Thursday, 11 September 2025

Text-آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 11ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 11 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱/ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ CPRI منصوبے سے برقی مصنوعات کے شعبے کو فروغ ملے گا۔وزیر اعلیٰ کا اظہار خیال۔
٭ ”نو PUCنو فیول“ مہم پر عمل درآمد ریاستی حکومت کے زیر غور۔
٭ ریزرویشن کے معاملے میں OBCکے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ وزیر محصول باون کُڑے کا تیقن۔
٭ عوامی تحفظ قانون منسوخ کرنے کے مطالبے پر مہا وکاس آگھاڑی کی جانب سے ریاست بھر میں مظاہرے۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کا فاتحانہ آغاز۔ یو اے ای کے خلاف 9 وکٹ سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مرکزی توانائی تحقیقاتی ادارے CPRIکے برقی مصنوعات و آلات کی جانچ کرنے والی تجربہ گاہ کے باعث ریاست کے برقی مصنوعات بنانے کے شعبے کو فروغ ملے گا۔ ناسک ضلع کے شیلاپور میں کل اس منصوبے کا افتتاح مرکزی وزیر توانائی منوہر لال کھٹر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پھڑنویس نے کہا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں سرمایہ کاری میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔
پھڑنویس نے کہا کہ ریاست میں ٹرانسفارمرز اور اسمارٹ میٹرز جیسی صنعتوں کو ان آلات کی جانچ کے لیے حیدر آباد اوربھوپال جانا پڑتا تھا جس کے سبب قیمتوں میں اضافے کا سرمایہ کاری پر اثر پڑ رہا تھا۔ لیکن ریاست میں اس تجربہ گاہ کے آنے سے آسانی ہوگی۔
***** ***** *****
غیر ملکی صنعتوں کے اسکل ورکرز کی ضرورت کو ذہن میں رکھتے ہوئے آئی ٹی آئی کو نصاب میں شامل کرنے کا حکم وزیر اعلیٰ نے دیا ہے۔ کل اس سلسلے میں ممبئی میں منعقدہ ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ سرکاری صنعتی تربیتی اداروں کے ساتھ ساتھ خانگی ادارو ں کے لیے بھی ایک موثر نظام تیار کرنے، آئی ٹی آئی کے قلیل مدتی نصاب کو موثر بنانے کا وزیر اعلیٰ نے حکم دیا۔
***** ***** *****
وزیر برائے حمل و نقل پرتاپ سرنائیک نے ہدایت دی ہے کہ ماحولیات کو آلودگی سے بچانے کے لیے مستقبل میں ہر پیٹرول پمپ پر ”نو PUCنو فیول“ مہم پر سختی سے عمل درآمد کیا جائیگا۔ وہ کل ٹرانسپورٹ کمشنوریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے بتا یا کہ ہر پیٹرول پمپ پر ایندھن بھروانے کے لیے آنے والی گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر کی CCTVکیمرے کے ذریعے جانچ کی جائے گی اور اس سے گاڑیوں کے PUCکے زائد المیعاد ہونے کا پتہ چلے گا۔ جس کے بعد پیٹرول پمپ پر موجود سہولت کے ذریعے PUCحاصل کی جاسکتی ہے۔ اس طرح کا میکانزم حکومت کے زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی فروخت اوردرستگی کے مراکز پر بھی PUCکی سہولت دستیاب ہوگی۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر PUCجاری کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا انتباہ بھی دیا۔
***** ***** *****
او بی سی کی کابینی کمیٹی کے سربراہ اور وزیر محصول چند ر شیکھر باون کڑے نے اس یقین دہانی کا اعادہ کیا ہے کہ ریزرویشن کے معاملے میں اوبی سی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کی جائے گی۔ وہ کل اس ذیلی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتا یا کہ جن افراد کا کنبی کی حیثیت سے اندراج ہے۔ انہیں ہی سرکاری حکم نامے کے مطابق صداقت نامہ دیا جائے گا۔ اور جعلی اندراج نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں سب ڈویژنل افسران کو احتیاط برتنے کی ضرورت پر بھی کمیٹی کے تمام ارکان نے زور دیا۔
***** ***** *****
عوامی سلامتی قانون منسوخ کرنے کے مطالبے پر کل ریاست کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کرانتی چوک پر مہا وکاس آگھاڑی کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا اور حکومت کو انتباہ دیا گیاکہ اگر مطالبہ تسلیم نہ کیا جاتا ہے تو اس احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔بیڑ میں مہاوکاس آگھاڑی کی جانب سے ضلع کلکٹردفتر پر جلوس نکالا گیا۔ پربھنی میں بھی مظاہرے کے بعد ضلع کلکٹر کو محضر پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر مملکت برائے ماحولیات پنکج چودھری نے کہا ہے کہ اشیاء و خدمات ٹیکس جی ایس ٹی کی شرح میں کی گئی کمی کے باعث عوام کی قوت خرید میں اضافہ ہوگا۔ پر سار بھارتی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بازاروں میں خریداری میں اضافے کے نتیجے میں پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ جس سے روزگار پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا۔۔۔۔
Byte: Pankaj Chaudhary, Central Minister for Environment.
***** ***** *****
کرشنا مراٹھواڑہ آبپاشی منصوبے کے اسکیم نمبر دو میں رام داراتا اکیورکا مرحلے کے چھٹے نمبر کے کام کو حکومت نے منظوری دی ہے۔ ”متر“ کے نائب صدر اور رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کل تلجہ پور میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ اسکے بعد 35دیہاتوں کو آبپاشی کی سہولت دستیاب ہوگی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے اپنے افتتاحی میچ میں میزبان متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں سے بہ آسانی شکست دے دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے محض 57رن بنائے اور آوٹ ہو گئی۔جواب میں بھارت نے یہ ہدف صرف پانچویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ ابھیشیک شرما نے بھارت کے لیے 16گیندوں میں صرف 30رن بنائے۔ کلدیپ یادو نے صرف سات رن دیکر یو اے ای کے چار کھلاڑی آوٹ کیے۔ بھارت کا اگلا میچ 14ستمبر کو پاکستان کے خلاف ہوگا۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن کے بیڑے میں سیوریج مینجمنٹ اور پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کی صلاحیت رکھنے والی دو مشینیں شامل کی گئیں۔ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر مالنی کے ہاتھوں کل ان مشینوں کا افتتاح عمل میں آیا۔ ان نئی مشینوں کے ذریعے زیر زمین نالیوں اور ڈرینج کی صفائی نسبتاً آسان ہو جائے گی۔
***** ***** *****
ٍ بیڑ شہر کو پانی فراہم کرنے والے ایٹ میں واقع واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے نئے برقی فیڈر کنکشن کے کام کا کل رکن اسمبلی سندیپ شر ساگر کے ہاتھوں افتتاح ہوا۔ اس نئے کنکشن سے پلانٹ کو 24گھنٹے بلا تعطل بجلی ملے گی اور پانی کی فراہمی بھی کی جاسکے گی۔
***** ***** *****
ڈویژن میں یلدری ڈیم سے تقریباً دو ہزار اور عیسی پور ڈیم سے تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے۔ دریں اثناء پانی کے آمد کے سلسلے میں کمی کے باعث پیٹھن کے جائیکواڑی آبی منصوبے سے پانی کے اخراج کو روک دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
موسم:
ریاست میں آج ودربھ۔مراٹھواڑہ اورمغربی مہاراشٹر کے کچھ اضلاع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی، ہنگولی، ناندیڑ، لاتور، دھاراشیو اور بیڑ اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ CPRI منصوبے سے برقی مصنوعات کے شعبے کو فروغ ملے گا۔وزیر اعلیٰ کا اظہار خیال۔
٭ ”نو PUCنو فیول“ مہم پر عمل درآمد ریاستی حکومت کے زیر غور۔
٭ ریزرویشن کے معاملے میں OBCکے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ وزیر محصول باون کُڑے کا تیقن۔
٭ عوامی تحفظ قانون منسوخ کرنے کے مطالبے پر مہا وکاس آگھاڑی کی جانب سے ریاست بھر میں مظاہرے۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کا فاتحانہ آغاز۔ یو اے ای کے خلاف 9 وکٹ سے فتح۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی آکاشوانی سے علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments: