Saturday, 14 September 2019



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 14.09.2019 , Time : 8.40 - 8.45 AM


Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 14 September-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۱۴؍  اگست  ۲۰۱۹ ؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
کسی بھی قانون ساز ایوان کی رُکنیت نہ رکھنے والے دو کابینی وزراء اور ایک مملکتی وزیر کی مجلس ِ وزراء میں شمولیت کالعدم قرار دینے سے ممبئی عدالت ِ عالیہ نے انکار کردیا ہے۔ تاہم عندیہ دیا کہ اس طرح کی نامزدگی اخلاقی نقطۂ نظر سے نامناسب ہے۔ کانگریس پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے رادھا کرشن وکھے پاٹل‘ راشٹروادی سے کنارہ کشی اختیار کرکے شیوسینا میں شمولیت اختیار کرنے والے جئے دَت شرساگر اور آر پی آئی کے اویناش مہاتیکر کو ریاستی کابینہ میں شامل کیا گیاہے‘ حالانکہ یہ تینوں وزراء کسی بھی ایوان کے رکن نہیں ہیں نیز ریاستی اسمبلی انتخابات میں چھ ماہ سے بھی کم عرصہ باقی بچا ہے۔ان بنیادوں پر کابینہ میں ان وزراء کی شمولیت کو عدلیہ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ جس میں کہا گیاتھا کہ وزراء رہتے ہوئے ان تینوں کو کسی بھی ایوان کی رُکنیت حاصل کرنا ممکن ہی نہیں ‘ اس لیے ان کی وزارت چھین لی جائے۔ عرضداشت پر سماعت کے دوران عدالت ِ عالیہ نے عندیہ دیا کہ کابینہ میں یہ نامزدگی اخلاقی طور پر ہرگز درست نہیں تاہم انہیں نااہل قرار نہیں دیا جاسکتا۔
***** ***** ***** 
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ احمد نگر ضلع کے اکولے تعلقے کو بے گھرافراد سے پاک تعلقہ بنایا جائیگا۔ وہ کل اکولے میں مہاجنادیش یاترا کے دوران ایک جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ اکولے، سنگم نیر اور راہوری کے راستے یہ یاترا تیسرے مرحلے میں کل احمد نگر شہر پہنچی۔
***** ***** ***** 
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے رہنما بھاسکر جادھو نے کل شیوسینا میں شمولیت اختیار کرلی۔ ممبئی میں شیوسینا سربراہ اُدّھو ٹھاکرے نے پارٹی میں ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اُدّھو ٹھاکرے نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کے موضوع پر گفت و شنید آخری مراحل میں ہے۔ اس کے علاوہ سابق متنازعہ پولس افسر پردیپ شرما نے بھی کل شیوسینا میں شمولیت اختیار کرلی۔
***** ***** ***** 
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رُکنِ اسمبلی اُدّین راجے بھونسلے آج نئی دہلی میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کریںگے۔ بھونسلے نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں یہ اعلان کیا۔ پونا میں این سی پی صدر شرد پوار سے ملاقات کے بعد اُدین راجے بھونسلے نے اس فیصلے کا اعلان کیا۔
***** ***** ***** 
اسسٹنٹ آر ٹی او کے عہدے پر تقرر کالعدم قرار دئیے جانے والے 118/ اُمیدواروں کا اضافی عہدوں پر نامزدگی کا فیصلہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے کیا ہے۔ وزیرِ حمل و نقل دیواکر رائوتے نے کل ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ ان تمام اُمیدواروں کا انتخاب MPSC کے ذریعے ہوا تھا۔ تاہم متوازی ریزرویشن کے معاملے میں ان اُمیدواروں کا انتخاب کالعدم قرار دیا گیا تھا۔
***** ***** ***** 
جالنہ ضلع کے عنبڑ میں بلا اجازت مجسّمے کی تنصیب کے معاملے میں بی جے پی رکنِ اسمبلی نارائن کوچے سمیت 43/ افراد کو عنبڑ کی ایک عدالت نے دس روزہ عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ عنبڑ میںکل صبح پاچوڑ چوک میں شیواجی مہاراج کامجسمہ بلا اجازت نصب کیا گیا تھا، جس کے بعد نارائن کوچے نے کہا کہ عنبڑ بلدیہ کے عام اجلاس میں یہ مجسمہ نصب کرنے سے متعلق قرارداد منظورکی گئی تھی۔
***** ***** ***** 
اغذیہ و ادویات کے وزیر جئے کمار راول نے کہا ہیکہ اورنگ آباد ضلع کے بڑکن کو ادویہ سازی کا مرکز بنایا جائیگا۔وہ کل اورنگ آباد میں اغذیہ و ادویہ انتظامی کامپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس تقریب میں اسمبلی اسپیکر ہری بھائو باگڑے‘ مملکتی وزیرِ صنعت اتل ساوے‘ رُکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل سمیت متعدد رہنما موجود تھے۔
***** ***** ***** 
اورنگ آباد ضلع کا جائیکواڑی آبی منصوبہ 97/ اعشاریہ دو چار فیصد بھرچکا ہے۔ سرِ دست ڈیم میں 9/ ہزار سات سو گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور کسی بھی لمحے ڈیم سے گوداوری ندی میں پانی چھوڑا جاسکتا ہے۔ اس لیے ندی کے کناروں پر آباد بستیوں کو خبردار رہنے کا اشارہ دیا گیا ہے۔
***** ***** ***** 
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا 59/ واں جلسۂ عام تقسیمِ اسناد آج منعقد ہوگا۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر بھوشن پٹوردھن کی موجودگی میں یونیورسٹی کے ڈرامہ ہال میں اب سے کچھ دیر بعد دس بجے یہ تقریب شروع ہوگی۔
***** ***** ***** 

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 23.04.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 23 April 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...