Tuesday, 2 April 2019

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 02.04.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 April - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ اپریل  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 وزیرِ اعظم نریندر مودی نے الزام عائد کیا ہے کہ کانگریس نے امن پسند ہندوئوں کا تعلق دہشت گردی سے جوڑ کر ہندوئوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کل وردھا سے مہاراشٹر میں بی جے پی اُمیدواروں کی تشہیری مہم کا آغاز کیا۔ اقربا پروری اور بدعنوانی کے موضوعات پر انھوں نے کانگریس اور این سی پی اتحاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ این سی پی سربراہ شرد پوار ہوا کا رخ جانتے ہیں، اسی لیے انھوں نے انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نریندر مودی نے الزام لگایا کہ شرد پوار کے دورِ اقتدار میں کئی کسانوں نے خودکشیاں کیں۔
 کانگریس نے وزیرِ اعظم کے اس الزام کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ کانگریس رہنماء منیش تیواری نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندو دہشت گرد لفظ کا سب سے پہلے استعمال بی جے پی کے سرکردہ قائد اور موجودہ داخلہ سیکریٹری آر کے سنگھ نے کیا تھا۔
***** ***** *****
کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے کیلئے قومی مفاد میں اپوزیشن کی تمام جماعتیں متحد ہوگئی ہیں‘ اس لیے لوک سبھا انتخابات کے بعد تمام جماعتیں متحد ہوکر ایک محاذ بناسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال جمہوریت اور دستور کی بقاء کیلئے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو شکست دینا اوّلین ترجیح ہے۔ خبررساں ادارے پی ٹی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ قومی اداروں اور سماجی ڈھانچے کو تباہ کرنے سے بی جے پی کو روکنا‘ معیشت کی ترقی‘ روزگار کی فراہمی‘ سماجی ہم آہنگی کا قیام‘ نیز ناانصافی اور عدم مساوات کیخلاف تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوگئی ہیں۔
***** ***** *****
 کیرالہ کے وائے ناڈ لوک سبھا حلقے سے کانگریس صدر راہل گاندھی کیخلاف بھارتیہ دھرم جن سینا کے تشار ویلا پلّی اُمیدوار ہونگے۔ یہ اعلان بی جے پی صدر امیت شاہ نے کیا۔ کیرالہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور بھارتیہ دھرم جن سینا کا انتخابی اتحاد ہے۔
***** ***** *****
لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کی رائے دہی کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کی مدت جمعرات کو ختم ہورہی ہے۔ کل کئی حلقوں میں متعدد اُمیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے۔
اورنگ آباد لوک سبھا حلقے میں کانگریس۔ این سی پی اتحاد کے اُمیدوار سبھاش جھامبڑ‘ آزاد اُمیدوار سنگیتا نرمل اور بہوجن مہا پارٹی کے اُمیدوار شیخ ندیم شیخ کریم نے کل اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔
***** ***** *****
احمد نگر لوک سبھا حلقۂ انتخاب سے بی جے پی۔ شیوسینا اتحاد کے ڈاکٹر سجئے وکھے ‘ ماڈھا حلقے سے رنجیت نائیک نمبالکر، رتنا گیری۔ سندھو دُرگ حلقے سے سوابھیمانی پارٹی کے نلیش رانے‘ کولہا پور سے کانگریس۔ این سی پی اتحاد کے دھننجئے مہاڈک‘ بی جے پی۔ شیوسینا کے سنجے منڈلک‘ ونچت بہوجن اگھاڑی کی ارونا مالی، جبکہ ہات کنگلے لوک سبھا حلقے سے سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا کے راجو شیٹی‘ شیوسینا۔ بی جے پی اتحاد کے دھیریہ شیل مانے اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے اسلم سیّد نے بھی کل اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے۔
جالنہ لوک سبھا حلقۂ انتخاب سے اکھل بھارتیہ سینا کے گنیش چاندوڑے اور آزاد اُمیدوار شاہ دیو پالوے نے اُمیدواری فارم داخل کیے۔ ساتارا حلقے سے بلی راجہ شیتکری سنگھٹنا کے پنجاب رائو پاٹل، ونچت بہوجن اگھاڑی کے سہد یو یولے اور ایک آزاد اُمیدوار نے اپنے کاغذات داخل کیے۔
 دریں اثناء کل کانگریس نے مزید 9/ اُمیدواروں کے ناموں پر مشتمل ایک فہرست جاری کی۔ اس فہرست میں پونا حلقے سے موہن جوشی اور راویر سے ڈاکٹر اُلہاس پاٹل کا نام بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
 مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانتی اسکیم کی اُجرت میں یکم اپریل سے اضافے کی دیہی ترقیات کی وزارت کی تجویز کو انتخابی کمیشن نے منظوری دیدی۔ ہر برس نئے مالی سال کے ابتدائی دن یعنی یکم اپریل سے اس اسکیم کے تحت اُجرت کی شرح کا اعلان کیا جاتا ہے۔ سرِدست لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں نافذ العمل ضابطۂ اخلاق کے پیشِ نظر اس اعلان سے قبل انتخابی کمیشن سے اجازت طلب کی گئی تھی۔ مختلف ریاستوں میں اُجرت کی شرح الگ الگ ہے، اس لیے اضافہ بھی مختلف ہے، جو پانچ فیصد اور اس سے زیادہ ہے۔
***** ***** *****
 ناگپور دفتر ِ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے ریاست میں گرمی کی لہر ہوگی اور درجۂ حرارت میں زبردست اضافے کا امکان ہے۔ مراٹھواڑہ میں چار دِن اور ودربھ میں پانچ دن شدید گرمی رہے گی۔ کل ریاست میں سب سے زیادہ درجۂ حرارت چندر پور ضلع میں 43.4/ ڈگری سیلسئیس ریکارڈ کیا گیا۔
 اسی دوران وسطی بھارت میں اس بار اپریل تا جون کے درمیان درجۂ حرارت اوسط سے نصف ڈگری سیلسیئس زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
***** ***** ****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 04.10.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 04 October 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...