Thursday, 27 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 27 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/ مارچ ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ اسمبلی کا بجٹ اجلاس ملتوی؛ 30 جون سے ممبئی میں مانسون اجلاس۔
٭ اسمبلی کے نائب اسپیکر کے طور پر راشٹروادی کانگریس کے انّا بنسوڑے بلامقابلہ منتخب۔
٭ مہاراشٹر‘ ای- وی کی راجدھانی بننے کی طرف گامزن؛ ای وی پر چھ فیصد ٹیکس کا فیصلہ ملتوی۔
٭ GST اَبھئے اسکیم 2024کا اعلان؛ درخواست دہی کیلئے 30 جون تک مہلت۔
اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا پیرا اسپورٹس ٹورنامنٹ کا آج اختتام؛ مہاراشٹر 15 طلائی تمغوں سمیت 37 تمغوں کے ساتھ پانچویں مقام پر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
اسمبلی کا بجٹ اجلاس کل ملتوی ہوگیا۔ اگلا مانسون اجلاس 30 جون سے ممبئی میں شروع ہوگا۔ اسپیکر راہل نارویکر نے بتایا کہ اس اجلاس میں قانون سازی کے سیشن سمیت 19 دیگر اجلاس میں کُل 146 گھنٹے کام کیا گیا، جس میں 9 بلوں کو منظوری دی گئی۔ قانون ساز کونسل کے اسپیکر رام شندے نے بتایا کہ قانون ساز کونسل کی 16 نشستوں میں 115 گھنٹے کام ہوا‘ سات بل منظور ہوئے، جبکہ پانچ بلوں کو قانون ساز اسمبلی کو واپس بھیج دیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس سیشن میں منظور ہونے والا بجٹ ریاست کی ترقی کو فروغ دے گا۔ وہ کل اجلاس کے بعد صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اپوزیشن کے سوالات سننے کے بعد انھوں نے ان کے جوابات بھی دئیے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نے اس اجلاس میں حکومت پر بنیادی مسائل کو نظرانداز کرنے کا الزام لگایا۔ وہ کل اجلاس کے ملتوی ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا حکومت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو اپنے مسائل اٹھانے کا موقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کے بعد اسپیکر کے خلاف دانوے نے کہا کہ تحریک ِ عدم اعتماد واپس لے لی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر نانا پٹولے نے بدعنوانی کے الزامات کا جواب نہ دینے پر حکمراں جماعت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے کے رکنِ اسمبلی بھاسکر جادھو نے کہا کہ قانون ساز سیکریٹری نے ایک خط دیا ہے، جس میں قانون ساز اسمبلی کے قائد ِ حزبِ اختلاف کی تقرری کیلئے 10 فیصد ارکان کی ضرورت سے متعلق قواعد وضوابط کا ذکر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے انّا بنسوڑے کو قانون ساز اسمبلی کا نائب اسپیکر منتخب کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی طرف سے پیش کردہ تجویز کو نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے منظوری دی اور اجیت پوار کی طرف سے پیش کردہ تجویز کو وزیر چندرکانت پاٹل نے منظوری دی۔ جس کے بعد انّا بنسوڑے کو صوتی ووٹ سے نائب صدر منتخب کیا گیا۔ اسپیکر راہل نارویکر نے یہ اعلان کیا۔ بنسوڑے کو ایوان کی جانب سے مبارکباد دی گئی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ بھارت کا ثقافتی اتحاد آئین کے ذریعے سیاسی اتحاد میں بدل گیا ہے۔ وہ کل قانون ساز اسمبلی میں آئین کی شان کے موضوع پر اظہارِ خیال کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس بات کاتذکرہ بھی کیا کہ ہمارا آئین انسانی زندگی کے ہر واقعے کو وقار دیتا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ مہاراشٹر الیکٹرک گاڑیوں کی قومی راجدھانی بنتا جارہا ہے۔ وہ کل قانون ساز کونسل میں آلودگی کے مسئلے پر اظہارِ خیال کررہے تھے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ تمام سرکاری گاڑیوں اور وزراء کی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک بنایا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے کہ سال 2030 تک 80 سے 90 فیصد نئی گاڑیاں ای گاڑیاں ہوں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں 10 ہزار 521 کروڑ روپئے کے سرمایہ کے اَنوی پاور انڈسٹری کے لیتھیم سیل اور بیٹری بنانے کا منصوبہ 14 ہزار 377 کروڑ روپئے سرمایہ کے ریلائنس انفراسٹرکچر کا منصوبہ اور چار ہزار کروڑ روپئے سرمایہ کا جَن سول انجینئرنگ کا الیکٹرک چار پہیہ بنانے کا منصوبہ قائم کیا جائے گا۔ ان سے تقریباً 12 ہزار روزگار پیدا ہوں گے۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 30 لاکھ قیمت سے زیادہ کی الیکٹرک گاڑیوں پر چھ فیصد ٹیکس کا فیصلہ منسوخ کیا گیا ہے۔ اسمبلی اجلاس میں اس کی ضرورت نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ارکانِ اسمبلی کو اب الیکٹرک گاڑیوں کیلئے ہی قرض دیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل قانون ساز کونسل میں آخری ہفتے کی تجویز پر بحث کا جواب دیا۔ انھوں نے نشاندہی کی کہ اگرچہ ریاست پر سات لاکھ کروڑ روپئے کا قرض ہے لیکن قرض لینے کی شرح دیگر ریاستوں کے مقابلے کم ہے۔ جبکہ 95 فیصد محصول جمع کیا گیا ہے۔ شندے نے قانون ساز کونسل میں اعلان کیا کہ ریاستی حکومت کے 100 روزہ پروگرام میں 50 ترقیاتی اسکیموں اور پانچ شہری ڈیزائن اسکیموں کو منظوری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
محصول وزیر چندر شیکھر باون کڑے نے اپنے یقین کا اظہار کیا کہ ”چھترپتی شیواجی مہاراج مہاراجسو سمادھان کیمپ“ عام شہریوں‘ کسانوں‘ طالب علموں اور محصول محکمہ سے متعلق خواتین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے عام لوگوں کیلئے ایک اعزاز ثابت ہوگا۔ یہ کیمپ ہر محصول بورڈ میں سال میں چار بار منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
بینک قوانین ترمیمی بل کل راجیہ سبھا میں منظور کرلیا گیا۔ اس بل میں ایک وارث کے بجائے چار ناموں کی تجویز ہے۔ اسی طرح بینکوں کو تحریری امتحان کی فیس طئے کرنے کے اختیار سمیت دیگر ترامیم شامل ہیں۔ لوک سبھا میں یہ بل پہلے ہی منظور ہوچکا ہے۔
***** ***** *****
GST ابھئے اسکیم 2024 کے تحت ٹیکس بھرنے کیلئے 31 مارچ‘ جبکہ ابھئے اسکیم کا فائدہ حاصل کرنے کیلئے درخواست داخل کرنے میں 30 جون تک توسیع کی گئی ہے۔ 2017 تا 2020 ان معاشی سالوں کیلئے GST کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی سہولت اسکیم مراکز حکومت نے شروع کیے ہیں۔ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی اپیل ریاستی ٹیکس کے اسسٹنٹ کمشنر ابھیجیت راؤت نے کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ اسکیم مکمل طور پر آن لائن طریقہ پر ہے اور ٹیکس دہندگان متعلقہ پورٹل پر جاکر درخواست دیں۔
***** ***** *****
نئی دہلی میں جاری کھیلو انڈیا پیرا اسپورٹس ٹورنامنٹ کا آج اختتام ہورہا ہے۔ کھیل و نوجوانوں کی بہبود کی مرکزی وزیرِ مملکت رکھشا کھڑسے اختتامی تقریب میں شرکت کریں گی۔ اس ٹورنامنٹ میں مہاراشٹر نے 15 طلائی تمغوں سمیت 37 تمغے حاصل کرکے پانچواں مقام حاصل کیا ہے۔ ان میں 13 چاندی کے اور کانسے کے 9 تمغے شامل ہیں۔ ہریانہ پہلے‘ تملناڈو دوسرے‘ اُترپردیش تیسرے اور راجستھان چوتھے مقام پر فائز ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں ایم فل کی جعلی ڈگری سرٹیفکیٹ داخل کرکے پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے والے دو افراد کے اندراجات منسوخ کیے جائیں گے۔ کارگذار وائس چانسلر والمک سرودے نے یہ اطلاع دی۔ یونیورسٹی کے ساتھ جعلسازی معاملے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے دِنڈوری-چاند وڑ-ایولہ اور ویجاپور-گنگاپور کے خشک سالی کے شکار علاقوں تک پار-گوداوری مربوط ندی جوڑ منصوبے کے پانی کو منتقل کرنے کیلئے مانجرپاڑامنصوبے کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل کی صدارت میں آج اس سلسلے میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں یہ جانکاری دی گئی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے مسّاجوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے کی سنوائی کل بیڑ کی خصوصی مکوکا عدالت میں ہوئی۔ سرکاری وکیل اجول نکم سماعت کیلئے عدالت میں موجود تھے، جبکہ ملزمان کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سنوائی میں شریک کیا گیا۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 10 اپریل کو ہوگی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ترقیاتی اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں غیر مجاز پلاٹوں اور تعمیرات کا سرکاری انجینئرنگ کالج کے طلباء سے ایک سروے کروایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے نے کل سرکاری مشنری کا ایک اجلاس لیا۔ گاؤڑے نے تحصیلدار، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر اور ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ اس سروے کیلئے آنے والے طلبہ کو ضروری تعاون فراہم کریں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں 21ویں مویشی م شماری مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر لی گئی ہے۔ ضلع کے 898 دیہات اور شہری وارڈوں میں تمام مویشی پروروں اور کسانوں کے پاس موجود مویشیوں کا رجسٹریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ کے ضلع سرجن ڈاکٹر اشوک تھورات کی حمایت میں سماجی تنظیموں اور انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کل ضلع کلکٹر دفتر کے روبرواحتجاج کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ اسمبلی کا بجٹ اجلاس ملتوی؛ 30 جون سے ممبئی میں مانسون اجلاس۔
٭ اسمبلی کے نائب اسپیکر کے طور پر راشٹروادی کانگریس کے انّا بنسوڑے بلامقابلہ منتخب۔
٭ مہاراشٹر‘ ای- وی کی راجدھانی بننے کی طرف گامزن؛ ای وی پر چھ فیصد ٹیکس کا فیصلہ ملتوی۔
٭ GST اَبھئے اسکیم 2024کا اعلان؛ درخواست دہی کیلئے 30 جون تک مہلت۔
اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا پیرا اسپورٹس ٹورنامنٹ کا آج اختتام؛ مہاراشٹر 15 طلائی تمغوں سمیت 37 تمغوں کے ساتھ پانچویں مقام پر۔
***** ***** *****

No comments: