Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 18 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعلیٰ کا منشیات کے خلاف ”زیرو ٹالیرینس“ کی پالیسی پر عمل درآمد کا عزم۔
٭ ریاستی حکومت کی جانب سے ربیع ہنگام کی فصلوں کے معائنے کی آخری تاریخ میں 31 مارچ تک توسیع کا اعلان۔
٭ ریاست میں LPG یعنی گھریلو گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کنٹرول روم کا قیام۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج سے بچے دانی کے منہ کے کینسرکی روک تھام کی خاطر HPV ٹیکہ اندازی کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ لاتور‘ دھاراشیو اور پربھنی اضلاع میں غیر موسمی بارش۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس عزم کا اظہارکیا ہے کہ ریاستی حکومت منشیات کے خلاف ”زیرو ٹالیرینس“ کی پالیسی نافذ کرے گی۔ وزیرِ اعلیٰ کل قانون ساز اسمبلی میں پروین دَٹکے کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ متعلقہ معاملے میں سماجی جرائم کنٹرول ایکٹ 1999 کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پھڑنویس نے بتایا کہ اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کرنے کا عمل جاری ہے اور آئندہ مرحلے میں قانونی کارروائی مکمل کی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ان شہریان کو تلاش کرنے کیلئے ایک نیا نظام نافذ کرے گی جو ویزا کی معیاد ختم ہونے کے باوجود ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں اور نشہ آور چیزوں کی اسمگلنگ کررہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ محکمہئ پولس اور امیگریشن محکمے کے درمیان تال میل بنایا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے ربیع ہنگام کیلئے فصلوں کے معائنے کی آخری تاریخ میں 31 مارچ تک توسیع کردی ہے۔ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ کسانوں فصلوں کا اندراج نہ ہونے کے سبب قدرتی آفات‘ فصل بیمہ اور فصل قرض کے فوائد سے محروم نہ رہے۔ محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے نے کل اسمبلی میں یہ اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں اب تک فصلوں کے 55 فیصد معائنے مکمل کیے گئے ہیں۔ باون کُڑے نے یہ بھی بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر کے برج واڑی میں 54 ایکڑ زمین گھپلے اور نندوربار ضلع کے نواپور میں اراضی کی تحویل کے معاملے میں ہوئے گھپلے کی مکمل جانچ کیلئے خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ باون کُڑے نے بتایا کہ ان معاملات کی تفصیلی رپورٹ آئندہ اجلاس میں ایوان کی میز پر رکھی جائیگی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی ترمیمی بل 2026 کل قانون ساز اسمبلی میں اتفاقِ رائے سے منظور کیا گیا۔ اس کے مطابق ضلع پریشد میں ارکان کی کُل تعداد کا دس فیصد یا پانچ ارکان اور پنچایت سمیتی میں ارکان کی کُل تعداد کا 20 فیصد یا ایک رُکن کی نامزدگی کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ وہیں اسمبلی میں ”مہاراشٹر ریپیل بل“ مہاراشٹر پبلک یونیورسٹیز ترمیمی بل‘ مہاراشٹر موٹر وہیکل ترمیمی بل‘ اور مہاراشٹر سیلف فائنانسڈ اسکولز ترمیمی بلکو منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
اسی طرح قانون ساز کونسل میں ”مہاراشٹر مذہبی آزادی بل 2026“ کو کل اکثریت سے منظوری دی گئی۔ داخلہ کے ریاستی وزیرِ مملکت پنکج بھوئیر نے اس بل پر بحث کے جواب میں بتایا کہ اس کا مقصد کسی ایک مذہب کو نشانہ بنانا نہیں ہے بلکہ یہ بل تمام مذاہب کیلئے یکساں ہوگا۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ یہ بل رضاکارانہ طور پر مذہب تبدیل کرنے سے نہیں روکتا۔ اس کا مقصد صرف غلط ذرائع سے ہونے والی مذہب کی تبدیلی کو روکنا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی وزیر آکاش پھنڈکر نے کل قانون ساز اسمبلی میں مارچ 2020 تا فروری 2026 کے درمیان بیڑ ضلع میں تعمیراتی مزدوروں کے فلاحی بورڈ کے تحت کروڑوں روپئے کے غبن معاملے میں قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا یقین دلایا ہے۔ رکنِ اسمبلی سریش دھس نے اس معاملے میں سوال اٹھایا تھا۔
***** ***** *****
نمو کسان مہا سمان فنڈ اسکیم کی آٹھویں قسط آئندہ ہفتے کسانوں کے بینک کھاتوں میں براہِ راست جمع کردی جائیگی۔ اس سلسلے میں حکمنامہ جاری کیا گیاہے اور اس ہفتے کی ادائیگی کیلئے ایک ہزار 774 کروڑ روپؤں کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ زراعت کے وزیر دتاتریہ بھرنے نے بتایا کہ ریاست کے تقریباً 90 لاکھ 34 ہزار اہل کسان اس فیصلے سے مستفید ہوں گے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے مہاراشٹر سمیت پانچ ریاستوں میں پنچایتی راج اداروں اور دیہی مقامی خود مختار اداروں کو 15 ویں مالیاتی کمیشن کے تحت گرانٹ تقسیم کی ہے۔ اس کا مقصد دیہی مقامی انتظامیہ کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ مہاراشٹر کو مالی سال 2022-23 کے پہلے اور دوسرے ہفتے کے طور پر تقریباً 151 کروڑ روپئے ملے ہیں جس سے 125 ذیلی گرام پنچایتوں اور 324 گرام پنچایتوں کو فائدہ ملے گا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے کسانوں کیلئے وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم میں ترمیم کی ہے۔ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کل لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ بیمہ دعوؤں کو 21 دنوں میں حل کرنا لازمی ہے اور تاخیر کی صورت میں کمپنی کو 12 فیصدسود ادا کرنا ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں LPG یعنی گھریلو گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور اس کیلئے وہاٹس ایپ نمبر 97-69-91-92-21 جاری کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع خوراک اور شہری رسد کے وزیر چھگن بھجبل نے اسمبلی میں دی۔ انھوں نے بتایا کہ ضرورت کے مطابق مٹی کا تیل اور دیگر متبادل بھی دستیاب کرائے جارہے ہیں۔ بھجبل نے یہ بھی بتایا کہ چند بڑے ہوٹلوں میں کوئلہ اور مٹی کے تیل کا استعمال شروع کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناسک میں گیس سلنڈرز کی کالابازاری کے معاملے میں ایک گیس ایجنسی کے مالک سمیت آٹھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے سات پور علاقے میں چھاپہ مار کر یہ کارروائی انجام دی ہے۔ اس کارروائی کے دوران 158 گھریلو استعمال کے بھرے ہوئے سلنڈرز اور 289 خالی سلنڈرز سمیت پانچ مال بردار گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔ جن کی مالیت 25 لاکھ 73 ہزار 568 روپئے ہے۔
***** ***** *****
بچے دانی کے منہ کے کینسر کی روک تھام کی خاطر آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں HPV ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کا افتتاح شہر کے میئر سمیر راجورکر‘ میونسپل کارپوریشن کے سڈکو N-8 میں واقع اسپتال میں کریں گے۔ انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی 14 اور 15 برس کی لڑکیوں کو یہ ویکسین ضرور لگائیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے کئی علاقوں میں کل غیر موسمی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ لاتور شہر اور ضلع میں کل ژالہ باری کے ساتھ غیر موسمی بارش ہوئی۔ نلنگا‘ احمدپور اور اوسا تعلقہ جات میں اولے گرنے کے سبب گیہوں، جوار اور چنے کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ ژالہ باری کے سبب ضلع میں آم کے باغات کو بھی شدید نقصان ہوا ہے۔ دھاراشیو ضلع کے عمرگہ تعلقے کے کدیر اور نائی چاکور علاقوں میں ژالہ باری کے سبب کٹی ہوئی جواری اور گیہوں کی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں۔
وہیں پربھنی ضلع میں بجلی گرنے سمیت موسلا دھار بارش ہوئی۔ کسانوں نے کٹے ہوئے گیہو ں اور چنے سمیت پکی ہوئی ہلدی کو ڈھانپنے کیلئے کافی مشقت کی۔ تیز ہواؤں کے سبب علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ شولاپور شہر اور ضلع میں کئی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ اولے گرے اور بارش ہوئی۔
اسی بیچ آج پربھنی‘ بیڑ‘ ہنگولی‘ ناندیڑ‘ لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع پریشد کے 23 کروڑ 26 لاکھ روپؤں کے بجٹ کو کل منظوری دی گئی۔ ضلع پریشد کی چیف ایکزیکٹیو افسر اور ایڈمنسٹریٹر میگھنا کاؤلی نے بجٹ کو منظوری دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس بجٹ میں خواتین‘ کسانوں اور صحت کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع محصول کھیل و ثقافتی مقابلے کا کل سے آغاز ہوا۔ اس کا افتتاح ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے کیا۔ انھوں نے تمام کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ ٹیم اسپرٹ اور ثابت قدمی کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے گورے گاؤں پولس اسٹیشن حدود میں کل ایک کھیت سے تقریباً 84 ہزار 650 روپئے مالیت کے گانجے کے پودے ضبط کیے گئے۔ اس سلسلے میں ملزم وٹھل ڈھوک کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کی مختلف گرام پنچایتوں کی خالی نشستوں کیلئے ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے۔ ضلع میں 60 گرام پنچایتوں میں 10 براہِ راست سرپنچ کے عہدوں سمیت 58 ممبران کیلئے انتخاب ہوگا اور اس کیلئے انتظامی مشنری کو تیار کرلیا گیاہے۔ ان انتخابات میں شامل ہونے کیلئے درخواستیں 7 تا 13 اپریل کے دوران جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ 17 اپریل تک امیدوار‘ درخواستیں واپس لے سکیں گے اور رائے دہی 18 اپریل کو اور ووٹوں کی گنتی 19 اپریل کو ہوگی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے صدر اور نائب صدر کے انتخاب کیلئے آج ایک خصوصی اجلاس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سب سے پہلے ان دونوں عہدوں کیلئے درخواست دہی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ جس کے بعد دوپہر دو بجے ضلع منصوبہ بندی ہال میں خصوصی اجلاس ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وزیرِ اعلیٰ کا منشیات کے خلاف ”زیرو ٹالیرینس“ کی پالیسی پر عمل درآمد کا عزم۔
٭ ریاستی حکومت کی جانب سے ربیع ہنگام کی فصلوں کے معائنے کی آخری تاریخ میں 31 مارچ تک توسیع کا اعلان۔
٭ ریاست میں LPG یعنی گھریلو گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کنٹرول روم کا قیام۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج سے بچہ دانی کے منہ کے کینسرکی روک تھام کی خاطر HPV ٹیکہ اندازی کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ لاتور‘ دھاراشیو اور پربھنی اضلاع میں غیر موسمی بارش۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment