Friday, 8 February 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 08.02.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 february - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۸؍فروری  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
لوک سبھا میں کل صدرِ جمہوریہ کے خطبے پر شکریے کی تحریک منظور کی گئی۔ اس تحریک پر مباحثے کے دوران حزبِ اختلاف کی جانب سے دی گئی تمام ترامیم کی تجویز مسترد کردی گئی۔ اس تحریک پر مباحثے کے دوران وزیرِا عظم نریندر مودی نے بتایا کہ ملک نے گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں زراعت‘ دودھ کی پیداوار‘ لوہا اور ہوائی شعبے سمیت تمام شعبوں میں ترقی کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت ایمانداری‘ شفافیت اور غریبوں کی ہمدردی کیلئے جانی جاتی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت عوام کے تئیں جواب دہی کی پابند ہے اور عوام کی اُمنگوں کی تکمیل کے لیے کام کررہی ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے حکومت کی جانب سے گیس کنکشن کی فراہمی‘ سب کے لیے گھر‘ غریبوں کے لیے بینک میں کھاتے کھولنے اور دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی جیسے کاموں کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔ وزیرِ اعظم نے کانگریس پارٹی کی جانب سے ان پر عائد آئینی اداروں کو تباہ کرنے کے الزام کی پُرزور تردید کی۔ انھوں نے اس موقع پر الزام عائد کیا کہ رافیل جنگی طیاروں کے خلاف تشہیر کرنے والی کانگریس ملک کی ہوائی فوج کو طاقتور بننے نہیں دینا چاہتی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت برائے توانائی آر کے سنگھ نے کل لوک سبھا میں وقفۂ سوالات کے دوران بتایا کہ ملک کے تمام دیہی علاقوںمیں آئندہ مارچ اخیر تک بجلی فراہمی کے کام مکمل کرلیے جائیں گے۔ وہیں لوک سبھا میں مرکزی وزیر برائے زمینی حمل و نقل نتن گڈکری نے ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ بھارت مالا اسکیم کے تحت نئے سرے سے دِلّی۔ ممبئی قومی شاہراہ کی تعمیر کا سنگ ِ بنیاد جلد ہی وزیرِ اعظم کے ہاتھوں رکھا جائیگا۔ اس شاہراہ سے دلّی ممبئی کا سفر صرف 12/ گھنٹوں میں طئے کیا جائے گا۔ گڈکری نے اُمید ظاہر کی کہ 120/ میٹر چوڑی اس شاہراہ سے راجستھان‘ گجرات اور مہاراشٹر کے پسماندہ علاقوں کی ترقی ہوگی۔
***** ***** *****
بھارتیہ ریزرو بینک نے کسانوں کو دئیے جانے والے غیر ضمانتی قرض کی حد 60/ ہزار روپیوں سے بڑھا کر ایک لاکھ 60/ ہزار روپئے کردی ہے۔ بینک کے گورنر ششی کانت داس نے پالیسی ساز کمیٹی کے اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا۔ ریزرو بینک نے ریپو کی شرح میں 0.25/ فیصد کی تخفیف کی ہے جس سے ریپو کی شرح 6.25/ فیصد اور محفوظ ریپو کی شرح 6/ فیصد ہوگئی ہے۔ اس تخفیف سے مکانات کی تعمیر اور گاڑیوں کے لیے دئیے جانے والے قرض پر سود کی شرح کم ہوجائیگی۔
***** ***** *****
 وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دیہاتوں میں واقع مذہبی مقامات کی ترقی کے منصوبے کے تحت ہنگولی ضلع کے شری سنت نامدیو فائونڈیشن کے لیے پہلے مرحلے میں 15/ کروڑ روپیوں کے ترقیاتی فنڈ کو منظوری دی ہے۔ اس خصوص میں کل ممبئی میں متعلقہ کمیٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس فنڈ سے عقیدت مندوں کے لیے رہائش گاہیں اور سہولیات‘ کچرے کی نکاسی اور آبرسانی وغیرہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ امراوتی ضلعے میں واقع شری سنت گاڑگے بابا کے مذہبی مقام آملا کے لیے 6/ کروڑ 79/ لاکھ روپئے ‘جبکہ رتناگیری ضلع کے گنپتی پُڑے کی ترقی کے لیے 10/ کروڑ روپیوں کے تخمینے کو بھی اس موقع پر منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
 ریاست کے مملکتی وزیرِ دا خلہ ڈاکٹر رنجیت پاٹل نے سماجی بائیکاٹ‘ جنسی استحصال‘ ظلم و جبر اور کنوارے پن کی جانچ جیسے معاملات میں سخت کاروائی کرنے کے احکام پولس محکمے کو دئیے ہیں۔ کل ممبئی میں اس خصوص میں منعقدہ میٹنگ کے بعد انھوں نے یہ احکامات دئیے۔ اس موقع پر پاٹل نے کہا کہ اخلاقیات‘ سماجی قبولیت‘ سیاسی واقفیت جنسی امتیاز یا کسی اور وجہ کی بنیاد پر معاشرے میں تفریق پیدا کرنے والے فرد یا گروہ کیخلاف سماجی بائیکاٹ قانون کے تحت پولس اسٹیشن میں شکایات درج کی جائیں۔
***** ***** *****
 کانگریس پارٹی کی جانب سے 50/ عوامی جلسے منعقد کرنے کی مہم کا کل اورنگ آباد ضلعے کے دولت آباد سے آغاز ہوگیا۔ جہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس پارٹی کے صدر اشوک چوہان نے ریاستی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ ریاست میں قحط کی صورتحال ہے، پینے کیلئے پانی نہیں‘ مویشیوں کیلئے چارہ نہیں اور وزیرِ اعلیٰ کرکٹ کھیلنے اور دھواں دھار تقریریں کرنے میں مگن ہیں۔ دریں اثناء اورنگ آباد شہر کے سڈکو میں بھی کانگریس کی جانب سے عوامی جلسہ منعقد کیا گیا۔
***** ***** *****
دھنگر سماج کو درجِ فہرست قبائل کے زمرے میں ریزرویشن دیاجائے۔ اس اہم مطالبے سمیت دیگر مطالبات کی یکسوئی کیلئے دھنگر سماج کی جانب سے کل اورنگ آباد ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو سر منڈھوا کر احتجاج کیا گیا۔ شولا پور یونیورسٹی کو اہلیہ بائی ہولکر کے نام سے منسوب کرنے‘ مویشیوں کے ترقیاتی کارپوریشن کے لیے 200/ کروڑ روپیوں کا فنڈ مختص کرنے سمیت دیگر مطالبات پرمشتمل محضر ضلع کلکٹر اُدئے چودھری کو دیا گیا۔
***** ***** *****
 مرکزی وزیرِ زراعت رادھا موہن سنگھ نے ملک کے تمام وزرائے اعلیٰ سے وزیرِاعظم کسان سنمان فنڈ اسکیم پر مؤثر اور تیزی سے عمل آوری کرنے کیلئے تعاون دینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** ***** 

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 07.07.2025 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 07 July 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...