Tuesday, 24 March 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 مارچ 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 24 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/مارچ ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ اگر حکومتی کوششوں کو شہریوں کی حمایت حاصل ہو تو کسی بھی چیلنج کو مؤثر طریقے سے سامنا کیا جاسکتا ہے: وزیرِ اعظم کابیان۔
٭ اشوک کھرات معاملے پر قانون ساز اسمبلی میں وزیرِاعلیٰ کا بیان؛ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا انتباہ۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کی راج ماتا جیجاؤ زمرہ کی تین ہزار بسوں کا آج افتتاح۔
٭ ملک بھر میں آج سے ٹی بی سے پاک مہم شروع۔
اور۔۔۔٭ کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی کا ناگپورمیں ایپسٹن فائل کے خلاف مشترکہ احتجاج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اگر حکومت کی کوششوں کو شہریوں کی حمایت حاصل ہو تو کسی بھی چیلنج کا مؤثر طریقے سے سامنا کیا جاسکتا ہے۔ وہ کل لوک سبھا میں مغربی ایشیاء کے تنازعے کے پس منظر میں مخاطب تھے۔ وزیرِ اعظم نے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ اس جنگ کے طویل مدتی نتائج کیلئے تیار رہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
اس جنگ کے ضمن میں وزیرِ اعظم نے ملک کے ایندھن‘ کھاد اور توانائی کے ذخائر کا جائزہ لیا۔ اس دوران ایندھن اور ضروری و لازمی اشیاء کی کالابازاری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے احکامات ریاستی حکومتوں کو دئیے۔ وزیرِ اعظم نے اپنی تقریر میں ذکر کیا کہ وہ ان حملوں کی مذمت کرتے ہیں جن سے جنگ کے وقت شہریوں کو نقصان پہنچا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ جنگ کامخالف رہا ہے اور اس نے مغربی ایشیاء میں کشیدگی کو کم کرنے کیلئے تمام متعلقہ ممالک کے سربراہان سے بات چیت کرتے ہوئے امن کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھرنویس آج ناسک کے دھوکے باز اشوک کھرات کے معاملے پر قانون ساز اسمبلی میں تفصیلی بیان دیں گے۔ کل‘ ایوان میں اُس کے بارے میں بات کرتے ہوئے پھڑنویس نے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا جن کا اس معاملے میں کوئی تعلق ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اپیل کی ہے کہ خواتین کے وقار سے جڑے اس معاملے پر سیاست نہ کی جائے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ کھرات کے خلاف شکایات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اب تک چھ فوجداری مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔ ناسک پولس نے کسی کو بھی معلومات یا شکایت کے ساتھ ان سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ صحت پرکاش آبٹکر نے کہا ہے کہ اگر ریاست کے اسپتال مہاتما جیوتی راؤ پھلے جن آروگیہ اسکیم اور آیوشمان بھارت وزیرِ اعظم جن آروگیہ اسکیم کے تحت مفت علاج نہیں کررہے ہیں تو ایسے اسپتالوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ وہ کل قانون ساز اسمبلی میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔
***** ***** *****
کانگریس کے رکنِ اسمبلی وجئے وڑیٹیوار نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں صحت کا نظام خصوصاً دور دراز علاقوں میں مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔ اسمبلی میں اپوزیشن کی 293 ویں تجویز پر وہ مخاطب تھے۔ وڑیٹیوار نے بجٹ کے انتظامات میں کٹوتی اور ادویات کی خریداری میں بدعنوانی کی وجہ سے محکمے کے بے پرواہ ہونے پر تنقید کی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے نے کل قانون ساز اسمبلی کوبتایا کہ ریاست میں غیر موسمی بارشوں سے ہونے والے نقصان کا پنچنامہ کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں اور رپورٹ آنے کے بعد کسانوں کو امداد فراہم کی جائیگی۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ مہاراشٹر ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کا دوسرا ترمیمی بل نیز فرسودہ قوانین کو منسوخ کرنے کیلئے مہاراشٹر نرسن بل 2026 کل قانون ساز کونسل میں منظور کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کل ریاست کے دکانوں اور نجی اداروں میں ملازمین کے یومیہ کام کے اوقات کو دس گھنٹے کرنے کے ترمیمی بل کو واپس لے لیا۔ محکمہئ محنت نے یہ فیصلہ بل کے بارے میں واضح نہ ہونے اور مختلف سطحوں سے موصول ہونے والے ردّ عمل کی وجہ سے کیا ہے۔ جبکہ تمام تکنیکی اور عملی پہلوؤں کے مکمل مطالعے کے بعد بل کو دوبارہ پیش کیاجائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ایس ٹی کارپوریشن کی تین ہزار راج ماتا جیجاؤ زمرے کی بسوں کا افتتاح آج ہوگا۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ و چیئرمین ایس ٹی کارپوریشن پرتاپ سرنائیک نے کہا کہ دو بائے تین نشستوں والی 56 سیٹر بسیں ریاست کے ہر کونے میں شہریوں کو ٹرانسپورٹ خدمات فراہم کریں گی۔
***** ***** *****
تپِ دِق کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے تپ ِ دِق کے مکمل خاتمے کیلئے اجتماعی عزم اور مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تپ ِ دِق کی تیز رفتار تشخیص‘ مفت علاج‘ قابل غذائیت اور مریضوں کی دیکھ بھال سمیت تمام پہلوؤں میں ٹی بی سے پاک بھارت مہم کی جانب سے کی گئی پیش رفت قابلِ ستائش ہے۔
***** ***** *****
ٹی بی سے پاک بھارت کی 100 روزہ مہم آج سے ملک بھر میں شروع کی جائیگی اور اس مہم کو مہاراشٹر میں بھی بڑے پیمانے پر نافذ کیا جائے گا۔ اس مہم کے تحت 11 ہزار 91 خطرے والے دیہاتوں اور شہری وارڈوں میں خصوصی اسکریننگ کی جائیگی۔ روایتی علامات پر مبنی اسکریننگ کے بجائے خطرے میں پڑنے والی آبادی کی فعال اسکریننگ پر زور دیاجائے گا۔
***** ***** *****
کل‘ ناگپور میں کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی نے ایپسٹن فائل معاملے پر آر ایس ایس کے واضح مؤقف کا مطالبہ کرتے ہوئے مشترکہ احتجاج کیا۔ سنگھ کے ہیڈکوارٹر کی جانب بڑھنے والے احتجاج کو پولس نے زیرو مائیل ٹی پوائنٹ پر روک دیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال اور ونچت بہوجن آگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر نے اس احتجاج کی قیادت کی۔ اس میں دونوں جماعتوں کے عہدیداران اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
مجاہدین ِ انقلاب بھگت سنگھ‘ سکھ دیو اور راج گرو کے یومِ شہادت کے موقع پر کل جگہ جگہ ان کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین انیل مکریے نے بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کے مجسّموں کو پھول چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر کے پیٹھن گیٹ علاقے میں شہداء کو پھانسی دینے کا لائیو مظاہرہ کرکے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے ”میرا یووا بھارت“ اور کستوربا گاندھی گرلس اسکول کے ذریعے پربھنی ضلع کے جنتور میں یومِ شہداء کے موقعے پر ایک عظیم الشان پیدل یاترا نکالی گئی۔ اس سے پہلے حاضرین سے صفائی کا عہد لیا گیا۔
***** ***** *****
مہم کے دوسرے مرحلے کے تحت عالمی یومِ پانی کی تقریب و ورکشاپ کل دھاراشیو میں ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ پانی کی مناسب منصوبہ بندی اور عوامی شراکت سے ضلعے کو پانی سے مالا مال کیا جائے گا۔ اس موقع پر ضلع پریشد سی ای او ڈاکٹر میناک گھوش‘ آبی سفیر ہنومنت کیندرے‘ ضلعی سپرنٹنڈنٹ ایگریکلچر راج کمار مورے نے بھی خطاب کیا اور پانی کی بچت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کی مشہور‘ شیو شمبھو کاوَڑ یاترا کل لاتور شہر میں جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منعقد ہوئی۔ رینا پور تعلقہ کے ماکے گاؤں سے نکلی یہ یاترا لاتور سے تلجا پور کے راستے شولاپور کی طرف گامزن ہوئی۔ پانچ دن کا سفر مکمل کرنے کے بعد یہ یاترا شکھر شنگنا پور پہنچے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے دولت آباد قلعے کی فصیل کے دروازے سے گزرنے والی شاہراہ کے اطراف سے متبادل راستہ نکالا جائے گا۔ تقریباً چار کلومیٹر طویل اس راستے کیلئے زمین کے حصول کا عمل رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کے مختلف مقامات پر بجلی کی گرج اور چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی چھترپتی سمبھاجی نگر نے مارچ- اپریل سیشن کیلئے پریکٹیکل امتحانات کے نظام الاوقات کا اعلان کیا ہے۔ کالج کی سطح پر انٹرنل ایویلیوشن اور پریکٹیکل امتحانات 25 مارچ سے 4 اپریل تک منعقد ہوں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ اگر حکومتی کوششوں کو شہریوں کی حمایت حاصل ہو تو کسی بھی چیلنج کو مؤثر طریقے سے سامنا کیا جاسکتا ہے: وزیرِ اعظم کابیان۔
٭ اشوک کھرات معاملے پر قانون ساز اسمبلی میں وزیرِاعلیٰ کا بیان؛ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا انتباہ۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کی راج ماتا جیجاؤ زمرہ کی تین ہزار بسوں کا آج افتتاح۔
٭ ملک بھر میں آج سے ٹی بی سے پاک مہم شروع۔
اور۔۔۔٭ کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی کا ناگپورمیں ایپسٹن فائل کے خلاف مشترکہ احتجاج۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...