری طور پر فراہم کرنے کی ضلع امدادِ باہمی بینکوں اور تجارتی بینکوں کو ہدایت دی ہے۔ اس سے متعلق سرکاری حکمنامہ کل امدادِ باہمی کے محکمے کی جانب سے جاری کیا گیا۔ تاہم ریاست کے موجودہ اور سابق عوامی نمائندوں‘ وزرائ‘ سرکاری ونیم سرکاری ملازمین‘ اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین‘ انکم ٹیکس ادا کرنے والے افراد اور امدادِ باہمی تنظیموں کے ڈائریکٹروں کو یہ قرض نہیں ملے گا۔ یہ قرض حکومت کی ضمانت پر اُن کسانوں کو ملے گا جو 30/ جون 2016 تک واجب الادا رقم رکھتے ہیں۔ اس ضمانت کی حکومت نے متعلقہ بینکوں سے فائدہ اُٹھانے کے خواہشمند کسانو ںکا علیحدہ بینک کھاتہ کھولنے کو کہا ہے۔ امدادِ باہمی کے وزیر سبھاش دیشمکھ نے کہا کہ اس فصل قرض کو حاصل کرنے کے لیے کاشتکار کو ایک درخواست بینک کو پیش کرنی ہوگی۔ اس اسکیم کی مزید معلومات ہیلپ لائن نمبر 18002330244 سے حاصل کی جاسکتی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ریاستی حکومت میں شامل شیوسینا صدر اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہیکہ وہ مہاراشٹر میں وسط مدتی انتخابات نہیں ہونے دینگے۔ بلڈھانہ ضلع کے شیگائوں میں کل شیوسینا عہدیداران کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ کسانوں کو قرض سے مکمل نجات نہ ملنے پر سیاسی بھونچال آسکتا ہے، تاہم یہ بھی کہا کہ وہ وسط مدتی انتخابات کی نوبت نہیں آنے دینگے۔ اُنھوں نے کہا کہ کسانوں کو مکمل قرض معافی ملنے تک شیوسینا اُنکے ساتھ کھڑی رہے گی۔ اس موقع پر ٹھاکرے نے کسانوں کی زرعی پیداوار کے لیے امدادی قیمت دینے کا مطالبہ بھی دوہرایا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس پی این بھاگوتی کل نئی دلّی میں چل بسے۔ وہ پچانوے برس کے تھے۔ جسٹس بھاگوتی کو مفادِ عامّہ کی عرضداشتوں کا آغاز کرنے والے اور بھارتی نظامِ انصاف کے سرگرم رُکن کے طور پر یاد کیا جائیگا۔ پدم ویبھوشن انعام یافتہ جسٹس بھاگوتی نے 1985سے 1986 کے درمیان بحیثیت چیف جسٹس اپنے فرائض انجام دئیے۔ انکی موت پر وزیرِ اعظم نریندر مودی سمیت کئی سرکردہ شخصیات نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ پٹرول کے دام میں ایک روپیہ بارہ پیسے جبکہ ڈیزل کے دام میں ایک روپیہ چوبیس پیسوں کی کٹوتی کی گئی ہے۔ دریں اثناء آج سے ہر صبح پٹرول اور ڈیزل کے نرخ روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہونگے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 مراٹھواڑہ کے بیشتر علاقوں سے کل بارش کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔
 ناندیڑ ضلعے کے اردھاپور‘ مالیگائوں اور وارنگا علاقوں میں کل دوپہر موسلا دھار بارش ہوئی۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ ناندیڑ شہر میں بھی رات قریب دو گھنٹے تیز بارش ہوتی رہی۔ عثمان آباد ضلعے کے کلمب اور تلجا پور سے اور جالنہ ضلعے کے بدنا پور اور پرتور سے بھی موسلا دھار بارش کی اطلاع ملی ہے۔ پربھنی شہر اور ضلع میں بھی کل بارش کی آمد ہوئی۔ اورنگ آباد شہر میں کل دوپہر زوردار بارش ہوئی اور رم جھم بارش کا سلسلہ دیر رات تک جاری رہا۔ بیڑ ضلعے سے بھی اطمینان بخش بارش کی اطلاع موصول ہوئی ہے جہاں بارش سے تخم ریزی میں تیزی آئی ہے۔ گذشتہ اتوار سے تخم ریزی کررہے کسانوں کے لیے یہ بارش کافی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
  برمنگھم میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل مقابلے میں کل بھارت نے بنگلہ دیش کو نو وکٹ سے ہراتے ہوئے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ اتوار کے روز کھیلے جانے والے فائنل مقابلے میں بھارت کا سامنا اب روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔ کل کھیلے گئے مقابلے میں بھارت نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بلّے بازی کی دعوت دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹیم 265/ رنوں کا اسکور کھڑا کرسکی۔ نشانے کا تعاقب کرنے اُتری بھارتی ٹیم کے سلامی بلّے باز شکھر دھون 46/ رن بنا کر آئوٹ ہوگئے، تاہم روہت شرما کے جارحانہ 123/ رنز اور کپتان وراٹ کوہلی کے شاندار 96/ رنوں کی بدولت بھارتی ٹیم نے 41/ اووروں میں یہ نشانہ حاصل کرلیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 بھارتیہ جنتا پارٹی کمیٹی آج صبح کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کریگی جس میں صدارتی اُمیدوار کے نام پر تبادلۂ خیال کیا جائیگا۔ BJP کمیٹی میں مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ‘ ارون جیٹلی اور وینکیا نائیڈو شامل ہیں۔ یہ کمیٹی CPI(M) جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری سے بھی علیحدہ تبادلۂ خیال کریگی۔ اس سے پہلے وینکیا نائیڈو نے کل NCP سربراہ شردپوار اور TDP سربراہ چندر بابو نائیڈو سے ملاقات کی تھی۔ چندر بابو نائیڈو نے کہا کہ اُن کی پارٹی اس معاملے میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے فیصلے کی حمایت کرنے کا مؤقف اپنائے گی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 پیٹھن کے سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکی آشاڑی اکادشی کے لیے آج پنڈھرپور روانہ ہوگی۔ ناتھ گھرانے کے جانشین بننے کے لیے جاری تنازعے کی وجہ سے اس بار ایکناتھ مہاراج کی دو الگ الگ پالکیاں دو مختلف راستوں سے پنڈھر پور کی جانب روانہ ہونگی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments: