Thursday, 21 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 21 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 21 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی وزیر داخلہ کی جانب سے تین نئے بل لوک سبھا میں پیش۔ سنگین جرائم کے مرتکب عوامی نمائندوں کو عہدے سے ہٹانے کی شق پر حزب اختلاف کی جانب سے شدید اعتراض۔
٭ پروموشن اینڈ ریگو لیشن آف آن لائن گیمنگ بل لوک سبھا میں منظور۔
٭ سمردھی ایکسپریس کی طرز پر ناندیڑ۔جالنہ ایکسپریس وے کے لیے معاوضے کی ادائیگی کے متبادل پر غور کیا جائے۔ وزیر محصول باون کڑے کی ہدایت۔
٭ ریاست میں شدید بارش سے آٹھ لاکھ ہیکٹر سے زائد فصلوں کو نقصان پہنچا؛ پنچنامے تیز رفتاری سے کیے جائیں: وزیر زراعت دتاترے بھرنے کا عندیہ۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی اور مانجرا ڈیمس سے پانی کے اخراج کا آغاز؛ انتظامیہ کی جانب سے ندی کے کنارے رہنے والوں کو خبردار رہنے کی ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ”130واں آئینی ترمیمی بل 2025“، مرکز کے زیر انتظام حکومت بل 2025اور جموں وکشمیر دوبارہ تشکیل بل 2025کل لوک سبھا میں پیش کیا۔ اس بل میں وزیر اعظم، وزراء اعلیٰ اور وزراء پر سنگین الزامات عائد ہونے یا 30دن کے لیے قید ہونے پر انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کی شق ہے۔ کانگریس، ایم آئی ایم اور سماج وادی پارٹی سمیت حزب اختلاف نے اس بل کی شدیدمخالفت کی اور کہا کہ یہ بل جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔ ایوان نے یہ تینوں بل تفصیلی جائزے کیلئے پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کو روانہ کردیا ہے۔
***** ***** *****
پروموشن اینڈ ریگولیشن آف آن لائن گیمنگ بل کل لوک سبھا نے منظور کر لیا۔ اس سلسلے میں الیکٹرانکس اور اطلاعات کے وزیر اشونی ویشنو نے تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا:
Byte: Ashwini Vaishnav, Minister for Electronics & Communication
اس بل کا مقصد ای۔اسپورٹس، تعلیمی وسماجی کھیلوں سمیت آن لائن گیمز کو فروغ دینا اور انہیں باقاعدہ ضابطہ بند کر نا ہے۔اس قانون کے ذریعے گیمنگ کے شعبے کے لیے قومی سطح پر ایک قانونی ڈھانچہ تیار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کسی بھی آن لائن گیم کے ذریعے سروسیز اور اشتہارات کی مد میں مالی لین دین پر مکمل پابندی عائد کی جائیگی۔اس بل میں تین بر س کی قید اور ایک کروڑ روپئے جرمانہ عائد کرنے یا دونوں سزاؤں کا التزام ہے۔ اس بل کے باعث شہریوں اور با لخصوص نوجوانوں پر مرتب ہونے والے سماجی، معاشی اور نفسیاتی مضر اثرات کو روکنے میں مدد ملے گی۔
راجیہ سبھا میں وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کی جانب سے پیش کردہ انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اصلاحاتی بل کل منظور کر لیا گیا۔دریں اثناء‘ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آج اختتام پذیر ہو رہا ہے۔
***** ***** *****
قومی جمہوری اتحاد NDAکے نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کے امیدوار گورنر سی پی رادھا کرشنن نے کل سنسد بھون میں اپنا پر چہئ نامزدگی داخل کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مرکزی کابینہ کے ارکان اور این ڈی اے کی رکن جماعتوں کے ارکان ِپارلیمان اس موقع پر موجود تھے۔
***** ***** *****
وزیر محصول چند ر شیکھر باون کڑے نے ہدایت کی ہے کہ ناندیڑ جالنہ ایکسپریس وے کے لیے سمردھی ایکسپریس وے کی طرز پر ہی زمین ایکوائر کیے جانے کا معاوضہ ادا کرنے کے متبادل پر غور کیا جائے۔ کل اس سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے وہ خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں ضلع کلکٹر کو ہدایت کی گئی کہ 2021کے بازار بھاؤکے مطابق ہی شرح طئے کرکے رپورٹ مرتب کی جائے۔اس کے علاوہ وزیر موصوف نے باغات اور رہائشی علاقوں کے معاوضے کی ادائیگی کے لیے رپورٹ تیا رکرنے کا بھی حکم دیا۔ چندر شیکھر باون کڑے نے بلدیہ جات اور میونسپل کارپوریشنس کی حدود میں واقع گھروں کو ریگو لرائز کرنے کے لیے ایک دن مختص کرنے کی بھی ہدایت کی۔
***** ***** *****
عوامی اور خانگی شراکت کے تحت قائم کردہ ”مہاراشٹر نالج کارپوریشن لمیٹڈ“ MKCLکی گزشتہ 25سالہ کارکردگی کی وزیر اعلیٰ دیویندر پھٹرنویس نے ستائش کی ہے۔ وہ کل پونا میں ایم کے سی ایل کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس ادارے کے باعث صنعت کارو ں کا ایک جال پھیلانے میں مدد ملی ہے۔اس ادارے میں خانگی شعبے کی فعالیت اور عوامی شعبے کا احساسِ ذمہ داری شامل ہے۔ جس کی وجہ سے ادارے نے اب تک بہتر کارکردگی انجام دی ہے۔
***** ***** *****
سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی 81ویں سالگرہ کے سلسلے میں کل وزراعظم نریندر مودی نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا اور دیگر ارکان نے راجیو گاندھی کے مجسّمے پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ممبئی میں بھی راج بھون میں راجیو گاندھی کی شبیہ پر پھو ل چڑھائے گئے۔ چھتر پتی سمبھاجی نگر اور پر بھنی میں راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سدبھاؤنا دیوس کا حلف لیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں نو اگست سے اب تک 19اضلاع کے 187تعلقوں میں شدید بارشیں ہوئیں ہیں۔ اس عرصے کے دوران آٹھ لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ معلومات وزیر زراعت دتاترے بھرنے نے دی۔ان میں ناندیڑ ضلع میں سب سے زیادہ دو لاکھ 86 ہزار ہیکٹر رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ ہنگولی ضلع میں 40ہزار ہیکٹر، دھاراشیو میں 29ہزار اور پر بھنی ضلع میں 20ہزار رقبے پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔وزیر موصوف نے حکم دیا کہ موسلادھار بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کے پنچ نامے فوری طور پر مکمل کرکے ضلع انتظامیہ اقدامات کرے اور متاثرہ کسانوں کو امداد فراہم کرے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایک بھی کسان امداد سے محروم نہ رہے۔ ریاست میں بارش کے باعث تقریباً 21 افراد کی موت واقع ہوئی۔ اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر مویشیوں کی بھی ہلاکت ہوئی۔
دریں اثناء‘ وزیرِ زراعت بھرنے‘ نے کل ناندیڑ ضلع کے حد گاؤں تعلقے کے کرموڑی دیہات میں فصلوں کو ہونے والے نقصانات کا معائنہ کیا۔ انھوں نے تیقن دیا کہ پنچنامے اور رپورٹ موصول ہونے کے فوری بعد کسانوں کو معاوضہ ادا کردیا جائے گا۔
اسی دوران ناندیڑ تحصیل دفتر میں شہریوں کیلئے ایک خصوصی ایمرجنسی امدادی مرکز شروع کیا گیاہ ے۔ شہری صفر۔ دو۔ چار۔ چھ۔ دو۔ دو۔ تین۔ چھ سات۔ چھ نو‘ یا سات دو‘ چھ دو‘ آٹھ نو‘ آٹھ آٹھ‘ ایک پانچ پر اس مرکز سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں بسمت اور اونڈھا کا ضلع کلکٹر راہل گپتا نے دورہ کیا اور فصلوں کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے زرعی شعبے کے افسران کو ہدایت کی کہ نقصانات کے فوری پنچنامے کرکے رپورٹ روانہ کریں۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے اودگیر تعلقے کے سیلاب زدہ بورگاؤں بُدرک‘ دھڑکناڑ اور ٹاکلی دیہاتوں کا ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے انتظامی اجلاس لیکر پنچناموں‘ امدادی کاموں اور صحت کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں گیلا قحط ظاہر کرکے کسانوں کو فی ہیکٹر 50 ہزار روپئے کی شرح سے امداد دی جائے۔ اس سلسلے میں انھوں نے ایک مکتوب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو ارسال کیا۔ انھوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں تمام شرائط کو بالائے طاق رکھ کر کسانوں کو امداد دی جائے۔
***** ***** *****
ریاست میں ممبئی‘ کوکن اور بیشتر علاقوں میں آج یلو الرٹ اور پونا ضلع کے پہاڑی علاقوں میں آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ اور ودربھ سمیت ریاست کے دیگر علاقوں میں بارشوں کا زور کم ہوا ہے۔ یہ اطلاع محکمہئ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ میں دی گئی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن کے جائیکواڑی آبی منصوبے سے آج صبح چھ بجے سے پانی کا اخراج شروع کیا گیا۔ اس پشتے کے 18 دروازے نصف فٹ کھول کر ساڑھے نو ہزار ملین مکعب فٹ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ ڈیم میں آبی ذخیرہ 95 فیصد ہے۔ مانجرا آبی منصوبے کے بھی دو دروازے کل کھول دئیے گئے جس سے ایک ہزار 747 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں فی الحال مویشیوں میں جِلدی مرض ”لمپی“ بڑے پیمانے پر پھیل رہا ہے۔ اس کے پیشِ نظر کل ہونے والا بیل پولا تہوار سادگی کے ساتھ اور محفوظ طریقے سے منانے کی اپیل ضلع انتظامیہ نے کی ہے۔ ضلع میں اس مرض سے 411 مویشی متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 179 مویشیوں کا علاج اب بھی جاری ہے اور 32 جانور ہلاک ہوچکے ہیں۔ متاثرہ دیہاتوں میں اور اس کے آس پاس پانچ کلو میٹر تک کے علاقوں میں مویشیوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مرکزی وزیر داخلہ کی جانب سے تین نئے بل لوک سبھا میں پیش۔ سنگین جرائم کے مرتکب عوامی نمائندوں کو عہدے سے ہٹانے کی شق پر حزب اختلاف کی جانب سے شدید اعتراض۔
٭ پروموشن اینڈ ریگو لیشن آف آن لائن گیمنگ بل لوک سبھا میں منظور۔
٭ سمردھی ایکسپریس کی طرز پر ناندیڑ۔جالنہ ایکسپریس وے کے لیے معاوضے کی ادائیگی کے متبادل پر غور کیا جائے۔ وزیر محصول باون کڑے کی ہدایت۔
٭ ریاست میں شدید بارش سے آٹھ لاکھ ہیکٹر سے زائد فصلوں کو نقصان پہنچا؛ پنچنامے تیز رفتاری سے کیے جائیں: وزیر زراعت دتاترے بھرنے کا عندیہ۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی اور مانجرا ڈیمس سے پانی کے اخراج کا آغاز؛ انتظامیہ کی جانب سے ندی کے کنارے رہنے والوں کو خبردار رہنے کی ہدایت۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 21.08.2025 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 21 August 2025 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...