Saturday, 8 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 08 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 08 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/مارچ ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آج ہر جگہ مختلف پروگرامس کا انعقاد۔
٭ ریاستی حکومت سرکاری اسکیمات کے ذریعے خواتین تک پہنچنے کیلئے آدی شکتی کمیٹی کی کرے گی تشکیل۔
٭ ریاستی اقتصادی سروے رپورٹ پیش۔ رواں برس ریاست کی ترقی کی رفتار 7.3 فیصد رہنے کا امکان۔
٭ عظیم شخصیات کو بدنام کرنے والوں کے خلاف رواں اسمبلی اجلاس کے دوران قانون منظور کیا جائے: رکنِ پارلیمان اُدین راجے بھوسلے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کی میناکشی براجدار کو گیان جیوتی ساوتری بائی پھلے ایوارڈ‘ جبکہ ہنگولی کی پشیہ متر جوشی کو نیشنل یوتھ ایوارڈ کیلئے کیا گیا ہے منتخب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
عالمی خواتین دِن آج منایا جارہا ہے۔ اس برس خواتین کا عالمی دِن”خواتین کی طاقت کے ساتھ ترقی یافتہ بھارت“ کے تصور کے تحت منایا جارہا ہے۔ اس مناسبت سے صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ گجرات کے نوساری ضلع میں آج منعقد کیے جارہے لکھپتی دیدی پروگرام میں آج وزیرِ اعظم مودی خواتین سے گفت و شنید کریں گے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کے ہاتھوں علامتی طور پر پانچ لاکھ لکھپتی دیدیوں کی صداقت نامہ دے کر عزت افزائی کی جائے گی۔
خواتین دِن کی مناسبت سے آج نئی دہلی میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کی موجودگی میں ایک مذاکرے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ قومی خواتین کمیشن کی جانب سے آج دہلی میں کُل ہند وومن ایڈوکیٹ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کمیشن کے چیئرپرسن وجیا راہٹکر نے کہا ہے کہ کانفرنس میں ترقی یافتہ بھارت کیلئے خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار پر تبادلہئ خیال کیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں ملک بھر کی کم و بیش ایک ہزار خواتین وکلاء شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
بین الاقوامی خواتین دِن اور پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کی پیدائش کے 300 برس مکمل ہونے کے موقع پر کل قانون ساز کونسل میں ”پائیدار ترقی کے اہداف اور خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع“ پر ایک خصوصی بحث کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر نیلم گورہے، نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے‘ ماحولیات کی وزیر پنکجا منڈے‘ پرگیا ساتو‘ چترا واگھ‘ منیشا کایندے‘ بھاؤنا گولی‘ گروپ لیڈر پروین دریکر اور دیگر ممبران نے اس بحث میں حصہ لیا۔ قانون ساز اسمبلی میں بھی یومِ خواتین کی مناسبت سے کل خصوصی بحث ہوئی، جس میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ منیشا چودھری‘ سروج اہیرے‘ انورادھا چوہان اور دیگر خواتین اراکین نے شرکت کی۔
خواتین اور بچوں کی ترقی کی ریاستی وزیر آدیتی تٹکرے نے بحث کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی مختلف اسکیمات کو خواتین تک پہنچانے کیلئے گاؤں کی سطح پر آدی شکتی کمیٹی کے نام سے خواتین کی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل کی جائیگی۔ وزیرِ موصوفہ نے یہ بھی بتایا کہ خواتین دن کی مناسبت سے ریاست کی ہر گرام پنچایت میں خصوصی گرام سبھا کا انعقاد کیا جائے گا۔ تٹکرے نے بتایا کہ اس طرح کے انعقاد کا مقصد خواتین کے حقوق کیلئے وسیع عوامی تحریک چلانا اور خواتین کو بااختیار بنانے کی اسکیمات کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جگہ جگہ مختلف سرگرمیاں منعقد کی جارہی ہیں۔ ناندیڑ ضلع کے مختلف شعبوں میں بہترین کام کرنے والی خواتین کو اس دوران اعزاز سے نوازا جائے گا۔
پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں کل ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر اندرمنی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی میں خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد خواتین میں تبدیلی سے زیادہ زمانے کے بدلنے کی عکاسی کرتی ہے۔
عالمی خواتین دن کی مناسبت سے ہنگولی کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر ابھینو گوئل نے ضلع کی آنگن واڑی سپروائزرس‘ آنگن واڑی خادماؤں اور مددگاروں کو مبارکباد دی ہے۔ مشہور صنعتکاروں کی جانب سے آج خواتین دن کے موقع پر خواتین کیلئے روزگار میلے کا انعقاد کیا گیا۔ وہیں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع دفتر میں خواتین افسران و ملازمین کی صحت کی جانچ کی گئی۔ پانی‘ صفائی اور صحت کی شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو آج ضلع پریشد اور دیہی ترقی ادارے کی جانب سے اعزاز سے نوازا جائے گا
اسی طرح آکاشوانی میں بھی یومِ خواتین منفرد انداز میں منایا جارہا ہے۔ آج نیوز ڈپارٹمنٹ کے بیشتر خبرنامے اور دیگر پروگرامس خواتین پیش کریں گی۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس بات کو دہرایا کہ لاڈلی بہن اسکیم کو بند نہیں کیا جائے گا۔
اسی بیچ خواتین اور بچوں کی ترقی کی ریاستی وزیر آدیتی تٹکرے نے کہا ہے کہ لاڈلی بہن اسکیم کے تحت فروری اور مارچ مہینوں کے فی کس ڈیڑھ ہزار روپؤں کی قسط بہنوں کے کھاتے میں جمع کرانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کم و بیش دو کروڑ 52 لاکھ لاڈلی بہنوں کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کی جائے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ انتظامیہ کے کام کاج میں جدت متعارف کرانے کی حکومت کی کوشش ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل قانون ساز اسمبلی میں گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تجویز پر بحث کے دوران بول رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ہر محکمے کو 100 دنوں کے کام کا ہدف دیا گیا ہے اور بہترین کارکردگی کرنے والے افسران کی یکم مئی کو عزت افزائی کی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام نے جس طرح ان کی حکومت کے حق میں رائے دہی کی اور جو بھروسہ جتایا اُسی کے مطابق ریاستی حکومت کام کررہی ہے۔ انھوں نے بنتایا کہ رواں مالی سال میں اب تک ایک لاکھ 39 ہزار کروڑ روپؤں کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ پھڑنویس نے کہا کہ مرکزی حکومت کی سوریہ گھر اسکیم کی طرز پر ریاستی حکومت بھی اسکیم شروع کرے گی‘ جس کے تحت 100 یونٹ تک بجلی کا استعمال کرنے والے ڈیڑھ کروڑ شہریان کے گھروں کی چھتوں پر سولار پینل کی تنصیب کی جائیگی، جس سے مفت بجلی ملے گی۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں 100 تا 300 یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 17فیصد کی کمی کی جارہی ہے اور اگر اسمارٹ میٹر لگائے گئے تو یومیہ بجلی کے استعمال پر 10 فیصد رعایت ملے گی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پری پیڈ میٹرس اختیاری ہے اور گاہکوں کے پاس پوسٹ پیڈ میٹرس کا متبادل موجود رہے گا۔ پھڑنویس نے مزید بتایا کہ شکتی پیٹھ شاہراہ کی تعمیر کیلئے زمین تحویل میں لینے کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔
اسی بیچ ریاست کے نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یہ کہتے ہوئے ریاست کی ترقی کی رفتار مزید بڑھے گی‘ مخالف جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی کاموں میں روڑے نہ اٹکائیں اور نہ سیاست کریں‘ بلکہ ترقی کے سفر میں شریک ہوجائیں۔ شندے کل قانون ساز کونسل میں گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تجویز پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مہایوتی کی نئی حکومت کا آغاز مضبوط انداز میں ہوا ہے اور پہلے مالی بجٹ میں اس کا عکس نظر آئے گا۔ شندے نے ریاست کو دُگنی رفتار اور چار گنا گنجائش سے ترقی دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان اُدین راجے بھونسلے نے ریاستی حکومت سے عظیم شخصیات کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت سزا کی گنجائش والا قانون‘ اسمبلی کے جاری اجلاس میں منظور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ کل ستارا میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے مانگ کی کہ اس نئے قانون میں دس برس کی قید اور بڑا جرمانہ عائد کرنے کی گنجائش رکھی جائے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اور ریاست کے وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے کل اسمبلی میں سن 2024-25 کی اقتصادی جائزاتی رپورٹ پیش کی۔ اس رپورٹ کے مطابق رواں مالی برس کے دوران ریاست کی ترقی کی شرح 7.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
مراٹھی ترجمے کیلئے ساہتیہ اکیڈمی کے 2024 کے ایوارڈز کیلئے سدرشن آٹھولے کو چنا گیا ہے۔ انھوں نے گروچرن داس کی انگریزی کتاب The Faculty of being good کا ترجمہ کیا۔ یہ ایوارڈ 50 ہزار روپئے نقد اور ایک سند پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے 2022-23کے گیان جیوتی ساوتری بائی پھلے ایوارڈس کا کل اعلان کیا گیا۔ اس میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے سوئیگاؤں تعلقے سے میناکشی براجدار اور ریاست کے پانچ ڈویژنس میں‘ ہر ایک سے ایک خاتون شامل ہے۔
***** ***** *****
نوجوانوں کی ترقی اور کھیل کی مرکزی وزارت کی جانب سے ہنگولی ضلع کے ایک نوجوان پشیہ متر جوشی کو نیشنل یوتھ ایوارڈز کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ان کی تین ایجادات کو مرکزی حکومت کی جانب سے پیٹنٹ مل چکا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے پرتور کی تحصیلدار پرتیبھا گور کی گاڑی پر حملے کے سلسلے میں چھ مشتبہ افراد کے خلاف پرتور پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ جمعرات کی رات دیر گئے پیش آیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آج ہر جگہ مختلف پروگرامس کا انعقاد۔
٭ ریاستی حکومت سرکاری اسکیمات کے ذریعے خواتین تک پہنچنے کیلئے آدی شکتی کمیٹی کی کرے گی تشکیل۔
٭ ریاستی اقتصادی سروے رپورٹ پیش۔ رواں برس ریاست کی ترقی کی رفتار 7.3 فیصد رہنے کا امکان۔
٭ عظیم شخصیات کو بدنام کرنے والوں کے خلاف رواں اسمبلی اجلاس کے دوران قانون منظور کیا جائے: رکنِ پارلیمان اُدین راجے بھوسلے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کی میناکشی براجدار کو گیان جیوتی ساوتری بائی پھلے ایوارڈ‘ جبکہ ہنگولی کی پشیہ متر جوشی کو نیشنل یوتھ ایوارڈ کیلئے کیا گیا ہے منتخب۔
***** ***** *****

No comments: