Monday, 17 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 17 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 17 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۷؍ مارچ ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھارت امن‘ محبت اور خیر سگالی کا پیغام دینے والا ملک ہے: پاڈ کاسٹر لیکس فریڈمین کے ساتھ بات چیت کے د وران وزیر اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ منشیات کی اسمگلنگ کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا - مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کا انتباہ۔
٭ قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخاب کیلئے بی جے پی کے تین امیدواروں کا اعلان ، چھترپتی سمبھاجی نگر سے سنجے کینیکر کا نام بھی شامل۔
اور۔۔۔٭ ودربھ کے بیشتر مقامات اور وسطی مہاراشٹر و مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں نمایاں اضافہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ بھارت امن و محبت کا پیغام د ینے والا ملک ہے ۔ مشہور پاڈ کاسٹر اور مصنوعی ذہانت کے محقق لیکس فریڈمین کے ایک انٹرویو میں وزیرِ اعظم مخاطب تھے۔ یہ پاڈ کاسٹ کل جاری کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گوتم بدھ اور گاندھی جی کی سرزمین کی وراثت کا تحفظ کرتے ہوئے، بھارت کی امن کی آواز عالمی سطح پر پہنچتی ہے اور بھارتی شہری ہمیشہ خیر سگالی اور امن کا مضبوط موقف اختیار کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا:
BYTE: PM NARENDRA MODI
وزیراعظم نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کیلئے سیاست میں آئے ہیں اور عوام کا اعتماد ہی ہماری حکومت کی بنیاد ہے۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والی اس گفتگو میں وزیر اعظم نے اپنے بچپن، ہمالیہ میں گزارے گئے ابتدائی سال، عوامی زندگی میں اپنے سفر، دیگر ممالک کے ساتھ بھارت کے تعلقات، عالمی امن اور ملک کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف مسائل پر بات کی۔ فریڈمین نے اس گفتگو کو اپنی زندگی کی سب سے زیادہ اثر انگیز گفتگو قرار دیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منشیات کی اسمگلنگ کرنے والوں سے کسی بھی طرح کی ہمدردی نہ کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ گذشتہ رو ز سماجی رابطوں پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے تفتیشی ادارے بہتر کام کر رہے ہیں۔ وزیرِ دا خلہ شاہ نے‘ حال ہی میں امپھال میں انسداد منشیات دستے کی جانب سے 88 کروڑ روپے مالیت کی میتھمفیٹامائین گولیوں کی ضبطی کے ساتھ ایک بین الاقوامی منشیات کے ریکیٹ سے وابستہ چار افراد کی گرفتاری کی ستائش کی اور کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے عزم کو بھی دہرایا۔
***** ***** *****
نشے سے پاک مہم کے تحت کل نئی ممبئی میں کرائم برانچ دستے کی کارروائی میں دِیگھا میں ایک شخص کے پاس سے 38 لاکھ 79 ہزار روپے کی غیر قانونی منشیات ضبط کی گئیں۔ اس کارروائی میں بڑی مقدار میں گانجہ، میفیڈرون سمیت دیسی شراب اور غیر ملکی شراب کا ذخیرہ ضبط کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کوآئندہ 18 تاریخ تک پولس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی نے کل قانون ساز کونسل کی پانچ نشستوں کے ضمنی انتخابات کیلئے تین امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ ان میں چھترپتی سمبھاجی نگر سے سنجے کینیکر، ناگپور سے سندیپ جوشی اور وردھا سے داداراؤ کیچے کے نام شامل ہیں۔ راشٹروادی کانگریس اور شیوسینا فی کس ایک ایک نشست سے اپنا امیدوار اُتاریں گی۔ اس ضمنی انتخاب کیلئے آئندہ 27 مارچ کو ر ائے دہی اور ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے ریاست میں خیر سگالی کو ختم کرنےکا کام کیا ہے، اور اسے دوبارہ زندہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ وہ کل رتناگیری میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ سپکال نے کہا کہ اورنگ زیب ایک ظالم حکمراں تھا ‘لہٰذا اورنگ زیب کی بڑائی اور تعریف کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ اورنگ زیب کو مہاراشٹر کی مٹی میں دفن کرنے کی واحد نشانی ان کی قبر ہےاور اس قبر کو اکھاڑنا چھترپتی شیواجی مہاراج اور مراٹھوں کی بہادری و شجاعت کی نشانی کو مٹادینے کے مترادف ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ممبئی میں منعقد ہونے والے ورلڈ آڈیو ویژول انٹرٹینمنٹ سمٹ یعنی ویوز کی منا سبت سے گیمنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس مقابلے میں شریک ہونے والے طلباء کو گیمز تیار کرنے کا عملی تجربہ حاصل ہوگا اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔ یہ مقابلہ انڈیا گیم ڈیولپرز کانفرنس کے تعاون سے منعقد کیا گیا ہے۔ مزید معلومات، بشمول اس مقابلے کیلئے رجسٹریشن سمیت مزید معلومات ویوز انڈیا ڈاٹ او آر جی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
***** ***** *****
سنت تکارام مہاراج کے ’’سدیہہ ویکنٹھ گمن‘‘ یعنی تکارام بیج تقریب، کل پونے ضلع کے شریکشیتر دیہو میں منائی گئی۔ اس تقریب میں ریاست بھر سے عقیدت مند بڑی تعداد میں دیہو پہنچے تھے۔
دریں اثناء نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو کل سنت تکارام مہاراج دیہو سنستھان کی جانب سے ’جگد گرو شری سنت تکارام مہاراج ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ یاترا کے دوران وارکریوں کی خدمات اور سہولیات ِ بہم پہنچانے اور اس سلسلے میں خصوصی کاوشوں اور نرمل واری، ہریت واری کے تصور میں شراکت کے اعتراف میں انھیں یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اس موقعے پر نائب وزیرِ اعلیٰ شندے نے اپنے تاثرات میں کہا کہ تکارام مہاراج اور سنت گیانیشور نے مذہب کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھلائی کی تعلیم دینے اور بیدار کرنے کا کام کیا ہے۔
پربھنی ضلعے میں تکارام بیج کے موقع پر ناوکی اورکاتنیشور سمیت کئی مقامات پر مختلف مذہبی تقاریب منعقد ہوئی اور مورتی پوجا کا اہتمام کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن میں سنت ایکناتھ مہاراج کی ناتھ ششٹھی تہوار کی تقریبات کے تحت کل سے رنجن بھرنے کا آغاز ہوگیا۔ ناتھ ششٹھی تہوار آئندہ جمعرات کو منایا جائے گا، ساتھ ہی ایک دِنڈی بھی نکالی جائے گی‘ جبکہ جمعہ کی نصف شب ایک جلوس کا اہتمام کیا جائے گا۔
***** ***** *****
سچن تنڈولکر کی قیادت والی بھارتیہ ماسٹرز ٹیم نے ماسٹرز لیگ ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں ویسٹ انڈیز ماسٹرز ٹیم کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ گزشتہ روز رائے پور میں ہونے والے اس میچ میں ویسٹ انڈیز ماسٹرز ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ جواب میں بھارتیہ ماسٹرز ٹیم نے 18ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کر لیا۔
***** ***** ****
پربھنی کے میڈیکل کالج اور آر پی اسپتال کی جانب سے بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر،کل خواتین کیلئے ایک طبی جانچ اور علاج کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ضلع سول سرجن ڈاکٹر ساریکا بڑے نے اس موقع پر حاضرین کی رہنمائی کی۔ اس کیمپ میں تقریباً 480 خواتین کاطبّی معائنہ کیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے وڑگاؤں کولہاٹی میں کم دبائو والی بجلی لائن سےبجلی سرقہ کرنے کے الزام میں 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ بجلی فراہمی کمپنی مہاوترن کے معاون انجینئر گووِند دُسنگے کی شکایت پر یہ کارروائی کی گئی۔
***** ***** *****
ودربھ میں بیشتر مقامات ، اور وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ کے چند مقامات پر درجۂ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ودربھ میں کل کچھ مقامات پر گرمی کی لہر تھی۔ ریاست میں کل سب سے زیادہ درجۂ حرارت چندر پور میں 42 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ پربھنی میں اوسط درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو میں کل اوسط درجۂ حرارت 38 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ پونہ محکمہ موسمیات نے ودربھ میں آج بھی گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ ڈویژن کے تحت پٹ لائن نمبر دو کے توسیعی کام کو 31 مارچ تک پندرہ دن کی معیاد کیلئے منظوری دے دی گئی ہے۔ اس کام کی وجہ سے چند ریلوے گاڑیاں منتخبہ تاریخوں میں منسوخ کی جائیں گی۔ ان میں سے، پربھنی-ناندیڑ ایکسپریس 19 تا 23 اور 26، 27، 29 اور 30 مارچ کو منسوخ کی گئی ہے، جبکہ ناندیڑ-اورنگ آباد ایکسپریس ٹر ین کی خدمات 21 اور 28 مارچ کو منسوخ رہیں گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بھارت امن‘ محبت اور خیر سگالی کا پیغام دینے والا ملک ہے: پاڈ کاسٹر لیکس فریڈمین کے ساتھ بات چیت کے د وران وزیر اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ منشیات کی اسمگلنگ کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا - مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کا انتباہ۔
٭ قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخاب کیلئے بی جے پی کے تین امیدواروں کا اعلان ، چھترپتی سمبھاجی نگر سے سنجے کینیکر کا نام بھی شامل۔
اور۔۔۔٭ ودربھ کے بیشتر مقامات اور وسطی مہاراشٹر و مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں نمایاں اضافہ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 23.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 23 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...