Thursday, 7 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 07 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 07 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گذشتہ دس برسوں میں حکومت نے اصلاحات کا سلسلہ چلایا ہے: وزیرِ اعظم نریندرمودی کا دعویٰ؛دہلی میں کرتویہ بھون کا افتتاح۔
٭ فحش مواد نشر کرنے پر 43 او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر پابندی: مرکزی وزیر اشونی ویشنو کا لوک سبھا میں اعلان۔
٭ مراٹھواڑہ کی آئندہ نسل کو قحط دیکھنے نہیں دیں گے: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا عزم۔
٭ ریزرو بینک کی دو ماہی کریڈٹ پالیسی میں ریپو ریٹ ساڑھے پانچ فیصد پر برقرار۔
٭ اُتراکھنڈ میں بادل پھٹنے سے ہونے والی تباہی میں مہاراشٹر کے 51 شہری محفوظ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو‘ پربھنی‘ ہنگولی‘ ناندیڑ سمیت ریاست کے 14 اضلاع میں محکمہئ موسمیات کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کاہ ہے کہ گذشتہ دس برسوں کے دوران ان کی حکومت نے متواتر‘ تیز رفتار اور بصیرت انگیز اصلاحات کا ایک سلسلہ چلایا ہے۔ کل نئی دہلی میں مختلف محکموں کے مجوزہ دفاتر کی عمارت کرتویہ بھون کا افتتاح کرنے کے بعد وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے بتایا کہ بہتر طرزِ حکمرانی اور ترقی جیسے اہداف اصلاحات ہی میں مضمر ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
تجارتی جہاز رانی بل 2024 کل لوک سبھا میں منظور کرلیا گیا۔ شپ بلڈنگ اور آبی راہداری کے وزیر سروانند سونووال نے یہ بل لوک سبھا میں پیش کیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ بھارتیہ جہاز رانی شعبے کی ترقی اور قومی کاروباری سمندری رقبے کی بہترین طرز پر دیکھ بھال کو یقینی بنانا اس بل کا مقصد ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ فحش مواد نشر کرنے کی پاداش میں 43 او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کل لوک سبھا میں انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 2021 میں منظور کردہ قوانین پر عمل درآمد تمام او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کیلئے بھی لازمی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مراٹھواڑہ کی آئندہ نسل کو قحط دیکھنے نہیں دیں گے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے ویجاپور تعلقے کے دیوگاؤں شنی میں منعقدہ ایک مذہبی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ سمندر میں بہہ کر ضائع ہوجانے والے پانی کو گوداوری کی طرف موڑنے کے کام کا اسی برس آغاز ہوجائے گا۔
اس تقریب میں موجود خواتین نے وزیرِ اعلیٰ کو راکھی باندھی‘ جس پر دیویندر پھڑنویس نے اس خلوص اور محبت پر لاڈکی بہنوں کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
شیوسینا قائد اور نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ نائب صدر کے انتخاب کیلئے بی جے پی کی زیرِ قیادت قومی جمہوری اتحاد کی شیوسینا مکمل حمایت کرے گی۔ اس خصوص میں کل دہلی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے اپنی پارٹی کے مؤقف کی وضاحت کی۔ انھوں نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ این ڈی اے میں شیوسینا چوتھے نمبر کی پارٹی ہے۔ شیوسینا اور این ڈی اے کا رشتہ بہت پرانا ہے۔ آنجہانی باڑا صاحب ٹھاکرے نے این ڈی اے بنایا تھا۔ اس لیے نائب صدر کے عہدے کیلئے این ڈی اے جو فیصلہ کرے گی شیوسینا اس کی مکمل حمایت کرے گی۔
اسی دوران شندے نے شیوسیناکے تمام ارکانِ پارلیمان کے ہمراہ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور سب سے طویل عرصے تک مرکزی وزیرِ داخلہ رہنے پر امت شاہ کو مبارکباد دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اور بیڑ ضلع کے رابطہ وزیر اجیت پوار نے کہا ہے کہ بیڑ ضلع کی ترقی کو اوّلین فوقیت دی جائیگی۔ کل بیڑ میں مختلف کاموں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ضلع کے کچھ ڈپازیٹرس کی رقومات‘ کریڈٹ سوسائٹیز میں پھنسی ہوئی ہیں‘ یہ پیسہ انھیں واپس لانے کیلئے امدادِ باہمی محکمے‘ پولس اور ضلعی انتظامیہ کو مربوط کارروائی کرنے کی انھوں نے ہدایت کی ہے۔ حکومت کی مختلف اسکیموں کو ایک کلک میں عوام تک پہنچانے کیلئے ضلع کلکٹر دفتر کی شروع کردہ ”سیوا مِتر“ اور چیٹ باٹ خدمات کا افتتاح بھی اجیت پوار کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا کی دو ماہی کریڈٹ پالیسی میں ریپو ریٹ ساڑھے پانچ فیصد پر برقرار رکھا گیا ہے۔ ممبئی میں منعقدہ کریڈٹ پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد گورنر سنجئے ملہوترا نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ موجودہ عالمی تناظر میں بھارت کی معیشت کی بہتر پیش رفت جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ شرح ِ نمو ساڑھے چھ فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کے پارلیمانی قائد وجئے وڑیٹیوار نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات وی وی پیٹ کے بغیر نہ کروائے جائیں اور اگر یہ مشین موجود نہ ہو تو انتخابات بیلیٹ پیپر پر کروائے جائیں۔ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انتخابات شفاف طور پر کروانے کیلئے وی وی پیٹ لازمی ہے۔
***** ***** *****
اُتراکھنڈ میں بادل پھٹنے سے آنے والی آفت میں مہاراشٹر کے 51 شہری پوری طرح محفوظ ہیں۔ ان میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے 12 شہری بھی شامل ہیں۔ یہ اطلاع ریاستی ایمرجنسی دفتر نے دی۔
اسی دوران اس آفتِ سماوی میں امدادی کام انجام دینے والے فوج کے آٹھ جوان اور ایک افسر لاپتہ ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے محسن شاہدی نے بتایا کہ اب تک 190 افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچادیا گیا ہے اور انھیں غذائی اشیاء‘ پینے کے پانی اور ادویہ کی سہولت بہم پہنچائی جارہی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے اُتراکھنڈ کے مالیاتی سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل سے رابطہ کرکے مہاراشٹر کے سیاحوں کو ضروری امداد دینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے کہا ہے کہ ریاست کے طلبہ کو بچپن ہی سے نظم و ضبط کا عادی بنانے کیلئے این سی سی کی طرز پر تربیت دینے کا منصوبہ ہے۔ کل منترالیہ میں اس ضمن میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاست میں این سی سی تربیتی مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور ان میں زیادہ سے زیادہ طلبہ کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے کوشش کی جائیگی۔
***** ***** *****
محصول ہفتے کے سلسلے میں کل جالنہ ضلع کے پرتور میں چھترپتی شیواجی مہاراج محصول مہم کے تحت مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ اس موقع پر شاندار کارکردگی پیش کرنے والے افسران و ملازمین کو ضلع کلکٹر آشیما متل کے ہاتھوں ایوارڈز دئیے گئے۔ اس کے علاوہ مختلف اسکیموں کے اہل مستفیدین میں منظوری نامے بھی تقسیم کیے گئے۔
***** ***** *****
یومِ آزادی کے موقع پر لاتور میں بڑے پیمانے پر دو روزہ شجرکاری مہم چلائی جائیگی۔ یہ اطلاع ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے دی۔ اس دوران مسلسل دو برس تک تپ ِ دق سے پاک رہنے والی 32 گرام پنچایتوں کو ایوارڈز دئیے گئے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع کو تپ ِ دق سے پاک کرنے کیلئے اجتماعی کوششیں ضروری ہے۔
***** ***** *****
پونہ طیران گاہ پر کسٹمز محکمے نے کل ایک کارروائی میں چھ کلو 119 گرام منشیات ضبط کرلیں۔ جس کی بین الاقوامی بازار میں قیمت تقریباً چھ کروڑ روپئے بتائی جاتی ہے۔ بنکاک سے آنے والے اتل سشیل ہیوالے نامی شخص سے یہ منشیات ضبط کی گئیں۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے مراٹھواڑہ کے دھاراشیو‘ پربھنی‘ ہنگولی اور ناندیڑ سمیت ریاست کے 14 اضلاع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے بیشتر مقامات پر گھن گرج کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گذشتہ دس برسوں میں حکومت نے اصلاحات کا سلسلہ چلایا ہے: وزیرِ اعظم نریندرمودی کا دعویٰ؛دہلی میں کرتویہ بھون کا افتتاح۔
٭ فحش مواد نشر کرنے پر 43 او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر پابندی: مرکزی وزیر اشونی ویشنو کا لوک سبھا میں اعلان۔
٭ مراٹھواڑہ کی آئندہ نسل کو قحط دیکھنے نہیں دیں گے: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا عزم۔
٭ ریزرو بینک کی دو ماہی کریڈٹ پالیسی میں ریپو ریٹ ساڑھے پانچ فیصد پر برقرار۔
٭ اُتراکھنڈ میں بادل پھٹنے سے ہونے والی تباہی میں مہاراشٹر کے 51 شہری محفوظ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے دھاراشیو‘ پربھنی‘ ہنگولی‘ ناندیڑ سمیت ریاست کے 14 اضلاع میں محکمہئ موسمیات کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments: