Wednesday, 20 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 20 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 20 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۰؍ اگست ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شدید بارشوں سے تباہ شدہ فصلوں کا سروے کرنے ا ور متاثرین کو امداد فراہم کرنے کی انتظامیہ کو دی گئی ہدایت: وزیرِاعلیٰ کی اطلاع۔
٭ بارش سے متاثرہ ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع میں راحت رسانی کے کام جاری : متعلقہ وزیر گریش مہاجن نے لیا ناندیڑ میں صورتحال کا جائزہ ۔
٭ ریاستی حکومت کے شمسی توانائی اور تکنیکی شعبے میں مختلف کمپنیوں کے ساتھ دس مفاہمتی معاہدوں پر دستخط ، ریاست میں 42ہزار 892 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔
٭ جالنہ ضلعے میں بارش کے نقصانات سے متعلق 25 کروڑ کے امدادی فنڈ گھوٹالے میں 28 افراد کیخلاف جعلسازی کا مقدمہ درج۔
اور۔۔۔٭ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے سوریہ کمار یادو کی قیادت میں بھارتی ٹیم کا اعلان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین دلایا ہے کہ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شدید بارش کی وجہ سے تباہ شدہ فصلوں کا پنچنامے کرے اور این ڈی آر ایف کے ضابطوں کے مطابق متاثرین کو امداد فراہم کی جائے۔ وزیرِ اعلیٰ گزشتہ روز ممبئی میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔
دریں اثنا‘ ریاست کے کئی حصوں میں کل بھی بارش ہوئی۔ اس پسِ منظر میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ممبئی اور تھانے شہروں کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے والے دستوں کو تیار رکھنے کی ہدایت دی۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بھی ریاستی انسدادِ آفاتِ سماوی مرکز میں بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریاست بھر میں 10 لاکھ ایکڑ رقبے پرپھیلی فصلیں زیر آب آجانے کی اطلاع بھی دی۔
مراٹھواڑہ کے متعدد حصوں میں بھی کل موسلادھار بارش جاری رہی۔ ناندیڑ ضلع کے حسناڑ میں کل صبح دو اور افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جس سے ضلع میں بارش سے فوت ہونے والوں کی تعداد نو تک پہنچ گئی ہے۔ مکھیڑ تعلقہ میں امدادی کام تیزی سے جاری ہے۔ انتظامِ ہنگامی حالات محکمے کے وزیر گریش مہاجن نے کل ناندیڑ میں بارش سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا اور سماوی آفات سے متاثرہ افراد کیلئے انتظامات کیے جانے کی اطلاع دی۔
اس دوران گریش مہاجن نے مکھیڑ تعلقے میں لینڈی آبی منصوبے سے متاثر ہونے والے دیہاتوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سیلاب زدگان کے لواحقین کو چار چار لاکھ روپے کی مالی امداد فر اہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
پربھنی ضلع کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے،ضلع کے سیلو تعلقے میں واقع راج واڑی پل سے گذرتے ہوئے دو موٹر سائیکل سواروں کے بہہ جانے کا حادثہ پیش آیا۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ یہ دونوں ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان میں سے ایک شخص وا لورجبکہ دوسرا شخص گل کھنڈ کا سا کن ہے۔
دریں اثنا‘ مسلسل بارشوں کی وجہ سے ضلعے میں سویا بین، تور کے ساتھ ساتھ مونگ، اُڑد، کپاس اور دیگر تیار فصلوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے ۔ کسانوں نے انتظامیہ سے فوری طور پر نقصانات کے پنچنامے کرنے اور نقصان بھرپائی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بیڑ ضلعے میں موسلادھار بارش کے سبب بڑے پیمانے پر نقصانات کا نوٹس لیتے ہوئے رکنِ پارلیمان سپریہ سولے اور بجرنگ سونونے‘ نے کل مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور انہیں ایک مطالباتی محضر کے ذریعے مرکزی حکومت کی جانب سے فوری امداد فر اہم کرنے کی درخواست کی۔ دریں اثنا، بیڑ ضلعے کے پرلی تعلقے میں ناگاپور پشتہ لبریز ہوکر بہنے لگا ہے، جس سے علاقے میں واقع دیہاتوں میں پانی کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔
لاتور ضلعے میں مسلسل بارش کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کا ‘ کل رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے نے معائنہ کیا۔ اس موقعے پر انہوں نے انتظامیہ کو مستعد رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی اپیل کی۔ لاتور شہر کو پانی فراہم کرنے والے مانجرا پشتے کے دو دروازے کل بند کر دیے گئے۔
جالنہ ضلعے کے گھن ساونگی تعلقے کے ایک رُکھا گاؤں کے کسان اناصاحب سانَپ پیر کے دن سیلابی پانی میں بہہ گئے تھے، ان کی لاش کل شام دہی گوھان گاؤں کے قریب پائی گئی۔
***** ***** *****
دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے آج رائے گڑھ اور پونے اضلاع کیلئے بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور ودربھ کے بیشتر اضلاع کیلئے یلو الرٹ دیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں ہلکی سے اوسط بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی میں گزشتہ دو دنوں سے جاری زوردار بارش کی وجہ سے ریلوے پٹریوں پر پانی بھر جانے کی وجہ سے وسطی ریلوے میں گاڑیوں کی آمد و رفت میں رخنہ اندازی ہورہی ہے۔ کل شام ممبئی سے نکلی ہوئی جن شتابدی ایکسپریس کو اِگت پوری پہنچنے کے بعد روک دیا گیا۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ یہ گاڑی اِگت پوری سے منماڑ تک جائے گی اور آج صبح پنچوٹی ایکسپریس کی جگہ روانہ ہوگی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ کی قیادت میں کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے کل ریاستی انتخابی کمشنر دِنیش واگھمارے سے ملاقات کی اور مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات میں VVPAT کا استعمال کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقعے پر کُل ہند کانگریس کمیٹی کے سکریٹری پرفل گڑدھے پاٹل، ریاستی کانگریس کے خزانچی ابھے چھاجیڑ اور دیگر پارٹی عہدیدار بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ کے سابق جج جسٹس بی سدرشن ریڈی کو حزبِ مخالف اتحاد ’’انڈیا ‘‘نے نائب صدرِ جمہوریہ کے انتخاب کیلئے اپنا اُمیدوار نامزد کیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کل نئی دہلی میں اتحاد کی مشترکہ صحافتی کانفرنس میں اس کی اطلاع دی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے تصور پر جاری جامع اقتصادی پالیسی کی وجہ سے ملک کی شبیہ دنیا بھر میں بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کل مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
دریں اثنا، مرکزی کابینہ نے کل راجستھان کے کوٹا بُندی میں طیر ان گاہ کی ترقی اور اڈیشہ میں راستوں سے متعلق ترقیاتی منصوبے کو بھی منظوری دی۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ کی بنیادی سہولیات کمیٹی کا بھی اجلاس کل منعقد ہوا۔ جس میں پونے-لوناولہ مضافاتی ریلوے لائن پر تیسری اور چوتھی لائنوں کی تعمیر، پونے میٹرو کے بالاجی نگر-بِبوے واڑی اور سوارگیٹ-کاترج اسٹیشنوں کا قیام، تھانے اور نئی ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ کے درمیان 25 کلومیٹرطویل ترقیاتی راستے کی تعمیر، ممبئی میں میٹرو لائن کے اہمیت کے حامل منصوبے اور ناگپور میں ایک نئے شہر کے قیام کو منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سرکاری طبّی کالجوں اور اسپتالوں میں درجۂ سوم کی مختلف جائیدادوں پر کام کرنے والے 17 ملازمین کو 29 دن کی بنیاد پر عارضی خدمات کو مستقل کرنے کی بھی منظوری دی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کل شمسی توانائی اور تکنیکی شعبوں میں دس مفاہمتی معاہدوں پر دستخط کیے ۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے بتایا کہ ان معاہدوں کی بدولت ریاست میں 42ہزار892 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی اورتقریبا 25ہزار 892روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
دریں اثنا‘ اس سال سے ریاستی تہوار کے طور پر منائے جانے والے گنیش اُتسو کے علامتی نشان کی رونمائی کل کابینہ کے اجلاس کے بعد کی گئی۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے عنبڑ تعلقے میں 25 کروڑ کے بارش سے ہونے نقصا نات سے متعلق امدادی رقم کے گھوٹالے کے معاملے میں کل 28 افراد کے خلاف دھوکہ دہی کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ان ملزمان میں تلاٹھی، محصول ملازمین، کمپیوٹر آپریٹرز اور کچھ دیگر افسران شامل ہیں۔ اس سے قبل اس معاملے میں 21 تلاٹھیوں کو معطل کیا جا چکا ہے اور ان کے خلاف علاقائی سطح پر تحقیقات جاری ہے۔عیاں رہے کہ اس معاملے میں تحصیلداروں کی ای میل آئی ڈی کا غلط استعمال کرتے ہوئے جعلی دستاویزات تیار کیے گئے اور کمپیوٹر نظام میں ردّ و بدل کرکے سرکاری امدادی رقم میں غبن کیا گیا۔
***** ***** *****
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا۔ سوریہ کمار یادو کپتان اور شبھمن گل اس ٹیم کے نائب کپتان ہوںگے‘ جبکہ ٹیم میں شبھم دوبے، تلک ورما، کلدیپ یادو، ہاردک پانڈیا، ہرشیت رانا، ابھیشیک شرما، جتیش شرما، جسپریت بمراہ، سنجو سیمسن، اکشر پٹیل، ارشدیپ سنگھ ،رِنکو سنگھ اور ورون چکرورتی شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں بھارت کا پہلا میچ 10 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہو گا جبکہ بھارت اور پاکستان کا میچ 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****

No comments: