Wednesday, 6 February 2019

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 06.02.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 06 february - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۶؍فروری  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
بزرگ سماجی کارکن انّا ہزارے نے لوک پال کے تقرر اور دیگر مطالبات کیلئے جاری اپنی بھوک ہڑتال کل وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے تیقن کے بعد ختم کردی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ مرکزی مملکتی وزیرِ دفاع سبھاش بھامرے اور بقائے آب کے وزیر گریش مہاجن نے کل رالے گن سدّھی میں انا ہزارے کے ساتھ تقریباً 6/ گھنٹے طویل گفت و شنید کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ انا ہزارے کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہیں اور لوک پال کے تقرر کا عمل عدالت ِ عظمیٰ کی ہدایات کے مطابق مقررہ وقت میں مکمل کرلیا جائیگا۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انا کی رہنمائی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی اور کمیٹی کے تیار کردہ مسودے کو اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں بل کی شکل میں پیش کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ زرعی پیداوار کی قیمت طئے کرنے سے متعلق وزیرِ زراعت کی زیرِ صدارت کمیٹی کی تشکیل اور زرعی نرخ کمیشن کے قیام سے مطابق انا ہزارے کے مطالبات تسلیم کرنے کا بھی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس موقع پر اعلان کیا۔
***** ***** *****
 ریاستی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آئندہ 25/ فروری سے شروع ہوگا‘ جو 2/ مارچ تک جاری رہے گا۔ 2019-20 کا عام مالیاتی بجٹ 27/ فروری کو پیش کیاجائیگا۔ قانون ساز اسمبلی میں زیرِ التواء 6/ بل اور قانون ساز کونسل میں ایک بِل اس اجلاس کے دوران پیش کیا جائیگا۔ کل اسمبلی کے دونوں ایوانوں کے کام کاج سے متعلق مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
***** ***** *****
ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے اِسرو کا پیغام رَساں سٹیلائٹ جی سیٹ 31- آج رائے ڈھائی بجے فرنچ گیانا کے خلائی مرکز سے داغا گیا۔ خلاء میں بھیجے جانے کے 42/ ویں منٹ کے بعد یہ سٹیلائٹ اپنے طئے شدہ مدار میں داخل ہوگیا۔ جی سیٹ 31- ماضی میںداغے گئے انسیٹ 4CR- کی جگہ لےگا اور آئندہ 15/ برسوں تک خلاء میں کام کرےگا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی جانب سے نوٹ بندی کے فیصلے کے بعد انکم ٹیکس محکمے نے بے نامی املاک قانون کے تحت بڑی تعداد میں وجہ بتائو نوٹسیں جاری کی ہیں۔ کل راجیہ سبھا میں حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ جن کھاتوں میں بڑی رقومات جمع کی گئیں لیکن جن افراد نے 2017-18 کے مالی سال میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروائے انہیں بھی نوٹسیں جاری کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
شیوسینا رہنماء سنجے رائوت نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں آئندہ وزیرِ اعلیٰ شیوسینا کا ہی ہوگا۔ کل ممبئی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی شیوسینا‘ ریاست میں بڑے بھائی کا ہی کردار ادا کریگی اور آئندہ انتخابات شیوسینا اپنی طاقت پر ہی لڑے گی۔ متحدہ جنتادَل کے نائب صدر پرشانت کشور کی شیوسینا سربراہ اُدّھو ٹھاکرے سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے سنجے رائوت نے کہا کہ اُدّھو ٹھاکرے این ڈی اے کی رکن جماعت کے قائد ہیں اور اسی ضمن میں پرشانت کشور نے ان سے ملاقات کی۔
***** ***** *****
ریپبلکن پارٹی آف انڈیا نے انتباہ دیا ہے کہ کانگریس اور راشٹروادی کانگریس اتحاد کی جانب سے انتخابی نشان کی شرط میں نرمی اختیار نہیں کی گئی تو آر پی آئی تنہا الیکشن لڑیگی۔ کل امراوتی میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے آر پی آئی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر راجندر گوائی نے کہا کہ کانگریس۔ این سی پی اتحاد نے آر پی آئی کو امراوتی کی نشست دینے کے بدلے انتخابی نشان کی شرط رکھی تھی‘ لیکن یہ شرط آر پی آئی کو منظور نہیں ہے۔
***** ***** *****
حکومت کی جانب سے گذشتہ برس دئیے گئے تیقن کی عدم تکمیل کے سبب آئندہ 20/ فروری کو ناسک تا ممبئی مہا مورچہ نکالنے کا اعلان کُل ہند کسان سبھا نے کیا ہے۔ گذشتہ برس کسانوں کے زبردست جلوس کے بعد حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ تاہم اس تیقن پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث ناسک تا ممبئی 180/ کلو میٹر طویل مورچہ نکالا جائیگا جو 27/ فروری کو ممبئی پہنچے گا۔
***** ***** *****
 قحط سے متاثرہ علاقوںمیں معاوضہ ادا کرنے کیلئے امدادی فنڈ کی 450/ کروڑ روپئے پر مشتمل پہلی قسط جاری کی جاچکی ہے اور اسے مستحق کسانوں کے کھاتوںمیں براہِ راست فوری جمع کروانے کاحکم چیف سیکریٹری دنیش کمار جین نے دیا ہے۔ ریاست کے تمام ڈویژنل کمشنرز اور کلکٹروں سے چیف سیکریٹری نے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کیا۔
***** ***** *****
محروم طبقات کے محاذ نِردھار وَنچت بہوجن اگھاڑی کے قائد پرکاش امبیڈکر نے کہا ہے کہ دستورِ ہند کو تبدیل کرنے کی کوشش کرنے والی بی جے پی حکومت کے منصوبے خاک میں ملا دیں گے۔ وہ کل ہنگولی میں محاذ کی جانب سے منعقدہ ا یک جلسۂ عام سے خطاب کررہے تھے۔ بی جے پی اور شیوسینا کے علاوہ کانگریس اور این سی پی پر بھی انھوں نے سخت تنقید کی۔ انھوں نے لاتور لوک سبھا حلقے سے محاذ کے اُمیدوار کی حیثیت سے محکمۂ تعلیم کے سبکدوش افسر رام گارکر کے نام کا اعلان لاتور کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
***** ***** ***** 

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 08.07.2025 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 08 July 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...