Monday, 9 March 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 09 مارچ 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 09 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹/مارچ ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آج سے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے سیشن کا آغاز؛ لوک سبھا اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کا امکان۔
٭ ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کے حصول کیلئے خواتین کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ضروری: صدرِ جمہوریہ کا اظہارِ خیال۔
٭ مختلف تقاریب کے ذریعے ملک بھر میں منایا گیا خواتین کا عالمی دن۔
٭ بچے دانی کے منہ کے کینسر سے بچاؤ کیلئے HPV ٹیکہ اندازی مہم کی شروعات۔
اور۔۔۔٭ بھارتی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی؛ تیسری بار جیتا کرکٹ کا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے سیشن کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ لوک سبھا میں آج اسپیکر اوم برلا کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جائیگی۔ کانگریس کے محمد جاوید‘ کے سریش اور ملّوروی یہ تجویز پیش کریں گے۔ اسی دوران کانگریس اور بی جے پی نے اپنے اپنے اراکینِ پارلیمنٹ کیلئے Vhip جاری کرکے ایوان میں منگل تک حاضر رہنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے خواتین کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کارلانا ضروری ہے۔ صدرِ جمہوریہ کل نئی دہلی کے مانک شا مرکز میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ”بیٹی بچاؤ‘ بیٹی پڑھاؤ“ وزیِر اعظم مدرا اسکیم اورمشن شکتی جیسی اسکیمات آج خواتین کو بااختیار بنانے کو فروغ دے رہی ہیں اور آج خواتین نہ صرف ملازمت کی متلاشی ہیں بلکہ روزگار پیدا کرنے والی بھی ہیں۔ صدرِ جمہوریہ مُرمو نے خواتین کے ذریعے دیہی علاقوں میں ڈرون سے کھیتوں میں چھڑکاؤ کرنے کا ذکر کرتے ہوئے خواتین کی بدلتی ہوئی صلایتوں کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا:
Byte: President Daraupadi Murmu
نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ وزیرِ اعلی دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ سنیترا پوار نے بھی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اس برس یومِ خواتین کا نظریہ ”تمام خواتین اور لڑیوں کیلئے حقوق‘ انصاف اور عمل“ ہے۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں خواتین دن مختلف پروگراموں کے ساتھ منایا گیا۔ کھیلوں کی مرکزی وزیرِ مملکت رکشا کھڑسے نے چھترپتی سمبھاجی نگر کے علاقائی کھیل کمپلیکس میں ”کھیلو انڈیا مہم“ کے تحت ”اسمتا لیگ“ کھیل مقابلوں کا افتتاح کیا۔ یہ قدم خواتین میں کھیلوں سے متعلق بیداری پیداکرنے اور کھیلوں میں موگاقع فراہم کرنے کیلئے کیا جارہا ہے۔ رکشا کھڑسے نے یہاں خواتین کی سائیکل اور واکیتھان مقابلو ں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ کھڑسے نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ شہریوں کا صحت مند ہونا بھی ضروری ہے۔ اس پروگرام میں قومی کھیل مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والی لڑکیوں کا استقبال بھی کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے کل خواتین کی دو پہیہ گاڑیوں کی ریلی شہر کے کرانتی چوک سے نکالی گئی۔
خواتین دن کی مناسبت سے پربھنی میں بھی پریہ درشنی اندرا گاندھی کھیل کمپلیکس میں اسمتا لیگ کھیل مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے تحت 100, 200 اور 400 میٹر کی دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔
جالنہ میں ”روٹری کلب آف جالنہ ریمبو“ کی جانب سے منعقدہ ”ساڑی واکیتھان“ میں کالج کی لڑکیوں اور 65 سالہ عمر دراز خواتین سمیت 800 خواتین نے روایتی چھ اور نو واری ساڑیاں پہن کر حصہ لیا۔ ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو افسر منو پی ایم نے ہری جھنڈی دکھاکر اس پہل کا افتتاح کیا۔
دھاراشیو میں میونسپل کونسل نے محکمہ صفائی کی خواتین ملازمین اور آنگن واڑی خادماؤں کو اعزاز سے نوازا۔ وہیں تلجاپور میں شری تلجابھوانی مندر سنستھان اورمحکمہ صحت کے اشتراک سے خواتین ملازمین کیلئے مفت صحت کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
اسی طرح بیڑ میں تلسی تعلیمی ادارے کی جانب سے خواتین کے میراتھان مقابلے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے بچپن کی شادی اور لڑکیوں کے تعلیم چھوڑنے پر روشنی ڈالی اور سماج سے اس بارے میں بیدار ہونے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل ممبئی میں بچے دانی کے منہ کے کینسر سے بچاؤ کی خاطر HPV ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران نائب وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اہم ہیں‘ کیونکہ بدلتے طرزِ زندگی کی وجہ سے کینسر جیسی بیماریوں کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ”ماں محفوظ تو خاندان محفوظ“ مہم کے تحت تقریبا تین کروڑ خواتین کی طبّی جانچ کی گئی جن میں سے 10 ہزار خواتین کو کینسر ہونے کی تشخیص کی گئی۔ بچے دانی کے منہ کے کینسر سے بچاؤ کی خاطر 14 برس عمر مکمل کرنے والی لیکن 15برس عمر مکمل نہ کرنے والی لڑکیوں کو یہ ٹیکہ مفت دیا جائے گا۔ ریاست میں آئندہ تین مہینوں کے دوران 9 لاکھ 84 ہزار لڑکیوں کو ٹیکہ دئیے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ریاست کے وزیرِ صحت پرکاش آبٹکر نے تمام والدین سے اس مہم میں حصہ لینے اور اپنی بیٹیوں کو ٹیکہ لگانے کی اپیل کی ہے۔ وہیں یہ مہم ناندیڑ ضلع کے مدکھیڑ تعلقے کے مگٹ طبّی مرکز پر ضلع صحت افسر سنیتا دیشمکھ کی موجودگی میں شروع کی گئی۔ محکمہ صحت نے ضلع بھر میں کل 27 ہزار لڑکیوں کو یہ ٹیکہ دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اسی طرح پربھنی میں بھی خواتین کے اسپتال میں چھاتی کے کینسر کی مفت جانچ کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا گیا اور HPV ٹیکہ اندازی مہم شروع کی گئی۔ اس موقع پر تقریباً 124 خواتین کی طبّی جانچ کی گئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریلوے اور آبی قوت کے مرکزی وزیرِ مملکت وی سومنا نے کہا ہے کہ جل جیون مشت اسکیم کے نفاذ میں مہاراشٹر ملک بھر میں سب سے آگ ہے۔ وزیرِ موصوف کل سندھو دُرگ ضلع کے وینگرلے تعلقے کے کرلی گاؤں میں کل جل مہوتسو کے افتتاح کے بعد بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ چھ مہینوں میں ریاست کے ہر گھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کاہدف مقرر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت نے نیوزی لینڈ کو 96 رنوں سے شکست دیکر تیسری بار ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیت لیا ہے۔ کل احمدآباد کے نریندرمودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارتی سلامی بلّے بازی سنجو سیمسن اور ابھیشیک شرما کے بعد ایشان کشن نے طوفانی نصف سنچری بنائی۔ بھارتی بلّے بازوں کا مڈل آرڈر تھوڑا لڑکھڑا گیا تھا تاہم شیودُوبے کے شاندار کھیل کی بدولت بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔ اس دباؤ کو برداشت کرنے میں ناکام رہنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم 19 ویں اوور میں 159 رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔
اکشر پٹیل نے تین اور جسپریت بمراہ نے چار وکٹیں حاصل کیں‘ جبکہ ہاردک پانڈیا‘ ورون چکرورتی اور ابھیشیک شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ چار اوورز میں 15 رن دیکر چار وکٹیں لینے والے بھمرا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ اپنی بلّے بازی میں مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنے والے سنجو سیمسن کو مین آف دی سیریز کے انعام سے نوازا گیا۔
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھارتی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ یہ جیت ہر بھارتی کیلئے فخر اور مسرت کا لمحہ ہے۔ وہیں وزیرِاعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے اس کھیل اور مجموعی کارکردگی کو کھیل کی دنیا کبھی بھی بھول نہیں سکے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن میں آج ناتھ ششٹھی تہوار کا سرکاری مہاپوجا کے ساتھ آغاز ہورہا ہے۔ ریاست بھر سے تقریباً 700 دِنڈیوں سمیت پانچ لاکھ سے زائد وارکری پیٹھن پہنچے ہیں۔اس موقع پر مختلف مذہبی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
لاتورمیں کل روایت کے مطابق رنگ پنچمی‘ جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے اورمیونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی کمشنر وسودھا پھڑ اس موقع پر ماتوشری وردھ آشرم پہنچیں اور ضعیف العمر شہریان کے ساتھ رنگ پنچمی کا تہوار منایا۔
***** ***** *****
محکمہئ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں درجہئ چہارم تا ہشتم یعنی چوتھی سے آٹھویں جماعتوں کی طالبات کو اسکول میں ہی اپنی حفاظت آپ کرنے کی خاطر تربیت دی جائیگی۔ اس مہم کو ضلع کے دو ہزار 90 اسکولوں میں نافذ کیا جائے گا اور مارشل آرٹس کی تربیت دی جائیگی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آج سے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے سیشن کا آغاز؛ لوک سبھا اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کا امکان۔
٭ ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کے حصول کیلئے خواتین کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ضروری: صدرِ جمہوریہ کا اظہارِ خیال۔
٭ مختلف تقاریب کے ذریعے ملک بھر میں منایا گیا خواتین کا عالمی دن۔
٭ بچے دانی کے منہ کے کینسر سے بچاؤ کیلئے HPV ٹیکہ اندازی مہم کی شروعات۔
اور۔۔۔٭ بھارتی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی؛ تیسری بار جیتا کرکٹ کا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 03 April-2026 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں...