Saturday, 15 September 2018

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 15.09.2018 ,Time:8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 15 September 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۵؍ستمبر۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
صاف صفائی کی ملک گیر تحریک ’’سُوَچّھتا ہی سیوا‘‘ کی آج سے شروعات ہورہی ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نئی دلّی میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس پندرہ روزہ مہم کی شروعات کرینگے۔ 2/ اکتوبر تک چلنے والی اس مہم کا مقصد بابائے قوم مہاتما گاندھی کے صاف ستھرے بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنا اور صاف صفائی کی عوامی تحریک کو فروغ دینا ہے۔ وزیرِ اعظم مودی ملک کے 18/ مقامات کے لوگوں سے بات چیت کرینگے۔ ان میں اسکولی طلبہ‘ فوجی‘ روحانی رہنما‘ امدادِ باہمی تنظیموں کے اراکین‘ صحافی‘ مقامی انتظامیہ کے افسران اور ریلوے ملازمین شامل رہیں گے۔ اس سے پہلے ٹوئیٹر پر نشر کیے پیغام میں مودی نے کہا کہ ’’سُوَچّھتا ہی سیوا‘‘ تحریک مہاتما گاندھی کو صحیح معنوں میں پیش کیا گیا خراجِ عقیدت ہوگا۔ انھوں نے لوگوں سے اس مہم کا حصہ بن کر اسے کامیاب بنانے کی اپیل بھی کی۔ مہم کے تحت ملک بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
***** ***** ***** 
 ہندی زبان کا قومی دن ’’ہندی دِوَس‘‘ کل ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف ادبی اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ نئی دلّی میں نائب صدرِ جمہوریہ وینکیّا نائیڈو نے’’راج بھاشا کیرتی اور گورو‘‘ انعامات سے لوگوں کو نوازا۔ نائیڈو نے کہا کہ ہندی زبان کو انگریزی کے اثرات سے بچانے اور اسے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ افسران کو چاہیے کہ وہ سرکاری دفتروں میں انگریزی کیلئے اصرار نہ کریں اور عوامی زبان میں لوگوں سے بات چیت کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندی زبان ملک کو جوڑنے والی زبان ہے۔
***** ***** ***** 
 گنپتی کے جلوس میں ڈی جے لگاکر آواز کی آلودگی پھیلانے کے جرم میں لاتور کے راجہ گنپتی منڈل کے عہدیداروں کیخلاف کیس درج کرلیا گیا ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ پولس نے ڈولبی سسٹم‘ ٹیمپو اور ساڑھے تین لاکھ روپئوں کا سازو سامان ضبط کرلیا ہے۔ کولہا پور میں بھی گنپتی کے جلوس کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور آواز کی آلودگی پھیلانے کی پاداش میں گنیش منڈلوں کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔ جہاں پولس نے ڈولبی سسٹم‘ ٹریکٹر‘ ٹرالی اور قریب سات لاکھ روپئوں کا سازو سامان قبضے میں لے لیا۔ ہمارے نمائندے نے خبر دی ہیکہ پولس نے گنیش کی مورتیاں فروخت کرنے والوں پر بھی کاروائی کی ہے اور 10/ لاکھ روپئوں کا سازو سامان ضبط کیا ہے۔
***** ***** ***** 
 اس بیچ ممبئی ہائیکورٹ نے گنیش وِسرجن کے دوران ڈی جے اور ڈولبی سسٹم استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ آواز کی آلودگی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے اس بارے میں ریاستی حکومت سے اپنا مؤقف واضح کرنے کو بھی کہا۔
***** ***** ***** 
ناندیڑ ضلعے کے دھرم آبادکے جوڈیشیل مجسٹریٹ نے آندھرا پردیش کے وزیرِ اعلیٰ چندر بابو نائیڈو کیخلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔ انھوں نے 21/ ستمبر تک چندر بابو نائیڈو کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کے پولس انتظامیہ کو احکامات جاری کیے۔ یہ معاملہ 2010ء کا ہے جب آندھرا پردیش اسمبلی میں اُس وقت کے حزبِ اختلاف رہنما نائیڈو نے مہاراشٹر اور آندھرا پردیش کی سرحد پر واقع ناندیڑ ضلع کے بابھڑی بندھارے پر احتجاج کیا تھا۔
***** ***** ***** 
 مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کا مقصد امدادِ باہمی کی تحریک کو ختم کرکے مٹھی بھر سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ قانون ساز اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے رہنما رادھا کرشن وکھے پاٹل نے یہ بات کہی۔ پاٹل کل لاتور ضلعے کے رَینا پور میں بول رہے تھے۔
رَینا امدادِ باہمی شکر کارخانے کی جانب سے گنّے کیلئے 2500/ روپئے فی ٹن کی قیمت ادائیگی کے بعد گنّا اُگانے والے کسانوں نے کارخانے کے بانی دلیپ رائو دیشمکھ کا خیر مقدم کیا۔ وِکھے پاٹل نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے دوران کسانوں کو سویا بیٖن‘ تور‘ کپاس اور دودھ کی مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کو ہڑتال پر جانے کیلئے مجبور کرنے والی BJP حکومت کو سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے۔
***** ***** ***** 
 معروف سماجی خدمتگار نرمل دادا گیانانی کل رات اورنگ آباد میں چل بسے۔ وہ 84/ برس کے تھے۔ اورنگ آباد کے مُکُل مندر اسکول کے قیام میں نرمل دادا نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
 کراچی میں پیدا ہوئے نرمل دادا نے بھارت کی تقسیم کے دوران بھارت میں ہجرت کی تھی۔ اسکائوٹ گائیڈ تحریک کے دوران 1971ء میں انھوں نے مراٹھواڑہ میں سکونت اختیار کی۔ نرمل دادا مختلف سماجی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔ انھیں مہاراشٹر حکومت کے اسکائوٹ لائف ٹائم اچیومنٹ انعام اور گووِند بھائی شروف میموریل جیسے کئی انعاموں سے نوازا گیا۔ ان کا جسدِ خاکی آخری دیدار کیلئے مُکُل مندر اسکول کے احاطے میں صبح نو بجے تک رکھا جائیگا۔ نرمل دادا نے اپنے جسم کا عطیہ دینے کی وصیت کی تھی۔
***** ***** ***** 
ناسک ۔ ممبئی ریلوے لائن پر کسارا کے قریب کل پٹریوں کی دیکھ بھال کرنے والی مرمتی گاڑی کے پٹری سے اُتر جانے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔ اس لیے جالنہ۔ ممبئی جن شتابدی ایکسپریس منماڑ تک ہی جاسکی۔ وہیں تپوون ایکسپریس پونے کے راستے ناندیڑ تک لائی گئی۔
 اس بیچ دھرم آباد۔ منماڑ مراٹھواڑہ ایکسپریس آج منسوخ کردی گئی ہے۔
***** ***** ***** 
 ایک روزہ کرکٹ مقابلوں کی سیریز ایشیاء کپ آج سے دُبئی میں شروع ہورہی ہے۔ ایشیاء کپ میں بھارت‘ پاکستان‘ سری لنکا‘ بنگلہ دیش‘ افغانستان اور ہانگ کانگ یہ 6/ ٹیمیں لے رہی ہیں۔
 افتتاحی مقابلہ آج سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا۔ بھارت اپنا پہلا مقابلہ منگل کے روز ہانگ کانگ کے ساتھ کھیلے گا۔
***** ***** *****  

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 18.06.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 18 June 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...