Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 11 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے صارفین کو سستی اور بلاتعطل گھریلو گیس فراہم کرنے کے عزم کا اظہار۔
٭ ایل پی جی گیس سلنڈر کا غیر ضروری طور پر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی: وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے کا انتباہ۔
٭ جل جیون مشن اسکیم کی معیادِ کارمیں دسمبر 2028 تک توسیع کرنے کا مرکزی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ اسپیکر اوم برلا کے خلاف لوک سبھا میں تحریک ِ عدم اعتماد پر بحث شروع۔
اور۔۔۔٭ ناتھ ششٹھی کی تقریبات کا آج ہوگا اختتام۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ وہ صارفین کو گھریلو گیس کی سستی اور غیر مسدود فراہمی کیلئے پابند ِ عہدہے۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ گھریلو صارفین کیلئے پکوان گیس کی کوئی قلّت نہیں‘ اور شہریان کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ سماجی رابطوں پر جاری ایک پیغام میں پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے بتایا کہ مختلف ذرائع سے ایندھن کی درآمد آسانی سے جاری ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے قدرتی گیس کی پیداوار، رسد، متوازن تقسیم اور دستیابی کے نظام کو کنٹرول کرنے کیلئے ESMA یعنی ضروری اشیاء ایکٹ، 1955 نافذ کیا ہے۔ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قدرتی گیس کی فراہمی کیلئے بعض شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ ان میں سی این جی، پی این جی، ایل پی جی کی پیداوار شامل ہے۔
مرکزی حکومت نے گھریلو استعمال کیلئے گیس اور گاڑیوں کیلئے سی این جی کو ترجیح دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ حکومت نے ملک میں آئل ریفائنریوں کو بھی ایل پی جی گیس کی پیداوار بڑھانے کا حکم دیا ہے۔ گیس کی ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کو روکنے کیلئے گھریلو استعمال کے دو سلنڈروں کے درمیان رجسٹریشن کی مدت 25 دن تک بڑھا دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ہوٹل مالکان نے کل گیس کی دستیابی میں دشواریوں سے متعلق ریاست کے وزیرِ خوراک اور شہری رسد چھگن بھجبل سے ملاقات کی۔ ہوٹل مالکان کی تنظیم نے واضح کیا ہے کہ اگر ایل پی جی کی دستیابی کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ہے تو ممبئی میں ہوٹل اور ریستورانوں کو آئندہ دو دنوں میں بند کرنے کی نوبت آجائیگی۔ تنظیم کے ذمہ داران نے بتایا کہ ریاست کے پونے، چھترپتی سمبھاجی نگر، لاتور وغیرہ شہروں میں بھی انہی مسائل کا سامنا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء، وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے غیر ضروری طور پر ایل پی جی سلنڈر کا ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ غیر ضروری ذخیرہ اندوزی کرکے عوام کیلئے دشواریاں پیدا کرنے والوں پر کارروائی کرنے کے احکامات ضلع کلکٹرس کو دئیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی کابینہ نے کل‘ جل جیون مشن اسکیم کی معیاد میں دسمبر 2028 تک توسیع کرنے کی منظوری دی۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کابینی اجلاس کے بعد ایک صحافتی کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ تمل ناڈو کے مدورائی ہوائی اڈے کو بین الاقوامی طیران گاہ کا درجہ دینے کے فیصلے کو بھی اجلاس میں منظوری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
لوک سبھا میں کل اسپیکر اوم برلا کے خلاف تحریک ِ عدم اعتماد پیش کی گئی۔ کانگریس کے رکنِ پارلیمان ڈاکٹر محمد جاوید نے یہ تحریک پیش کی۔ پریسائیڈنگ آفیسر جگدمبیکا پال نے بتایا کہ اس پر بحث کیلئے دس گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔
کانگریس کے منیش تیواری، گورو گوگوئی، ترنمول کانگریس کے مہوا موئترا، سماج وادی پارٹی کے راجیو رائے، ڈی ایم کے‘کے ٹی آر بالُو، شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے اروند ساونت، راشٹروادی کانگریس شرد پوار پارٹی کے بجرنگ سونونے اور دیگر نے اس بحث میں حصہ لیا۔
تیلگو دیشم کے ایل ایس کے دیورائلو، شیو سینا کے شریکانت شندے، بی جے پی کے نشی کانت دُوبے، پنچایتی راج کے وزیر راجیو رنجن سنگھ، فوڈ پروسیسنگ کے وزیر چراغ پاسوان، پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رجیجو نے اس تجویز کی مخالفت کی، رجیجو نے کہا کہ لوک سبھا اسپیکر ہمیشہ ہی غیر جانبداری سے کام کرتے ہیں۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے مشاہدہ کیا ہے کہ ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا وقت آگیا ہے۔1937 کے شریعت ایکٹ میں مسلم خواتین کے خلاف امتیازی دفعات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرنے والی ایک عرضی چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوائے مالیہ باگچی اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ کے سامنے آئی۔ عدالت نے اس درخواست کی سماعت کے دوران یکساں سول کوڈ کے بارے میں یہ مشاہدہ کیا۔ عدالت ِ عظمیٰ نے کہا کہ مذکورہ عرضی میں کیے گئے مطالبے کے تحت اگر شریعت ایکٹ میں وراثت کی شق کو منسوخ کر دیا جاتا ہے تو مسلم وراثت سے متعلق کوئی قانون نہ ہونے کی وجہ سے ایک قانونی خلاء پیدا ہو جائے گا۔ عدالت نے تجویز دی ہے کہ پارلیمنٹ اس عرضی پر غور کرے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلی راجہ مفت بجلی اسکیم صرف ان لوگوں پر لاگو ہے جو ساڑھے سات ہارس پاور تک بجلی استعمال کرتے ہیں۔ وہ کل اسمبلی میں ستیہ جیت دیشمکھ کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسان صارفین ضروری اقدامات کریں اور اپنی بجلی کے خرچ کو اس حد کے اندر لائیں تو انہیں اس اسکیم کا فائدہ دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی یقین دلایا کہ ریاست کے 75 فیصد کسانوں کو سال کے آخر تک غیر مسدود بجلی فراہم ہوگی۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ سُنیترا پوار نے قانون ساز کونسل میں خواتین سرکاری ملازمین کیلئے اہم اعلان کیا۔ عالمی یومِ خواتین کے موقعے پر جاری ایک خصوصی بحث کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت خواتین کی ہمہ جہت ترقی کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے خواتین کو مساوی مواقع، تحفظ اور بااختیار بنانے والا معاشرہ تشکیل دینے کے عزم کو مضبوط کرنے کی اپیل بھی کی۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد کے تحت خواتین سرکاری ملازمین کیلئے 180 دن کی زچگی کی رُخصت کی منظوری دی گئی ہے‘ جبکہ اس کے بعد بھی ضرورت پڑنے پر میڈیکل سرٹیفکیٹ کے بغیر زیادہ سے زیادہ ایک سال تک آدھی تنخواہ پر چھٹی لینے کی اجازت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی مجلس ِ وزراء نے ناندیڑ سمیت ریاست میں گیارہ ایڈیشنل ضلع کلکٹر دفاتر کو منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ جمع بندی کمشنر کو دو نئے ایڈیشنل ضلع کلکٹر کے عہدے دئیے گئے ہیں۔ یہ جانکاری وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے دی۔
***** ***** *****
پیٹھن میں ناتھ ششٹھی کی تقاریب میں سنت ایکناتھ مہاراج ایوارڈ کل پیش کیے گئے اور مختلف شعبوں میں کام کرنے والی شخصیات کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
دریں اثناء، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی جانب سے کل ناتھ سمادھی پر خصوصی ملبوسات کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ اسی دوران ناتھ مہاراج کی شبینہ پالکی کل رات نکالی گئی اور آج شام کالا دِنڈی کے ساتھ یہ تقاریب اختتام پذیر ہوں گی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے دھاراشیو ضلعے کے نلدُرگ سے شولاپور ضلعے کے اَکل کوٹ تک کے علاقے کی بازآبادکاری اور بہتری کے کاموں کو منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 105 کروڑ 13 لاکھ روپے کی لاگت سے بقیہ 14 کلومیٹر طویل راستے کیلئے انتظامی اور تکنیکی منظوری دے دی گئی ہے۔ رُکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے اس راستے کیلئے فنڈز منظور کرنے کیلئے مرکزی وزیر نتن گڈکری کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
ریاستی صفائی ملازمین کمیشن کے چیئرمین شیر سنگھ رُکاّن سنگھ ڈانگور نے ہدایت دی ہے کہ صفائی ملازمین کے ورثاء کا‘ لاڈ پاگے کمیٹی کی سفارشات کے مطابق میونسپل کونسل اور میونسپل کارپوریشن میں انوکمپا کی بنیاد پر صفائی ملازمین کے طور پر تقرر کیا جائے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹردفتر میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے صفائی مزدوروں کے اہل خانہ کو حکومت کی مختلف ہاؤسنگ اسکیمات کے ساتھ ساتھ اسکالرشپ اور معاشی ترقی کی دیگر اسکیموں کے فوائد بھی دئیے جانے کی تجویز دی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے پورنا پنچایت سمیتی کے چیئرمین عہدے پر کاول گاؤں بلاک سے آزاد امیدوار کے طور پر منتخب ہونے والی اجولا پِساڑ کو منتخب کیا گیا، جبکہ شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے کاشی ناتھ کاڑبانڈے ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوئے۔ پورنا پنچایت سمیتی میں بی جے پی کو اکثریت حاصل ہے، لیکن کچھ اراکین کی جانب سے پارٹی صدر کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے پارٹی کے امیدواروں کے علاوہ دیگر امیدواروں کو ووٹ دینے کی بات سامنے آئی ہے۔
گنگا کھیڑ پنچایت سمیتی میں بی جے پی کے منوج منڈے کو چیئرمین منتخب کیا گیا ہے، جبکہ ساریکا کھانڈیکر نائب چیئرمین منتخب ہوئی ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے صارفین کو سستی اور غیر مسدود گھریلو گیس فراہم کرنے کے عزم کا اظہار۔
٭ ایل پی جی گیس سلنڈر کا غیر ضروری طور پر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی: وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے کا انتباہ۔
٭ جل جیون مشن اسکیم کی معیادِ کارمیں دسمبر 2028 تک توسیع کرنے کا مرکزی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ اسپیکر اوم برلا کے خلاف لوک سبھا میں تحریک ِ عدم اعتماد پر بحث شروع۔
اور۔۔۔٭ ناتھ ششٹھی کی تقریبات کا آج ہوگا اختتام۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment