Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 06 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/ مارچ ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی حکومت کا حلف نامے کیلئے پانچ سو روپئے کی اسٹیمپ ڈیوٹی کو معاف کرنے کا فیصلہ۔
٭ ابوعاصم اعظمی کی قانون ساز اسمبلی سے معطلی؛ قانون ساز کونسل کی اسپیکر نیلم گورہے کے خلاف مہا وِکاس آگھاڑی کی تحریک عدم اعتماد۔
٭ سرکاری اسپتال اور کالج میں ملاوٹی ادویات فراہم کرنے پر کارروائی کا انتباہ۔
٭ مرکزی حکومت نے مویشیوں کی بیماری پر قابو پانی کی اسکیم پر نظرِ ثانی کو منظوری دی۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں اتوار کو بھارت اور نیوزی لینڈ مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی حکومت نے سرکاری دفاتر میں داخل کیے جانے والے تمام قسم کے حلف ناموں کیلئے 500 روپئے کی اسٹیمپ ڈیوٹی کو معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب ایک سادہ کاغذ پر خود سے تصدیق شدہ درخواست دیکر مختلف قسم کے سرکاری سرٹیفکیٹ حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیرِ محصول نے مزید بتایا کہ اب اس کے بعد کسی بھی کام کیلئے ذات کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ ہو‘ انکم سرٹیفکیٹ‘ رہائش‘ نان کریمی لیئر‘ قومیت سرٹیفکیٹ ہو۔ طلبہ کے تعلیمی کام کیلئے جو جو سرٹیفکیٹ محصول محکمہ فراہم کرتا ہے اس کیلئے کسی بھی طرح کی اسٹیمپ ڈیوٹی نہیں لگے گی۔ باون کڑے نے کہا کہ اس فیصلے کو فوری نافذ کرنے کے احکامات بھی دئیے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے وضاحت کی ہے کہ بیڑ ضلع کے مسّا جوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ قتل کیس کی تحقیقات میں حکومت نے مداخلت نہیں کی۔ یہ بات انھوں نے ایک نجی نیوز چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں بتائی۔ انھوں نے کہا:
”میں نے سی آئی ڈی کے لوگوں کو بہت اِسپشٹ شبدوں میں کہا ”دیئر نو انٹرفیئرنس۔“ اور انھوں نے بہت اچھا انویسٹی گیشن کیا۔ ہماری فارنسک ٹیم نے جو موبائل گم تھے‘ جن موبائل کو ڈیلیٹ کردیا گیا تھا‘ ان موبائل کو بھی لیٹیسٹ ٹکنالوجی کے مادھیم سے اس کا پورا ڈیٹا ریٹریو کیا‘ چارج شیٹ جس دن داخل ہوئی اُسی دن مجھے پتہ چلا کہ کیا انویسٹی گیشن ہے۔“
وزیرِ اعلیٰ نے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ دھننجئے منڈے کے قریبی دوست کو قتل اور دیگر معاملات میں قصوروار پایا گیا۔
***** ***** *****
مہاوِکاس آگھاڑی نے قانون ساز کونسل کی ڈپٹی اسپیکر نیلم گورہے کے خلاف تحریک ِ عدم اعتماد داخل کی ہے۔ حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے کے کابینہ سیکریٹری کو سونپے گئے خط پر انیل پرب‘ بھائی جگتاپ و دیگرکی دستخط ہیں۔
***** ***** *****
سماج وادی پارٹی کے رکنِ اسمبلی ابوعاصم اعظمی کو اورنگ زیب کی تعریف میں بیان دینے کے معاملے میں قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کی مدت کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔ کل قانون ساز اسمبلی میں بی جے پی لیڈر چندر کانت پاٹل کی جانب سے پیش کردہ تجویز کو منظوری دے دی گئی۔ کانگریس رُکنِ اسمبلی وجئے وڑیٹیوار نے ابوعاصم اعظمی کے خلاف کارروائی کی حمایت کی، لیکن سوال کیا کہ حکومت راہل شولاپورکر اور پرشانت کورٹکر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی؟ جنھوں نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کی تھی۔ رکنِ اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے بھی ابواعظمی کے خلاف کارروائی کی حمایت کی اور اسی طرح کے معاملات میں دوسروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل اسمبلی میں کہا کہ رائے گڑھ کے دامن میں پاچاڑ کے راج ماتا جیجاؤ راج واڑے کو حاصل کرکے اس کی جگہ شیوسُرشٹی تعمیر کیا جائے گا۔ شیو سُرشٹی ریاست کے پانچ مختلف مقامات پر قائم کیے جائیں گے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج کو مغل فوج نے پکڑلیا تھا، اس سنگمیشور کے سردیسائی واڑہ میں مہاراج کے اسمارک کی تعمیر کا اعلان بھی انھوں نے کیا۔
***** ***** *****
صحتِ عامہ کے وزیر پرکاش آبٹکر نے کل قانون ساز اسمبلی میں کہا کہ ریاست کے مختلف سرکاری اسپتالوں اور میڈیکل کالجوں میں ملاوٹی ادویات کی فراہمی کے سلسلے میں قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ اپوزیشن کے ارکان نے متعلقہ حکام کی معطلی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔ رکنِ اسمبلی سنیل پربھو نے قانون ساز اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یہ مؤقف واضح کیا۔ مہاراشٹر میں جس طرح سے جعلی کمپنیاں اور جعلی دوائیں تقسیم کی گئی ہیں وہ بڑی بدعنوانی ہے۔ وہ کمپنی اُتراکھنڈ کی تھی۔ یہ ادویات اُس وقت بھی خریدی گئی جبکہ وہ کمپنی موجود نہیں تھی اور یہ حکومت ایسے لوگوں کی حمایت کررہی ہے۔ یہ عام لوگوں کی صحت کے ساتھ کھیل رہی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ کے بھوکردن کے انوا گاؤں میں کیلاش بوراڑے کی وحشیانہ پٹائی کے سلسلے میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کی اطلاع نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
خواتین و اطفال ترقی کی وزیر آدیتی تٹکرے نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کے پہلے حکومتی فیصلے میں شامل چیزوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انھوں نے کل قانون ساز کونسل میں رکنِ اسمبلی انیل پرب کی طرف سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ اطلاع دی۔
دریں اثناء‘ کل گورنر کے خطاب کے شکریہ کی تحریک پر بحث ہوئی۔
***** ***** *****
ناسک کی ضلع سیشن عدالت نے وزیرِ زراعت مانک راؤ کاکوٹے کی دو سال کی سزا پر روک لگادی ہے۔ تقریباً 28 سال پہلے کوکاٹے اور ان کے بھائی کو وزیرِ اعلیٰ کے رضاکارانہ کوٹے سے فلیٹ حاصل کرنے کیلئے غلط معلومات دینے پر دو سال قید اور 50ہزار روپئے جرمانہ کی سزا سنائی گئی تھی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے کسانوں کے مویشیوں کی صحت اور بیماریوں کے کنٹرول سے متعلق اسکیم پر نظرِ ثانی کو منظوری دے دی۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کل مرکزی کابینہ کی میٹنگ کے بعد ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ ان میں ویکسینیشن‘ نگرانی اور صحت کی دیکھ بھال کی بہتری‘ بشمول ویٹرنری دوائیاں شامل ہیں۔ ویشنو نے بتایا کہ اس اسکیم کیلئے تین ہزار آٹھ سو اسی کروڑ روپئے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کا فائنل مقابلہ اتوار کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے لاہور میں کل کھیلے گئے سیمی فائنل کے دوسرے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 50 رنز سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 362 رنز بنائے۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 50 اوور میں 312 رنز ہی بناسکی۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کے واکھر واڑی کی ساکن روہنی سُروسے، جیون اُنتی ابھیان (امید) مہم کے ذریعے، اپنے کھیت میں نامیاتی کاشتکاری کے ذریعے زرعی مال تیار کررہی ہے۔ 2017 میں، روہنی سروسے نے دیگر آٹھ خواتین کے ساتھ، چوبیس دیہاتوں کی خواتین کو نامیاتی کھیتی کو اپنانے کی ترغیب دی۔ سروسے نے کہا کہ یہ طریقہئ کار اپنانے والی سینکڑوں خواتین نے اب اپنے اپنے کھیتوں میں نامیاتی کاشتکاری کا تجربہ کیا ہے۔
***** ***** *****
بیڈ ضلع کے دیوڑا گاؤں میں گیارہ خاندانوں کی خواتین نے اکٹھے ہو کر آرگینک دیہی کسان گروپ قائم کیا ہے۔ اس گروپ میں شامل خواتین تخم ریزی سے لے کر کٹائی تک زراعت کے تمام کاموں کو متحدہ طور پر کر رہی ہیں اور اس مشترکہ کام سے رقم کی کافی بچت ہو رہی ہے۔ جبکہ خواتین کے اس کام سے دیگر دیہاتوں کی خواتین کو بھی ایسے گروپ بنانے کی ترغیب مل رہی ہے۔
***** ***** *****
مویشیوں کی شماری میں لاتور ضلعے کو ریاست میں سرِفہرست مقام حاصل ہوا ہے۔ لاتور ضلعے کے دس تعلقہ جات کے 941 دیہاتوں اور 198 شہری علاقوں میں حکومت کی مقررہ مدت کے اندرمویشی شماری مکمل کی گئی ہے۔ اس کام کیلئے ضلع سے 181 شمار کنندگان، 35 سپروائزر اور 132 اداروں کے سربراہان کا تقرر کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
بیڑ کی جیجاؤ ماں صاحب ملٹی اسٹیٹ کریڈٹ سوسائٹی بدعنوانی کے معاملے میں صدر دفتر اور دھونڈی پورہ شاخ کی تجوری سے 22 لاکھ 27 ہزار 420 روپئے کی قیمتی اشیاء ضبط کی گئیں۔ مالیاتی کرائم برانچ کے ڈپٹی پولس سپرنٹنڈنٹ وشومبھر گولڈے نے یہ معلومات دی۔ اس معاملے میں گزشتہ ستمبر سے زیرِ حراست کلیدی ملزم ببن شندے کے خلاف کچھ دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کہا ہے کہ کمسنی کی شادی کے سماجی مسئلے کو حل کرنے کیلئے خلوصِ نیت سے کام کرنا ضروری ہے۔ وہ گزشتہ روز اس حوالے سے سوئیگاؤں میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ضلع کے سبھی دیہاتوں میں پولس پٹیل، گرام سیوک اور تلاٹھیوں کو کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کیلئے کوششیں کرنے کی بھی انھوں نے ترغیب دی۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی، ضلع پریشد سی ای او وِکاس مینا اور پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ونئے کمار راٹھوڑ نے کل ضلع میں دسویں جماعت کے مختلف امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔ اس میں طلباء کے امتحان دینے کے انتظامات، پولس کے حفاظتی انتظامات اور پینے کے پانی کی سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ ہی نقل سے پاک مہم کا مشاہدہ کرنے کیلئے امتحانی ہال کا دورہ بھی کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاستی حکومت کا حلف نامے کیلئے پانچ سو روپئے کی اسٹیمپ ڈیوٹی کو معاف کرنے کا فیصلہ۔
٭ ابوعاصم اعظمی کی قانون ساز اسمبلی سے معطلی؛ قانون ساز کونسل کی اسپیکر نیلم گورہے کے خلاف مہا وِکاس آگھاڑی کی تحریک عدم اعتماد۔
٭ سرکاری اسپتال اور کالج میں ملاوٹی ادویات فراہم کرنے پر کارروائی کا انتباہ۔
٭ مرکزی حکومت نے مویشیوں کی بیماری پر قابو پانی کی اسکیم پر نظرِ ثانی کو منظوری دی۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں اتوار کو بھارت اور نیوزی لینڈ مقابلہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment