Wednesday, 11 September 2019



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 11.09.2019 , Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 11 September-2019

Time: 8:40 to 8:45 am

آکاشوانی اَورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ:۱۱؍ اگست ۲۰۱۹ ؁

وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸

***** ***** *****

ریاستی حکومت نے اورنگ آباد شہر کو جائیکواڑی ڈیم سے پانی کی فراہمی کیلئے 1680/ کروڑ 50/ لاکھ روپئوں کے آبرسانی منصوبے کو منظوری دی ہے۔ یہ اطلاع صنعت کے ریاستی وزیرِ مملکت اتل ساوے نے کل اورنگ آباد میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کے دوران دی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس منصوبے پر عمل آوری میں ریاستی حکومت کے ساتھ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن اورمہاراشٹر جیون پرادھیکرن بھی شامل رہیں گے۔ انھوںنے مزید بتایا کہ 2052ء تک اورنگ آباد شہر کی آبادی 33/ لاکھ کے قریب ہوجائے گی، جسے مدِنظر رکھتے ہوئے یہ منصوبہ تیار کیاگیا ہے۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر نپون ونایک نے بتایا کہ 356/ سے 604/ ملین لیٹر یومیہ آبرسانی کا یہ ایک نیامنصوبہ ہے۔ ماضی قریب میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اورنگ آبادمیں اس منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ محکمۂ شہری ترقیات کی جانب سے منظوری کے بعد کل وزیرِ اعلیٰ نے اس اسکیم پر عمل درآمد کی اجازت دے دی۔

***** ***** ***** 

کُل ہندمجلس ِ اتحادالمسلمین MIM کے صدر رکنِ پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے پارٹی کے ونچت بہوجن اگھاڑی سے اتحاد ختم کرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ اویسی کل حیدرآباد میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انھوںنے کہا کہ پارٹی کے ریاستی صدر امتیاز جلیل کا اعلان پارٹی کا باضابطہ فیصلہ ہے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں MIM کیلئے کُل 288/ نشستوں میں سے صرف 8/ سیٹیں دینے کی پیشکش کے بعد رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ دریں اثناء MIM کے ریاستی صدر نے اسمبلی انتخابات کیلئے ناندیڑ سے فیروز خان‘ وڑگائوں شیری پونا اسمبلی حلقے سے ڈینل رمیش اور مالیگائوں وسط سے مفتی اسمٰعیل کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

***** ***** ***** 

کانگریس پارٹی کے قائد‘ سابق ریاستی وزیر کرپا شنکر سنگھ نے کل پارٹی کی رُکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ خبررَساں ادارے PTI سے گفتگو کے دوران انھوں نے بتایا کہ پارٹی نے جموں و کشمیرکو خصوصی درجہ دنے والی دفعہ 370/ کو منسوخ کرنے کے حکومت کے فیصلے کی مخالفت کی ہے، اس لیے انھوں نے کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔انھوںنے وضاحت کی کہ وہ بی جے پی میں شامل نہیں ہونگے۔ وہیں کانگریس سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے والی اداکارہ اُرمیلا ماتونڈکر نے بھی پارٹی کی داخلی سیاست سے تنگ آکر بنیادی رُکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ دریںاثناء وردھا ضلع کے راشٹروادی کانگریس کے قائد سمیر دیشمکھ نے کل اُدّھو ٹھاکرے کی موجودگی میں شیوسینا میں شمولیت اختیار کرلی۔

***** ***** ***** 

ریاست کے سابق وزیرِ اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہا ہے کہ ملک میں گذشتہ چھ سہ ماہی کی شرحِ ترقی میں کمی‘ سرمایہ کاری کے رُک جانے اور بالواسطہ ٹیکس وصولیوں کا معاشی بحران پر براہِ راست اثر پڑا ہے۔ چوہان کل ممبئی میں صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے اس موقع پر مختلف بینکوں میں ہونے والے گھپلوں کی تفصیلات منظرِ عام پر لانے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس اور راشٹروادی اتحادکے مابین بالترتیب 123/ اور 125/ نشستوں کی حتمی فہرست تیارہوچکی ہے اور ساتھ ہی دیگر جماعتوں سے بات چیت بھی جاری ہے۔

***** ***** ***** 

لاتور ضلع کے کلکٹر جی شریکانت نے پانی کی قلّت کے پیشِ نظر ضلع کے تمام گنیش منڈلوں سے اس بار مورتیاں وسرجن نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مورتیاں یا تومحفوظ رکھی جائیں یا انہیں انتظامیہ کو سونپ دیاجائے۔ جی شریکانت نے کل اَمن کمیٹی کے اجلاس میں گنیش منڈلوں سے یہ اپیل کی۔ لاتور شہر میں وسرجن کے تمام مقامات پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مورتیاں قبول کرنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

***** ***** ***** 

ریاستی حکومت کے امدادِ باہمی‘ مارکیٹنگ اور کپڑا صنعت محکمے کی جانب سے امدادِ باہمی شعبے میں بہترین خدمات انجام دینے والی سوسائٹیوں کا کل امدادِ باہمی کے ریاستی وزیر سبھاش دیشمکھ کے ہاتھوںاستقبال کیا گیا۔ ممبئی کے دیان دیپ کوآپریٹیو سوسائٹی کو ایک لاکھ روپئے کے سہکار مہارشی انعام سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ اس موقع پر 38/ انعامات دیگرسوسائٹیوں میں تقسیم کیے گئے۔

***** ***** ***** 

اورنگ آباد ضلع کے جائیکواڑی آبی منصوبے میں فی الحال 16/ ہزار 413/ گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ آبی منصوبے میں سرِدست 88.39/ فیصد آبی ذخیرہ موجود ہے۔ آبی وسائل کے محکمے نے بتایا کہ سیدھی جانب کی نہر سے 900/ گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے آبرسانی کی جارہی ہے۔

***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 21.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 21 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...