Saturday, 6 August 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں -بتاریخ: 06 اگست 2022' وقت: صبح 9:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 06 August-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۶؍ اگست  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابی عمل پر انتخابی کمیشن کی جانب سے حکمِ التواء۔
٭ نائب صدرِ جمہوریہ کے انتخاب کیلئے آج رائے دہی؛ آج شام ہی ووٹوں کی گنتی۔
٭ ریاست میں کورونا کے 2 ہزار 24 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 115 متاثر۔
٭ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے ریپو ریٹ میں نصف فیصد اضافہ۔
٭ بڑھتی مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں کانگریس کی جانب سے مظاہرے۔
اور۔۔٭ دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں بھارت کو 3 طلائی تمغے؛ میڈل ٹیلی میں بھارت پانچویں مقام پر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابی عمل کو ریاستی انتخابی کمیشن نے ملتوی کردیا ہے۔ ریاستی حکومت نے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی قانون 1961 میں ترمیم کرتے ہوئے ضلع پریشد کے ارکان کی تعداد میں تبدیلی کی ‘ اسی پس منظر میں یہ انتخابی عمل ملتوی کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے تمام 8 اضلاع سمیت ریاست کی 25 بلدیہ جات اور ان کے تحت 284 پنچایت سمیتیوں کیلئے ریزرویشن کی حتمی فہرست کل جاری کی جانے والی تھی۔ اب یہ تمام عمل موجودہ جوں کے توں حیثیت میں ملتوی کردیا گیا ہے۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے ضلع کلکٹروں سے کہا ہے کہ اس خصوص میں بعد میں احکامات جاری کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
گرام پنچایتوں کیلئے پرسوں کی گئی رائے دہی کی کل گنتی عمل میں آئی۔ بی جے پی نے ان 271 میں سے 82 گرام پنچایتوں میں فتح کا دعویٰ کیا ۔ شیوسینا کے اُدّھو ٹھاکرے گروپ نے بدنا پور تعلقے کی 19 میں سے 11‘ عثمان آباد ضلع کے عمرگہ تعلقے کی 5 میں سے 4‘ بیڑ ضلع میں 3‘ اور لاتور ضلع میں ایک گرام پنچایت پر فتح حاصل کی۔ اورنگ آباد ضلع کے پیٹھن تعلقے میں رکنِ اسمبلی سندیپان بھومرے کی زیرِ قیادت 7 میں سے 6  اور سلوڑ تعلقے میں عبدالستار کی زیرِ قیادت 3 گرام پنچایتوں میں شیوسینا کے شندے گروپ نے فتح درج کروائی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے دی گئی زمین کے حقِ ملکیت کے تبادلے کیلئے رجسٹریشن فیس جمع کروانے مدت میں توسیع کی جائیگی۔ وہ کل اس ضمن میں منترالیہ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ یہ رقم جمع کروانے کے تین برسوں کے پہلے مرحلے میں کووِڈ کی صورتحال کے باعث دو برس کی توسیع کی جاچکی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے محکمۂ محصول کو ہدایت کی ہے کہ کھلے بازار کی قیمت کا 10 تا 15 فیصد وصول کی جانے والی اس رقم میں مزید تخفیف کے امکانات کا جائزہ لے۔
اس دوران پاٹن تعلقے میں زمین کھسکنے سے تباہ ہونے والے 7 دیہاتوں کی مستقل باز آبادکاری کیلئے 4 کروڑ روپئے مختص کرنے کا حکم بھی وزیرِ اعلیٰ نے دیا۔
***** ***** *****
نائب صدرِ جمہوریہ کے عہدے کیلئے آج صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک سنسد بھون میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ قومی جمہوری اتحاد NDA کے اُمیدوار جگدیپ دھنکڑ اور حزبِ اختلاف کی اُمیدوار مارگریٹ الواء کے مابین نائب صدر کے عہدے کیلئے راست مقابلہ ہوگا۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکان کے ووٹوں سے نائب صدر کا انتخاب ہوتا ہے۔ پارلیمنٹ کے ارکان کی کُل تعداد 788 ہے‘ جن میں 543 لوک سبھا ارکان اور 233 راجیہ سبھا کے اور 12 صدرِ جمہوریہ کے نامزد ارکان شامل ہیں۔ آج رائے دہی کے اختتام کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی کی جائیگی۔ موجودہ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو کی مدت 10  اگست کو مکمل ہورہی ہے۔
***** ***** *****
نائب صدر ا ور راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے وضاحت کی ہے کہ پارلیمانی اجلاس کے دوران یا عام دِنوں میں ارکانِ پارلیمان‘ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے جاری کردہ سمنس کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔ پرسوں ED کی جانب سے کانگریس رہنماء ملک ارجن کھرگے کو سمنس جاری کیے جانے کے بعد کل ابتدائی طور پر راجیہ سبھا کا کام کاج ملتوی ہونے کے دوپہر بعد دوبارہ شروع ہوا تو اس وقت نائیڈو نے یہ وضاحت کی۔ عدالت ِ عظمیٰ اور راجیہ سبھا کے مختلف فیصلوں کی دلیل دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مجرمانہ عمل کی تحقیقات کیلئے رکنِ پارلیمان اور عام آدمی میں تمیز نہیں کی جاسکتی۔ رکنِ پارلیمنٹ ہونے کی وجہ بتاکر اس طرح کی تحقیقات سے پہلوتہی نہیں کی جاسکتی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی جانب سے تمام خوردنی تیل تنظیموں کو حکم دیا گیا ہے کہ خوردنی تیل کی قیمت میں 15 روپئے فی لیٹر کمی کی جائے۔ خوردنی تیل تیار کرنے والوں ریفائنریز کی جانب سے ڈسٹری بیوٹرز کو دی جانے والی قیمتیں بھی کم کرنے کا حکم مرکزی حکومت نے دیا ہے۔ اغذیہ و عوامی رسد کے محکمے نے خوردنی تیل فروشوں کی تنظیم سے ملاقات کے دوران یہ احکامات جاری کیے ۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا سے متاثر 2 ہزار 24 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب تک اس وباء سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 80 لاکھ 55 ہزار 989 ہوگئی ہے۔ کل 5 مریضوں کی موت واقع ہوئی، جس کے بعد کورونا کے باعث ریاست بھر میں اب تک ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ 48ہزار 129 ہوگئی۔ اب بھی ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 11 ہزار 906 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 115 مریضوں کی کوروناجانچ مثبت پائی گئی۔ جن میں ناندیڑ ضلع کے 35‘ عثمان آباد 32‘ اورنگ آباد 19‘ لاتور 12‘ بیڑ 10‘ اور جالنہ ضلع کے 7 مریض شامل ہیں۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا RBI نے ریپو ریٹ میں نصف فیصد اضافہ کردیا ہے۔ جس کے بعد اب ریپو ریٹ 5  اعشاریہ 4 فیصد ہوگیا ۔ بینک کے گورنر شکتی کانت داس کی جانب سے کل دو ماہی کریڈٹ پالیسی کا اعلان کیا گیا، جس میں اس شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔ 2022-23 کے مالی سال میں افراطِ زر کی شرح 6  اعشاریہ دو تین فیصد، جبکہ شرحِ نمو 7  اعشاریہ دو فیصد رہنے کا امکان RBI نے ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
بڑھتی مہنگائی ‘بیروزگاری اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر GST عائد کیے جانے جیسے موضوعات پر کانگریس کی جانب سے ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے۔ نئی دہلی میں کانگریس قائد راہل گاندھی کی زیرِ قیادت راشٹرپتی بھون تک مورچہ نکالا گیا۔ جنھیں پولس نے حراست میں لے لیا۔ اس سے قبل اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں مطلق العنانیت ہے اور جمہوریت کا قتل کیا جارہا ہے۔ ممبئی میں راج بھون احاطے میں مظاہرے کیے گئے۔ اس موقع پر مرکزی حکومت کے خلاف زوردار نعرے بازی کی گئی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں بھی ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے مظاہرے کیے گئے۔ پارٹی کے ضلع صدر اور سابق رکنِ اسمبلی ڈاکٹر کلیان کاڑے اور شہر صدر شیخ یوسف کی قیادت میں کانگریس کے تمام رہنما اور عہدیداران نے اس مظاہرے میں حصہ لیا اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
ہنگولی میں کانگریس رکنِ اسمبلی ڈاکٹر پرگیا ساتو کی رہنمائی میں شدید ایجی ٹیشن کیا گیا۔ پیٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف موٹر سائیکلیں بیل گاڑیوں میں کھڑی کرکے بیل گاڑیوں کو ہاتھوں سے کھینچا گیا۔ مظاہرین نے گیس سلنڈر سر پر اٹھا رکھے تھے۔
***** ***** *****
عثمان آباد نگر پریشد دفتر میں ترنگا قومی پرچم فروخت کرنے کے مرکز کا کل افتتاح عمل میں آیا۔ چیف افسر اور ایڈمنسٹریٹر ہری کلیان یل گٹّے نے اس موقع پر اپنے خطاب میں اس مرکز سے استفادہ کرتے ہوئے شہریوں کو اپنے مکانات پر قومی پرچم لہرانے کی ترغیب دی۔
***** ***** *****
برمنگھم میں جاری دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں بھارت نے کل کشتی کے مقابلوں میں تین طلائی اور ایک نقرئی اور دو کانسے کے تمغے حاصل کیے۔ کشتی میں بھارتی کھلاڑیوں نے کل بہترین کارکردگی پیش کی۔ مردوںمیں بجرنگ پونیا‘ دیپک پونیا اور خواتین میں ساکشی ملِک نے طلائی تمغے حاصل کیے۔ بجرنگ نے 65 کلو زمرے میں کینیڈا کے لیچلن میک لِن اور دیپک نے 86 کلو زمرے میں پاکستان کے محمد انعام کو جبکہ ساکشی نے کینیڈا کی خاتون کھلاڑی کو فائنل میں شکست دی۔ انشو ملِک نے بھی کشتی میں نقرئی تمغہ حاصل کیا، جبکہ موہت اگروال اور وِدّیا کاکر نے کانسے کا تمغہ جیتا‘ لان بالس میں مردوں کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابی عمل پر انتخابی کمیشن کی جانب سے حکمِ التواء۔
٭ نائب صدرِ جمہوریہ کے انتخاب کیلئے آج رائے دہی؛ آج شام ہی ووٹوں کی گنتی۔
٭ ریاست میں کورونا کے 2 ہزار 24 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 115 متاثر۔
٭ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے ریپو ریٹ میں نصف فیصد اضافہ۔
٭ بڑھتی مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں کانگریس کی جانب سے مظاہرے۔
اور۔۔٭ دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں بھارت کو 3 طلائی تمغے؛ میڈل ٹیلی میں بھارت پانچویں مقام پر۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 25.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 25 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...